Tag: okara

  • شرط کے لیے چوراہے پر برہنہ ٹھنڈے پانی سے نہانا مہنگا پڑ گیا

    شرط کے لیے چوراہے پر برہنہ ٹھنڈے پانی سے نہانا مہنگا پڑ گیا

    اوکاڑہ: دیپال پور کے نواحی علاقے بصیر پور میں پانچ سو کی شرط کے لیے چوراہے پر برہنہ ہو کر ٹھنڈے پانی سے نہانا شہری کو مہنگا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں دیپال پور کےنواحی علاقے بصیر پور میں دوستوں سے شرط لگا کر سر بازار برہنہ ہو کر ٹھنڈے پانی سے نہانے والا ملزم عرفان شاہ پکڑا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ٹھنڈے پانی میں نہا کر 500 روپے کی شرط جیتنے والے کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم عرفان شاہ کے خلاف مقدمہ بھی درج کر دیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق ملزم نے چوراہے کے بیچ پانچ سو روپے کی شرط پر برہنہ ہو کر ٹھنڈے پانی سے نہایا تھا، مقامی افراد نے نہانے کی ویڈیو بھی بنائی، جس پر مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بے ہودگی پھیلانے کے الزام میں عرفان شاہ کو گرفتار کر لیا۔

    شرط ملک ندیم اور عرفان شاہ کے درمیان لگی تھی، سخت سردی میں لوگوں کے سامنے ٹھنڈے پانی سے برہنہ ہو کر نہانے کی یہ شرط عرفان شاہ نے جیت لی، تاہم واقعے کی ویڈیو سامنے آئی تو پولیس متحرک ہو گئی۔

    واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی جا رہی ہے، جس میں ملزم کو کپڑے اتار کر ہینڈ پمپ سے پانی نکال کر نہاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • پاکستان کے اس گاؤں کو ڈول ولیج کیوں کہا جاتا ہے؟ جانیے

    پاکستان کے اس گاؤں کو ڈول ولیج کیوں کہا جاتا ہے؟ جانیے

    اوکاڑہ : پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے قریب ایک گاؤں جسے گڑیاؤں کا گاؤں بھی کہا جاتا ہے یہ جگہ خواتین کی ہنرمندی اور منفرد روایتوں کی وجہ سے بھی کافی مشہور ہے۔

    اس گاؤں کا اصل نام”ٹھٹھہ غلام کا” ہے جبکہ اس کا دوسرا نام ” ڈول ولیج آف پاکستان ”  ہے کیونکہ یہاں کی ہنر مند خواتین اپنے ہاتھوں سے نہایت خوبصورت اور دیدہ زیب گڑیاں تیار کرتی ہیں۔

    دوسروں کی نظر میں فالتو اشیاء بھی اُن کے لیے کار آمد ہوتی ہیں، کپڑوں کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں کو جس نفاست سے جوڑتی ہیں ،اُنہیں دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ یہ گھریلو خواتین کی ہنر کاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    اس گاؤں کو ڈول ویلج آف پاکستان اس لیے بھی کہا جاتا ہے کہ اس گاؤں کی شہرت کی اہم وجہ یہاں تیار کی جانے والی گڑیاں ہیں۔ زیادہ تر خواتین صبح کھیتوں میں کام کرتیں اور شام کو گڑیاں بناتی ہیں۔

    یہ گڑیائیں پاکستان کے ہر شہر کی ثقافت کو اُجاگر کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں ہاتھوں سے بنی سو سے زائد دیگر مصنوعات بھی ہیں۔

  • پاکستانی نوجوان کا کارنامہ، ریموٹ کنٹرول جنگی طیارہ بنا لیا

    پاکستانی نوجوان کا کارنامہ، ریموٹ کنٹرول جنگی طیارہ بنا لیا

    اوکاڑہ: پنجاب کے شہر دیپالپور کے ایک نوجوان نے ریموٹ کنٹرول سے اڑنے والا جنگی طیارہ بنا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نوجوان نے جنگی جہاز کا ماڈل تیار کر لیا ہے جس کو ایف بائیس کا نام دیا گیا ہے، سبز ہلالی پرچم سے مزین یہ ریموٹ کنٹرول طیارہ ایک ہزار میٹر تک اڑان بھر سکتا ہے۔

    شاعر مشرق علامہ اقبال نے کہا تھا ’ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زر خیز ہے ساقی‘ دیپالپور کے ٹیکنیکل ڈپلومہ ہولڈر نوجوان فیصل شہزاد نے اس مصرعے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے جنگی جہاز تیار کر لیا۔

    فضا میں کرتب دکھاتے اس طیارے ایف 22 کو نوجوان فیصل شہزاد نے ایک سال کی ان تھک محنت اور ریسرچ کے بعد تیار کیا ہے۔

    ہوا میں اڑنے والا ٹرک یا ٹرک آرٹ کا نمونہ

    فیصل شہزاد کی خواہش ہے کہ بھارت جیسے دشمن کے دانٹ کھٹے کرنے کے لیے وہ جدید طیارے بنانا چاہتا ہے، اس کے لیے حکومت سرپرستی کرے۔

    ہنر مند نوجوان کے تخلیق کردہ اس شاہکار کو مقامی سطح پر خوب پذیرائی مل رہی ہے۔

    آپ نے پاکستانی ٹرک آرٹ کا تو سنا ہی ہے، لیکن اب یہ فن سڑکوں سے فضاؤں تک بھی پہنچ گیا ہے، اور کراچی میں ایک فلائنگ اکیڈمی نے سیسنا جہاز پر ٹرک آرٹ استعمال کر کے اسے نیا روپ دے کر سیاحوں کے لیے مزید دل چسپ بنا دیا ہے، اکیڈمی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ طیاروں کو روایتی رنگوں سے سجانے کا مقصد سیاحت اور پاکستان کے بہتر امیج کو دنیا بھر میں متعارف کرانا ہے۔

  • ڈاکو پکڑنے والی فیملی مشکل میں پڑ گئی، پنجاب پولیس کا رویہ نہیں بدلا

    ڈاکو پکڑنے والی فیملی مشکل میں پڑ گئی، پنجاب پولیس کا رویہ نہیں بدلا

    اوکاڑہ: پنجاب حکومت تو بدل گئی ہے لیکن پولیس کا رویہ نہیں بدلا، اوکاڑہ شہر میں ایک فیملی نے ڈکیتی کے لیے آنے والے ڈاکوؤں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا تاہم پولیس کے طرز عمل سے فیملی ہی مشکل میں پڑ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اوکاڑہ کے علاقے صابر ٹاؤن میں 5 ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر لوٹ مار کی، ڈاکو گھر سے 8 تولے سونا، نقدی اور موبائل فونز لوٹ کر فرا ہونے لگے۔

    تاہم گھر والوں کے شور شرابے پر اہل علاقہ نے 3 ڈاکوؤں کو پکڑ لیا، پکڑے گئے ڈاکوؤں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، لوگوں نے ان کی درگت بنا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    ڈاکوؤں کے پکڑے جانے، اور درگت بننے کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی، ویڈیو میں ڈاکوؤں کے قبضے میں زیورات اور اسلحہ واضح طور پر دیکھا گیا، تاہم متاثرہ فیملی کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے برآمد زیورات پولیس کی جانب سے انھیں واپس نہیں کیےگئے۔

    متاثرہ فیملی کے مطابق ڈاکوؤں کے قبضے سے زیورات پولیس نے برآمد کیے تھے، پولیس کو 5 ڈاکوؤں کے خلاف درخواست دی گئی تھی لیکن صرف 4 کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

    متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس اور اعلیٰ افسران ہماری بات نہیں سن رہے، ڈاکوؤں سے بھی دھمکیاں مل رہی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب سے دخواست ہے کہ معاملے کا نوٹس لیں۔

    ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں فرار دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • اوکاڑہ، زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    اوکاڑہ، زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    اوکاڑہ: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ایک زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے گھر میں موجود 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ شہر میں نیشنل ہائی وے گیمبر اڈا کے قریب نواحی گاؤں میں ایک مکان کی چھت گر گئی، گھر کے ملبے میں دب کر 5 افراد جاں بحق ہو گئے، واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبی لاشیں نکال لی گئی ہیں جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ مکان زیر تعمیر تھا اور چھت پر ملبہ رکھا ہوا تھا جس کا لوڈ چھت برداشت نہ کر سکی اور چھت ڈھ گئی۔

    ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اوکاڑہ کے نواحی گاؤں میں چھت گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہم دردی اور تعزیت کی ہے۔

    لاہورمیں‌ مکان کی چھت گرگئی، میاں بیوی اور 2 بچے جاں بحق

    وزیر اعلیٰ نے زخمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی، اور کمشنر ساہیوال ڈویژن سے افسوس ناک واقعے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی۔

  • خالو نے سالی کی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنادیا، بچی دوران علاج دم توڑ گئی

    خالو نے سالی کی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنادیا، بچی دوران علاج دم توڑ گئی

    اوکاڑہ: پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں خالو نے سالی کی بیٹی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، بچی دوران علاج دم توڑ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اوکاڑہ کے نواحی گاؤں فور ایل میں خالو نے سالی کی بیٹی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا، حاملہ ہونے کے بعد حمل ضائع کروانے کے دوران بچی انتقال کرگئی۔

    بچی سے زیادتی کے الزام میں ملزم خالو غلام انور اور اس کی بیوی ساجدہ بی بی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ والدین کے جھگڑے کے باعث لڑکی خالو کے پاس رہتی تھی، مبینہ طور پر ملزم خالو غلام انور اور اس کی بیوی ساجدہ بی بی حراست میں لے لیا گیا۔

    مزید پڑھیں: ننھی زینب کا قتل کس چیز سے کیا گیا؟ پولیس نے قاتل کو گرفتار اور آلہ قتل برآمد کر لیا

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات جاری ہیں، بچی کا پوسٹ مارٹم کرکے نعش ورثا کے حوالے کردی گئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چارسدہ میں ڈھائی سال کی بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا تھا، بچی کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے ملزم نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کرلیا۔

  • اوکاڑہ:ڈکیتی کے دوران اجتماعی زیادتی کا ایک اور ہولناک واقعہ،  مقدمہ درج

    اوکاڑہ:ڈکیتی کے دوران اجتماعی زیادتی کا ایک اور ہولناک واقعہ، مقدمہ درج

    اوکاڑہ : دیپالپور میں شادی شدہ خاتون کو چار مسلح ڈاکووں نے گھر میں گھس کراجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا اور گھر سے طلائی زیوات نقدی قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور میں ڈکیتی کے دوران اجتماعی زیادتی کا ایک اور ہولناک واقعہ پیش آیا ،جہاں تھانہ صدر دیپالپورکی حدود میں ڈاکووں نے محنت کش کے گھر میں گھس کر طلائی زیوات نقدی اورقیمتی سامان لوٹا اور گھر کی ایک شادی شدہ خاتون کو اسلحہ کی نوک پر زبردستی اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا کر فرارہوگئے۔

    ڈاکووں نے اس کے خاوند اور دیگر گھر والوں کو ایک کمرے میں بند کردیا، خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں 7ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی اوکاڑہ عمرسعید ملک متاثرہ فیملی کے گھر پہنچے، جہاں انہوں متاثرین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

    عمر سعید ملک کا کہنا ہے کہ دیپالپور فارنزک ٹیموں نے ضروری شواہد اکٹھے کر لیے ہیں ، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

    پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو گھر سے زیورات، نقدی اور قیمتی سامان بھی لے گئے ہیں۔

  • پانچویں شادی کرنے والے شخص کی چوتھی بیوی کے ہاتھوں بھرے بازار میں پٹائی

    پانچویں شادی کرنے والے شخص کی چوتھی بیوی کے ہاتھوں بھرے بازار میں پٹائی

    اوکاڑہ : پانچویں شادی کرنے والے شخص کی چوتھی بیوی نے بیچ بازار درگت بنا ڈالی اور الزام لگایا کہ جمال نامی شخص جائیداد کا جھانسہ دیکر خواتین سے شادی کرنے کے بعد کچھ عرصہ بعد طلاق دے دیتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کے شہری کو پانچویں شادی مہنگی پڑ گئی ، چوتھی بیوی حمیرا نے شوہر کی بیچ بازارپٹائی کر ڈالی اور پہلی 3 بیویوں کے نکاح نامے اورطلاق نامے بھی ساتھ لے کر آئی۔

    چوتھی بیوی کے مطابق اس کے خاوند نے پانچویں شادی 13سالہ لڑکی سے کی اور الزام لگایا کہ جمال نامی شخص خواتین کو جائیداد کا جھانسہ دیکر شادی کرتا تھا اور کچھ عرصہ کے بعد ہی طلاق دے دیتا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ دو ماہ قبل پنجاب کے شہر مظفرگڑھ میں تیسری شادی کرنے پر دوسری بیوی نے شوہر پر گرم پانی پھینک دیا تھا ، جس سے ڈاکٹر عبدالرشید نامی شخص کا جسم 45 فیصد جھلس گیا۔

    شاہ جمال کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹرعبدالرشید نے تیسری شادی کی تھی جس پر بیوی طعیش میں آگئی اور بدلہ لینے کے لیے خطرناک اقدام اٹھایا۔ جبکہ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرنے کے کچھ دیر بعد چھوڑ دیا تھا۔

  • ماہ رمضان میں بااثراسکول ٹیچرکی طالب علم کے ساتھ غیراخلاقی حرکات

    ماہ رمضان میں بااثراسکول ٹیچرکی طالب علم کے ساتھ غیراخلاقی حرکات

    اوکاڑہ: ماہ رمضان میں بااثر سکول ٹیچر کی چھٹی جماعت کے طالب علم سے غیر اخلاقی حرکات پر والد ین نے ٹیچر کے خلاف ہیڈ ماسٹر کو درخواست دے دی، سی او ایجوکیشن اوکاڑہ رانا سہیل اظہر خاں کا کہنا ہے کہ جرم ثابت ہوا تو سخت قانونی محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کے مقدس دنوں میں گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول اوکاڑہ میں چھٹی جماعت کے طالب علم کے والدین نے ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول اوکاڑہ کو دی گئی درخواست میں الزام لگایا ہے کہ بااثرسکول ٹیچر(این) ہمارے بچے سے غیر اخلاقی گفتگو اور غیر اخلاقی حرکات کرتا ہے سکول ٹیچر کے خلاف کاروائی کی جائے۔

    ہیڈماسٹر کے مطابق درخواست پر سکول کے ایس ایس ٹی ٹیچر ( ایف) انکوائری کررہے ہیں جلد حقائق سامنے آجائیں گے اس سلسلہ میں جب سکول ٹیچر (این ) سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ کوئی بات نہیں ہے میری بات ہوگئی ہے درخواست ختم ہو جائے گی۔

    ٹیچر نے انتظامیہ سے واقعے کے سچے یا جھوٹے ہونے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ا سکول ٹیچر شہر کی ایک سیاسی شخصیات کو اپنا قریبی عزیز ظاہر کرتا ہے ،

    چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اوکاڑہ رانا سہیل اظہر خاں سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ واقعہ میرے علم میں جیسے ہی آیا میں نے ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (سکنڈری) چوہدری اکرام کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا ہے جو جلد اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں ایسی حرکت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جرم ثابت ہوا تو قانون کے مطابق سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

  • اوکاڑہ: بائی پاس کے قریب دھند کےباعث ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق

    اوکاڑہ: بائی پاس کے قریب دھند کےباعث ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق

    اوکاڑہ : صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں بائی پاس کے قریب دھند کے باعث پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کے قریب بائی پاس کے قریب دھند کے باعث 5 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 25 افراد زخمی ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل رواں ماہ 8 دسمبر کو دھند کے باعث شیخوپورہ میں سرگودھا روڈ پر آئل ٹینکر اور رکشہ میں تصادم کے باعث میاں بیوی سمیت 4 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    چیچہ وطنی میں 8 دسمبر کے روز کوچ اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے تھے۔

    پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج

    واضح رہے کہ صوبہ پنجاب کے مختلف شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں اور حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کے کئی سیکشنز گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیے گئے۔