اوکاڑہ :سوشل میڈیا پر ہونے والی دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی ، پاکستانی لڑکے کی محبت میں تھائی لینڈ کی رہائشی سونگ میونسن پاکستان آ گئی اور اسلام قبول کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں الرحمان ٹاؤن کے رہائشی محمد اعظم سے فیس بک پر دوستی کرنیوالی تھائی لینڈ کی لڑکی سونگ میونسن اوکاڑہ کے بہادر نگر فارم پہنچ گئی اور اسلام قبول کرکے محمد اعظم کیساتھ شادی کرلی۔
سونگ میونسن نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام فاطمہ رکھا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اس کی بیوی فاطمہ کو شہریت دے کیونکہ اگر وہ تھائی لینڈ واپس گئی تو وہاں اس کی جان کو خطرہ ہے۔
گذشتہ سال بھی پاکستانی لڑکے کی محبت میں چینی لڑکی لیوچنگ چنگ پاکپتن پہنچ گئی تھی ،لیوچنگ چنگ نے شفیق سے شادی کر کے اسلام قبول کیا اور اپنا نام عائشہ شفیق رکھ لیا تھا۔
اس سے قبل بھی ایک جاپانی لڑکی ماریہ ایڈلان پاکستانی لڑکے احمد انور کی محبت میں پاکستان پہنچی تھی اور اسکی فرمائش پر اسلام قبول کیا اور اسلامی نام ماریہ احمد رکھ لیا تھا۔
اوکاڑہ: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا 29 اپریل کا جلسہ مسلم لیگ (ن) کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، جلسے میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو شرکت کی دعوت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، لیگی حکومت نے پانچ سال میں جتنا قرضہ لیا 60 سال میں کسی حکومت نے نہیں لیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی پی کی سیاست نے سندھ کا برا حال کر دیا، آج صوبے میں غربت ہے لوگ بہتر روزگار سے محروم ہیں، پیپلز پارٹی سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے آئندہ الیکشن میں فیصلہ ہوجائے گا۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ عام انتخابات میں شریف کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گی، ملک کے باشعور عوام اپنا فیصلہ سنائیں گے، ہماری قوم انتخابات میں مودی کے یار کو مسترد کر دے گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاست میں انتقام اور گالی گلوچ نہیں ہونی چاہیے، ہماری جماعت نے ہمیشہ اس کی مخالفت کی ہے، پی ٹی آئی کا پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوگا، اگر کسی کو سیاست کرنے کا شوق ہے تو پہلے حوصلہ پیدا کرے، سیاست میں کسی کو دھمکی دینے کا سخت مخالف ہوں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
لاہور: سوشل میڈیا پر سیوریج کے پانی پر سے گزرتے جنازے کی وائرل ہونے والی تصویر صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ کی نکلی۔ چیف جسٹس کے نوٹس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں نکاسی آب کا کام شروع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر پر نوٹس لیا تھا۔ تصویر میں ایک جنازے کو ایسی گلی سے لے جایا جارہا تھا جو سیوریج کے گندے پانی سے بھری ہوئی تھی۔
چیف جسٹس نے عدالت میں موجود میڈیا اور دیگر نمائندگان سے کہا تھا کہ اس علاقے کی نشاندہی کریں کہ یہ کون سا علاقہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گندگی اور غلاظت انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ علاقے کی نشاندہی ہونے کے بعد مذکورہ علاقے کے عوامی نمائندوں اور رکن قومی اسمبلی کو طلب کیا جائے گا۔
بعد ازاں اے آر وائی نیوز نے تصویر کا مقام ڈھونڈ نکالا۔ تصویر اوکاڑہ میں ہجرہ شاہ مقیم کے محلہ زاہد پورہ کی ہے۔
چیف جسٹس کے از خود نوٹس کے بعد ضلعی انتظامیہ علاقے میں پہنچ گئی اور نکاسی آب کے لیے کام شروع کروا دیا۔ چیف جسٹس کے از خود نوٹس پر مقامی کونسلر موسیٰ غوری نے خراج تحسین پیش کیا۔
موسیٰ غوری نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس مقامی رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین کو عدالت بلائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس ایم این اے اور چیئرمین سے فنڈز کا حساب لیں۔
کونسلر کے مطابق تصویر میں نظر آنے والا جنازہ محکمہ زراعت کے ملازم کی ہمشیرہ کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش کے باعث علاقے کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
اوکاڑہ : فن موسیقی کسی کی میراث نہیں اور نہ ہی اس پر کسی کی اجارہ داری ہے، اس کی تازہ مثال پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے رہائشی بارہ سالہ عرشمان نعیم کی ہے جس کی خوبصورت آواز کے ڈنکے صرف پاکستان ہی نہیں بھارت میں بھی بج رہے ہیں۔
چھٹی کلاس کے طالب علم عرشمان نعیم نے گزشتہ ماہ پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کے گزشتہ برس ریلیز ہونے والے گانے ’دل دیاں گلاں‘ گا کر سننے والوں کو سحر میں جکڑ لیا تھا، یہ ویڈیو آج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
اور اب انہوں نے بھارتی گلوکار سونو نگم کے گانے’’ مجھے رات دن بس مجھے چاہتی ہو ‘‘ کو اپنی مدھر آواز میں پیش کرکے سامعین کو اپنا اور بھی گرویدہ بنا لیا ہے۔
معروف گلوکارعاطف اسلم نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں عرشمان نعیم کی گائیکی کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے اس کی آواز اور سر کی تعریف کی ہے، عاطف اسلم نے عرشمان نعیم کو اپنے مکمل تعاون کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ عرشمان نعیم کی جانب سے 25 فروری کو فیس بک پر شیئر کیے گئے گانے دل دیاں گلاں کی ویڈیو کو اب تک ڈھائی لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
عرشمان نعیم کے فیس بک اکاؤنٹ پر عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان سمیت دیگر پاکستانی اور بھارتی نامور گلوکاروں کے گانے بھی موجود ہیں، تاہم ان کے اسی گانے کو سب سے زیادہ دیکھا اور شیئر کیا گیا۔
یہی نہیں عرشمان نعیم نے اپنے گانوں کو اپ لوڈ کرنے کے لیے یوٹیوب پر اپنا اکاؤنٹ بھی بنا رکھا ہے جہاں ان کی متعدد ویڈیوز موجود ہیں۔
واضح رہے کہ عاطف اسلم کا گانا ’دل دیاں گلاں‘ دسمبر2017 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں بھی شامل ہے، اس فلم کے ہیرو سلمان خان بھی ننھے گلوکار کی آواز کے مداح ہوگئے۔
بالی ووڈ کے دبنگ خان نے اپنے ٹوئٹر فین کلب پیچ پر پاکستان کے ننھے فنکار عرشمان نعیم کی نہ صرف تعریف کی بلکہ اس کے گانے کو بھی شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے ضرور دیکھیں۔
بارہ سالہ عرشمان نعیم کا کہنا ہے کہ میں نے نعتیں پڑھنے سے آغاز کیا تھا تاہم اب پاکستانی اور بھارتی گلوکاروں کے مقبول گیت بھی گاتا ہوں، عاطف اسلم اور ایریجیت سنگھ میرے پسندیدہ گلوکار ہیں۔
عرشمان نعیم نے بتایا کہ انہوں نے گانے کی تربیت کسی سے نہیں لی بس شوق کے طور پر اسکول کے ساتھیوں اور ٹیچرز کو گانے سناتا تھا۔
اوکاڑہ : پولیس نے طلباء و طالبات کی نازیبا ویڈیو بنانے والے اسکول پرنسپل کو حراست میں لے لیا، ملزم کے قبضے سے ویڈیوز برآمد کر کے دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا اور قصور ویڈیو اسکینڈل کے بعد اب پنجاب کے ایک اور شہر میں بھی بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، ملزم بچوں کی ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کیا کرتا تھا۔
اوکاڑہ کے حجرہ شاہ مقیم کے ایک اسکول پرنسپل کی جانب سے طلباء و طالبات کی قابل اعتراض ویڈیوز بنائے جانے کی اطلاع پر پولیس نے اس کے دفترپر چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران ملزم یوسف کے قبضے سے طلبا وطالبات کی نازیبا ویڈیوز برآمد کر لی گئیں، پولیس نے ملزم یوسف کو گرفتارکرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، مقدےمیں دہشت گردی ایکٹ سمیت مختلف دفعات شامل کی گئیں ہیں، پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مشہور قصور ویڈیو اسکینڈل کے علاوہ سرگودھا میں بھی معصوم بچوں کی قابل اعتراض ویڈیوز بنا کر انہیں فروخت کیے جانے کی اطلاعات ملتی رہی ہیں۔
ایف آئی اے نے سرگودھا میں کارروائی کر کے بچوں کی نازیبا فلمیں بنانے اور ان کی ترسیل کا کام کرنے والے ملزم سعادت امین کو گرفتار کیا تھا اور اب اس قسم کا واقعہ اوکاڑہ میں بھی رونما ہوا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
اوکاڑہ : پنجاب میں ڈاکو ہائی اسپیڈ ہی نہیں ہوئے بلکہ ان کی دیدہ دلیری اور بھی بڑھ گئی ہے، اوکاڑہ میں دو ڈاکوؤں نے دو منٹ میں پورا سپر اسٹور لوٹا اور باآسانی فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں ہائی اسپیڈ بائیک پر آنے والے دو ڈاکوؤں نے دو منٹ میں سپراسٹور میں موجود افراد اور کیش لوٹا اور چلتے بنے۔
اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں اوکاڑہ کے سپر اسٹور کے لٹنے کا منظر دیکھا جاسکتا ہے جہاں گاہک خریداری میں مصروف ہیں کہ اچانک دو ڈاکو ہیوی بائیک پر آئے اور بنا جھجک اسٹور میں گھس کرسب پر پستول تان لی۔
شلوار قمیض اور ہڈ والی جیکٹ پہنے ایک ڈاکو نے پہلے گاہکوں کی جیب خالی کی اور پھر رقم کے حصول کیلئے کاؤنٹر کی جانب بڑھا، ڈاکو نے دکان میں موجود تمام رقم جمع کرنا شروع کردی۔
اس دوران ایک اور گاہک اسٹور میں داخل ہوا اور وہ بھی لٹ گیا، ڈاکوؤں نے دو منٹ کے اندر لاکھوں روپے لوٹے اور بائیک پر بیٹھ کربا آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، دکان میں کھڑے لٹنے والے لوگ بس ہاتھ ہی ملتے رہ گئے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔
اوکاڑہ : صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ کےقریب ٹریفک حادثے میں دو خواتین سمیت چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں میں دیپالپورقصورروڈ پرمظہر آباد کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور ایمبولینس کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایمبولینس ڈرائیور اور دو خواتین سمیت چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
ریسکیوحکام کے مطابق ایمبولینس مریض کو کھوڈیہ سے بہاولپور لےکر جارہی تھی۔
خیال رہے گزشتہ سال 22 جولائی کو مظفرگڑھ میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے دوبھائیوں سمیت چار بچے جان کی بازی ہارگئے تھے جبکہ ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں برس جنوری میں صوبہ سندھ کے شہر جامشورو کے قریب ایمبولینس اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔
اوکاڑہ: وزیر اعظم نواز شریف نے اوکاڑہ کے قصبے شیر گڑھ میں ریلوے اسٹیشن بنانے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ ملک چلانا اور سیاست کرنا سیاسی مخالف کا کام نہیں، وہ صرف کرکٹ ہی کھیل سکتے ہیں جا کر کرکٹ کھیلیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف آج صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ پہنچے جہاں شیر گڑھ میں انہوں نے گندم کٹائی مہم کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں اوکاڑہ میونسپل اسٹیڈیم میں انہوں نے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیر گڑھ کے لیے ریلوے اسٹیشن بنانے کا اعلان کیا۔
جلسے سے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ریلوے اسٹیشنز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ پاکستان بہت تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ملک میں سڑکیں اور موٹر ویز بن رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موٹر وے ملتان، سکھر اور پھر حیدر آباد تک جائے گی۔
وزیر اعظم نے ایک بار پھر لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ دہراتے ہوئے کہا کہ سنہ 2018 میں ملک سے لوڈ شیڈنگ مکمل طور پر ختم ہوجائے گی۔
مخالفین پر وار کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کا کام احتجاج کرنا ہے، اور ہمارا کام عوام کی خدمت کرنا ہے۔ ہم سٹرکیں بناتے رہیں گے، وہ لوگ سٹرکیں ناپتے ہیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اوکاڑہ کے جذبے کو دیکھ کر دل باغ باغ ہوگیا، اوکاڑہ کے لوگوں مانگو کیا مانگتے ہو؟ نواز شریف وعدہ کرتا ہے تو بھولتا نہیں،سابقہ جلسہ یاد ہے یا نہیں ؟اس جلسے میں کہا تھا کہ اوکاڑہ سے موٹروے گزرے گی، موٹروے انشااللہ یہاں سے گزرے گی۔
انہوں ںے اعلان کیا کہ اوکاڑہ کا اسپتال 200 سے بڑھا کر 500 بیڈ کا کیا جارہا ہے، اوکاڑہ میں انڈسٹریل اسٹیٹ بنائیں گے، عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ اوکاڑہ آئندہ بھی مسلم لیگ ن کا ہوگا۔
نواز شریف نے کہا کہ احتجاج کرنے والے کہتے ہیں کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، سال 2018 میں لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردیا جائے گا، آنے والے دنوں میں ہر مہینے ایک کارخانہ تیار ہورہا ہے،اب جو بجلی آئے گی وہ پھر کبھی نہیں جائے گی، آپ کا فرض بنتا ہے لوڈ شیڈنگ کاعذاب دینے والوں سے سوال پوچھیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی بھی ہم دے رہے ہیں،موٹر وے بھی ہم بنارہے ہیں، موٹروے کو لاہور سے ملتان، سکھر،حیدرآباد اورکراچی تک لے جارہے ہیں،بجلی آئے گی بھی اور عوام کو سستی بھی ملے گی، ہم سٹرکیں بناتے جائیں گے وہ سٹرکیں ناپتے جائیں گے۔
انہوں ںے عمران خان کے گزشتہ روز کے جلسے پر تنقید کی اور کہا کہ مخالفین چھوٹے چھوٹے جلسے کررہے ہیں، ان کی جلسی اور ہمارا جلسہ، زمین آسمان کا فرق ہے۔
ہم اب ان کے کہنے پر استعفیٰ دیں گے؟
وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پلے احتجاج کے سوا کچھ نہیں، ہر بات پر کہتے ہیں کہ استعفی دو، اب نواز شریف ان کے کہنے پر استعفیٰ دے گا؟
سیاست کرنا تمہارا کام نہیں، جا کر کرکٹ کھیلو
وزیراعظم نے کہا کہ یہ سیاست کرنا اور ملک چلانا تمہارا کام نہیں، تم صرف کرکٹ ہی کھیل سکتے ہو وہی کھیلو اور اب تو وہ بھی نہیں کھیل سکتے، جو کھیلنی تھی وہ کھیل لی، اللہ کے فضل سے ہم نے کرکٹ بھی کھیلی اور حکومت بھی کی۔
کل کے جلسے میں بہنیں کیا کررہی تھیں؟
وزیراعظم نواز شریف نے تحریک انصاف کے کل کے جلسے میں موجود خواتین پر بھی تنقید کی اور کہا کہ یہ آج اس طرح کا جلسہ نہیں ہے جیسا مخالفین کا ہوتا ہے، یہاں موجود بہنوں کا شکریہ جو کونے میں کھڑی ہیں،کل بھی لوگوں نے ٹی وی پر دیکھا کہ بہنیں وہاں کیا کررہی تھیں؟
اوکاڑہ : وزیراعظم نوازشریف آج اوکاڑہ میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف آج اوکاڑہ میں اوکاڑہ میں گندم کٹائی مہم کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرینگے، ن لیگ کے جلسے کیلئے میونسپل اسٹیڈیم کو بینرز سے سجا دیا گیا جبکہ جلسہ گاہ میں سات ہزار کرسیاں لگا دی گئیں ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف شام 5بجےعوامی جلسے سے خطاب کرینگے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اوکاڑہ جلسے میں عہدیداروں اور کارکنوں کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایات بھی جاری کریں گے، وزیر اعظم نے قریبی رفقاء سے طویل مشاورت کے بعد پنجاب سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا پاناما کیس فیصلے کے بعد یہ پہلاعوامی جلسہ ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا اور کہا کہ وزیراعظم اور ان کے بیٹے حسن اورحسین نوازتحقیقاتی کمیٹی کے روبرو پیش ہوں گے اور جے آئی ٹی60 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ وزیراعظم کی اہلیت کا فیصلہ جے آئی ٹی رپورٹ پرہوگا، جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی،ایم آئی‘ نیب‘ سیکیورٹی ایکس چینج اورایف آئی اے کا نمائندہ شامل ہوگا۔
اوکاڑہ : صوبہ پنجاب کےشہراوکاڑہ میں پولیس کے مبینہ مقابلےمیں دو ڈاکو ہلاک جبکہ تین فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تفصیلات کےمطابق اوکاڑہ کےنواحی گاؤں ون نائن اے ایل میں ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔
پولیس حکام کےمطابق ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلےمیں دو ڈاکو ہلاک اور تین ڈاکو رات کی تاریکی کافائدہ اٹھاتے ہوئےفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہناہےکہ ہلاک ہونے والےدونوں ڈاکو کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیاگیاہےجبکہ ان کےفرار دیگرساتھیوں کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
دوسری جانب لاہور کےعلاقے ہنجروال میں بھی پولیس نےمقابلے کےبعد دو ڈاکوؤں کو گرفتارکرکےاسلحہ برآمد کرلیا ہے۔