Tag: Old Hostility

  • لاہور : دشمنی کا شاخسانہ، دو سگے بھائی کزن سمیت فائرنگ سے جاں بحق

    لاہور : دشمنی کا شاخسانہ، دو سگے بھائی کزن سمیت فائرنگ سے جاں بحق

    لاہور : فائرنگ سے دو سگے بھائیوں اور ان کے کزن سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے، ملزمان پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونک کر  اسلحہ سمیت مرید کے سے لاہور آئے تھے، وزیر اعلیٰ نے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ داروغہ والا میں تہرے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے، دیرینہ دشمنی پر تین افراد کو دن دہاڑے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، مقتولین میں دوسگے بھائی اور ایک کزن شامل ہے۔

    اے آروائی نیوز کے نمائندے بابر خان کے مطابق دیرینہ عداوت پر دو موٹر سائیکل سواروں نے گوشت کی دکان پر بیٹھے غنی اس کے بھائی لبا اور کزن معراج پر فائرنگ کردی، تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    ذرائع کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ بٹ اور قصائی گروپوں کے درمیان ہوا جبکہ ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آروائی نیو ز نے حاصل کر لی، فوٹیج میں ملزمان کو سرعام فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دشمنی کا نتیجہ ہے ملزمان کو جلد گرفتارکرلیا جائے گا، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    یاد رہے کہ مذکورہ ملزمان اسلحہ لے کر موٹرسائیکل کے ذریعے مرید کے سے لاہور پہنچے لیکن راستے میں انہیں سیف سٹی کیمرے کی آنکھ دیکھ سکی اور نہ ہی چیک پوسٹ پر موجود پولیس اہلکاروں نے روک کر پوچھا جو قانون نافذ کرنے والوں کی کارکردگی پر ایک اور سوالیہ نشان ہے۔

  • پشاور: نامعلوم افراد کی فائرنگ، امن لشکرکے4 افراد جاں بحق

    پشاور: نامعلوم افراد کی فائرنگ، امن لشکرکے4 افراد جاں بحق

    پشاور: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کار میں سوارامن لشکر کے 4 نمائندے جاں بحق ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے متنی میں نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر ایک گاڑی پر فائرنگ کردی، گاڑی میں سوار چاروں افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ پرانی دشمنی کاشاخسانہ لگتاہے، فائرنگ سےایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔

    پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ لواحقین نے فائرنگ کرنے والوں کے ناموں کے حوالے سے نشاندہی بھی کردی ہے واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں قتل میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لے لیاجائے گا۔

    پولیس کے مطابق مقتولین اورملزمان کے درمیان جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فائرنگ امن لشکر کے ارکان کی گاڑی پر ہوئی، مقامی امن کمیٹی کے رہنما ارشاد ساتھیوں کے ہمراہ کار میں جارہے تھے۔