Tag: Oman Air

  • عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری، پروازوں کا آغاز

    عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری، پروازوں کا آغاز

    یو اے ای : عمان ایئرلائن نے گیارہ اگست 2021 سے جدہ کے لیے عمرہ پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 

    یواے ای میڈیا کے مطابق عمانی ایئرلائن نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر بتایا کہ عمرے کے لیے گیارہ اگست سے جدہ کے لیے پروازیں بحال کردی جائیں گی۔

    ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کرنے پر عمرہ زائر ہوٹل قرنطینہ کی پابندی سے مستثنی ہوں گے،  سرٹیفکیٹ میں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ کووڈ ویکسین کی دوسری خوراک سفر سے 14 روز قبل لی جاچکی ہے۔

    یاد رہے کہ داخلی عازمین کے لیے عمرہ موسم کا آغاز گزشتہ اتوار سے ہوچکا ہے۔ اس سال حج موسم کی کامیابی کے بعد عمرہ کا نیا موسم شروع کیا گیا ہے۔ تمام حجاج کورونا وائرس سے محفوظ رہے ہیں۔

    سعودی وزارت سیاحت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ یکم اگست سے ویکسین لگوانے والے سیاحوں کے لیے سعودی عرب کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔

  • عمان ایئر اور قطر ایئر ویز میں معاہدہ، مسافروں کے لیے خوشخبری

    عمان ایئر اور قطر ایئر ویز میں معاہدہ، مسافروں کے لیے خوشخبری

    مسقط: عمان ایئر اور قطر ایئر ویز نے آپس میں معاہدہ کیا ہے جس کے تحت مسافروں کو مزید سہولتیں حاصل ہوں گی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عمان ایئر اور قطر ائیر ویز دونوں انٹرنیشنل ایئر لائنز کے مابین مزید تعاون کے اسٹریٹجک منصوبے کے تحت کوڈ شیئر بڑھائے جائیں گے۔

    سنہ 2000 میں یہ دونوں انٹرنیشنل ایئر لائنز شراکت دار تھیں۔ اس معاہدے سے عمان ایئر کے مسافروں کو قطر ایئر ویز کے 65 روٹس پر سفر کرنے کے لیے مزید سہولتیں حاصل ہو جائیں گی، ان روٹس میں افریقہ، امریکا، ایشیا، بحر الکاہل، یورپ، ہندوستان اور مشرق وسطیٰ کے بعض روٹس شامل ہیں۔

    قطر ایئر ویز کے مسافر عمان ایئر کے نیٹ ورک کے ذریعہ افریقہ اور ایشیا میں 6 نئی منزلوں تک رسائی حاصل کریں گے۔

    دونوں ایئر لائنز کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر لائنز اپنی اس شراکت کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعدد مشترکہ تجارتی اور آپریشنل اقدامات بھی جاری کریں گی۔

    عمان ایئر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینیئرعبد العزیز الرئیسی نے کہا ہے کہ ہمارے کوڈ شیئر معاہدے کی توسیع محض ابتدائی اقدام ہے اور ہم قطر ایئر ویز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں تاکہ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کر سکیں۔

    اس کے بعد عمان ایئر پوری دنیا میں اپنے مسافروں کے لیے کاروبار اور تفریحی سفر کے پروگراموں کو بڑھا سکے گا۔

    دوسری جانب قطر ایئر ویز کے گروپ چیف ایگزیکٹو اکبر البکیر نے کہا ہے کہ سنہ 2000 سےے دونوں ایئر لائنز نے تجارتی تعاون سے ہونے والے فوائد کو دیکھا، اس سے ہمارے مسافروں کو بے مثال خدمات مہیا کی گئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنے معزز مسافروں کو اور بھی زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عمان ایئر کے ساتھ اپنے تجارتی تعاون کو مزید تقویت دینے کے منتظر ہیں۔

    یاد رہے کہ عمان ایئر نے سنہ 1993 سے فلائٹ سروس شروع کی تھی اور قطر ایئر ویز کی بھی اسی سال بنیاد رکھی گئی تھی۔

  • کورونا وائرس : عمان ایئر کی جانب سے مسافروں کے لئے بڑا اعلان

    کورونا وائرس : عمان ایئر کی جانب سے مسافروں کے لئے بڑا اعلان

    مسقط : عمان ایئرلائنز اپنے مسافروں کو کورونا وائرس سے متعلق اعزازی سہولیات فراہم کررہی ہے جس کے تحت مسافروں کو کوویڈ19کے ٹیسٹ علاج یا قرنطینہ کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔

    یہ سہولت یکم اکتوبر 2020سے 31مارچ 2021تک فراہم کی جائے گی، یہ سہولیات ان تمام مسافروں کو دی جارہی ہے جو عمان ایئر کے دفاتر پر یا ائیر لائن کے کال سینٹر اور ٹریول ایجنٹوں کے ذریعے عمان ڈاٹ کام سے ٹکٹ خریدتے ہیں۔

    عمان ایئرپورٹس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم اکتوبر2020 سے سلطنت کے شہریوں اور رہائشیوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہوگی، اس اعزازی کوویڈ کوریج پروگرام کے بارے میں تفصیلات "عمان ایئر ڈاٹ” کام پر دستیاب ہیں۔

    ایئر پورٹس انتظامیہ کے بیان کے مطابق کورونا مفت کوریج ہر عمر کے مسافروں کے لئے ہے جو ایئر لائن کی وسیع پیمانے پر کوششوں کا ایک حصہ ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ اس کے مسافر ہر وقت محفوظ اور اعتماد رہیں۔

    عمان ایئرپورٹس کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہوائی جہاز سے سفر کرنے والے تمام مسافروں کے لیے کرونا وائرس پی سی آر ٹیسٹ لازمی ہوگا۔

    اس سلسلے میں سپلائی انٹرنیشنل اور چینی کمپنی بی جی آئی کے اشتراک سے عمان کے ایئر پورٹس مسقط انٹرنیشنل ایئرپورٹ، صلاح ایئرپورٹ، سحر ایئرپورٹ اور دقم ایئرپورٹ پر کو وِڈ 19 کے لیے ٹیسٹنگ سہولت کی فراہمی کے حتمی مراحل طے کیے جا رہے ہیں۔

    اس سہولت کا مقصد مسافروں کے لیے آسانی فراہم کرنا اور وائرس سے متاثرہ افراد کی جلد تشخیص ہے، یہ قدم ہیلتھ سیفٹی پروٹوکولز کے تحت اٹھایا گیا ہے تاکہ مسافروں اور طیارے کے عملے اور ملازمین کی صحت کو محفوظ بنایا جاسکے۔

  • عمان ایئر نے بھارت کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کردیں

    عمان ایئر نے بھارت کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کردیں

    مسقط: عمان ایئر نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر وہ بھارت کے ساتھ اپنے تمام فضائی آپریشنز معطل کر رہے ہیں، معطلی کا فیصلہ بھارت میں غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی کے بعد کیا گیا ہے۔

    عمان ایئر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمان ایئر بھارت آنے اور جانے والی اپنی تمام فلائٹس کم از کم 28 مارچ تک معطل کر رہا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ فلائٹس کی معطلی بھارتی ایوی ایشن کے فیصلے کے بعد کی جارہی ہے جس میں بھارت کے تمام ایئرپورٹس سے تمام غیر ملکی پروازوں کے آنے اور جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    عمان ایئر نے اپنی فلائٹس بک کروانے والے بھارتی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارت میں واقع ان کے دفتر سے رابطہ کریں۔

    یاد رہے کہ بھارت میں اب تک کرونا وائرس کے 275 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 5 اموات بھی ہوچکی ہیں۔ بھارتی ایوی ایشن نے تمام غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت پر 28 مارچ تک پابندی عائد کردی ہے۔