Tag: عمان

ملک عمان، جو خلیج فارس کے جنوب مشرقی ساحل پر واقع ہے، ایک امیر اور ترقی پذیر ملک ہے۔ یہاں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر ہیں جن کی وجہ سے اس کی معیشت مضبوط ہے۔ عمان کی آبادی تقریباً 5.5 ملین ہے، جن میں سے تقریباً 40% غیر ملکی مزدور ہیں۔

پاکستان عمان میں سب سے بڑا غیر ملکی مزدور گروہ ہے۔ 2024 کے اندازے کے مطابق، عمان میں تقریباً 1.5 ملین پاکستانی مزدور موجود ہیں۔ یہ مزدور مختلف شعبوں میں کام کرتے ہیں، بشمول تعمیرات، خدمات، مینوفیکچرنگ اور زراعت۔

Oman

  • عمان میں 90 ہوٹلز وزارت صحت کے حوالے کردیے گئے

    عمان میں 90 ہوٹلز وزارت صحت کے حوالے کردیے گئے

    مسقط: عمان میں 90 کے قریب ہوٹلز مالکان نے اپنے ہوٹلز وزارت صحت کے حوالے کردیے تاکہ وہاں قرنطینہ سمیت دیگر طبی سہولیات قائم کی جاسکیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 90 ہوٹلوں کی انتظامیہ نے 4 ہزار 445 کمرے وزارت صحت کے حوالے کردیے تاکہ ان میں قرنطینہ قائم کیے جاسکیں۔

    فی الحال ان ہوٹلز کے کمرے اسکالر شپ پر موجود غیر ملکی طلبا کو رہائش کے لیے دیے جارہے ہیں جو ہاسٹلز بند ہوجانے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، طلبا کو ان کمروں میں رہائش دینے کا فیصلہ وزارت سیاحت نے کیا ہے۔

    خیال رہے کہ عمان میں اب تک کرونا وائرس کے 167 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    عمان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سلطنت میں جان لیوا وبا میں مبتلا مزید 20 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔

    عمان سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 23 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ 34 ہزار مریض جان کی بازی ہار گئے۔

  • عمان ایئر نے بھارت کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کردیں

    عمان ایئر نے بھارت کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کردیں

    مسقط: عمان ایئر نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر وہ بھارت کے ساتھ اپنے تمام فضائی آپریشنز معطل کر رہے ہیں، معطلی کا فیصلہ بھارت میں غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی کے بعد کیا گیا ہے۔

    عمان ایئر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمان ایئر بھارت آنے اور جانے والی اپنی تمام فلائٹس کم از کم 28 مارچ تک معطل کر رہا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ فلائٹس کی معطلی بھارتی ایوی ایشن کے فیصلے کے بعد کی جارہی ہے جس میں بھارت کے تمام ایئرپورٹس سے تمام غیر ملکی پروازوں کے آنے اور جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    عمان ایئر نے اپنی فلائٹس بک کروانے والے بھارتی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارت میں واقع ان کے دفتر سے رابطہ کریں۔

    یاد رہے کہ بھارت میں اب تک کرونا وائرس کے 275 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 5 اموات بھی ہوچکی ہیں۔ بھارتی ایوی ایشن نے تمام غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت پر 28 مارچ تک پابندی عائد کردی ہے۔

  • کرونا وائرس: عمان، اردن اور مصر میں اسکول بند

    کرونا وائرس: عمان، اردن اور مصر میں اسکول بند

    مسقط / قاہرہ: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت عمان، اردن اور مصر میں اسکول بند کردیے گئے، مذکورہ ممالک میں وائرس سے بچنے کے لیے دیگر کئی اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عمان، اردن اور مصر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت اسکول بند کردیے گئے ہیں۔ سلطنت عمان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام تعلیمی ادارے اتوار سے ایک ماہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    عمان میں اعلیٰ تعلیمی کمیٹی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں وبائی صورتحال اختیار کرلینے والے مرض سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے ایک ماہ کے لیے بند کر دیے جائیں۔

    عمانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ادارہ صحت نے کہا ہے کہ مقیم غیر ملکی اور مقامی شہری کرونا وائرس سے بچاؤ کےلیے کی جانے والی احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں۔

    اردن میں بھی کرونا وائرس کے پیش نظر تمام فلائٹس معطل ہیں، عوامی اجتماعات پر پابندی اور تعلمی ادارے بند ہیں۔

    مصر میں بھی تمام تعلیمی ادارے 2 ہفتے کے لیے بند کرنے کے احکامات صادر کر دیے گئے ہیں۔

    مصری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے تعلیمی اداروں کی عارضی بندش کے خصوصی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیر اعظم کے ساتھ خصوصی ملاقات کی جس میں مختلف امور زیر بحث آئے، ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے 100 ارب مصری پونڈ مختص کیے جائیں۔

  • کرونا وائرس: عمان حکومت نے بڑی پابندی عائد کردی

    کرونا وائرس: عمان حکومت نے بڑی پابندی عائد کردی

    مسقط: عمان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر شیشہ پینے پر پابندی عائد کردی گئی، خلاف ورزی کرنے والے ریستورانوں اور قہوہ خانوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عمان کی وزارت ریجنل میونسپلٹیز اور واٹر ریسورس نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیشہ فراہم کرنے والے لائسنس یافتہ تمام مقامات فی الحال اپنے گاہکوں کو شیشے کی فراہمی روک دیں۔

    اس پابندی کا اطلاق 15 مارچ سے ہوگا، حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے شیشہ مراکز، قہوہ خانے اور ریستورانوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ عمان میں اب تک کرونا وائرس کے 20 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شیشہ متعدی بیماریوں کی منتقلی کا آسان اور عام ذریعہ ہوسکتا ہے۔

    اس ہدایت کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی عرب اور دبئی میں بھی شیشہ پینے پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

  • عمان کے لیے بڑا اعزاز

    عمان کے لیے بڑا اعزاز

    مسقط: عمان کے ایک تحقیق دان ڈاکٹر عوف بن عبدالرحمٰن کو ان کی ایک تحقیق پر بڑے اعزاز سے نواز دیا گیا، عمانی حکومت نے ان کے اس اعزاز پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عمانی محقق ڈاکٹر عوف بن عبدالرحمٰن کی تحقیق کو جنوبی افریقہ میں ہونے والی میڈیکل سائنسز کی کانفرنس میں بہترین ریسرچ پیپر کے اعزاز سے نوازا گیا۔

    عمان کی وزارت تعلیم کے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹر عوف کی تحقیق ہڈیوں کے کینسر سے متعلق ہے۔

    ڈاکٹر عوف نے خلیوں کے ریسیپٹرز پی ٹی ایچ آر 1 پر تحقیق کی اور نتائج سے علم ہوا کہ ان ریسیپٹرز کی زیادہ مقدار بون کینسر کے مریضوں کی زندگی میں اضافہ کرسکتی ہے جبکہ اس کی کمی مریض کی زندگی گھٹا دیتی ہے۔

    اس تحقیق کے لیے پہلی بار چوہے کے بجائے کتے کے ٹشوز استعمال کیے گئے، ماہرین کے مطابق کتے کے خلیات جسمانی ساخت، ماحول، اور بیماریوں پر اپنا ردعمل دینے کے حوالے سے چوہوں کے مقابلے میں زیادہ انسانی خلیات سے ملتے جلتے ہیں۔

    تحقیق کے لیے ویسٹرن سڈنی یونیورسٹی اور میلبرن اسپتال سمیت کئی بین الاقوامی اسپتالوں اور یونیورسٹیوں نے نمونے اکھٹے کرنے اور دیگر مراحل میں معاونت فراہم کی۔

    مذکورہ تحقیق نیچر نامی جرنل میں شائع ہوئی جو دنیا کے معتبر ترین سائنسی جرنلز میں سے ایک ہے۔

    عمان کی حکومت نے ڈاکٹر عوف کے اس اعزاز پر فخر اور مسرت کا اظہار کیا ہے، ڈاکٹر عوف بائیو میڈیکل سائنسز میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھتے ہیں اور عمان کے ایک اسپتال میں بطور سینئر اسپیشلسٹ کام کر رہے ہیں۔

  • مسقط ایئرپورٹ کے لیے بڑا اعزاز

    مسقط ایئرپورٹ کے لیے بڑا اعزاز

    مسقط: عمان کے دارالحکومت مسقط کا ایئرپورٹ دنیا کے بہترین ایئرپورٹس میں ساتویں نمبر پر آگیا، سلالہ ایئرپورٹ کو دنیا کا چوتھا بہترین ایئرپورٹ قرار دیا گیا۔

    ایئرپورٹ کاؤنسل انٹرنیشل کی جاری کردہ رینکنگ میں دارالحکومت مسقط اور ایک اور شہر سلالہ کے ایئرپورٹ کو بالترتیب دنیا کا ساتواں اور چوتھا بہترین ایئرپورٹ قرار دیا گیا ہے۔

    مسقط ایئرپورٹ سالانہ ڈیڑھ سے 2 کروڑ مسافروں کو فضائی سہولیات مہیا کرتا ہے، جبکہ سلالہ ایئرپورٹ سے سالانہ 20 لاکھ افراد فضائی سفر کرتے ہیں۔

    مسقط اور سلالہ ایئرپورٹ کو مسافروں کے لیے بہترین سہولیات اور آسائش فراہم کرنے پر یہ اعزاز دیا گیا ہے۔

    مسقط ایئرپورٹ کو سنہ 2018 میں نئی عمارت میں منتقل کیا گیا تھا، اس کے بعد اس ایئرپورٹ پر سہولیات میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔

    یہ ایئرپورٹ 5 ہزار 250 ایکڑز کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ ابتدا میں یہاں صرف ایک پسنجر ٹرمنل بلڈنگ اور ایک رن وے تھا بعد ازاں اس میں مزید رن ویز، نیا پسنجر ٹرمنل اور نیا کنٹرول ٹاور شامل کیا گیا۔

    ایئرپورٹ کے عملے کے لیے یہاں ہاؤسنگ اسکیم بھی موجود ہے۔

    اسی طرح سلالہ ایئرپورٹ کو سنہ 2015 میں کھولا گیا تھا اور جلد ہی وہ دنیا کے بہترین ایئرپورٹس کی فہرست میں نویں نمبر پر آگیا، آغاز سے ہی یہ ایئرپورٹ سالانہ 20 لاکھ مسافروں کو فضائی سہولیات فرہم کر رہا ہے۔

  • کرونا وائرس کا خطرہ، عمان حکام کا بڑا اقدام

    کرونا وائرس کا خطرہ، عمان حکام کا بڑا اقدام

    مسقط: عمان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام عوامی اجتماعات کو عارضی طور پر معطل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمان کی وزارت صحت کی جانب سے ایک بیان جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں COVID-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضرورت ہے کہ تمام عوامی اجتماعات، پروگرامز اور کانفرنسز کو عارضی طور پر روک لیا جائے۔

    وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت کی تجویز ہے کہ سلطنت میں بین الاقوامی اجتماعات، ایونٹس اور کانفرنسز کو معطل کیا جائے۔

    سعودی عرب کے بعد عمان نے بھی بڑی پابندی لگا دی

    یاد رہے کہ پانچ دن قبل عمان نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے وائرس سے متاثرہ ممالک کے باشندوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی، اس پابندی کا اطلاق زمینی، سمندری اور ہوائی سمیت تمام بندرگاہوں پر کیا جا رہا ہے۔

    اس سے قبل سعودی عرب بھی کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عمرہ زائرین کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر چکا ہے، کرونا وائرس کے پیش نظر سعودی ایوی ایشن نے نئی پالیسی جاری کی تھی، جس کے تحت سیاحتی ویزے پر سعودی عرب کا سفر کرنے والوں کا داخلہ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

    کرونا بے قابو، 103 ممالک لپیٹ میں، 106,211 متاثر، اٹلی میں 16 ملین لوگوں کا لاک ڈاؤن

    خیال رہے کہ عمان میں اب تک 16 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، جب کہ یہ مہلک وائرس دنیا کے 103 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، اور اب تک اس سے 3,600 اموات ہو چکی ہیں جب کہ مجموعی متاثرین کی تعداد 106,211 ہے۔

  • وزیر خارجہ کی عمان کے نئے سلطان سے ملاقات، سلطان قابوس کے انتقال کی تعزیت

    وزیر خارجہ کی عمان کے نئے سلطان سے ملاقات، سلطان قابوس کے انتقال کی تعزیت

    مسقط: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم سے ملاقات کی اور سابق فرمانروا سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچے جہاں انہوں نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم بن طارق السید سے ملاقات کی۔

    وزیر خارجہ نے صدر پاکستان، وزیر اعظم اور عوام کی طرف سے سلطان ہیثم کے پیش رو سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم سلطان قابوس کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام عمان کے مرحوم سلطان قابوس کے انتقال پر دل گرفتہ ہیں اور اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مرحوم سلطان قابوس ایک زیرک، مدبر اور امن پسند حکمران کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کے دور حکومت میں عمان نے مثالی ترقی کی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سلطان قابوس کے دنیا سے رخصت ہونے سے سلطنت عمان ایک ہر دلعزیز لیڈر اور پاکستان ایک مخلص، بااعتماد اور پرخلوص دوست سے محروم ہوا ہے۔

    سلطان ہیثم نے شاہ محمود قریشی کی آمد اور تعزیت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ عمان کی حکومت مرحوم سلطان کے زریں اصولوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے کوشاں رہے گی۔

    انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ آنے والے دنوں میں عمان اور پاکستان کے مابین تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

    خیال رہے کہ 10 جنوری کو عمان کے سلطان، سلطان قابوس 79 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ سلطان قابوس کافی عرصے سے علیل تھے۔ سلطان قابوس کو مسقط میں سپرد خاک کیا گیا۔

    سلطان قابوس کے انتقال کے بعد ان کے چچا زاد بھائی ہیثم بن طارق کو عمان کا نیا سلطان بنایا گیا۔ سلطان قابوس کی کوئی اولاد نہ ہونے کے سبب عمان کے شاہی خاندان نے ہیثم بن طارق کی تخت نشینی پر اتفاق کیا۔

  • سلطنت عمان کے بادشاہ قابوس بن سعید انتقال کر گئے

    سلطنت عمان کے بادشاہ قابوس بن سعید انتقال کر گئے

    مسقط: عرب ملک سلطنت عمان کے سلطان قابوس بن سعید طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، انتقال پر ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمان کے 79 سالہ سلطان قابوس اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں، سلطان قابوس کافی عرصے سے علیل تھے، وہ اپنے والد سعید بن تیمور کی وفات کے بعد عمان کے بادشاہ بنے تھے۔

    سلطان قابوس 18 نومبر 1940 کو پیدا ہوئے جب کہ گزشتہ روز 10 جنوری 2020 کو مسقط میں انتقال کر گئے، انھیں مسقط ہی میں سپرد خاک کیا گیا۔

    سلطان قابوس کے جانشین کا اعلان ان کا خاندان کرے گا، جانشین پر اتفاق نہ ہونے پر سلطان قابوس کی وصیت کھولی جائے گی، سلطان قابوس نے ابتدائی تعلیم عمان میں حاصل کی جس کے بعد انھیں مزید تعلیم کے لیے برطانیہ بھیجا گیا، انھوں برطانیہ کی سندھرسٹ اکیڈمی سے جنگی تربیت حاصل کی اور جرمنی میں بہ طور لیفٹننٹ جنگی مہموں میں حصہ لیا۔

    سلطان قابوس نے نوال بنت طارق سے شادی کی جو تین سال بعد ختم ہو گئی، نوال سے سلطان قابوس کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ عمان کے قانون کے مطابق سلطان قابوس کے جانشین کا فیصلہ تین دن کے اندر ان کے خاندان کو کرنا ہوگا، اگر خاندان کسی نتیجے پر نہیں پہنچا تو پھر سلطان قابوس کی وصیت کے مطابق حکومت قائم کی جائے گی، سلطان قابوس کو حکومت پاکستان کی جانب سے نشان پاکستان کا اعزاز بھی دیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ سلطان قابوس نے اپنے والد کے خلاف کام یاب بغاوت کے بعد 23 جولائی 1970 کو تخت تک رسائی حاصل کی تھی۔ ان کا مقصد دنیا میں سلطنت کی تنہا حیثیت ختم کرنا تھا، وہ چاہتے تھے کہ ملک کے تیل کے ریونیو کو ترقی اور مملکت کو جدید بنانے کے لیے استعمال کیا جائے۔ انھوں نے تخت پر بیٹھنے کے بعد اعلان کیا کہ اب مملکت کو ’مسقط و عمان‘ نہیں کہا جائے گا بلکہ اس کا نام سلطنت عمان سے بدل دیا۔

  • بحیرہ عرب میں بننے والا ماہا طوفان کمزور پڑ رہا ہے، محکمہ موسمیات

    بحیرہ عرب میں بننے والا ماہا طوفان کمزور پڑ رہا ہے، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والا ماہا طوفان کمزور پڑ رہا ہے، سائیکلون کمزور ہونے کے بعد بھارتی گجرات کی جانب بڑھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان ماہا مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، ماہا طوفان کراچی سے 557 کلومیٹر دور ہے، ماہا طوفان کمزور پڑ رہا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سائیکلون آج شام مزید کمزور پڑجائے گا، سائیکلون کمزور ہونے کے بعد بھارتی گجرات کی جانب بڑھے گا۔طوفان ماہا 6 اور 7 نومبر کے درمیان بھارتی گجرات سے ٹکرائے گا۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے ماہی گیروں کو 6 نومبرتک کھلے سمندر میں مچھلی کے شکار پر جانے کے حواسے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    طوفان سے کراچی کے ساحل کو کوئی خطرہ نہیں، محکمہ موسمیات

    یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان ماہا کے باعث کراچی کی ساحلی پٹی پر ہلکی بارش کا امکان ہے، طوفان سے کراچی کے ساحل کو کوئی خطرہ نہیں ہے، البتہ اس کے اثرات بلند لہروں یا بارش کی شکل میں نمودار ہوسکتے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ نئے بننے والے سمندری طوفان ’’ماہا‘‘ کا رخ عمان کی جانب ہے، آنے والے دنوں میں طوفان مزید شدت اختیار کرے گا۔