Tag: عمان

ملک عمان، جو خلیج فارس کے جنوب مشرقی ساحل پر واقع ہے، ایک امیر اور ترقی پذیر ملک ہے۔ یہاں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر ہیں جن کی وجہ سے اس کی معیشت مضبوط ہے۔ عمان کی آبادی تقریباً 5.5 ملین ہے، جن میں سے تقریباً 40% غیر ملکی مزدور ہیں۔

پاکستان عمان میں سب سے بڑا غیر ملکی مزدور گروہ ہے۔ 2024 کے اندازے کے مطابق، عمان میں تقریباً 1.5 ملین پاکستانی مزدور موجود ہیں۔ یہ مزدور مختلف شعبوں میں کام کرتے ہیں، بشمول تعمیرات، خدمات، مینوفیکچرنگ اور زراعت۔

Oman

  • عمان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کے لیے بری خبر

    عمان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کے لیے بری خبر

    مسقط: 300 سے زائد اسمگلر اور درانداز غیر قانونی طور پر عمان میں داخل ہوتے ہوئے پکڑے گئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق 2020 کی تیسری سہ ماہی کے دوران کوسٹ گارڈ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 322 اسمگلرز اور غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کیا۔

    عمانی پولیس کا کہنا تھا کہ دراندازی کرنے والوں کو عمانی سمندری حدود میں پکڑا گیا ہے۔

    جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کوسٹ گارڈ نے دیگر پولیس اداروں کے ساتھ مل کر سمندری راستے سے ہونے والی منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب آپریشن کیے۔

    کوسٹ گارڈ پولیس کمانڈ کے ڈائریکٹر آپریشنز لیفٹیننٹ کرنل عبد العزیز الجبری کا کہنا تھا کہ کوسٹ گارڈ اہل کاروں کو عمانی سمندری حدود میں ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے مستقل طور پر تربیت دی جاتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کوسٹ گارڈ اہل کار مستقل طور پر اسمگلرز اور غیر قانونی تارکین وطن کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانیں بھی خطرے میں ڈالے رکھتے ہیں، بالخصوص رات کے مشکل ترین وقت میں جو خطرات اور چیلنجز سے بھرپور ہوتا ہے۔

    الجبری کا کہنا تھا کہ یہ کوسٹ گارڈ عملے کے تجربات ہیں جن کی وجہ سے وہ اسمگلنگ کرنے والی کشتیوں سے بخوبی نمٹ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران اسمگلرز سے نمٹنا اور بھی مشکل ہو گیا ہے، کیوں کہ غیر قانونی طور پر عمان میں داخل ہونے والوں کو وبا کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کی آگاہی نہیں ہوتی، تاہم پولیس کی کشتیوں کا عملہ ان کے ساتھ بالکل درست طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے نمٹتا ہے تاکہ وائرس کی منتقلی نہ ہو سکے۔

    کرنل عبدالعزیز الجبری نے کہا کہ وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں کوسٹ گارڈ پولیس کا وزارت صحت کے حکام سے بھی رابطہ رہتا ہے، تاکہ دراندازی کرنے والوں جب کرونا کی طبی جانچ کے لیے متعلقہ مراکز لایا جائے تو خصوصی طبی عملہ بھی ساتھ ہو۔

    انھوں نے رائل عمان پولیس کی جانب سے ان شہریوں کا شکریہ بھی ادا کیا جو سمندری حدود میں کسی مشتبہ شخص یا کشتی کے داخلے پر پولیس کو بروقت مطلع کر دیتے ہیں۔

  • کیا عمان میں ایک اور لاک ڈاؤن ہونے جا رہا ہے؟

    کیا عمان میں ایک اور لاک ڈاؤن ہونے جا رہا ہے؟

    مسقط: کیا عمان میں ایک اور لاک ڈاؤن ہونے جا رہا ہے؟ اس سلسلے میں عمان کے وزیر صحت کا اہم بیان جاری ہو گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق عمان کے وزیر صحت نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ سے ملک میں شدید اقتصادی اثر پڑے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد السعیدی نے کہا ’مکمل لاک ڈاؤن سے معیشت بری طرح متاثر ہوگی، جب کہ سلطان کی ہدایات ہیں کہ ہر شخص کی زندگی محفوظ بنائی جائے، اس بات سے بالکل قطع نظر کہ دیگر قربانیاں دی جائیں۔‘

    واضح رہے کہ عمان میں کرونا وائرس کیسز کو کم کرنے کے لیے سپریم کمیٹی نے 11 اکتوبر سے 24 اکتوبر تک رات کو ہر قسم کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    عمانی حکومت نے بڑا ریلیف دے دیا

    اس پابندی کے تحت رات 8 بجے سے صبح 5 بجے تک شہریوں کے گھروں سے غیر ضروری طور پر نکلنے پر پابندی ہوگی اور ان کی آمد و رفت کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

    بس اور فیری سروس کے اوقاتِ کار بھی تبدیل کر دیے گئے ہیں، مسقط میں بسیں شام 6 بجے تک آپریٹ ہوں گی جب کہ فیریز 6 بجے تک اپنے مقررہ منازل تک پہنچیں گی۔

  • عمان میں بھی پانچ فی صد ٹیکس عائد

    عمان میں بھی پانچ فی صد ٹیکس عائد

    مسقط: متحدہ عرب امارات اور بحرین کے بعد عمان نے بھی پانچ فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس عائد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سلطنت عمان میں چھ ماہ کے اندر پانچ فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

    اس سلسلے میں عمان کے سلطان کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چھ ماہ کے اندر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کا عمل شروع کیا جائے۔

    حکام کے حوالے سے عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا قانون زیادہ تر اشیا اور خدمات پر نافذ کیا جائے گا تاہم کچھ پر استثنٰی بھی ہے، اس کے لیے فوجداری قانون کی کچھ دفعات میں ترمیم کی گئی ہے جب کہ ایک نیا قانون بھی جاری کیا گیا ہے۔

    عمان کی حکومت نے کہا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ سے روزمرہ کے اخراجات پر زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔ اس کے تحت تمباکو اور اس کی مصنوعات پر سو فی صد ٹیکس لاگو کیا جائے گا جب کہ سوفٹ ڈرنکس پر ان کی قیمت خرید کی بنیاد پر پچاس فی صد ٹیکس لگے گا۔

    خیال رہے کہ سطلنت عمان نے 2018 میں پانچ فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس لگانے کا ارادہ کیا تھا تاہم پھر اسے 2020 تک کے لیے مؤخرکر دیا گیا تھا، یہ ٹیکس قانون خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کے درمیان وسیع تر معاہدے کا حصہ ہے۔

    اس سے قبل متحدہ عرب امارات اور بحرین پہلے ہی پانچ فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا قانون نافذ کر چکے ہیں۔

  • عمان: کچرا پھینکنے والے سیاحوں کا برا انجام

    عمان: کچرا پھینکنے والے سیاحوں کا برا انجام

    مسقط: سلطنت عمان میں سیاحتی مقامات پر کچرا پھینکنے کا انجام بہت برا بھی ہو سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمان میں انوائرنمنٹ اتھارٹی نے ایسے چند سیاحوں کو گرفتار کر لیا ہے جنھوں نے جزائر دیمانیات میں کچرا پھینک کر چھوڑ دیا تھا۔

    ماحولیاتی حکام کی جانب سے آن لائن جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاحوں کے ایک گروپ نے جزائر دیمانیات میں غیر قانونی طور پر کیمپنگ کی اور کچرا چھوڑا، جس پر انھیں گرفتار کرنا پڑا۔

    بیان میں کہا گیا کہ ’نقصان پہنچانے والوں کے ہاتھوں سے ماحولیات اور فطری مظاہر کے تحفظ کے لیے اتھارٹی کی طرف سے مسلسل کوششیں جاری ہیں، انھی کوششوں کے تحت البطینہ میں ماحولیات کے محکمے نے چند سیاحوں کو گرفتار کر لیا ہے جنھوں نے جزائر دیمانیات کے نیچر ریزرو میں بغیر اجازت کے کیمپنگ کی تھی۔‘

    بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں نے سائٹ پر کچرا بھی چھوڑا، جسے اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے لیے ماہرین کی ضرورت پڑتی ہے، تاکہ سیاحتی مقام کو صاف رکھا جا سکے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم سب سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جزائر دیمانیات کے سیاحتی مقام کے حوالے سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عمل کریں اور یہاں کی فطرت کے حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے ریزرو کے وزٹ کے دوران ان کی پابندی کریں۔‘

  • عمان کا مسافروں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    عمان کا مسافروں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    مسقط: عمان نے اپنے ایئرپورٹس پر مسافروں کے لیے کرونا وائرس ٹیسٹ کی سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمان ایئرپورٹس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم اکتوبر 2020 سے سلطنت کے شہریوں اور رہائشیوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہوگی۔

    یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہوائی جہاز سے سفر کرنے والے تمام مسافروں کے لیے کرونا وائرس پی سی آر ٹیسٹ لازمی ہوگا۔

    اس سلسلے میں سپلائی انٹرنیشنل اور چینی کمپنی BGI کے اشتراک سے عمان کے ایئر پورٹس مسقط انٹرنیشنل ایئرپورٹ، صلاح ایئرپورٹ، سحر ایئرپورٹ اور دقم ایئرپورٹ پر کو وِڈ 19 کے لیے ٹیسٹنگ سہولت کی فراہمی کے حتمی مراحل طے کیے جا رہے ہیں۔

    اس سہولت کا مقصد مسافروں کے لیے آسانی فراہم کرنا اور وائرس سے متاثرہ افراد کی جلد تشخیص ہے، یہ قدم ہیلتھ سیفٹی پروٹوکولز کے تحت اٹھایا گیا ہے تاکہ مسافروں، طیارے کے عملے اور ملازمین کی صحت کو محفوظ بنایا جا سکے۔

    واضح رہے کہ اکتوبر شروع ہوتے ہی انٹرنیشنل ایئر ٹریول کا پھر سے آغاز ہونے والا ہے، جس کی وجہ سے بین الاقوامی اور مقامی فلائٹس سلطنت عمان کے ایئرپورٹس کو استعمال کرنے لگیں گی، اسی کے پیش نظر عمان ایئرپورٹس نے حفاظتی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

    وزارت صحت اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے طے شدہ قواعد کے تحت تمام مسافروں کو سلطنت میں داخل ہونے کے لیے اپنے خرچ پر پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا۔

    ایئرپورٹس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی آر ٹیسٹ کے لیے پہلے موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بکنگ کرانی ہوگی، ایک ٹیسٹ کی قیمت 25 عمانی ریال رکھی گئی ہے، اس سلسلے میں مسافروں کو ایپ ڈاؤن لوڈ کرنی ہوگی، اس سے ایئر پورٹ پر ان کا وقت انتظار میں ضائع ہونے سے بچے گا۔

    اگر ٹیسٹ منفی آ گیا تو وہ مسافر جنھیں 7 دن سے کم ٹھہرنا ہو، وہ سلطنت میں اپنا قیام جاری رکھیں گے اور وزارت صحت کی ہدایات پر عمل پیرا ہوں گے، 7 دن سے زیادہ قیام کرنے والے مسافروں کو کلائی پر ایک پٹی باندھنی ہوگی اور 14 دن قرنطینہ کرنا ہوگا۔ اگر ٹیسٹ مثبت آ گیا تو مسافر کو سیلف آئسولیشن میں جانا پڑے گا۔

  • عمان میں 200 سے زائد نئی ملازمتوں کا معاہدہ طے پاگیا

    عمان میں 200 سے زائد نئی ملازمتوں کا معاہدہ طے پاگیا

    مسقط: سلطنت عمان کی حکومت اور ایک نجی ادارے کے درمیان مقامی افراد کے لیے سینکڑوں اسپیشلائزڈ اور ٹیکنیکل ملازمتیں فراہم کرنے کا معاہدہ طے پاگیا۔

    ٹائمز آف عمان کے مطابق عمان کی وزارت افرادی قوت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت عمان اور ایک نجی ادارے کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت مقامی شہریوں کو 241 اسپیشلائزڈ اور ٹیکنیکل ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان ملاقاتوں میں عمانائزیشن اور غیر ملکی شہریوں کی جگہ مقامی شہریوں کو ملازمتیں دینے کی حکمت عملی زیر بحث آئی۔

    علاوہ ازیں دونوں کے درمیان مستقبل میں تعاون اور باہمی اشتراک جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان معاہدوں کا مقصد مقامی شہریوں کو تکنیکی شعبوں میں ملازمت دینا اور ان کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ حکومت عمان نے رواں برس عمانائزیشن کرنے یعنی غیر ملکیوں کی جگہ مقامی شہریوں کو ملازمتیں دینے کی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔

    حکام کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا جارہا ہے تاکہ عمانی شہری بھی سلطنت کی بہبود و ترقی میں حصہ لے سکیں۔

    وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ایک آڈٹ رپورٹ سے علم ہوا ہے کہ سلطنت عمان میں غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد اہم شعبوں میں سربراہی اور قائدانہ پوزیشنز پر موجود ہے، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے عمانی شہریوں کی استعداد بڑھانا اور انہیں آگے لانا ضروری ہے۔

  • عمان: نو سالہ بچے کا شاندار کارنامہ

    عمان: نو سالہ بچے کا شاندار کارنامہ

    مسقط: عمانی بچے نے اپنی جان داؤ پر لگا کر معذور والدہ اور بہن بھائیوں کو موت کے منہ سے بچا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نو سالہ عمانی لڑکے المتسیم الشکسی نے بتایا کہ میں اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ ٹی وی دیکھ رہا تھا کہ اچانک میں نے اپنی بہن کو چیختا ہوا سنا اور دیکھا کہ ہمارے کمرے میں آگ لگ گئی ہے اور دھواں تیزی سے پھیل رہا ہے۔

    المتسیم الشکسی کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے میں اپنی پانچ سالہ بہن، سات سالہ اور ایک سالہ بھائی کو فوراََ لے کر گھر سے باہر نکلا اور پھر دوبارہ گھر میں داخل ہوا تاکہ اپنی معذور والدہ کو بچا سکوں۔

    نو سالہ بہادر بچے کی والدہ نے بتایا کہ میرے بیٹے نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجھے اور اپنی بہن بھائیوں کو نہ صرف بچایا بلکہ مدد کے لیے پڑوسیوں کو بھی پکارا۔انہوں نے کہا کہ خدا کے فضل سے حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

    المتسیم الشکسی کی والدہ کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے اس نے اپنی جان داؤ پر لگا کر ہم سب کو بچایا۔

    پبلک اتھارٹی فار سول ڈیفنس اینڈ ایمبولینس کے بریگیڈیئر جنرل نے التصیلیہ کے گورنری دفتر میں اپنے اہل خانہ کو آگ سے بچانے پر المتسیم الشکسی کو اعزاز سے نواز اور ان کی بہادری کی تعریف کی۔

  • عمان پہنچنے والوں کے لیے سخت ہدایات جاری

    عمان پہنچنے والوں کے لیے سخت ہدایات جاری

    مسقط: عمان نے یکم اکتوبر2020 سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اس حوالے سے عمان آنے والوں کے لیے تفصیلی ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔

    ٹائمز آف عمان کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ عمان پہنچنے والے تمام مسافروں کے پاس ہیلتھ انشورنس لازمی ہونی چاہیئے جس میں کم از کم 30 دن تک کے لیے کوویڈ 19 اور دوسری بیماریوں کے علاج کے اخراجات شامل ہوں۔

    عمان پہنچنے والے اور عمان سے سفر کے لیے جانے والے تمام مسافروں کا درجہ حرارت ایئرپورٹ پر چیک کیا جائے گا اور جن افراد میں کرونا وائرس کی علامات ہوں گی انہیں مزید چیک کیا جائے گا۔

    عمان پہنچنے والے تمام مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ ہوگا جس کا رزلٹ آنے میں 1 سے 7 روز لگیں گے، اس دوران مسافروں کو 14 دن کے لیے قرنطینہ میں بھی رہنا ہوگا۔

    قرنطینہ کے دوران مسافروں کو ایک الیکٹرانک رسٹ بینڈ پہننا ہوگا تاکہ حکام ان کے محل وقوع کے بارے میں آگاہ رہیں۔

    غیر ملکیوں کو عمان میں قیام کے دوران اپنی رہائش کے بارے میں دستاویزات حکام کو دینی ہوں گی، علاوہ ازیں 14 روزہ قرنطینہ کی، جو کسی سرکاری ادارے میں ہوگا، ادائیگی بھی کرنی ہوگی۔

    عمان پہنچنے والوں کو کوویڈ مانیٹرنگ موبائل ایپ پر خود کو رجسٹر کروانا ہوگا۔

    عمان پہنچنے والا فضائی عملہ 14 روزہ قرنطینہ کی شرط سے مستثنیٰ ہوگا تاہم انہیں دیگر احتیاطی تدابیر کی سختی سے پابندی کرنی ہوگی۔

    عمان پہنچنے والے غیر ملکی سفارت کار اپنے گھر میں 14 روزہ قرنطینہ گزار سکتے ہیں۔

    سیکیورٹی چیک پوسٹس پر رش سے بچنے کے لیے مسافروں کو صرف ایک ہینڈ بیگ اور ایک ڈیوٹی فری بیگ لانے کی اجازت دی گئی ہے۔

    عمان سے سفر کرنے والوں کو 3 سے 4 گھنٹے پہلے ایئر پورٹ پہنچنا ہوگا، کرونا وائرس کی علامات رکھنے والوں کو ایئر پورٹ کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    عمان کے ایئر پورٹس پر صرف سفر کرنے والے افراد کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی، ان کے ساتھ دیگر افراد کا رخصت کرنے کے لیے آنا ممنوع ہوگا۔

    ایئر پورٹ میں داخلے کے وقت اور طیارے میں سفر کے دوران تمام وقت صحیح طریقے سے ماسک پہنے رکھنا ضروری ہوگا، تاہم سیکیورٹی اسٹاف کے کہنے پر یا پاسپورٹ ڈیسک کی ضرورت کے مطابق ماسک اتارا جاسکتا ہے۔

    ایئرپورٹ پر کسی بھی قسم کی ادائیگی کے لیے الیکٹرانک ذرائع استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پھلاؤ کو روکنے کے لیے تمام مسافروں کو حفاظتی اقدامات لازمی اپنانے ہوں گے۔

  • عمان: ریستورانوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

    عمان: ریستورانوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

    مسقط : مسقط بلدیہ نے کیفے اور ریستورانوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ کھانے اور مشروبات کے لیے برتن اور کپ کو ایک بار ہی استعمال کریں۔

    تفصیلات کے مطابق عمان میں کرونا کے باعث بند ہونے والے کیفے اور ریستوران 5 ماہ بعد سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ عوام کے لیے کھول دیے گئے۔

    اس حوالے سے مسقط بلدیہ کی جانب سے فہرست جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کیفے اور ریستوران شیشے کے علاوہ دیگر خدمات کسٹمرز کو فراہم کرسکتے ہیں، جبکہ ایک ٹیبل پر 4 سے زائد افراد کے بیٹھنے پر پابندی ہوگی۔

    مسقط بلدیہ کے مطابق سیلف سروس ٹیبلز اور کھلی بوفے استعمال کرنا ممنوع ہوگا، کھانے، مشروبات، کالی مرچ اور نمک کو ڈسپوزیبل برتنوں میں پیش کیا جائے گا۔

    ریستوران اور کیفے میں کام کرنے والے ملازمین اور کسٹمرز کے لیے ہینڈ سینیٹائزر فراہم کرنا ضروری ہوگا،اس کے ساتھ صفائی کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔

    مسقط بلدیہ کے مطابق کسٹمرز کھانے کے وقت کے علاوہ ہر وقت ماسک پہنیں رکھیں گے اور کھانے کے بعد فوری طور پر جگہ خالی کرنے ہوگی، کیفے اور ریستورانوں میں دو میٹر کا سماجی فاصلہ رکھنا ہوگا۔

    بلدیہ کی جانب سے کہا گیا کہ ریستورانوں اور کیفے میں بنیادی حفاظتی اقدامات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں کسٹمرز متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔

  • عمان: بجلی کے بل زیادہ آنے کی شکایات پر حکام کا نوٹس

    عمان: بجلی کے بل زیادہ آنے کی شکایات پر حکام کا نوٹس

    مسقط: عمان میں اتھارٹی فار پبلک سروس ریگولیشن نے بجلی کا بل زیادہ آنے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے صارفین کے لیے تسلی بخش اقدامات کرنا شروع کردیے ہیں۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اتھارٹی فار پبلک سروس ریگولیشن نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بجلی کے زیادہ بلوں کے حوالے سے وضاحت جاری کی گئی ہے۔

    آن لائن جاری کیے گئے بیان کے مطابق اتھارٹی سوشل میڈیا پر وائرل ان پوسٹس کے بارے میں آگاہ ہے جن میں کئی صارفین نے بجلی کے زیادہ بلوں کی شکایت کی ہے۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام صارفین کی شکایات کا نوٹس لے کر ان پر اقدامات کیے جارہے ہیں، ان شکایات کے حل میں کچھ وقت لگ سکتا ہے کیونکہ اتھارٹی اپنے طریقہ کار کے مطابق کام کرے گی۔

    اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان شکایات کے حوالے سے بجلی فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا ہے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام شکایت کنندگان کی شکایات کا جائزہ لیں۔

    علاوہ ازیں خود اتھارٹی بھی ان بلوں کا جائزہ لے رہی ہے جو شکایت کنندگان نے اپنی شکایات کے ساتھ جمع کروائے ہیں۔

    بجلی کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ شکایت حل ہونے تک کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کی جائے جیسے بجلی جمع نہ کروانے کے سبب صارف کی بجلی منقطع کرنا، اس حوالے سے صارف کے لیے تمام تسلی بخش اقدامات کیے جائیں۔