Tag: Oman

  • آرمی چیف سے عمان کی مسلح افواج کے سربراہ کی ملاقات

    آرمی چیف سے عمان کی مسلح افواج کے سربراہ کی ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے عمان کی مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عمان کی مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے عمان کی مسلح افواج کے سربراہ کی ملاقات ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    عمانی جنرل احمد کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیاں گراں قدر ہیں، پاک فوج کا خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار قابل رشک ہے۔

    اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دورہ چین پر تھے جہاں انہوں چین کی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔

    آرمی چیف نے کمانڈر پی ایل اے اور وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن سے ملاقاتیں کی تھیں۔ ملاقاتوں میں علاقائی سیکیورٹی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف نے چینی عسکری قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ قراردادوں کا احترام کرے، بھارت کشمیریوں کے انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق چینی عسکری قیادت نے کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی مکمل حمایت کی تھی۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے عمان کے پارلیمانی وفد کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے عمان کے پارلیمانی وفد کی ملاقات

    اسلام آباد: عمان کے پارلیمانی وفد نے مجلس شوریٰ کے چیئرمین شیخ خالد بن ہلال کی قیادت میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے عمان کے پارلیمانی وفد کی ملاقات ہوئی۔ وفد کی قیادت مجلس شوریٰ کے چیئرمین شیخ خالد بن ہلال نے کی۔

    وزیر اعظم نے وفد کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا، بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی بات چیت ہوئی۔

    دونوں ممالک کے وفود کے درمیان باہمی تعلقات اور تجارت کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

    بعد ازاں عمان کا وفد وزارت خارجہ پہنچا جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں پاک عمان جغرافیائی قربت کے پیش نظر اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقتصادی روابط سے تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جا سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے نکتہ نظر میں مماثلت پائی جاتی ہے۔

    عمانی وفد کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان وسط ایشیا تک رسائی کے لیے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جے ایم سی میں طے اہداف کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

    وزیر خارجہ نے وفد کو مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیروں کو کرفیو سے یرغمال بنا کر رکھا گیا ہے۔

  • خلیج عمان میں تیل بردار جہاز پر حملہ کس نے کیا؟ فوٹیج سامنے آگئی

    خلیج عمان میں تیل بردار جہاز پر حملہ کس نے کیا؟ فوٹیج سامنے آگئی

    واشنگٹن: امریکی فوج نے تیل بردار بحری جہازوں کے قریب ایرانی کشتی کی فوٹیج جاری کردی، کشتی پر سوار افراد نے جہاز کے قریب نصب بارودی سرنگ کا معائنہ کیا اور اسے اتار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی فوج نے ایک تصویری ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کی ایک کشتی کو بحر اومان میں جاپانی تیل بردار جہاز کے قریب ایک بارودی سرنگ کو ہٹاٹے دیکھا جا سکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بارودی سرنگ اس جہاز کو تباہ کرنے کے لیے نصب کی گئی تھی مگر وہ پھٹ نہیں سکی اور اسے کشتی کے ذریعے ہٹانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس فوٹیج سے ایران کے ان دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ بحر اومان میں تیل بردار جہازوں پر حملوں میں ایران ملوث نہیں۔

    امریکی سینٹرل کمان کے ترجمان بیل اوربان کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 10 منٹ پر پاسداران انقلاب کی ایک پٹرولنگ کشتی کوکوکا بحری جہاز کے قریب گئی۔ کشتی پر سوار افراد نے جہاز کے قریب نصب بارودی سرنگ کا معائنہ کیا اور اسے اتار دیا گیا۔

    قبل ازیں امریکی عہدیداروں نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا کے پاس تیل بردار جہازوں پر حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کا ریکارڈ موجود ہے جس میں ایرانی فوج کو بحر اومان میں حملوں کا نشانہ بنائے گئے جہازوں کے قریب بارودی مواد کو اتارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    امریکا نے خلیج عمان میں‌ ہونے والے حملوں‌ کا ذمہ دار ایران کو قرار دے دیا

    امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنےکی شرط پر کو بتایا کہ اس نے خود وہ فوٹیج دیکھی ہے جس میں پاسداران انقلاب کے اہلکاروں کو تیل بردار جہاز کے قریب نہ پھٹنے والی بارودی سرنگ کو ہٹاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    دریں اثناء اقوام متحدہ میں امریکی ہائی کمیشن نے بحر اومان میں تیل بردار جہازوں پر حملے میں ایران کے ملوث ہونے کے امریکی الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

  • عمان میں آئل ٹینکروں پر حملوں کے بعد ضبط وتحمل سے کام لیا جائے: یورپی یونین

    عمان میں آئل ٹینکروں پر حملوں کے بعد ضبط وتحمل سے کام لیا جائے: یورپی یونین

    برسلز: یورپی یونین نے خلیج عمان میں دو تیل بردار بحری جہازوں پر حملوں کے بعد مزید کشیدگی سے گریز اور زیادہ سے ضبط وتحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا مغرینی کی خاتون ترجمان ماجا کوچی جانچیک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خطے کو عدم استحکام اور کشیدگی کے لیے مزید عناصر کی ضرورت نہیں ہے۔ اس لیے ان (مغرینی ) کا اور ہمارا مطالبہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ ضبط وتحمل سے کام لیا جائے اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ٹینکر ایسوسی ایشن انٹر ٹینکو کی اطلاع کے مطابق مشرقِ اوسط میں دو تیل بردار جہازوں پر حملہ کیا گیا ہے۔ اس کے بعد سے آبنائے ہرمز سے گذرنے والے بحری جہازوں اور ان کے عملہ کے تحفظ کے بارے میں تشویش میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

    خلیج عمان میں ان دو آئیل ٹینکروں پر حملہ کیا گیا ہے ۔اس کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں چار فی صد اضافہ ہوگیا ہے۔ گذشتہ ماہ بھی اسی علاقے میں خلیج عمان میں چار تیل بردار بحری جہازوں پر بارودی سرنگوں سے حملہ کیا گیا تھا۔ان میں دو بحری جہاز سعودی عرب کے تھے۔ایک ناروے اور ایک متحدہ عرب امارات کا تھا۔

    سعودی آئل ٹینکر پر حملے کی ذمہ داری امریکا نے ایران پر عائد کردی

    انٹر ٹینکو کے چئیر مین پاؤلو ڈی آمیکو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تنظیم کے رکن دو بحری جہازوں پر حملوں کے بعد سے مجھے آبنائے ہرمز سے گذرنے والے عملہ کے تحفظ کے بارے میں گہری تشویش لاحق ہوگئی ہے۔

  • ایران امریکا کشیدگی، عمان ثالث کا کردار ادا کرے گا

    ایران امریکا کشیدگی، عمان ثالث کا کردار ادا کرے گا

    تہران : ایرانی حکومت اور دوسرے اداروں کے درمیان مذاکرات کی نوعیت پر اختلافات مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اگرچہ ایرانی وزارت خارجہ نے امریکا کے ساتھ براہ راست یا بالواسطہ مذاکرات کی تردید کی ہے مگر حالیہ سرگرمیاں ایرانی دعوے کی نفی کرتی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ کوششیں اس بات کا واضح اشارہ ہیں کہ ایران، امریکیوں کے ساتھ بات چیت کے لیے حالات سازگار بنانے کی کوشش کر رہا ہے تاہم اب تک مذاکرات میں اگر کوئی چیز رکاوٹ رہی ہے تو وہ ایرانی حکومت اور دوسرے اداروں کے درمیان مذاکرات کی نوعیت پر اختلافات ہیں۔

    ایرانی نائب وزیر خارجہ عباس عراقجی نے سلطنت آف عمان کے دورے کے دوران ان خبروں کی سختی سے تردید کی جن میں کہا گیا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے بھی تہران میں سوموار کے روز ایک بیان میں کویتی نائب وزیر خارجہ خالد الجاراللہ کے اس دعوے کی تردید کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان پس چلمن مذاکرات شروع ہو چکے ہیں۔

    عباس موسوی کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں۔ خبر رساں اداروں نے کویتی عہدیدار کے نام منسوب ایک بیان میں کہا تھا کہ 20 مئی کو عمانی وزیر خارجہ کے دورہ ایران سے تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات شروع ہو چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ سلطنت آف عمان نے سنہ 2013ء میں امریکا اور ایران کے درمیان تہران کے متنازع جوہری پروگرام پر مذاکرات شروع کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان ہی کی کوششوں کے نتیجے میں ایران اور چھ عالمی طاقتیں 2015ء کو ایک معاہدے پر متفق ہوئی تھیں۔

    عمانی وزیر خارجہ کے دورہ ایران کے چند روز بعد ایرانی نائب وزیر خارجہ مسقط پہنچے، گذشتہ جمعرات کو امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان مورگان اورٹیگاس نے اس بات کی سختی سے تردید کی کہ امریکا نے ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکراتی کوششیں شروع کی ہیں۔

    مزید پڑھیں : ایران امریکا کشیدگی، سیّد حسن اللہ کی امریکا کو سنگین نتائج کی دھمکی

    تاہم دوسری جانب عراق کے وزیر خارجہ محمد عبدالحکیم نے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ بغداد امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے تاہم انہوں نے دونوں حریف ملکوں کے درمیان ہونے والی کسی قسم کی بات چیت کی تفصیل بیان نہیں کی۔

  • پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس شمشیر خصوصی دورے پرعمان پہنچ گیا

    پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس شمشیر خصوصی دورے پرعمان پہنچ گیا

    اسلام آباد:پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیر نے مسقط کی بندرگاہ سلطان قابوس کا دورہ کیا، پاکستان کے دفاعی اتاشی نے پی این ایس شمشیر کا استقبال کیا ۔

    پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق پی این ایس شمشیر ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے سلسلے میں خلیج عرب اور شمالی بحر عرب میں سکیورٹی آپریشنز پر مامور ہے۔جمعرات کو مسقط کی بندرگاہ سلطان قابوس کے دورے پر پہنچا ہے ۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کا مقصد بحری تجارتی راہداریوں کو قومی اور عالمی تجارت کیلئے محفوظ اور پر امن بنانا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مطابق سلطان قابوس آمد پر پاکستان کے دفاعی اتاشی نے پی این ایس شمشیر کا استقبال کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے سید بن سلطان بیس کے کمانڈنگ آفیسر سے ملاقات کی۔ جہاں دونوں اعلیٰ افسران نے ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر سلطان آرمڈ فورسز کے آفیسرز جوانوں نے پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ کیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس شمشیر اور رائل نیوی آف عمان کے جہاز النصیر نے مشترکہ بحری مشق میں بھی حصہ لیا۔

    اس حوالے سے پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کا مقصد بحری تجارتی راہداریوں کو قومی اور عالمی تجارت کیلئے محفوظ اور پر امن بنانا ہے۔

  • عمان میں غصیلے افراد کے لیے انوکھی آفر

    عمان میں غصیلے افراد کے لیے انوکھی آفر

    اردن: عمان میں شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہنے والے اور بالخصوص غضیلے افراد کے لیے انوکھی آفر پیش کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اردن میں ایک ایسا روم قائم کیا گیا ہے جہاں زیادہ غضہ کرنے والے افراد اپنا غضہ باآسانی ٹھنڈا کرسکیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تحقیق کے مطابق خواتین کے مقابلے میں مرد زیادہ غضہ کرتے ہیں، بعض مردوں کی نفسیات ایسی ہوتی ہے کہ وہ غضے کی حالت میں توڑ پھوڑ شروع کردیتے ہیں۔

    وہ افراد جو اس طرح غضہ کرتے اور گھر میں قیمتی چیزیں توڑ کر غضہ ٹھنڈا کرتے ہیں ان کے لیے عمان نے انوکھی آفر پیش کی ہے جس کے تحت وہ اپنے دل کی بھڑاس نکال سکیں گے۔

    عمان میں ایک ایسا ’’ایکس ریج روم‘‘ نامی کمرہ بنایا گیا ہے جہاں شدید غصے میں شہری صرف سترہ ڈالر خرچ کرکے پرانے ٹی وی، مانیٹر، ونڈ اسکرین اور شیشے کے برتنوں پر ظلم ڈھا سکتے ہیں۔

    اس طرح "کسی اور کا غصہ” تسلی سے کاٹھ کباڑ پر اتار سکتے ہیں، اور رہاشی عمارت یا آفس میں موجود قیمتی اشیاء ضایع ہونے سے بچ جائیں گی۔

    کمرے کے مالک کا کہنا ہے کہ وہ کچھ نیا کرنا چاہتے تھے اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے یہ روم تیار کیا، یہاں آنے والے افراد کو باقاعدہ طور پر حفاظتی جیکٹ اور ہیلمٹ پہنائی جاتی ہے تاکہ وہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے کمرے دنیا بھر میں کھولنے کا خواہش مند ہوں۔ پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ دن میں تقریباً دس افراد اس جگہ کا رخ کرتے ہیں جس سے میرا کاروبار اچھا چلتا ہے۔

  • امارات، قطر اور عمان نے پیٹرول کے نرخوں میں اضافہ کردیا

    امارات، قطر اور عمان نے پیٹرول کے نرخوں میں اضافہ کردیا

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات ، قطر اور سلطنت عمان نے تیل کے نرخوں میں اضافہ کردیا جبکہ سعودی عرب، بحرین اور کویت نے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پیٹرول کے نرخوں میں فی لیٹر 19 فلس کا اضافہ ہوگا، اعلی درجے کے پیٹرول کی قیمت مارچ کے دوران 2.04 درہم تھی اپریل میں اس کی قیمت 2.23 درہم کردی گئی۔

    متحدہ عرب امارات میں پیٹرول کے نرخ مسلسل دوسرے ماہ بڑھائے گئے، قطر نے مارچ کے مقابلے میں اپریل کے دوران اعلی اور عام پیٹرول نیز ڈیزل کے نرخوں میں 11 فیصد سے زیادہ کا اضافہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ قطر میں اعلی درجے کا ایک لیٹر پیٹرول مارچ کے مقابلے میں 15.6 فیصد مہنگا ہوگا، ایک لیٹر 1.85 قطری ریال میں فروخت ہوگا جبکہ مار چ میں اسکی قیمت 1.60ریال تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق قطر میں ایک لیٹر عام پیٹرول کی قیمت 16.1 فیصد بڑھا دی گئی، مارچ میں ایک لیٹر عام پیٹرول 1.55ریال تھی اب یہ 1.80ریال کردی گئی۔

    سلطنت عمان میں اعلی درجے کے ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت ماہ اپریل کے دوران 214 پیسہ کردی گئی، مارچ میں 209 پیسہ میں ایک لیٹر عمدہ پیٹرول فروخت کیا جارہا تھا، سلطنت عمان میں مارچ کے دوران ایک لیٹر ڈیزل 238 پیسہ میں فروخت ہورہا تھا، اب اسکی قیمت 245پیسہ ہوگئی۔

    دوسری جانب عرب لیگ کے اہم رکن ممالک اور دنیا کا سب سے بڑا تیل کا کنواں رکھنے ملک سعودی عرب، بحرین اور کویت نے تاحال پیٹرولیم مصنوعات میں کسی قسم کے اضافے کا کوئی اعلان نہیں کیا۔

  • آرمی چیف سے عمان کے فضائی کمانڈر کی ملاقات

    آرمی چیف سے عمان کے فضائی کمانڈر کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے عمان کے فضائی کمانڈر ایئر وائس مارشل ماطر علی ماطر العبیدی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی اور پیشہ وارانہ دلچپسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عمان کے فضائی کمانڈر ایئر وائس مارشل ماطر علی ماطر العبیدی نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔ اس دوران ان کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں باہمی اور پیشہ وارانہ دلچپسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمان کے کمانڈر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستانی کوششوں کی تعریف کی۔

    چند روز قبل آذر بائیجان کے وزیر دفاع کرنل ذاکر حسنوف نے بھی جی ایچ کیو کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی تھی۔

    ملاقات میں باہمی تعلقات، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون پر بھی گفتگو کی گئی تھی۔ آذر بائیجان کے وزیر دفاع نے خطے میں قیام امن کی کوششوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف بھی کی تھی۔

  • عمان نے اسرائیل کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا

    عمان نے اسرائیل کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا

    مسقط : سلطان قابوس سے اسرائیلی وزیر اعظم کی ملاقات کے بعد عمان نے غاصب صیہونی اسرائیل ریاست کو تسلیم کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے انتہا پسند وزیر اعظم نیتن یاہو کے جمعے کے روز خلیجی ملک عمان کا خفیہ دورہ کرنے کے بعد ریاست عمان نے اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز بحرین میں جاری سیکیورٹی کانفرنس کے دوران عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ دیگر ریاستوں کی طرح پیش آیا جائے۔

    عمان کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاست اسرائیل مشرق وسطیٰ میں ایک ریاست ہے جس کی حقیقت کو چھپایا نہیں جاسکتا اسی لیے عمان فلسطین اور اسرائیل کے درمیان معاملات حل کروانے کی پیش کش کرتا ہے لیکن بحیثیت ثالث نہیں۔

    یاد رہے کہ جمعے کو اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے عمان کا دورہ کیا تھا جسے تکمیل تک خفیہ رکھا گیا تھا، جس دوران اسرائیلی وزیر اعظم نے عمان کے بادشاہ سلطان قابوس سے طویل ملاقات کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو واحد وزیر اعظم ہیں جنہوں نے 20 برس کے دوران عمان کا دورہ کیا ہے جبکہ اس سے قبل اسرائیل اور عمان کے درمیان سفارت تعلقات بھی منقطع تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ دورہ عمان کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم ہمراہ ان کی اہلیہ، موساد کے سربراہ اور قومی سلامتی کے مشیر بھی موجود تھے۔

    خیال رہے کہ نیتن یاہو کو دورہ عمان کی دعوت سلطان قابوس کی جانب سے دی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ نیتن یاہو سے قبل اسرائیل کے دو وزراء اعظم سنہ 1994 اور 96 میں عمان کا دورہ کرچکے ہیں جس کے بعد عمان میں دونوں ممالک کے تجارتی نمائندوں کے لیے دفاتر کھولے گئے تھے جسے اکتوبر 2000 میں فلسطین کے دوسرے انتفاضہ کے بعد بند کردیا گیا تھا۔