Tag: Oman

  • بالکونیوں پر کپڑے لٹکانے پر ہزاروں ریال جرمانہ عائد

    بالکونیوں پر کپڑے لٹکانے پر ہزاروں ریال جرمانہ عائد

    مسقط: عمان کے دارالحکومت مسقط میں بالکونیوں پر کپڑے لٹکانے پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ہے، خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ اور قید دونوں ہوسکتی ہے۔

    مسقط میونسپلٹی نے شہر کے رہائشیوں کو ایک وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہائشی عمارتوں کی بالکونیوں پر کپڑے لٹکانے والوں کو 50 سے لے کر 5 ہزار عمانی ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    قانون کو نظر انداز کرنے والوں کو 6 ماہ قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

    بدھ کو جاری ہونے والے نوٹیکفیشن کے مطابق میونسپلٹی نے رہائشیوں کو تاکید کی ہے کہ وہ ہرصورت لوکل آرڈر نمبر 92/23 کے آرٹیکل (32) کی پابندی کریں، جو گورنریٹ میں عمارتوں کو بہتر کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

    میونسپلٹی نے اس بات پر زور دیا کہ میونسپل قوانین بالکونیوں میں کپڑے دھونے کو ڈھانپنے والے عناصر کی تنصیب کے بغیر لٹکانے سے منع کرتے ہیں، کپڑوں کو دو عناصر میں سے کسی ایک سے ڈھانپنا ضروری ہے۔

    مشرابیہ یا لکڑی کا جال جس میں سوراخ 1.50 سینٹی میٹر سے زیادہ نہ ہو، یا کنکریٹ کا کھلا کام جس میں سوراخ 7 سینٹی میٹر سے زیادہ نہ ہو اور کم از کم 10 سینٹی میٹر کی گہرائی ہو۔

    میونسپلٹی حکام کا کہنا تھا کہ کسی بھی رہائشی عمارت کو 3 سے زیادہ یونٹوں کے لیے ہر یونٹ کے لیے ایک بالکونی فراہم کرنی چاہیئے، جو یونٹ کے تعمیراتی حالات پر منحصر ہے، اور ان بالکونیوں کو ڈھانپنے کے لیے منظور شدہ مٹیریل سے ڈھانپنا ضروری ہے۔

    مسقط میونسپلٹی کے قانون کے آرٹیکل نمبر 14 کے تحت ان ضوابط کی خلاف ورزی کے نتیجے میں جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    قانون میں واضح لکھا گیا ہے کہ اپنی بالکونیوں پر لانڈری لٹکانے والے رہائشیوں کو 50 ریال سے لے کر 5 ہزار ریال تک جرمانہ یا 24 گھنٹے سے کم اور 6 ماہ سے زیادہ کی قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

    میونسپلٹی نے اس بات پر زور دیا کہ مسقط کے جمالیاتی پہلو کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدامات ضروری ہیں۔

  • عمان میں کچرہ پھیکنے پر 100 ریال جرمانے سے کیسے بچیں؟

    عمان میں کچرہ پھیکنے پر 100 ریال جرمانے سے کیسے بچیں؟

    مسقط: اپنے شان دار قدرتی سیاحتی مقامات کے ساتھ عمان دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے جنت سے کم نہیں ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ عمان میں کچرہ پھیکنے پر 100 ریال جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔

    عمان اپنی مسحور کن قدرتی دل کشی سے سب کو حیران کرتا آ رہا ہے، جنگلی وادی، بلند و بالا پہاڑ، وسیع صحرا، اور پرسکون سمندر غرض کہ سلطنت کا جغرافیہ ہر طرح کے بیرونی شائقین کے لیے کچھ نہ کچھ رکھتا ہے۔

    عمان کا موجودہ موسم خاص طور پر پکنک یا باربی کیو نائٹ کے لیے موزوں ہے، اس موسم میں عمان میں کیمپنگ کے لیے جوق در جوق لوگ چلے آتے ہیں۔

    تاہم، کیمپنگ کرنے والے کچھ بے پروا لوگ قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کے بعد وہاں پلاسٹک کی بوتلیں اور دیگر کوڑا کرکٹ چھوڑ کر چلے جاتے ہیں، جس سے ماحولیات کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔

    قدرتی ماحول میں کوڑا کرکٹ ایک گھمبیر مسئلہ ہے جس کی وجہ سے ہماری آنے والی نسلیں متاثر ہوں گی۔

    عمان میں ان لوگوں کے لیے سخت قوانین ہیں جو ماحول کو خراب کرتے ہیں، پہلی بار قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 100 عمانی ریال جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے اور اگر غلطی دہرائی گئی تو جرمانے میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

    لیکن کیمپنگ کرنے والے افراد اس جرمانے سے کیسے بچیں؟ آپ چند اقدامات کر کے اس سے بچ سکتے ہیں۔

    1: دوبارہ قابل استعمال اشیا ساتھ لیں

    پلاسٹک کی ایسی اشیا جنھیں استعمال کے بعد پھینک دیا جاتا ہے، انھیں استعمال نہ کریں۔ کیچپ کے کئی ساشے استعمال کرنے کی بجائے پلاسٹک کی بوتل استعمال کریں اور یہ بوتل بھی نہ پھینکیں، بلکہ دوبارہ استعمال کے لیے ساتھ لے کر جائیں، پلیٹیں بھی سخت پلاسٹک کی استعمال کریں۔

    2: کفایت شعاری

    زیادہ اشیا یا زیادہ کھانا لے کر نہ چلیں، یا زیادہ کھانا نہ پکائیں، تاکہ بچے ہوئے کھانے کو نہ پھینکنا پڑے۔ آوارہ جانوروں کو کھلانے کے لیے ادھر ادھر چیزیں نہ پھینکیں بلکہ پلیٹ میں ایک جگہ رکھ دیں۔ جگہ چھوڑنے سے قبل اسے کوڑے کرکٹ سے صاف کر کے اٹھیں۔

    3: کچرے کی تھیلی ساتھ رکھیں

    کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے تھیلے ساتھ رکھیں اور بھرنے کے بعد انھیں کوڑے دانوں میں ڈالیں۔

    4: کچرا کم بنائیں

    کچھ آسان اقدامات کر کے کچرے کی پیداوار کم ہو سکتی ہے۔ ٹشو پیپر کی بجائے برتن اور ہاتھ دھونے کے لیے پانی کا کین ساتھ رکھیں۔ ڈسپوزایبل کٹلری کی بجائے دوبارہ استعمال کے قابل کٹلری کا استعمال کریں۔ پانی کی چھوٹی بوتلوں کی جگہ 8 لیٹر کی بوتل ساتھ لیں۔ چٹائی ساتھ رکھیں۔

    اگر آپ سمندر یا وادی کے کنارے کیمپ لگا رہے ہیں، تو آبی ذخائر کو ڈمپنگ گراؤنڈ نہ سمجھیں، کیمپنگ اور پکنک کو تباہی میں بدلتے ہوئے دیکھنا افسوس ناک منظر ہے، ہمیشہ خیال رکھیں اور اپنا پکنک کا کوڑا اٹھائیں۔

  • عمان نے اپنی فضائی حدود تمام ممالک کے لیے کھول دیں

    عمان نے اپنی فضائی حدود تمام ممالک کے لیے کھول دیں

    مسقط: عمان نے اپنی فضائی حدود تمام ممالک کے لیے کھول دیں، عمان کا کہنا ہے کہ وہ تمام ملکی اور بین الاقوامی تقاضے پورے کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سلطنت عمان میں محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا ہے کہ شرائط پوری کرنے والی تمام فضائی کمپنیوں کے لیے عمان کی فضائی حدود کھلی ہوئی ہیں۔

    عمانی محکمہ شہری ہوا بازی نے اپنے ٹویٹر پر کہا ہے کہ وہ معاہدہ شکاگو 1944 کی بنیادی دفعات کا پابند ہے، معاہدے پر عالمی شہری ہوا بازی کی تنظیم ایکاؤ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے والے 193 ممالک اس کی دفعات پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔

    عمانی محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا ہے کہ وہ تمام ملکی اور بین الاقوامی تقاضے پورے کرنے کے لیے پرعزم ہے، مسافر طیاروں کے ساتھ کسی طرح کا کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔

    محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا ہے کہ سلطنت عمان کی فضائی حدود ہماری سرحدیں عبور کرنے کے لیے مقرر ضوابط پوری کرنے والی ہر فضائی کمپنی کے لیے کھلی ہیں۔

  • عمان: شناختی کارڈز کا اجرا عارضی طور پر معطل

    عمان: شناختی کارڈز کا اجرا عارضی طور پر معطل

    مسقط: سلطنت عمان میں میونسپل کاؤنسل کے انتخابات کی وجہ سے 18 اور 25 دسمبر 2022 کو شناختی کارڈ کے اجرا کی سروس عارضی طور پر معطل رہے گی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق رائل عمان پولیس نے اعلان کیا ہے کہ میونسپل کاؤنسلرز کی تیسری مدت کے الیکشن کے دنوں میں شناختی کارڈ جاری کرنے کے عمل کو عارضی طور پر معطل کیا جائے گا۔

    رائل پولیس کا کہنا ہے کہ اس دوران نئے شناختی کارڈ کے اجرا، تجدید یا پرانے کارڈ کی جگہ نئے کارڈ کے اجرا کا عمل معطل رہے گا۔

    رائل پولیس کے مطابق پولنگ کے اوقات کے دوران 18 دسمبر کو سلطنت سے باہر رہنے والے شہریوں کے لیے اور 25 دسمبر کو سلطنت کے اندر موجود شہریوں کے لیے یہ سروس معطل رہے گی۔

  • عرب امارات اور عمان کے درمیان ٹرین سروس کا اعلان

    عرب امارات اور عمان کے درمیان ٹرین سروس کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کے درمیان ریلوے نیٹ ورک کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان نقل و حمل میں تیزی آئے گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کے درمیان طے پانے والے ایک اہم معاہدے میں ایک ریلوے نیٹ ورک کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو دونوں ممالک کو آپس میں جوڑے گا۔

    یو اے ای نیشنل ریل نیٹ ورک کے ڈویلپر اور آپریٹر نے سلطنت عمان ریل کے ساتھ مشترکہ طور پر مساوی ملکیت والی کمپنی قائم کرنے کے لیے ایک معاہدہ کیا ہے، جسے عمان اتحاد ریل کمپنی کہا جائے گا۔

    3 بلین ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کے ساتھ، یہ آنے والا انفراسٹرکچر عمان کی صحار بندرگاہ کو ابو ظہبی سے جوڑ دے گا۔

    303 کلو میٹر پر محیط اس ریلوے میں جدید ترین مسافر ٹرینیں چلائی جائیں گی جو صحار سے ابو ظہبی کے سفر کے وقت کو ایک گھنٹہ 40 منٹ تک کم کر سکتی ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے صحار سے العین تک کا سفر صرف 47 منٹ کا رہ جائے۔

    اس دوران مال بردار ٹرینیں 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ معاہدے پر اتحاد ریل کے سی ای او شادی مالک اور اسیاد گروپ کے سی ای او عبدالرحمن سالم الحاتمی نے دستخط کیے۔

    ابو ظہبی گورنمنٹ میڈیا آفس نے بھی ایک ٹویٹ میں اعلان کیا کہ اس معاہدے کے تحت، نئی کمپنی اس اتحاد ریل منصوبے کے لیے بنیاد اور ورک پلان، بشمول اس کے مالیاتی طریقہ کار اور شیڈول بنائے گی۔

    کمپنی دونوں ممالک کے معیارات کے مطابق ریل نیٹ ورک کے ڈیزائن، ترقی اور آپریشن کو بھی سنبھالے گی جو صحار اور ابو ظہبی کو جوڑتا ہے۔

    ریلوے ٹریک کے ذریعے دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے ساتھ جوڑ کر انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی صنعتوں میں نئے امکانات پیدا ہوں گے۔

  • عمان: شہریوں سے خون کے عطیات دینے کی اپیل

    عمان: شہریوں سے خون کے عطیات دینے کی اپیل

    مسقط: عمان کے ڈپارٹمنٹ آف بلڈ بینک سروسز نے اپیل کی ہے کہ بی نیگیٹو بلڈ گروپ کے افراد خون عطیہ کر کے مریضوں کی جان بچانے میں مدد کریں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ڈپارٹمنٹ آف بلڈ بینک سروسز کی جانب سے کی گئی اپیل میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ عطیہ کردہ خون کی مقدار میں تیزی سے کمی کے باعث بی نیگیٹو بلڈ گروپ رکھنے والے افراد سے درخواست ہے کہ وہ خون عطیہ کریں۔

    یاد رہے کہ بی نیگیٹو کے بلڈ سیلز، بی گروپ اور اے بی گروپ کے تمام افراد کو لگائے جاسکتے ہیں۔

    ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ خون کے عطیات سینٹرل بلڈ بینک اور اس کے ریجنل بینکس میں جمع کروائے جا سکتے ہیں تاکہ مریضوں کو خون کی فراہمی کسی بھی صورت میں رک نہ سکے۔

  • عمان : پینے کے پانی کے معیار پر کمپنی کی وضاحت

    عمان : پینے کے پانی کے معیار پر کمپنی کی وضاحت

    مسقط: عمان کی واٹر اینڈ ویسٹ واٹر سروس کمپنی نے پانی کے معیار کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔

    ٹائمز آف عمان کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ کمپنی کی جانب سے صارفین کو فراہم کیا گیا پانی عمان میں طے کردہ ان معیارات کے عین مطابق ہے، جو کھلے پانی کے لیے طے کیے گئے ہیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کی ماہرین کی ٹیم ایک بار پھر پانی کے معیار کو چیک کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لارہی ہے۔

    علاوہ ازیں کمپنی نے واٹر کنکشن کی فیسیلیٹیز اور گھروں میں پانی چیک کروانے کا بھی یقین دلایا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے صارفین کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ گھروں میں موجود واٹر ٹینک کی بھی وقتاً فوقتاً صفائی کرواتے رہیں۔

  • عمان کے متعدد علاقوں میں بجلی کا بریک ڈاؤن

    عمان کے متعدد علاقوں میں بجلی کا بریک ڈاؤن

    مسقط: عمان کے دارالحکومت مسقط سمیت متعدد صوبوں میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوگئی، حکام بجلی بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق خلیجی ریاست عمان کے دارالحکومت مسقط سمیت متعدد صوبوں میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔

    اتھارٹی آف پنلک سروسز ریگولیشن کا کہنا ہے کہ 4 گھنٹوں میں بجلی مرحلہ وار بحال ہو جائے گی، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے مسقط ایئرپورٹ پر فضائی آپریشنز متاثر ہو سکتے ہیں۔

    حکام نے مزید کہا کہ متعلقہ ٹیم ایئرپورٹ کے علاقے میں بجلی بحالی کی کوشش کر رہی ہے۔

    عمان کی اتھارٹی آف پبلک سروسز نے بجلی کی ترسیل متاثر ہونے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

  • عمان میں تباہ کن بارشیں، متعدد افراد جاں بحق

    عمان میں تباہ کن بارشیں، متعدد افراد جاں بحق

    مشرق وسطیٰ کے ملک عمان کے متعدد علاقوں میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال ہے جس سے انفرااسٹرکچر کو بے تحاشہ نقصان پہنچا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ عمان میں 7 جولائی سے جاری شدید بارشوں کے باعث 16 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 4 افراد لاپتہ ہیں۔

    پولیس کے آپریشنز کے جنرل ڈائریکٹر محمد بن ناصر الکنیدی نے بتایا کہ ملک بھر میں ہونے والی طوفانی بارشوں کی وجہ سے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    اب تک 40 سے زائد افراد کو بچالیا گیا ہے۔

    سیلاب زدہ علاقوں سے نہایت خوفناک تصاویر سامنے آرہی ہیں، موسمیاتی ادارے نے پہاڑی علاقوں میں مزید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

  • خلیجی ملک میں غیر ملکیوں کی ان شعبوں میں بھرتی پر پابندی عائد ہوگی

    خلیجی ملک میں غیر ملکیوں کی ان شعبوں میں بھرتی پر پابندی عائد ہوگی

    مسقط: خلیجی ملک عمان میں غیر ملکیوں کی بھرتی پر پابندی عائد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سلطنت عمان نے 200 سے زائد پیشوں میں غیر ملکیوں کی بھرتی پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    عمان کے وزیر محنت ڈاکٹر مہاد بن سعید باوین نے یہ فیصلہ گزشتہ روز اتوار کو جاری کیا، یہ فیصلہ لیبر قانون پر مبنی ہے، جو شاہی حکم پر جاری کیا گیا۔

    اس فیصلے کے آرٹیکل 1 میں کہا گیا ہے کہ تارکین وطن کو ان کے پیشوں پر مزید کام کرنے سے منع کیا جائے گا تاہم وہ موجودہ ورک پرمٹ کی میعاد ختم ہونے تک کام جاری رکھ سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ 2018 میں وزارت محنت نے تقریباً 10 شعبوں میں پھیلے 87 پیشوں پر غیر ملکیوں کی ملازمتوں پر پابندی عائد کی تھی۔

    اتوار کو سرکاری گزٹ میں شائع شدہ ممنوعہ فہرست میں جن اہم پیشوں کو شامل کیا گیا ہے ان میں انتظامی منیجر، ڈائریکٹر/منیجر آف اسٹاف افیئرز، ہیومن ریسورس منیجر، پبلک ریلیشنز منیجر، سی ای او آفس کے منیجر، ایمپلائمنٹ منیجر، فالو اپ منیجر، اور سیکورٹی شامل ہیں۔

    فیصلے کے پہلے آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی افرادی قوت کو 207 عہدوں پر کام کرنے سے منع کیا گیا ہے جن میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:

    منیجر اور ڈپٹی منیجر، ایچ آر اور بھرتی کے ماہرین، لائبریرین، اسٹور سپروائزر، لائبریرین، پانی اور بجلی کے میٹر ریڈرز، ٹریول ٹکٹ آفیسرز، ڈیلیوری ایجنٹس، سیکیورٹی گارڈز، بس ڈرائیور، پبلک کار ڈرائیور (ٹرانسپورٹ)، شعبہ جات اور ٹریڈ یونینوں کے سربراہ، نفسیات/سماجی ماہرین، قانونی کلرک، اکاؤنٹنٹ، انشورنس، ری انشورنس اور رسک انشورنس کے ماہرین۔

    تیل اور گیس کے لیے پیشہ ورانہ سیفٹی افسر، تعلقات عامہ کے مصنف، ٹورسٹ ریزرویشن کلرک، ٹور گائیڈ، ٹکٹ کلرک، شپنگ سروسز کلرک، فلائٹ آپریشن انسپکٹرز، کار رینٹل کلرک، ٹرانسپورٹ سپروائزر، فریٹ رسک انشورنس، رئیل اسٹیٹ انشورنس، آٹو انشورنس، فیکٹریز انشورنس اور کسٹم کلیئرنس بروکرز۔

    کمرشل کمپلیکس میں سیلز مین، سیلز مین سبزی اور پھل، گروسری، مٹھائی فروش، فریج ٹرکوں کے ڈرائیور، ایمبولینس، فائر ٹرک، پانی کے ٹرک، گیس ٹرک، اسکریپ ٹرک اور تمام گاڑیوں کے ڈرائیور۔