Tag: Oman

  • سائنس وٹیکنالوجی میں عمان نے اہم سنگ میل عبور کر لیا

    سائنس وٹیکنالوجی میں عمان نے اہم سنگ میل عبور کر لیا

    مسقط:عمان نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اہم سنگ میل حاصل کرتے ہوئے مقامی طور پرتیار کردہ لیپ ٹاپ متعارف کرایا ہے، لیپ ٹاپ عربی رسم الخط کو خاص طور پر شامل کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عمان کی وزارت برائے ٹرانسپورٹ ، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم ٹی سی آئی ٹی) نے لیپ ٹاپ کو مقامی میڈیا کے سامنے پیش کیا۔

    جدید لیپ ٹاپ کو (ایم ٹی سی آئی ٹی) کے تعاون سے عمانی نوجوانوں کے ایک گروپ نے تیار کیا، لیپ ٹاپ کا ڈیزائن جدید ترین تقاضوں سے ہم آہنگ ہے،جس میں ہلکے وزن کے ساتھ ساتھ خصوصی طور پر آئی ڈی کارڈ ریڈر کو ون ٹچ کے زریعے ٹیبلٹ ڈیوائس میں تبدیل کرنے کا آپشن شامل کیا گیا ہے.

    اس کے علاوہ 4G ، 3G نیٹ ورک کے ساتھ نینوسم کارڈ کا استعمال بھی اس کے فیچرز میں شامل کیا گیا ہے،لیپ ٹاپ کو العنصر کا نام دیا گیا ہے۔

    یہی نہیں لیپ ٹاپ میں عربی رسم الخط کی تراکیب کو بھی شامل کیا گیا ہے، جوکہ اس لیپ ٹاپ کو مزید جدت فراہم کرتی ہے۔

    عمان کی وزارت برائےانفارمیشن ٹیکنالوجی نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ کمپنی نے دنیا میں پھیلی کورونا وائرس کی وبا کے باعث یہ لیپ ٹاپ بنانے کا فیصلہ کیا، جس کا مقصد عمان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کو کام اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

  • ویزے کی مدت : عمان حکومت نے غیر ملکی کارکنان کو خبردار کردیا

    ویزے کی مدت : عمان حکومت نے غیر ملکی کارکنان کو خبردار کردیا

    مسقط : کورونا وائرس کی وبا سے متعلق سپریم کمیٹی کی ایک پریس کانفرنس میں وزیر صحت بریگیڈیئر سید العاصمی نے کہا ہے کہ وہ کارکنان جن کے ورک ویزوں کی میعاد ختم ہوگئی ہے انہیں سلطنت میں واپس جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    بریگیڈیئر العاصمی نے بتایا کہ فی الحال ویزا کا اجراء معطل ہے اگرچہ خاندان کے افراد کے لئے داخلہ صرف ان لوگوں کے لئے دستیاب ہے جو یہاں قانونی رہائش رکھتے ہیں، انہوں نے شہریوں اور رہائشیوں کو سپریم کمیٹی کے جاری کردہ رہنما اصولوں پر تعاون کرنے شکریہ ادا کیا۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اگرچہ نقل مکانی پر پابندی کی خلاف ورزیوں اور ماسک نہ پہننے پر کچھ مقدمات درج کیے گئے ہیں، کورونا ایس او پیز اور دیھگر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ خود پر عائد جرمانے بروقت ادا کریں۔

    بریگیڈیئر العاصمی نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی اقدام میں ملوث افراد کے نام اور ان کی تصاویر کو عام کردیا جائے گا،
    وزیر صحت نے بتایا کہ عمان میں 3،919 طبی عملہ کورونا وائرس میں متاثر ہوا ہے، ان میں سے بیشتر کمیونٹی انفیکشن کی وجہ سے ہیں۔

  • کیا عمان میں ایک اور لاک ڈاؤن ہونے جا رہا ہے؟

    کیا عمان میں ایک اور لاک ڈاؤن ہونے جا رہا ہے؟

    مسقط: کیا عمان میں ایک اور لاک ڈاؤن ہونے جا رہا ہے؟ اس سلسلے میں عمان کے وزیر صحت کا اہم بیان جاری ہو گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق عمان کے وزیر صحت نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ سے ملک میں شدید اقتصادی اثر پڑے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد السعیدی نے کہا ’مکمل لاک ڈاؤن سے معیشت بری طرح متاثر ہوگی، جب کہ سلطان کی ہدایات ہیں کہ ہر شخص کی زندگی محفوظ بنائی جائے، اس بات سے بالکل قطع نظر کہ دیگر قربانیاں دی جائیں۔‘

    واضح رہے کہ عمان میں کرونا وائرس کیسز کو کم کرنے کے لیے سپریم کمیٹی نے 11 اکتوبر سے 24 اکتوبر تک رات کو ہر قسم کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    عمانی حکومت نے بڑا ریلیف دے دیا

    اس پابندی کے تحت رات 8 بجے سے صبح 5 بجے تک شہریوں کے گھروں سے غیر ضروری طور پر نکلنے پر پابندی ہوگی اور ان کی آمد و رفت کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

    بس اور فیری سروس کے اوقاتِ کار بھی تبدیل کر دیے گئے ہیں، مسقط میں بسیں شام 6 بجے تک آپریٹ ہوں گی جب کہ فیریز 6 بجے تک اپنے مقررہ منازل تک پہنچیں گی۔

  • عمان میں بھی پانچ فی صد ٹیکس عائد

    عمان میں بھی پانچ فی صد ٹیکس عائد

    مسقط: متحدہ عرب امارات اور بحرین کے بعد عمان نے بھی پانچ فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس عائد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سلطنت عمان میں چھ ماہ کے اندر پانچ فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

    اس سلسلے میں عمان کے سلطان کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چھ ماہ کے اندر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کا عمل شروع کیا جائے۔

    حکام کے حوالے سے عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا قانون زیادہ تر اشیا اور خدمات پر نافذ کیا جائے گا تاہم کچھ پر استثنٰی بھی ہے، اس کے لیے فوجداری قانون کی کچھ دفعات میں ترمیم کی گئی ہے جب کہ ایک نیا قانون بھی جاری کیا گیا ہے۔

    عمان کی حکومت نے کہا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ سے روزمرہ کے اخراجات پر زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔ اس کے تحت تمباکو اور اس کی مصنوعات پر سو فی صد ٹیکس لاگو کیا جائے گا جب کہ سوفٹ ڈرنکس پر ان کی قیمت خرید کی بنیاد پر پچاس فی صد ٹیکس لگے گا۔

    خیال رہے کہ سطلنت عمان نے 2018 میں پانچ فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس لگانے کا ارادہ کیا تھا تاہم پھر اسے 2020 تک کے لیے مؤخرکر دیا گیا تھا، یہ ٹیکس قانون خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کے درمیان وسیع تر معاہدے کا حصہ ہے۔

    اس سے قبل متحدہ عرب امارات اور بحرین پہلے ہی پانچ فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا قانون نافذ کر چکے ہیں۔

  • عمان نے 8 سال بعد شام میں اپنا سفیر دوبارہ مقرر کردیا

    عمان نے 8 سال بعد شام میں اپنا سفیر دوبارہ مقرر کردیا

    مسقط : امریکا اور دیگر خلیجی ریاستوں کے غیر معمولی دباؤ کے باوجود عمان نے 8 سال بعد شام میں اپنا سفیر تعینات کردیا،جس کے بعد عمان شام میں اپنا سفیر بحال کرنے والی پہلی خلیجی ریاست بن گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عمان نے شام میں اپنا سفیر دوبارہ مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ سال2012ء میں دمشق میں قائم خلیجی سفارتی مشن کے دفاتر پر حکومتی حملوں کے بعد تمام خلیجی ممالک نے اپنے سفارتی مشن احتجاجاً بند کر دیے تھے۔

    اس طرح 2012ء سے شامی دارالحکومت دمشق میں اپنے سفارتی مشن بند کر دینے والی خلیجی ریاستوں میں عمان پہلی ریاست ہے جس نے 8سال بعد اپنا سفیر دوبارہ متعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ عمان ان چند خلیجی عرب ریاستوں میں سے ایک ہے جس نے 2011 ء کی بغاوت کے بعد اور امریکا اور دیگر خلیجی ریاستوں کے غیر معمولی دباؤ کے باوجود صدر بشارالاسد کی حکومت کے ساتھ تعلقات قائم کر رکھے ہیں۔

    اتوار کو شامی وزیر خارجہ نے عمان کے سفیر ترک بن محمود البوسعیدی کی اسناد قبول کرتے ہوئے انہیں آئندہ مارچ سے شاہی فرمان کے ساتھ عمان کے سفیر کے طور پر دمشق میں ان کی تعیناتی کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔

  • عمان: کچرا پھینکنے والے سیاحوں کا برا انجام

    عمان: کچرا پھینکنے والے سیاحوں کا برا انجام

    مسقط: سلطنت عمان میں سیاحتی مقامات پر کچرا پھینکنے کا انجام بہت برا بھی ہو سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمان میں انوائرنمنٹ اتھارٹی نے ایسے چند سیاحوں کو گرفتار کر لیا ہے جنھوں نے جزائر دیمانیات میں کچرا پھینک کر چھوڑ دیا تھا۔

    ماحولیاتی حکام کی جانب سے آن لائن جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاحوں کے ایک گروپ نے جزائر دیمانیات میں غیر قانونی طور پر کیمپنگ کی اور کچرا چھوڑا، جس پر انھیں گرفتار کرنا پڑا۔

    بیان میں کہا گیا کہ ’نقصان پہنچانے والوں کے ہاتھوں سے ماحولیات اور فطری مظاہر کے تحفظ کے لیے اتھارٹی کی طرف سے مسلسل کوششیں جاری ہیں، انھی کوششوں کے تحت البطینہ میں ماحولیات کے محکمے نے چند سیاحوں کو گرفتار کر لیا ہے جنھوں نے جزائر دیمانیات کے نیچر ریزرو میں بغیر اجازت کے کیمپنگ کی تھی۔‘

    بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں نے سائٹ پر کچرا بھی چھوڑا، جسے اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے لیے ماہرین کی ضرورت پڑتی ہے، تاکہ سیاحتی مقام کو صاف رکھا جا سکے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم سب سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جزائر دیمانیات کے سیاحتی مقام کے حوالے سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عمل کریں اور یہاں کی فطرت کے حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے ریزرو کے وزٹ کے دوران ان کی پابندی کریں۔‘

  • اردن میں پارلیمنٹ تحلیل، 90دن میں انتخابات کرانے کا اعلان

    اردن میں پارلیمنٹ تحلیل، 90دن میں انتخابات کرانے کا اعلان

    عمان : اردن کے شاہ عبداللہ نے اتوار کو پارلیمنٹ تحلیل کرتے ہوئے پارلیمانی انتخابات کرانے کا بھی اعلان کردیا، حکومت ایک ہفتے کے اندر مستعفی ہوجائے گی، ہانی الملقی کو وزیر اعظم مقرر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اُردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے اپنے خصوصی شاہی اختیارات استعمال کرتے ہوئے پارلیمنٹ تحلیل کر دی اور رواں سال کے اختتام تک نئے آئین کے تحت پارلیمانی انتخابات کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی اور اردنی خبررساں ادارے کے مطابق اردنی حکام کا کہنا ہے کہ آئینی قوانین کے تحت پارلیمنٹ کی تحلیل کے بعد
    حکومت کو ایک ہفتے کے اندر مستعفی ہوجانا چاہیے اس سے نومبر میں انتخابات کی راہ ہموار ہوگی۔

    اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم نے اس اقدام کے بعد ہانی الملقی کو وزیر اعظم مقرر کیا ہے، اردن کے نئے وزیر اعظم کو نئی کابینہ کی تشکیل اور جلد انتخابات منعقد کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

    وزیر اعظم کے عہدے سے عبداللہ النسور کا استعفی اور نئے وزیر اعظم کی تقرری اردن میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد ہوئی ہے۔

    اردن کے عوام کئی بار بالخصوص نماز جمعہ کے بعد حکومت کے خلاف مظاہرے کرکے بدعنوانی سے جدوجہد اور اصلاحات کی حمایت اور سیاسی قیدیوں کی آزادی کے لئے مظاہرے کرچکے ہیں۔

    امسال جولائی میں اردنی پارلیمنٹ نے ریاست کے آئین میں ترمیم کی تھی، ترمیم کے بعد پارلیمنٹ کی مزید 27 نشستوں کو مختلف سیاسی جماعتوں کے لیے ‘اوپن’ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم دینی سیاسی جماعتوں نے اس ترمیم کو حقیقی اصلاحات کے بجائے محض نمائشی ترمیم قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔

    یاد رہے کہ اردن کی پارلیمنٹ میں سابقہ آئین کے برعکس 120 کے بجائے 150 نشستیں ہوں گی، جن میں خواتین کے لیے پندرہ نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔ 108 نشستوں پر انتخابات غیر جماعتی بنیاد پر ہوں گے۔

    اردن میں الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹ کے مدت ختم ہونے پر 29 جولائی میں بیان جاری کرکے کہا تھا کہ 10 نومبر کو اردن میں پارلیمانی انتخابات ہوں گے۔

  • عمان میں نیا قانون نافذ، خلاف ورزی پر جیل

    عمان میں نیا قانون نافذ، خلاف ورزی پر جیل

    مسقط : خلیجی ریاست عمان میں حکام کے مطابق شاپنگ مالز میں خریداروں کو اخلاقیات کی پاسداری نہ کرنے کی صورت میںجرمانوں اور قید کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    قومی اخبار دی ٹائمز آف عمان کے مطابق اپنے کندھے، گھٹنے اور سینہ کو مناسب طریقے سے نہ ڈھانپنے والے مرد اور خواتین کو 780 ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے اور تین ماہ کی قید ہو سکتی ہے۔

     عمان حکومت کی جانب سےدکانوں اور مالز میں اخلاقیات کی پاسداری نہ کیے جانے کی شکایات پر یہ قواعد و ضوابط تجویز کیے گئے ہیں جن پر عمل کرنا ہر شہری پر لازمی ہوگا ۔

    مسقط میں میونسپل کونسل کے پبلک افیئرز کمیٹی کے چیئرمین قیس بن محمد المعشاری کے مطابق لباس سے متعلق تفصیل بیان نہیں کی گئی لیکن اس میں جسم کندھوں سے گھٹنوں کے نیچے تک ڈھانپنا ضروری ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ لوگوں کا لباس ایسا ہونا چاہیے جو ان کے جسم کو موزوں طور پر ڈھانپے، لباس میں سے جسم نظر نہ آئے اور اس پر کوئی غیرموزوں نقش اورعکس نہ بنے ہوں۔

    چیئرمین قیس بن محمد المعشاری نے یہ واضح کیا کہ نقاب اوڑھنا لازمی نہیں کیونکہ مذہبی رواداری اور سیاحت کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔

    ان تجاویز پر میونسپل کونسل کی جانب سے اگلے مہینے بحث ہوگی اور رائل کورٹ کی وزارت سے منظوری کے بعد اس پر عملدرآمد ہوگا۔

  • عمان میں 200 سے زائد نئی ملازمتوں کا معاہدہ طے پاگیا

    عمان میں 200 سے زائد نئی ملازمتوں کا معاہدہ طے پاگیا

    مسقط: سلطنت عمان کی حکومت اور ایک نجی ادارے کے درمیان مقامی افراد کے لیے سینکڑوں اسپیشلائزڈ اور ٹیکنیکل ملازمتیں فراہم کرنے کا معاہدہ طے پاگیا۔

    ٹائمز آف عمان کے مطابق عمان کی وزارت افرادی قوت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت عمان اور ایک نجی ادارے کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت مقامی شہریوں کو 241 اسپیشلائزڈ اور ٹیکنیکل ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان ملاقاتوں میں عمانائزیشن اور غیر ملکی شہریوں کی جگہ مقامی شہریوں کو ملازمتیں دینے کی حکمت عملی زیر بحث آئی۔

    علاوہ ازیں دونوں کے درمیان مستقبل میں تعاون اور باہمی اشتراک جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان معاہدوں کا مقصد مقامی شہریوں کو تکنیکی شعبوں میں ملازمت دینا اور ان کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ حکومت عمان نے رواں برس عمانائزیشن کرنے یعنی غیر ملکیوں کی جگہ مقامی شہریوں کو ملازمتیں دینے کی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔

    حکام کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا جارہا ہے تاکہ عمانی شہری بھی سلطنت کی بہبود و ترقی میں حصہ لے سکیں۔

    وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ایک آڈٹ رپورٹ سے علم ہوا ہے کہ سلطنت عمان میں غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد اہم شعبوں میں سربراہی اور قائدانہ پوزیشنز پر موجود ہے، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے عمانی شہریوں کی استعداد بڑھانا اور انہیں آگے لانا ضروری ہے۔

  • عمان پہنچنے والوں کے لیے سخت ہدایات جاری

    عمان پہنچنے والوں کے لیے سخت ہدایات جاری

    مسقط: عمان نے یکم اکتوبر2020 سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اس حوالے سے عمان آنے والوں کے لیے تفصیلی ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔

    ٹائمز آف عمان کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ عمان پہنچنے والے تمام مسافروں کے پاس ہیلتھ انشورنس لازمی ہونی چاہیئے جس میں کم از کم 30 دن تک کے لیے کوویڈ 19 اور دوسری بیماریوں کے علاج کے اخراجات شامل ہوں۔

    عمان پہنچنے والے اور عمان سے سفر کے لیے جانے والے تمام مسافروں کا درجہ حرارت ایئرپورٹ پر چیک کیا جائے گا اور جن افراد میں کرونا وائرس کی علامات ہوں گی انہیں مزید چیک کیا جائے گا۔

    عمان پہنچنے والے تمام مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ ہوگا جس کا رزلٹ آنے میں 1 سے 7 روز لگیں گے، اس دوران مسافروں کو 14 دن کے لیے قرنطینہ میں بھی رہنا ہوگا۔

    قرنطینہ کے دوران مسافروں کو ایک الیکٹرانک رسٹ بینڈ پہننا ہوگا تاکہ حکام ان کے محل وقوع کے بارے میں آگاہ رہیں۔

    غیر ملکیوں کو عمان میں قیام کے دوران اپنی رہائش کے بارے میں دستاویزات حکام کو دینی ہوں گی، علاوہ ازیں 14 روزہ قرنطینہ کی، جو کسی سرکاری ادارے میں ہوگا، ادائیگی بھی کرنی ہوگی۔

    عمان پہنچنے والوں کو کوویڈ مانیٹرنگ موبائل ایپ پر خود کو رجسٹر کروانا ہوگا۔

    عمان پہنچنے والا فضائی عملہ 14 روزہ قرنطینہ کی شرط سے مستثنیٰ ہوگا تاہم انہیں دیگر احتیاطی تدابیر کی سختی سے پابندی کرنی ہوگی۔

    عمان پہنچنے والے غیر ملکی سفارت کار اپنے گھر میں 14 روزہ قرنطینہ گزار سکتے ہیں۔

    سیکیورٹی چیک پوسٹس پر رش سے بچنے کے لیے مسافروں کو صرف ایک ہینڈ بیگ اور ایک ڈیوٹی فری بیگ لانے کی اجازت دی گئی ہے۔

    عمان سے سفر کرنے والوں کو 3 سے 4 گھنٹے پہلے ایئر پورٹ پہنچنا ہوگا، کرونا وائرس کی علامات رکھنے والوں کو ایئر پورٹ کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    عمان کے ایئر پورٹس پر صرف سفر کرنے والے افراد کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی، ان کے ساتھ دیگر افراد کا رخصت کرنے کے لیے آنا ممنوع ہوگا۔

    ایئر پورٹ میں داخلے کے وقت اور طیارے میں سفر کے دوران تمام وقت صحیح طریقے سے ماسک پہنے رکھنا ضروری ہوگا، تاہم سیکیورٹی اسٹاف کے کہنے پر یا پاسپورٹ ڈیسک کی ضرورت کے مطابق ماسک اتارا جاسکتا ہے۔

    ایئرپورٹ پر کسی بھی قسم کی ادائیگی کے لیے الیکٹرانک ذرائع استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پھلاؤ کو روکنے کے لیے تمام مسافروں کو حفاظتی اقدامات لازمی اپنانے ہوں گے۔