Tag: Oman

  • حکومت عمان نے بین الاقوامی پروازیں کھولنے کا اعلان کردیا

    حکومت عمان نے بین الاقوامی پروازیں کھولنے کا اعلان کردیا

    مسقط : سلطنت عمان نے یکم اکتوبر2020 سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مذکورہ پروازیں مرحلہ وار بحال کی جائیں گی۔

    عمانی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کی نگراں اعلیٰ کمیٹی نے اجلاس میں یکم اکتوبر سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے طے کیا گیا ہے کہ پروازیں مرحلہ وار بحال کی جائیں گی۔ ان کی شروعات ایسے اسٹیشنوں سے کی جائے گی جہاں کورونا وبا کے مسائل قابو میں ہوں گے۔ علاوہ ازیں دیگر فضائی کمپنیوں کے ساتھ دو طرفہ معاہدے بھی کیے جائیں گے۔

    عمان میں کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی تدبیر کے طور پر بین الاقوامی پروازیں معطل تھیں۔ عمانی حکام نے حالات کا جائزہ لے کر پروازوں کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ سلطنت عمان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے262 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، متاثرین کی تعداد بڑھ کر 87 ہزار72ہوگئی جبکہ اب تک 82 ہزار 406 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : عمان میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے متعلق بڑا اعلان

    یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عمان حکومت نے مارچ میں بین الاقوامی پروازیں معطل کردی تھیں۔

  • عمان : اب فضاؤں میں بے شمار ڈرون اُڑتے ہوئے نظر آئیں گے

    عمان : اب فضاؤں میں بے شمار ڈرون اُڑتے ہوئے نظر آئیں گے

    مسقط : سلطنت عمان میں محکمہ شہری ہوابازی نے ڈرون اڑانے کی اجازت دی ہے، اس حوالے سے قواعد و ضوابط جاری کردیے گئے۔

    عمانی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو لوگ ریموٹ کنٹرول سے ڈرون اڑانا چاہیں گے انہیں اس کی اجازت ہوگی۔ پلیٹ فارم، آلات کے ذریعے بھی ڈرون اڑانا ممکن ہوگا جبکہ خود کار سسٹم سے چلنے والے ڈرونز بھی مصنوعی ذہانت کی مدد سے اڑائے جاسکیں گے۔

    عمانی محکمہ شہری ہوابازی کے مطابق ڈرونز تصویر کشی، فضائی جائزے، دواؤں کے چھڑکاؤ، سازوسامان کی منتقلی، لاپتہ افراد

    کی تلاش اور امدادی عمل کے لیے چلائے جاسکیں گے۔

    بیا ن میں م،زید کہا گیا کہ محکمہ شہری ہوابازی کی منظوری کے بغیر ڈرونز درآمد کیے جاسکیں گے اور نہ ہی انہیں اندرون ملک تیار کیا جاسکے گا۔ ان کے فاضل پرزے بھی باہر سے نہیں منگوائے جاسکیں گے۔ اس کے لیے پہلے سے محکمہ شہری ہوابازی اور محکمہ کسٹم سے رجوع کرنا ہوگا۔

    محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ اس پابندی سے فوجی و سیکیورٹی ادارے مستثنی ہوں گے۔ علاوہ ازیں بند عمارتوں میں اندرونی استعمال والے ڈرونز اور بچوں کے کھلونوں والے ایسے ڈرونز بھی مستثنی ہوں گے جن کا وزن 250 گرام سے زیادہ نہ ہو اور جو زمین سے سو میٹر سے زیادہ اونچے نہ ہوں۔

  • کورونا وائرس : عمان میں کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے نیا منصوبہ

    کورونا وائرس : عمان میں کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے نیا منصوبہ

    مسقط : حکومت عمان نے ملازم پیشہ افراد کیلئے کورونا وائرس سے ہونے والی مالی مشکلات کے تدارک کیلئے منصوبہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔

    مجلس الشوریٰ کی یوتھ اینڈ ہیومن ریسورس کمیٹی کے سربراہ یونس بن علی المندھاری نے کہا ہے کہ وبائی امراض، تیل کی کم قیمتوں اور مزدوروں پر اس کے نتیجے میں ہونے والے اثرات کے سبب قوانین میں تبدیلیوں کی اشد ضرورت ہے۔

    ان کارکنوں کے مناسب معاوضے جو کوویڈ19 کے معاشی اثرات کی وجہ سے ختم کردیئے گئے ہیں اور ملازمت پیشہ حاملہ خواتین کی چھٹیوں سے متعلق لیبر قوانین میں تبدیلیاں کی جانی چاہئیں۔

    کمیٹی کے سربراہ یونس بن علی المندھری نے مزید کہا کہ ان حالات میں کارکنوں اور آجروں کو بہت ساری پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے باعث بہت سارے مسائل جنم لے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے اس مسئلے کو حل فراہم کرنے کے لئے متعلقہ حکام سے تبادلہ خیال کیا ہے اور گزشتہ مہینے میں ہم نے یہ رپورٹ مجلس الشوریٰ کو پیش کی جس نے اس کی منظوری فراہم کی اور اس کو مطلوبہ سفارشات کے ساتھ وزراء کونسل کو ارسال کریں گے۔

    2014میں نئے مزدور قانون کا ایک مسودہ وزراء کونسل کو پیش کیا گیا جس کی تشکیل میں تین جماعتوں نے شرکت کی، وزارت افرادی قوت ، کارکنان اور کمپنیاں، عمانی لیبر یونین اور بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن بھی اس کی تدوین میں شامل تھیں۔

  • عمان : منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 6 غیر ملکی گرفتار

    عمان : منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 6 غیر ملکی گرفتار

    مسقط : عمان پولیس نے سمندر کے راستے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، چھ غیر ملکی ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔

    رائل عمان پولیس (آر او پی) کے مطابق آر او پی کے مطابق چھ غیر ملکی افراد کو نشہ آور منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    آر او پی نے ایک بیان میں مزید کہا ہے کہ ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے چار ملزمان سے 50.64 کلو گرام کرسٹل منشیات،26.132 کلوگرام چرس اور مورفین برآمد ہوئی ہے، جسے ملزمان قریائت کے ساحلی علاقے سلطانی میں اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک اور کارروائی میں محکمہ برائے منشیات نے ڈوفر گورنریٹ پولیس کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے افریقہ سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان کو 12 بیگ چرس، کیپٹن کی4،400 گولیاں اور مورفین کے پانچ ڈبوں سمیت گرفتار کیا۔

    عمان پولیس نے شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لئے زیادہ سے زیادہ تعاون کریں اور اس قسم کی واردات کی اطلاع اینٹی نارکوٹکس عملے کو جنرل ایڈمنسٹریشن کے ٹول فری نمبر پر دیں یا قریب ترین پولیس اسٹیشن کو مطلع کریں۔

  • عمان: بجلی کے بل زیادہ آنے کی شکایات پر حکام کا نوٹس

    عمان: بجلی کے بل زیادہ آنے کی شکایات پر حکام کا نوٹس

    مسقط: عمان میں اتھارٹی فار پبلک سروس ریگولیشن نے بجلی کا بل زیادہ آنے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے صارفین کے لیے تسلی بخش اقدامات کرنا شروع کردیے ہیں۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اتھارٹی فار پبلک سروس ریگولیشن نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بجلی کے زیادہ بلوں کے حوالے سے وضاحت جاری کی گئی ہے۔

    آن لائن جاری کیے گئے بیان کے مطابق اتھارٹی سوشل میڈیا پر وائرل ان پوسٹس کے بارے میں آگاہ ہے جن میں کئی صارفین نے بجلی کے زیادہ بلوں کی شکایت کی ہے۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام صارفین کی شکایات کا نوٹس لے کر ان پر اقدامات کیے جارہے ہیں، ان شکایات کے حل میں کچھ وقت لگ سکتا ہے کیونکہ اتھارٹی اپنے طریقہ کار کے مطابق کام کرے گی۔

    اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان شکایات کے حوالے سے بجلی فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا ہے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام شکایت کنندگان کی شکایات کا جائزہ لیں۔

    علاوہ ازیں خود اتھارٹی بھی ان بلوں کا جائزہ لے رہی ہے جو شکایت کنندگان نے اپنی شکایات کے ساتھ جمع کروائے ہیں۔

    بجلی کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ شکایت حل ہونے تک کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کی جائے جیسے بجلی جمع نہ کروانے کے سبب صارف کی بجلی منقطع کرنا، اس حوالے سے صارف کے لیے تمام تسلی بخش اقدامات کیے جائیں۔

  • عمان میں لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا

    عمان میں لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا

    مسقط: عمان میں کرونا وائرس کا لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا تاہم عوام کو رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک غیر ضروری سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

    عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سطلنت عمان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر سے بالترتیب لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا ہے۔

    کرونا وائرس کے باعث عمان میں لگائی گئی حفاظتی پابندیاں آہستہ آہستہ ختم کی گئی ہیں تاکہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا ہوں۔

    ملک کی سپریم کمیٹی کے احکامات کے مطابق ظفار صوبے پر اس کا اطلاق تاحال نہیں ہو سکا اور تاحکم ثانی اس علاقے میں لاک ڈاؤن برقرار رہے گا۔

    8 اگست سے شروع ہونے والے لاک ڈاؤن کے خاتمے کے باوجود رات کی پابندیاں تقریباً ایک ہفتے تک مزید جاری رہیں گی، عوام کو رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک غیر ضروری سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

    حکومتی کمیٹی کے مطابق بحیرہ عرب کے بارے میں موسم کی اطلاعات پر بھی عمل کیا جائے گا، چند صوبوں پر موسمی حالات کے اثر انداز ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

  • عمان کا کرونا ویکسین کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    عمان کا کرونا ویکسین کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    مسقط : سلطنت عمان نئے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے بنائی گئی ویکسین کی سات لاکھ خوراکیں حاصل کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

    یہ بات عمان کے وزیر صحت احمد احمد السیدی نے میڈیا کو گزشتہ روز بتائی، ان کا کہنا تھا کہ سلطنت عمان کوویڈ 19 ویکسین کی 700،000 خوراکیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    عمان کی مقامی نیوز ایجنسی کو جاری کردہ ایک بیان میں آل سعیدی نے کہا کہ وزارت صحت اور عالمی اتحاد برائے ویکسین اور حفاظتی ٹیکوں کی نمائندگی کرنے والی تنظیم اور سلطنت کے مابین مستقل ہم آہنگی پائی جاتی ہے لہذا جیسے ہی کورونا وائرس ویکسین تیار ہوگی اس کی700،000خوراکیں وصول کی جاسکیں گی۔

    عمان کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین کی حفاظتی اور تاثیر کی تصدیق کے بعد ہی ویکسین تک رسائی کو محفوظ بنانے کے لئے وزارت نے متعدد پہلوؤں پر مختلف کوششیں کی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سلطنت عمان اس ویکسین سے متعلق تحقیق کی تیاری میں حصہ لینے کی کوشش کر رہی ہے ، جو اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس کی تیاری کے بعد ملک میں اس کی طلب میں اضافہ ہوگا۔

  • عمان: عید الاضحیٰ کے دوران کرفیو کا اعلان

    عمان: عید الاضحیٰ کے دوران کرفیو کا اعلان

    مسقط: عمان میں عید الاضحیٰ کے باعث 15 روز کے کرفیو اور لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے، تمام شہروں میں شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو ہوگا۔

    عمان کی نیوز ایجنسی کے مطابق سلطنت عمان میں عید الاضحیٰ کے دوران 25 جولائی سے 8 اگست تک شہروں کے درمیان سفر پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مذکورہ مدت کے دوران تمام کمشنریوں اور شہروں کو مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا، تمام شہروں میں شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو ہوگا۔ اس دوران تمام کاروباری و عوامی مراکز بند رہیں گے۔

    خیال رہے کہ عمان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 سو 58 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 69 ہزار 887 ہوگئی ہے جبکہ 337 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    کرونا وائرس کے باعث دارالحکومت مسقط سمیت ظفار، دقم اور دیگر سیاحتی علاقوں کو بند کردیا گیا تھا تاہم بعد میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا۔ دیگر خلیجی ممالک کی طرح عمان نے بھی اپنی بری، بحری اور فضائی حدود بند کر رکھی ہیں۔

  • عمان کا ویزہ رکھنے والے افراد کے لیے خوشخبری

    عمان کا ویزہ رکھنے والے افراد کے لیے خوشخبری

    مسقط: عمان کی حکومت نے عمان کا ویزہ رکھنے والے غیر ملکی افراد کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے افراد کو واپسی کے لیے انٹری پرمٹ جاری کیا جائے گا۔

    عمان کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ افراد جو عمانی ویزہ ہولڈر ہیں لیکن کرونا وائرس کے باعث سفری پابندیوں کی وجہ سے دیگر ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں، ایسے افراد واپس عمان آسکتے ہیں۔

    ان افراد کو انٹری پرمٹ کے لیے اپلائی کرنا ہوگا جس کے اجرا کے بعد وہ عمان واپس لوٹ سکیں گے۔

    عمان کے سرکاری ذرائع کے مطابق جو لوگ عمان واپسی چاہتے ہیں وہ منسٹری آف فارن افیئرز کے قونصلر ڈپارٹمنٹ کو ای میل بھیجیں گے، اس ای میل میں درخواست گزار کی جانب سے اپنا رہائش اسٹیٹس اور عمان فوری واپسی کی ٹھوس وجوہات درج کرنی ہوں گی، علاوہ ازیں موجودہ صورتحال کی وجہ سے پیش آنے والی ذاتی، سماجی اور مالی مشکلات کے بارے میں بھی بتانا ہوگا۔

    درخواست کی منظوری کی صورت میں مذکورہ شخص کو عمان واپسی کی اجازت دے دی جائے گی، عمانی ویزہ ہولڈرز کی واپسی کے لیے ان کے ممالک میں خصوصی پروازیں روانہ کی جائیں گی۔

    دوسری جانب عمان میں واقع پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمان میں واپسی کے لیے انٹری پرمٹ دینے کا اختیار صرف عمانی حکومت کو ہے۔ عمان واپس جانے کے خواہش مند کمپنی مالکان اور کاروباری حضرات عمانی حکومت کی دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔

    سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی ایمبسی کسی عمانی ویزہ ہولڈر کو انٹری پرمٹ جانے کرنے کی مجاز نہیں ہے۔ پاکستان میں موجود عمانی سفارت خانہ بھی واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کی ای میل اور ٹیلی فون سروس کے ذریعے رہنمائی کر رہا ہے۔

    ادھر عمان واپسی کے حوالے سے سلام ایئر کا کہنا ہے کہ بھارت، پاکستان اور مصر سے جو افراد عمان واپس آنا چاہ رہے ہیں اور انہیں عمانی وزارت خارجہ کی جانب سے واپسی کی اجازت مل گئی ہے، ایئر لائن ان کے لیے سفری سہولت فراہم کر رہی ہے۔

    ایئر لائن کا کہنا ہے کہ خواہش مند حضرات ایئر لائن کے کال سینٹر پر رابطہ کر کے ٹکٹ کی بکنگ سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

  • عمان حکومت کا عوام کی سہولت کیلئے اہم اقدام

    عمان حکومت کا عوام کی سہولت کیلئے اہم اقدام

    مسقط : عمان حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے بیرونی سفر پر پابندی ختم کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تاہم تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہونگی۔

    تفصیلات کے مطابق  سلطنت عمان نے اپنے شہریوں کو بیرون ملک سفر کی مشروط اجازت د ی ہے، عمانی خبر رساں ادارے کے مطابق سلطنت عمان کے حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ ضوابط کی پابندی کی صورت میں مقامی شہریوں کو فضائی راستے سے بیرون ملک جانے کی اجازت ہوگی۔

    سفر کی صورت میں مستقبل میں جاری ہونے والے حفاظتی ضوابط کی پابندی کا اقرار نامہ بھی جمع کرانا ہوگا۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے اعلی کمیٹی کا مسقط میں منگل کو اجلاس ہوا۔

    کمیٹی کے ارکان نے عمانی خاندانوں میں کورونا وائرس سے متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافے کے اسباب کا بھی جائزہ لیا۔ سلطنت عمان کی اعلی کمیٹی نے وائرس سے متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام شہریوں اور غیرملکیوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں۔

    اعلی کمیٹی کو بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد ظفار اور مسیرا صوبوں میں زیادہ ریکارڈ کی گئی ہیں۔ عمانی حکام نے دونوں علاقوں میں تاہدایت ثانی لاک ڈاؤن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ منگل کو عمان میں مہلک وائرس سے مزید 14 افراد ہلاک ہوگئے جس سے وہاں ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 273تک پہنچ گئی۔ عمانی وزارت صحت نے بتایا کہ کورونا کے 1389 نئے مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے جس سے ملک میں متاثرین کی کل تعداد 59ہزار568 تک پہنچ گئی۔

    متاثرین میں سے 1050 کا تعلق عمانی شہریوں اور 339 کا تعلق غیرملکیوں سے ہے۔ عمان میں اب تک 37 ہزار987 افراد وائرس سے شفایاب ہوچکے ہیں۔