Tag: on Air

  • سرد موسم سے بیزار رپورٹر نے آن اسکرین جلی کٹی سنا ڈالیں

    شدید سرد موسم اور برف باری کے دوران ہر شخص اپنے گھر میں رہ کر حرارت سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہے، لیکن کچھ ملازم ایسے ہوتے ہیں جنہیں مجبوراً اس موسم میں باہر نکل کر کام کرنا پڑتا ہے۔

    ایسی ہی صورتحال ایک امریکی اسپورٹس رپورٹر کو پیش آئی جسے مجبوراً موسم کی صورتحال بتانے کے لیے باہر جانا پڑا اور ایسے میں وہ اپنی خفگی چھپا نہیں سکا اور آن اسکرین ہی گلے شکوے کر ڈالے۔

    مارک ووڈلے نامی صحافی امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے ذیلی ادارے کے ڈبلیو ڈبلیو ایل سے بطور اسپورٹس رپورٹر وابستہ ہیں، لیکن سرد موسم اور برفباری کی وجہ سے کھیلوں کی تمام سرگرمیاں منسوخ کردی گئیں جس کے بعد مارک کو ان کے دفتر کی جانب سے باہر جا کر موسم کی صورتحال پر رپورٹنگ کرنے کے لیے کہا گیا۔

    ایسے میں ان کی بیزار کن اور طنزیہ رپورٹنگ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    وائرل ویڈیو میں جب اسٹوڈیو میں بیٹھا اینکر مارک سے موسم کی صورتحال پوچھتا ہے تو مارک جلی کٹی سنانا شروع کردیتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ میں اپنے معمول کے وقت سے 5 گھنٹے پہلے جاگ گیا ہوں اور یخ بستہ ہوا اور برفباری میں باہر کھڑا ہوا ہوں اور لوگوں کو یہ بتا رہا ہوں کہ وہ باہر نہ نکلیں۔

    مارک نے اپنی بیزاری اور ناراضگی چھپانے کی ذرا بھی کوشش نہیں کی اور کہا کہ میں اسپورٹس رپورٹر ہوں لیکن سب کچھ منسوخ ہوچکا ہے اس لیے مجھے باہر نکلنا پڑا۔

    ایک اور جگہ وہ کہتے ہیں کہ میں عموماً شام کے وقت اندر بیٹھ کر نصف گھنٹے کا پروگرام کرنے کا عادی ہوں لیکن اب باہر نکل کر مجھے طویل وقت تک رپورٹنگ کرنی ہے لہٰذا اب میری بدمزاجی میں اضافہ ہوتا پائیں گے۔

    ایک اور موقع پر جب اینکر ان سے دوبارہ موسم کی صورتحال پوچھتا ہے تو وہ کہتے ہیں، بالکل ویسا ہی جیسے 8 منٹ پہلے تھا۔

    بعد ازاں مارک نے کہا کہ ایسا ہر سال ہوتا ہے جب سرد موسم آتا ہے اور سب کچھ بند ہوجاتا ہے تو انہیں موسم کی رپورٹنگ کے لیے باہر جانا پڑتا ہے، رپورٹنگ کے دوران ان کا انداز فطری ہے اور وہ درحقیقت اسی مزاج کے ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں پچھلی شب 3 بجے علم ہوا کہ انہیں جلدی جانا ہے اور باہر نکل کر رپورٹنگ کرنی ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی نیند بھی پوری نہیں کرسکے تھے۔

    مارک کے مطابق ان کے مینیجرز کو ابھی ان کے اس انداز پر کوئی اعتراض نہیں لہٰذا یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔

    انہوں نے یہ ویڈیو اپنے ٹویٹر پر بھی پوسٹ کی اور کہا کہ میں نے اپنی بہن کے کہنے پر اسے ٹویٹر پر پوسٹ کیا، میرا خیال تھا کہ 20 سے 30 لوگ اسے دیکھ لیں گے، لیکن تھوڑی دیر بعد ہی مجھے میسجز آنا شروع ہوگئے کہ میری ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔

    مارک کی اس ویڈیو کو ان کے ٹویٹر پر اب تک کئی لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں اور اس پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔

  • براہ راست نشریات کے دوران ماہر موسمیات کا گھر پر فون

    براہ راست نشریات کے دوران ماہر موسمیات کا گھر پر فون

    ٹی وی پر براہ راست نشریات کے دوران بہت سے دلچسپ واقعات پیش آتے ہیں جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوجاتی ہیں، حال ہی میں ایسی ہی ایک وائرل ویڈیو میں ایک ماہر موسمیات کو براہ راست نشریات کے دوران گھر فون کر کے اہل خانہ کو طوفان سے خبردار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    امریکی ماہر موسمیات نے براہ راست پروگرام کے دوران اہل خانہ کو طوفان کی اطلاع دینے کے لیے کال کر ڈالی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ ڈوگ کیمرر جن کا تعلق واشنگٹن سے ہے، انہوں نے اپنے شو کی لائیو نشریات کو روک کر اہل خانہ کو کال کرکے آنے والے طوفان کے بارے میں خبردار کیا۔

    اس حوالے سے ڈوگ کیمرر نے ٹویٹر پر لکھا کہ جب وہ طوفان کی وارننگ کے بارے میں خبر دے رہے تھے تو انہوں نے دیکھا کہ یہ طوفان ان کے گھر کے بہت قریب جا رہا تھا اور وہ جانتے تھے کہ ان کی اہلیہ اس وقت گھر پر نہیں ہیں اور انہیں اپنے بچوں کو طوفان کے بارے میں خبردار کرنا ہے۔

    انہوں نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ان کے بچے خیریت سے ہیں۔

    ماہر موسمیات کا کہنا تھا کہ یہ ان کی لیے بہت ہی خوفناک لمحہ تھا اور وہ اندر ہی اندر بے حد گھبرائے ہوئے تھے۔

    ڈوگ کیمرر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہوئی اور ان کے اس عمل کو بہت سراہا گیا۔

  • لائیو نشریات کے دوران رپورٹر پر آسمانی بجلی گر پڑی

    لائیو نشریات کے دوران رپورٹر پر آسمانی بجلی گر پڑی

    بیجنگ : صحافیوں کا کام ہوتا ہے دنیا کے واقعات اور حالات کی تازہ ترین صورتحال سے عوام کو واقف کروانا لیکن بعض دفعہ یہ کام انجام دیتے ہوئے خبر دینے والا خود بھی خبر بن جاتا ہے، ایسا ہی واقعہ چین میں پیش آیا جب رپورٹر پر لائیو ٹی وی شو کے دوران آسمانی بجلی گر پڑی۔

    چینی ٹی وی چینل کا رپورٹرلیو زیاؤڈونگ براہ راست نشریات کے دوران طوفانی بارشوں اور موسم کی خراب صورتحال بتانے میں مصروف تھا اور علاقے میں شدید موسلا دھار بارش جاری تھی کہ  اچانک اُس پر آسمانی بجلی آگری۔

    بجلی  اس قدر زور سے گرجی کہ رپورٹر بھی ڈر گیا اور اس کے ہاتھ سے چھتری گر گئی۔

    واقعہ کے بعد کچھ لمحوں کے لئے ٹی وی چینل کو اپنی نشریات بھی روکنا پڑ گئیں تاہم اس واقعے میں رپورٹر اور کیمرہ مین دونوں محفوظ رہے۔

    لیو کی بجلی گرنے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر بھی ہلچل مچا دی اور اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔

    چینی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے ریلیز کردہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے  ٹی وی کے رپورٹر لیو زیاؤڈونگ اس وقت دلچسپ صورت حال کا شکار ہوگیا، جب لائیو ٹی وی شو کے دوران موسم کا حال بتاتے ہوئے لیو پر آسمانی بجلی گر پڑی۔

    ویڈیو دیکھیں


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔