Tag: one dead

  • سویڈن میں مسجد پر فائرنگ، متعدد زخمی

    سویڈن میں مسجد پر فائرنگ، متعدد زخمی

    سویڈن کے شہر اوری برو میں نماز جمعہ کے وقت ایک مسجد کے قریب اس وقت فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا جب نمازی عبادت کرکے مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد پر فائرنگ میں کم از کم 3 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری اسپتال میں منتقل کیا گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق اسپتال میں منتقل کئے گئے زخمیوں میں سے ایک نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا جب کہ دیگر دو کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    پولیس کے مطابق اب تک دو افراد کو گولیاں لگنے کی تصدیق ہوئی ہے جنھیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال حملہ آور گرفتار نہیں ہوا اور یہ بھی واضح نہیں کہ وہ مسجد کو نشانہ بنا رہا تھا یا کسی مخصوص شخص کو قتل کرنے کی غرض سے پہنچا تھا۔

    فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزم کی تلاش شروع کردی۔ شہریوں کو مسجد سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    مسجد پر فائرنگ کا یہ واقعہ سویڈن میں اسلاموفوبیا اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے سلسلے میں تازہ اضافہ ہے۔

    غزہ: اسرائیل کی جانب سے 160 بچوں کو گولیاں مار کر قتل کیے جانے کا انکشاف

    واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی، مساجد کے باہر نفرت انگیز مظاہرے اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

  • دریائے گنگا میں مسافروں سے بھری کشتی اُلٹ گئی، متعدد لاپتہ

    دریائے گنگا میں مسافروں سے بھری کشتی اُلٹ گئی، متعدد لاپتہ

    بھارت کے جھارکھنڈ میں صبح کے وقت 31 لوگوں سے بھری ایک کشتی دریائے گنگا میں اُلٹ گئی، جس کے باعث 4 نوجوان دریا میں ڈوب گئے جن میں سے ایک کی لاش برآمد کر لی گئی ہے جبکہ تین کی تلاش جا ری ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دریائے گنگا میں حادثہ اس وقت ہوا جب لوگ کشتی کے سہارے گنگا ندی پار کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق 31 لوگوں میں سے 27 کسی طرح تیر کر باہر نکل آئے جبکہ 4 نوجوان گہرے پانی میں ڈوب گئے۔

    دیہی افراد کا کہنا ہے کہ یہ سبھی نوجوان رانگا تھانہ علاقے سے صبح سویرے نکلے تھے۔ اسی دوران گاؤں کے 17 نوجوان گنگا پار دیارہ علاقے میں پہنچے تھے۔

    صبح میں وہ مہاراج پور گھاٹ سے کشتی میں سوار ہوئے اور دیارہ کے علاقے میں پہنچے لیکن واپس ہوتے وقت کشتی پر آس پاس کے دیگر دیہی لوگ بھی چڑھ گئے جس سے اس پر موجود لوگوں کی تعداد بڑھ کر 31 ہو گئی۔ صلاحیت سے زیادہ وزن اور گنگا کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کشتی کا توازن بگڑ گیا اور وہ ندی میں پلٹ گئی۔

    بیوی سمیت تین خواتین کے’سفاک قاتل‘ کو سزائے موت

    مقامی لوگوں کی مدد سے ایک لاش نکالی گئی جبکہ تین دیگر نوجوانوں کی تلاش جاری ہے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس جائے وقوع پر پہنچی ریسکیو کا عمل شروع کردیا، غوطہ خوروں کی ٹیم ندی میں لاپتہ نوجوانوں کی تلاش کر رہی ہے۔

    حادثہ کے بعد مرنے والے کی لاش کو ضلع صدر اسپتال لے جایا گیا۔ ہانسدا کی موت اور تین نوجوانوں کے لاپتہ ہونے سے گاؤں میں سوگ کی فضا پھیل گئی ہے، انتظامیہ کی جانب سے متاثر خاندان کو ہرممکن مدد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

  • کورنگی ویٹا چورنگی پر واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا

    کورنگی ویٹا چورنگی پر واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا

    کراچی کے علاقے کورنگی ویٹا چورنگی پر واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں مذکورہ شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں موٹرسائیکل سوارشخص زندگی کی بازی ہار گیا، جس کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل بھی بورڈ آفس کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 2 موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگئے تھے، پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے بے قابو ہوکر موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں دو موٹر سائیکل سوار نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حادثے میں جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کی شناخت 20سالہ زبیر اور 18سالہ آیان کے ناموں سے ہوئی۔

    پولیس کے مطابق حادثے کے فوری بعد مشتعل افراد کی جانب سے واٹر ٹینکر کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی گئی تاہم پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر صورتحال پر قابو پا کر ٹینکر کو جلنے سے بچالیا۔

    پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرکے واٹر ٹینکر تحویل میں لے لیا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں جاں بحق دونوں نوجوان بچپن کے دوست تھے، اہلخانہ کے مطابق 20سالہ زبیراور18سالہ آیان اورنگی ٹاؤن داتا نگر کے رہائشی تھے، آیان چند ماہ قبل الطاف نگر شفٹ ہوا تھا آج ہی دنوں کی ملاقات ہوئی تھی۔

    اہلخانہ نے بتایا کہ دونوں دوست موٹرسائیکل پر حسین آباد سے آئسکریم کھا کر گھر واپس آرہے تھے، متوفی18سالہ آیان نویں جماعت کا طالب علم تھا۔

    کراچی : واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 2 نوجوانوں کی ہلاکت ؟ تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

    متوفی نوجوانوں کے اہلخانہ نے پولیس حکام سے ٹینکر مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • جناح اسپتال : ہوٹل پر فائرنگ، 1 جاں بحق، ملزم نے بھی خود کشی کرلی

    جناح اسپتال : ہوٹل پر فائرنگ، 1 جاں بحق، ملزم نے بھی خود کشی کرلی

    کراچی : جناح اسپتال کے قریب ہوٹل پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ملزم نے 3 افراد پر فائرنگ کی ایک نے موقع پر جان دے دی جبکہ ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں جناح اسپتال کے سامنے ہوٹل پر ایک شخص نے ہوٹل میں موجود  افراد پر فائرنگ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا جس میں ایک شخص مارا گیا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ بعد ازاں فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جائے وقوعہ پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے شخص نے بھاگ کر جان بچائی۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم نے دوسرے شخص کو ٹارگٹ کرنے کیلئے اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ سے 3ا فراد زخمی ہوئے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ملزم نے ہوٹل کے اوپر جاکر بھی فائرنگ کی، ملزم نے خود کو بھی گولی مار لی جس سے وہ شدید زخمی ہوا، عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں تاہم واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے اور وہ اسپتال کے باہر چائے پینے ہوٹل گیا تھا، جبکہ فائرنگ کرنے والے کی شناخت طاہر کے نام سے ہوئی ہے۔ بعد ازاں زخمی ملزم طاہر خود بھی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

  • کراچی، ٹرک نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی

    کراچی، ٹرک نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی

    کراچی: لیاقت آباد سپر مارکیٹ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا، افسوسناک حادثے میں موٹر سائیکل سوار شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جبکہ مشتعل افراد کی جانب سے ٹرک کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی، پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کراچی کے علاقے گل بائی پر ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ماں اور ایک سال کا بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔

    خاتون کی شناخت شبانہ کے نام سے ہوئی جس کی عمر 45 برس تھی، خاتون کی گود میں ایک سالہ بچہ زوہان بھی تھا جو موقع پر انتقال کر گیا موٹرسائیکل پر سوار خاتون کا شوہر واقعے میں زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

    تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئی، 5 افراد جاں بحق

    پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور موقعے سے فرار ہو گیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹرالر کو تحویل میں لے لیا تھا۔

  • کراچی میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ، ایک شخص جاں بحق

    کراچی میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ، ایک شخص جاں بحق

    کراچی : گذری مبارک مسجد کے قریب کار پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول وہاں کھڑا کسی کا انتظار کررہا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گزری کے علاقے ڈیفنس مبارک مسجد کے قریب قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے کار میں بیٹھا ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    2موٹرسائیکل سوار ملزمان میں سے ایک نے اس کو گولیاں ماردیں، مقتول کی لاش قانونی کارروائی کیلئے جناح اسپتال پہنچا دی گئی جس کی شناخت 30 سالہ عمیر کے نام سے ہوئی ہے۔

    گذری

    واردات کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے پاس موبائل فون اور پرس میں موجود کاغذات سے کی اس کی شناخت کی گئی ہے فائرنگ کا یہ واقعہ ابتدائی طور پر ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔

    واقعے کے عینی شاہد کا کہنا ہے کہ مقتول20منٹ تک فون پر کسی سے بات کررہا تھا، بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ مقتول وہاں پر کسی کا انتظار کررہا تھا، 2موٹرسائیکل پر ملزمان آئے اور ایک نے اتر کر فائرنگ کردی۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ فوری طور پر فائرنگ کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

    اس سے قبل آج گزشتہ روز کراچی کے علاقے احسن آباد کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فرحان نامی شخص کو ڈاکوؤں نے قتل کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق فرحان مالی مشکلات کا شکار تھا، بیمار بیٹی کے علاج کے لیے بیوی کے زیور بیچ کر 70 سے 80 ہزار روپے لے کر گھر واپس آرہا تھا۔

    واضح رہے کہ رواں سال شہر قائد میں ڈکیتی میں مزاحمت پر 104 افراد کو قتل کردیا گیا جبکہ متعدد افراد زخمی کیا جا چکا ہے۔

  • کراچی : ڈاکوؤں نے دو بھائیوں سے تنخواہ چھین کر ایک کو مار ڈالا

    کراچی : ڈاکوؤں نے دو بھائیوں سے تنخواہ چھین کر ایک کو مار ڈالا

    کراچی : شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتیں رکنے کا نام نہیں لے رہیں، آج بھی سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ مقتول کی شناخت25سالہ فیصل کے نام سے ہوئی ہے، مقتول کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں  نے ہم سے واردات کی۔

    مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ ہم فیکٹری میں کام کرتے ہیں، تنخواہ لے کر گھر جارہے تھے کہ تعاقب میں آنے والے ڈاکوؤں نے ہم سے نقدی چھین لی اور موٹر سائیکل نہ دینے پر فائرنگ کرکے میرے بھائی پر گولیاں چلا دیں۔

    مقتول کے والد نے روتے ہوئے بتایا کہ مسلح ڈاکوؤں نے دونوں بھائیوں سے80ہزار کی نقدی رقم لوٹی اور موٹر سائیکل نہ دینے پر میرے بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

    مقتول کے ورثاء کا کہنا ہے کہ علاقے میں لوٹ مار کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں، متعلقہ حکام مؤثر  اقدامات کریں۔

  • نیند پوری کرنے کیلئے کچرے کے ڈبے میں سونے والے نوجوان کی اذیت ناک موت

    نیند پوری کرنے کیلئے کچرے کے ڈبے میں سونے والے نوجوان کی اذیت ناک موت

    پورٹ لنکن : آسٹریلیا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، نیند پوری کرنے کی خاطر ڈسٹ بن میں سونے والا نوجوان موت کی وادی میں چلا گیا۔

    آسٹریلیا کے شہر پورٹ لنکن میں ہونے والے ایک واقعے نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیئے، کچرے اٹھانے والی کی گاڑی میں سے تین نوعمر لڑکے سوئی ہوئی حالت میں ملے۔

    اس حوالے سے مقامی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ 11، 12 اور 13 سال کی عمر کے تین لڑکے کچرے کے ایک بڑے ڈرم میں سو رہے تھے۔ گزشتہ روز صبح ڈرمز کو اٹھانے والی گاڑی نے اسے پورٹ لنکن میں صبح 5.20بجے جمع کرایا۔

    ڈرم خالی کرنے کے لیے جب اسے پلٹا گیا تو ان لڑکوں کی آنکھ کھل گئی جنہوں نے اپنی جان بچانے کیلئے وہاں سے چھلانگ لگائی اسی دوران چھوٹا لڑکا معمولی جبکہ سب سے بڑا لڑکا شدید زخمی ہوا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق تینوں لڑکوں میں سے سب سے بڑے لڑکے کو زیادہ چوٹیں آئیں اور وہ جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گیا۔ یہ منظر دیکھ کر ٹرک ڈرائیور بہت خوفزدہ ہوگیا۔

    واقعے سے متعلق مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈرائیور کو اس بات کا بالکل بھی علم نہیں تھا کہ لڑکے اس وقت ڈبے میں تھے اور اس واقعے کے بعد سے وہ غم اور سکتے کے عالم میں ہے۔

  • کراچی پولیس نے شہری کو ڈاکو سمجھ کر گولیاں مار دیں، وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

    کراچی پولیس نے شہری کو ڈاکو سمجھ کر گولیاں مار دیں، وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

    کراچی : آئی آئی چندریگرروڈ پر پولیس نے شہری کو ڈاکو سمجھ کر گولیاں مار دیں، واقعے میں ملوث تینوں اہلکار کو زیرحراست لے لیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس شہریوں کی جان کی دشمن بن گئی، کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگرروڈپر پولیس نے شہری کو ڈاکو سمجھ کر گولیاں مار دیں، واقعے میں اسلم نامی شخص جاں بحق اور وقار نامی شہری زخمی ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 دوست اپنی اپنی موٹرسائیکل پرسوار تھے اور موٹرسائیکلیں روک کرآپس میں مل رہے تھے کہ موقع پرموجودپولیس اہلکاروں نےڈکیت سمجھ کرگولیاں مار دیں اور پولیس اہلکارزخمیوں کواسپتال چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ جاویداکبرریاض نے کہا کہ فائرنگ مددگار 15میٹھادر کی پولیس نےمشکوک جانتے ہوئے کی، مددگار15 پولیس کےتینوں اہلکاروں سےتفتیش جاری ہے، ایس ایس پی سٹی مقدس حیدرواقعےکی تحقیقات کر رہے ہیں، فائرنگ سےاسلم نامی شخص ہلاک جبکہ وقارنامی شخص زخمی ہوا۔

    ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈایمرجنسی سروسز نے آئی آئی چندریگرروڈفائرنگ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی مددگار15عبداللہ میمن سے پولیس اقدامات پر مشتمل تفصیلات طلب کرلیں۔

    پولیس نے کہا کہ آئی آئی چندریگرروڈ پر پولیس فائرنگ کے واقعے میں تینوں اہلکار کو زیرحراست لے لیا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی آئی چند ریگرروڈ پر پولیس فائرنگ سے شہری کی موت کا نوٹس لیتے آئی جی پولیس سےواقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ ایسے واقعات کسی صورت قبول نہیں۔

  • اٹلی میں آتش فشاں پھٹنے سے سیاح خوفزدہ، سمندر میں چھلانگ لگادی

    اٹلی میں آتش فشاں پھٹنے سے سیاح خوفزدہ، سمندر میں چھلانگ لگادی

    روم : آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے عینی شاہدین نے بتایا کہ آسمان پر ایک بڑا سیاہ رنگ کا بادل نمودار ہوتے ہوئے دیکھا جس سے ہمیں آتش فشاں پھٹنے کا اندازہ ہو گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی کے جزیرے اسٹروم بولی میں آتش فشاں پہاڑ پھٹ پڑا جس کے باعث سیاحت کے لئے آئے لوگوں نے ڈر کر قریبی سمندر میں چھلانگ لگا دی، آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے وقت اس جزیرے پر موجود لوگوں نے آسمان پر ابھرتے ہوئے سیاہ بادلوں اور اڑتی ہوئی چنگاریوں کو دیکھا جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جزیرے پر موجود اس واقعے کے عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ہم لوگ دن کا کھانا کھا رہے تھے کہ اچانک ہم نے دیکھا کہ تمام لوگ ایک رخ کی جانب گردن گھما کر دیکھ رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آسمان پر ایک بڑا سیاہ رنگ کا بادل نمودار ہوتے ہوئے دیکھا جس سے مجھے اندازہ ہو گیا تھا کہ آتش فشاں پہاڑ پھٹ چکا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آتش فشاں پھٹنے کے باعث ایک جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ شخص آتش فشاں کی جانب بڑھ رہا کہ پھتروں سے ٹکرانے کے باعث ہلاک ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے جزیرے پر موجود تمام لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، اسٹروم بولی بحیرہ روم میں واقع ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے جو سیاحت کے لئے دنیا بھر میں مقبول ہے۔