Tag: one year

  • غزہ جنگ کا ایک سال مکمل : اسرائیل پر 7 اکتوبر حملے کی نئی ویڈیو جاری

    غزہ جنگ کا ایک سال مکمل : اسرائیل پر 7 اکتوبر حملے کی نئی ویڈیو جاری

    اسرائیلی فوج نے حماس کے حملے کی پہلی برسی کے موقع پر نئی ویڈیو جاری کردی جس میں 7اکتوبر 2023کو حماس کے حملوں کو ڈرون کے ذریعے فلمایا گیا تھا۔

    سات اکتوبر کو حماس کے حملے کی پہلی برسی کے موقع پر اسرائیلی فوج نے اس دن کی غیر مطبوعہ یا نئی فوٹیج نشر کردی۔ نئے کلپس میں ڈرون کے ذریعے فلمائے گئے ان مناظر کو دکھایا گیا ہے جب

    مذکورہ ویڈیو ان مناظر کی ہے جب حماس حملے کے دوران اسرائیلی فوجی اور شہری بستی ’کبوٹز رعیم‘ میں پناہ لے رہے تھے۔

    ویڈیو میں حملے کے دوران ایک اسرائیلی شہری کے ایک فوجی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے کچھ مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔

    دیگر فوٹیج میں ایک مسلح شخص کو ڈرون پر گولی چلاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی اسرائیلی فورسز کو کئی عمارتوں کے درمیان چھپتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق یہ فوٹیج گزشتہ روز اتوار کی شام حملے کی برسی کے موقع پر نشر کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ07 اکتوبر 2023 کی صبح حماس اور دیگر فلسطینی جنگجوؤں نے غزہ کی پٹی کی سرحدی باڑ کو عبور کیا اور غزہ کی پٹی کے اطراف کی اسرائیلی بستیوں اور فوجی اڈوں پر بھرپور حملہ کردیا تھا۔ مقامی وقت کے مطابق یہ حملہ اچانک صبح چھ بجے کیا گیا تھا۔

    اس حملے کے نتیجے میں 1200 اسرائیلی مارے گئے اور 250 دیگر کو قیدی بنا لیا گیا۔ اسی دن سے اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر خونریز جنگ شروع کردی اور وہ جنگ آج ایک سال بعد بھی جاری ہے۔

    فلسطینی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی بمباری، گولہ باری اور دیگر کارروائیوں سے لگ بھگ 42ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ ان شہداء میں سے نصف سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔

    فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ اس کے علاوہ 10 ہزار فلسطینی وہ ہیں جو لاپتہ ہوگئے اور غالباً وہ بھی جاں بحق ہو چکے اور ان کی لاشیں تباہ ہونے والی عمارتوں کے نیچے دب جانے کے باعث تاحال مل نہیں سکی ہیں۔

  • یوکرین جنگ کو ایک سال مکمل: امریکا کا مزید ہتھیاروں کی فراہمی کا اعلان

    یوکرین جنگ کو ایک سال مکمل: امریکا کا مزید ہتھیاروں کی فراہمی کا اعلان

    واشنگٹن: یوکرین پر روسی حملے کے ایک سال مکمل ہونے کے بعد امریکا نے 2 ارب ڈالر کے ہتھیار دینے کا اعلان کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق امریکا نے یوکرین پر روسی حملے کا ایک سال پورا ہونے کے موقع پر متاثرہ اتحادی ملک کے لیے 2 ارب ڈالر کے ہتھیار دینے کا اعلان کیا جبکہ ماسکو پر مزید پابندیاں عائد کی ہیں۔

    امریکی صدر جو بائیڈن نے روس پر نئی پابندیوں کی تفصیلات عام کی ہیں اور دوسری جانب دنیا کے امیر ترین ملکوں کے بلاک جی سیون کے رہنماؤں نے مزید امداد دینے کے لیے یوکرین کے صدر سے ملاقات کی۔

    امریکا کی نئی پابندیوں میں روس کی فوجی قیادت پر ویزا پابندیاں، ولادی میر پیوٹن کے اتحادیوں کے اثاثوں کو منجمد کرنا اور روس سے ایلومینیم کی درآمد کو مؤثر طریقے سے روکنا شامل ہے۔

    اس کے علاوہ روسی بینکوں، اسلحہ ساز فیکٹریوں کو کام سے روکنا اور روس کی سب سے بڑی موبائل فون بنانے والی کمپنی میگا فون کو تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کرنا ہے۔

    امریکا میں روس کے سفیر اناطولی انتونوو نے کہا ہے کہ ان پابندیوں کے کسی قسم کے اثرات نہیں پڑیں گے۔

    امریکی حکام نے کہا ہے کہ دیگر پابندیاں آنے والے دنوں میں عائد کی جائیں گی۔

    بائیڈن انتظامیہ نے چین اور دیگر ملکوں کو بھی پیغام بھیجا ہے کہ وہ روس کی مدد کرنے سے گریز کریں تاکہ پابندیوں سے بچ سکیں۔

    وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ہم ان دیگر دفاعی پیداوار کی صنعتوں پر بھی پابندیاں عائد کریں گے جو روس کے اسلحہ ذخیرے کو بھرنے میں مدد کر رہے ہیں یا ایسی کمپنیاں جو روس کو پابندیوں کے اثرات سے بچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

  • پنجاب حکومت نے اپنی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی

    پنجاب حکومت نے اپنی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی

    لاہور : پنجاب حکومت نے اپنے ایک سالہ دور میں مختلف اقدامات اور فیصلے کیے جس کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کفایت شعاری مہم کے تحت رواں سال 196 ملین روپے کے اخراجات کی کمی آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے اپنی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے مذکورہ کارکردگی رپورٹ وزیراعظم کو دورہ امریکا سے واپسی پر پیش کی جائے گی۔

    کارکردگی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میانوالی، اٹک، لیہ، بہاولنگر اور راجن پور میں چائلڈ اسپتال اور نرسنگ کالج کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

    تعلیم کے شعبہ میں43 نئے کالجز اور چھ یونیورسٹیوں کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا، اس کے علاوہ باہمت بزرگ پروگرام کے تحت65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ماہانہ تین ارب روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے اورخواجہ سراؤں کیلئے20 کروڑ روپے سے مساوات پروگرام بھی جاری ہے۔

    مذکورہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق صوبے کے بڑے شہروں میں12 پناہ گاہوں کا قیام مکمل کرلیا گیا ہے، ماحولیات کے تحفظ کیلئے صوبے بھر میں شجرکاری مہم کے تحت دس ملین پودے لگائے گئے ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبے میں کفایت شعاری مہم کے تحت رواں سال 196 ملین روپے کےاخراجات کی کمی آئی ہے۔

  • وزیر اعظم نے کابینہ ارکان پرایک سال میں 3سےزائد بیرونی دوروں پرپابندی لگا دی

    وزیر اعظم نے کابینہ ارکان پرایک سال میں 3سےزائد بیرونی دوروں پرپابندی لگا دی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کابینہ اراکین کے سال میں تین سے زیادہ بیرونی دوروں پر پابندی لگا دی، فیصلے کا نفاذ فی الفور ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی کفایت شعاری مہم جاری ہے، وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے دوروں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے کابینہ ارکان پر ایک سال میں 3 سے زائد بیرونی دوروں پر پابندی عائد کردی ہے۔

    فیصلے کا اطلاق وفاقی وزراء، وزراء مملکت، مشیران، معاونین خصوصی پر بھی ہو گا جبکہ وزیر خارجہ اور وزیر تجارت پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    سرکاری دوروں میں کابینہ اراکین ذاتی سٹاف کو بھی ساتھ نہیں لے جا سکیں گے اور وفاقی وزراء متعلقہ سفارتخانوں کے اسٹاف کی خدمات حاصل کریں گے۔

    وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کو بیرونی دوروں میں پی آئی اے پرواز استعمال کرنے کا پابند کر دیا ہے۔

    فیصلے کے مطابق فرسٹ کلاس سفر کی اجازت صرف صدر پاکستان اور چیف جسٹس کو ہوگی، وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی بزنس کلاس میں سفرکریں گے۔

    وفاقی وزرا، وزیرمملکت، ایم این ایز اور سینیٹرز کو بھی بزنس کلاس میں سفر کی اجازت ہوگی جبکہ سروسزچیف بھی بزنس کلاس میں سفرکریں گے۔

    باقی تمام حکومتی شخصیات اکانومی کلاس میں سفر کرنے کے پابند ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کے فیصلے کا نفاذ فی الفور ہوگا۔

    مزید پڑھیں : وفاقی وزرا حکومتی خرچے پر بیرونِ ملک علاج نہیں کراسکیں گے

    یاد رہے 20 اگست میں کو ہونے والے کابینہ کے پہلے اجلاس میں کابینہ کے تمام ارکان کوماضی میں دی گئی بیرون ملک علاج کی سہولت واپس لےلی گئی ہے ، اب کوئی بھی کابینہ کا رکن سرکاری خرچ پربیرون ملک علاج نہیں کراسکے گا۔

    سرکاری حکام کے غیرملکی دوروں کو محدود کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا سرکاری حکام سرکاری خرچ پر بیرون ملک دورے نہیں کریں گے۔

  • سعودی عرب: غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والی خواتین ڈرائیورز کے لیے اہم فیصلہ

    سعودی عرب: غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والی خواتین ڈرائیورز کے لیے اہم فیصلہ

    ریاض: سعودی عرب میں بین الاقوامی یا غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والی خواتین ڈرائیورز کو ایک سال تک کاریں چلانے کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی جانب سے غیرملکی یا بین القوامی لائسنس کو سعودی عرب کے ڈرائیونگ لائسنس میں تبدیل کرنے کا عمل جاری ہے تاہم وہ خواتین جن کے پاس دیگر ممالک کے ڈرائیونگ لائسنس ہے وہ ایک سال تک سعودی عرب میں ڈرائیونگ کر سکیں گی۔

    سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والی خواتین کو ملک میں داخلے کے بعد سے ایک سال تک ڈرائیونگ کرنے کی اجازت دی جائے گی تاہم انہیں اپنے لائسنس سعودی عرب کے ڈرائیونگ لائسنس میں تبدیل کرانا ضروری ہوگا۔


    سعودی عرب: ٹریفک ڈپارٹمنٹ کا خواتین ڈرائیور کے لیے اہم فیصلہ


    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سعودی ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ڈرائیونگ کرنے کی وہ خواہش مند خواتین جن کے پاس غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس ہے تو وہ اپنے لائسنس باآسانی سعودی لائسنس سے تبدیل کراسکتی ہیں۔

    جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ لائسنس کی تبدیلی کے لیے باقاعدہ حکمت علمی تیار کی ہے جس کے تحت ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر فارم پُر کرنا ہوگا تاکہ اس عمل کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور تمام خواتین ڈرائیور کو سعودی عرب کا ڈرائیونگ لائسنس دیا جائے۔


    سعودی عرب کے پانچ شہروں میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکولز قائم


    واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے متعارف کرائی گئیں اصلاحات کے اثرات مملکت میں تیزی سے پھیلتے جارہے ہیں، گزشتہ دنوں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد پانچ شہروں میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول بھی قائم کردیے گئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اسپاٹ فکسنگ کیس، کرکٹرناصرجمشید پرایک سال کی پابندی عائد

    اسپاٹ فکسنگ کیس، کرکٹرناصرجمشید پرایک سال کی پابندی عائد

    لاہور : اسپاٹ فکسنگ کیس میں پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے ناصرجمشید پر ایک سال کی پابندی لگادی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دوسرےا یڈیشن میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل پر پیش رفت سامنے آئی ، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں تعاون نہ کرنے پر مرکزی ملزم کے طور پر پیش کئے جانے والے ناصر جمشید پر ایک سال کی پابندی عائد کردی۔

    پی سی بی کے وکیل تفضل رضوی کا کہنا ہے کہ ناصر جمشید پر اسپاٹ فکسنگ کا چارجز نہیں لگائے گئے ہیں بلکہ کیس میں تعاون نہ کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    اینٹی کرپشن ٹریبونل نے ناصرجمشید پر پابندی کا فیصلہ جاری کیا ، جس میں کہا گیا کہ ناصرجمشید پر پابندی عدم تعاون کی شق کے تحت لگائی گئی جبکہ ان پر اینٹی کرپشن کوڈ کی 2 شقوں کی خلاف ورزی کا الزام تھا۔

    ناصر پر پابندی کا اطلاق رواں سال فروری سے ہوگا، پابندی کے دس ماہ وہ گزار چکے ہیں، صرف دو ماہ بعد ان کی پابندی ختم ہوجائے گی۔


    مزید پڑھیں : ناصر جمشید پر اسپاٹ فکسنگ کیس میں فرد جرم عائد


    یاد رہے کہ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں اور بکیز کے درمیان سہولت کار کا کردار ادا کرنے والے ناصر جمشید کو کرائم ایجنسی نے فروری میں حراست میں لیا تھا اور وہ اپریل تک ضمانت پر رہا ہیں۔ کرکٹر ناصر جمشید پی ایس ایل سیزن 2 کا حصہ نہیں تھے بلکہ اس وقت انگلینڈ میں کوچنگ کورسز کر رہے تھے۔

    پی سی بی کی جانب سے ناصر جمشید کو اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا مرکزی کردار قرار دیتے ہوئے معطل کردیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹریبونل نے 24 نومبر کو ناصر جمشید کے خلاف فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران اسپاٹ فکسنگ میں شرجیل خان، خالد لطیف، محمد عرفان اور ناصر جمشید کو بھی معطل کر کے انہیں شوکاز نوٹس جاری کرچکی ہیں،اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل کھلاڑیوں کی تعداد 5 ہوگئی تھیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سانحۂ پشاور کو ایک ماہ بیت گیا

    سانحۂ پشاور کو ایک ماہ بیت گیا

    سانحۂ پشاور کو آج ایک ماہ پورا ہوگیا، اس سانحے نے جہاں قوم کو غمزدہ کر دیا وہیں پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی۔

    سانحۂ پشاور میں برپا کی جانے والی بربریت کو آج ایک ماہ بیت گیا ہے، پشاور سانحے میں بچوں کی شہادت نے دنیا بھر کو ہلا کر رکھ دیا تھا، اندوہناک واقعے آرمی پبلک سکول و کالج پشاور پر وحشیانہ حملے کے دوران ایک 134معصوم بچوں سمیت 141افراد شہید ہوگئے تھے، جن میں کالج کی پرنسپل اور دیگر اساتذہ اور اسٹاف ممبر شامل تھے۔

      سولہ دسمبر کا سورج جب طلوع ہوا تو آرمی پبلک اسکول جانے والے ننھے پھولوں کو علم نہیں تھا کہ وہاں موت ان کی منتظر ہے، دہشتگردوں نے دس بجے کے قریب اسکول پر حملہ کیا اور وحشت وبربریت سے انسانیت کا سینہ چھلنی کر دیا، پاک فوج نے چھ گھنٹے کے آپریشن کے بعد سکول کو کلیئر کر دیا لیکن اس سانحے میں 134ننھے پھول زندگی سے محروم ہوگئے، 17 سٹاف ممبر بھی بربیت کا نشانہ بنے۔

    وزیرِاعظم محمد نواز شریف خود پشاور پہنچے اور انہوں نے آپریشن کو مانیٹر کیا، وزیرِاعظم کی جانب سے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا، سانحے کے اگلے وزیراعظم کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس ہوئی، جس میں تمام سیاسی جماعتوں نے دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    سانحہ پشاور کے بعد ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج اور سیکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔

    سانحے پشاور کے بعد صوبے بھر کے اسکول 12 جنوری تک بند کر دیئے گئے،حکومت کی جانب سے اسکولوں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کیلئے اقدامات شروع کئے گئے،  بارہ جنوری کو آرمی پبلک سکول سمیت تمام اسکولوں کو کھول دیا گیا۔ آرمی چیف نے خود اسکول پہنچ کر غازیوں کا استقبال کیا۔

    واقعے کو ایک ماہ بیت گیا لیکن اس کے اثرات سے لوگ ابھی تک باہر نہیں آسکے ہیں۔ آرمی پبلک سکول کو سخت سیکیورٹی میں کھولا گیا لیکن اسکول کے بچے زیورِ تعلیم سے آراستہ ہونے کیلئے پرعزم ہیں، بچوں نے بلند حوصلے اور دہشت گردی کے خلاف پر عزم رہنے کا اظہار کیا ہے۔

    ایک ماہ قبل سولہ دسمبر دو ہزار چودہ کی صبح اہل پاکستان کیلئے قیامت سے کم نہ تھی، آرمی پبلک اسکول میں ایک سو چونتیس ننھے پھول زندگی کی رعنائیوں سے محروم ہوگئے، سانحے نے پوری قوم کو یکجا کردیا۔

    سانحہ پشاور میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والدین کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث اصل ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں۔

    دہشت گردی کے اس المناک سانحے نے بچوں کےعزم کو مزید مضبوط کر دیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ اس قسم کے بزدلانہ اقدام سے دشمن انہیں ڈرا نہیں سکتا۔