Tag: online

  • گوجرانوالہ : منشیات کی آن لائن ہوم ڈلیوری کرنے والا جوڑا گرفتار

    گوجرانوالہ : منشیات کی آن لائن ہوم ڈلیوری کرنے والا جوڑا گرفتار

    گوجرانوالہ : پولیس نے آن لائن آرڈر، ہوم ڈلیوری اور پارسلز میں سپلائی ہونے والی منشیات کی بڑی کھیپ پکڑلی، منشیات فروشی میں ملوث میاں بیوی گرفتار کرلیے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 105کلو منشیات برآمد کرلی۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشن رضوان طارق نے بتایا کہ ملزمان میاں بیوی منشیات علاقہ غیر سے خرید کر گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپا کر لارہے تھے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان مذکورہ منشیات کو آن لائن آرڈر، ہوم ڈیلیوری اور پارسلز کے ذریعے مختلف اضلاع میں سپلائی کرنے والے تھے۔

    ایس ایس پی کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات میں 5کلو700 گرام آئس،23کلو سے زائد چرس جبکہ 27کلو900گرام ہیروئن،47کلو500گرام سے زائد افیون بھی شامل ہے۔

    ملزم شوہر یوسف اور اس کی بیوی فہمیدہ سال 2012سے منشیات کا دھندہ کررہے ہیں، اروپ پولیس نے2021میں ملزم جوڑے کو پکڑا لیکن جیل سے آکر پھروہی کام کرنے لگا۔

    گوجرانوالہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان عرصہ دراز سے اسکولز، کالجز اور نشہ کےعادی افراد کو منشیات سپلائی کرتے تھے۔

  • عرب امارات میں سیاحتی اور وزٹ ویزے کے لیے ایک اور سہولت

    عرب امارات میں سیاحتی اور وزٹ ویزے کے لیے ایک اور سہولت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں سیاحتی اور وزٹ ویزے کی آن لائن توسیع کی سہولت فراہم کردی گئی ہے، کارروائی کی درخواست دینے کے لیے 5 شرائط پوری کرنی ہوں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قومی شناخت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سیکیورٹی کے وفاقی ادارے نے سیاحتی اور وزٹ ویزوں کی آن لائن توسیع کی سہولت فراہم کی ہے۔

    وفاقی ادارے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسمارٹ ایپ اور ادارے کی ویب سائٹ کے ذریعے وزٹ، سیاحت یا کسی اور قسم کے ویزے میں توسیع کروائی جا سکتی ہے اور یہ کارروائی 48 گھنٹے میں مکمل ہوتی ہے۔

    وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ ویزے میں توسیع کی کارروائی کی درخواست دینے کے لیے 5 کام ہیں۔

    اسمارٹ سروس سسٹم میں پرسنل اکاؤنٹ کھولا جائے، پھر ویزے میں توسیع کی درخواست اور سروس کے لیے مطلوبہ کاغذات منسلک کیے جائیں۔

    فیس کی ادائیگی اور مالی ضمانت جمع کی جائے، یہ کارروائی کر کے درخواست جمع کروائی جائے، چھان بین کے بعد امیدوار کو توسیع اور ویزے کے پرنٹ کی منظوری کی اطلاع ایس ایم ایس کے ذریعے دی جائے گی۔

    ویزے میں توسیع کی کارروائی منظورشدہ پرنٹ ایجنسیوں کے توسط سے بھی کروائی جا سکتی ہے۔

    وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ ویزے میں توسیع کی مدت کا دار و مدار ویزے کی نوعیت اور توسیع کی درخواست کی تعداد پر ہے، توسیع 30 سے 90 دن کی ہوگی۔

    وزیٹر کے قیام کی مدت امارات آمد کے بعد سے شمار ہوگی، ایک سال سے زیادہ کسی بھی صورت میں قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔

    یاد رہے کہ نئے ویزا سسٹم میں 8 قسم کے وزٹ ویزے شامل کیے گئے ہیں۔

  • آن لائن شاپنگ کرتے ہوئے فراڈ سے کیسے بچا جائے؟

    آن لائن شاپنگ کرتے ہوئے فراڈ سے کیسے بچا جائے؟

    آج کل آن لائن شاپنگ نہایت مقبول ہورہی ہے جس سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ مطلوبہ اشیا گھر بیٹھے حاصل ہوجاتی ہیں، تاہم اس میں جعلسازی اور دھوکا دہی کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔

    آن لائن شاپنگ کرنے والوں کو دھوکے بازوں کے جال میں پھنسنے سے بچانے کے لیے ماہرین نے 7 اہم مشورے دیے ہیں۔

    آن لائن ادائیگی کی کارروائی یا نجی معلومات کے اندراج سے قبل رقم کی محفوظ منتقلی کے پروٹوکول کا اطمینان کر لیں۔ گاہک اپنا براؤزر بار بار ضرور چیک کریں۔ لنک کی شروعات https کے ساتھ ہو۔ لنک کے شروع میں http تک محدود نہ ہو۔ آخر میں حرف (ایس) ہی محفوظ ویب سائٹ کی ضمانت ہے۔

    شاپنگ کرتے وقت نیٹ ورک پر نظر رکھیں، کریڈٹ کارڈ کا نمبر یا نجی معلومات اس وقت ہی درج کریں جب آپ انٹرنیٹ سے کنیکٹڈ ہوں، ایسا نہ ہونے کی صورت میں ہیکنگ کا خطرہ ہوتا ہے۔

    شاپنگ کی کارروائی سے قبل ایپ اور کمرشل سینٹرز کو بھی چیک کر لیا جائے، ادائیگی کی معلومات حوالے کرنے سے قبل کمرشل سینٹر کے بارے میں اطمینان کرنا ضروری ہے۔

    ایس ایم ایس کے ذریعے دھوکہ دہی سے بھی ہوشیار رہیں، ان دنوں اس طریقہ کار کے ذریعے دھوکہ دہی چل رہی ہے۔

    اس حوالے سے یہ بات ہمیشہ مد نظر رکھیں کہ قانون کے مطابق کام کرنے والی کمپنیاں آپ سے کبھی بھی ایس ایم ایس یا ای میل کے ذریعے نجی معلومات طلب نہیں کریں گی، وہ کبھی بھی ادائیگی سے متعلق معلومات، صارفین کے نام، پاس ورڈ یا سوشل سیکیورٹی نمبر نہیں مانگیں گے۔

    ماہرین کے مطابق رسائی ٹوکن سے موبائل آلات محفوظ رہتے ہیں، آن لائن شاپنگ کرتے وقت موبائل کے حوالے سے رسائی ٹوکن ایکٹو ضرور کر لیا جائے۔

    آن لائن شاپنگ کرتے وقت کمپیوٹر کے آپریشنل سسٹم کو اپ ڈیٹ کریں، آن لائن شاپنگ کریڈٹ کارڈ کے ذریعے کریں اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے نہیں۔ کریڈٹ کارڈ انٹرنیٹ کے ذریعے ادائیگی کے حوالے سے زیادہ محفوظ ثابت ہو رہے ہیں۔

  • آن لائن کرسی خریدنے والی خاتون کو شدید دھچکا

    آن لائن کرسی خریدنے والی خاتون کو شدید دھچکا

    آن لائن شاپنگ بعض اوقات ایک ناخوشگوار تجربہ ثابت ہوسکتی ہے، جس کا ایک اور ثبوت حال ہی میں نیویارک کی رہائشی ایک خاتون نے دیا ہے۔

    مریم نامی ان خاتون نے ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

    ویڈیو میں انہوں نے بتایا ہے کہ انہوں نے آن لائن ایک خوبصورت مخملی کرسی فروخت کے لیے دیکھی، جو ان کے دل کو اس قدر بھائی کہ انہوں نے فوراً ہی اسے آرڈر کردیا۔

    تاہم جب وہ ان کے پاس پہنچی تو جو چیز ڈبے سے نکلی وہ اسے دیکھ کر حیران ہوگئیں۔

    وہ کرسی تو بالکل ویسی ہی تھی جیسی انہوں نے دیکھی تھی، مخملی کور کے ساتھ سنہری ہتھے اور پشت، بس یہ کرسی منی ایچر تھی یعنی بچوں کے کھیلنے کی چیز یا گڑیا کے گھر میں سجائی جانے والی کرسی معلوم ہورہی تھی۔

    اس غیر متوقع ڈیلیوری پر مریم کو بے حد صدمہ پہنچا اور انہوں نے یہ واقعہ ٹک ٹاک پر شیئر کیا۔

    سوشل میڈیا صارفین نے مریم کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آن لائن خریداری کو ایک بار پھر ناقابل بھروسہ قرار دیا، کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی ملتے جلتے واقعات کی وجہ سے آن لائن خریداری کرنے سے توبہ کرلی ہے۔

  • سعودی کابینہ کی جانب سے اہم فیصلوں کی منظوری

    سعودی کابینہ کی جانب سے اہم فیصلوں کی منظوری

    ریاض: سعودی عرب میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں کابینہ کا آن لائن اجلاس منگل کو ہوا، اجلاس میں کابینہ نے نامیاتی زراعت اور نجکاری کے نظاموں کی منظوری دے دی۔

    اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان نے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کو بھیجے جانے والے مکتوب کے متعلق آگاہ کیا، کابینہ کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ روسی ایلچی اور وزیر خارجہ کے ساتھ ہونے والی گفتگو سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    کابینہ نے شامی بحران کے پائیدار حل پر ایک مرتبہ پھر توجہ دلائی اور اس بات پر زور دیا کہ شامی بحران کے مسئلے کا حل عوام کی مرضی اور منشا کے مطابق ہونا چاہیئے۔

    کابینہ نے یمن میں جنگ بندی کی اہمیت کی طرف نشاندہی کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ حوثی باغیوں کو ایران کی طرف سے فراہم کیے جانے والے اسلحہ کی روک تھام کے لیے کردار ادا کرنا چاہیئے۔

    کابینہ نے ایران کے جوہری پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی کو روکنے کے لیے عالمی کوششوں کو سراہا ہے۔

    بعد ازاں کابینہ نے کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا اور ملک کے طول و عرض میں کرونا وائرس ویکسین مہم پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    کابینہ نے اقتصادی و ترقیاتی کونسل کے علاوہ سیکیورٹی کونسل کی رپورٹوں کا جائزہ لینے کے بعد متعدد دیگر فیصلے بھی کیے۔

    کابینہ نے وزیر نیشنل گارڈ کو ذمہ داری تفویض کی کہ وہ روس کے ساتھ سعودی اور روسی اقتصادی کمیٹی کے قیام کے لیے مذاکرات کریں، کابینہ نے سعودی ٹی وی اور ریڈیو اتھارٹی اور انڈونیشی ٹی وی چینل کے درمیان معاہدے کی توثیق کی۔

    سعودی کابینہ نے نامیاتی زراعت کے نظام کی منظوری بھی دی جس کے بعد متعلقہ سابقہ نظام منسوخ کردیے گیے۔

    نئے نظام کی منظوری کے بعد سمندری شکار، آبی حیات، شہد کی مکھیاں پالنے کا نظام، نامیاتی زراعت کا سابقہ نظام اور زرعی آلات کی تجارت کا سابقہ نظام منسوخ کردیے گیے۔ ان کی جگہ نئے نظام سے ہم آہنگ دوسرے نظام متعارف کروائے جائیں گے۔

  • انٹرنیٹ کے بانی نے نئی پیش گوئی کردی

    انٹرنیٹ کے بانی نے نئی پیش گوئی کردی

    لندن : انٹرنیٹ کے موجد ٹم برنرز لی نے کورونا کی عالمی وبا کے بعد انٹرنیٹ کی نوجوانوں تک رسائی کو ممکن بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ 15 سے 24 سال کی عمر کے نوجوانوں کی بڑی تعداد اس وقت انٹرنیٹ سے محروم ہے۔

    ورلڈ وائڈ ویب (انٹرنیٹ) ایجاد کی 32ویں سالگرہ کے موقع پر شائع ہونے والے خط میں ٹم برنرز لی نے کہا کہ نوجوانوں کا اثر و رسوخ آن لائن نیٹ ورکس کے علاوہ ان کی کمیونٹی میں بھی محسوس کیا جاتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد کو انٹرنیٹ تک رسائی نہ ہونے کے باعث اپنی قابلیت اور خیالات شیئر کرنے کا موقع نہیں مل رہا۔

    انٹرنیٹ کے بانی ٹم برنرز نے کہا کہ نوجوانوں کی ایک تہائی آبادی کو انٹرنیٹ تک بالکل رسائی حاصل نہیں ہے، کئی نوجوان ایسے ہیں جو انٹرنیٹ کے استعمال کے لیے ڈیوائسز یا مؤثر کنکشن نہ ہونے کے باعث ویب سائٹس کا بھرپور فائدہ نہیں اٹھاسکتے۔

    ٹم برنرز نے کہا کہ2 ارب 20 کروڑ نوجوانوں کے پاس انٹرنیٹ کا پائیدار کنکشن ہی موجود نہیں ہے جس کے باعث وہ کورونا کے دوران آن لائن تعلیم نہیں حاصل کر سکے جبکہ انٹرنیٹ کی سہولت نے دیگر کو اپنی پڑھائی جاری رکھنے میں مدد دی ہے۔

    ان کے خیال میں دنیا بھر کے ہر نوجوان کو انٹرنیٹ تک رسائی دینا فائدہ مند ہوگا۔ برنرز لی کے اندازے کے مطابق اگلے دس سالوں میں ہر ایک شخص کو براڈ بینڈ کنکشن کی سہولت فراہم کرنے پر تقریباً چار کھرب ڈالر لاگت آئے گی۔

    کورونا کی عالمی وبا کے بعد دنیا بھر میں یہ شدت سے محسوس کیا جا رہا ہے کہ نوجوانوں کو انٹرنیٹ تک رسائی ملنا انتہائی ضروری ہے تاکہ ان کی تعلیم میں کوئی رکاوٹ نہ پیدا ہو۔

  • کویت: امتحانات کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت: امتحانات کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں اگلے ایک ماہ تک ہونے والے تمام امتحانات آن لائن منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کویت میں ایک ماہ کے لیے جزوی کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق تعلیمی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر حماد المعطر نے اعلان کیا ہے کہ وزارت اعلیٰ تعلیم کے طے کردہ فیصلے کے مطابق کویت کی تمام جامعات میں امتحانات آن لائن منعقد ہوں گے۔

    یہ ہدایت 7 مارچ سے اگلے ایک ماہ تک ہونے والے امتحانات کے لیے جاری کی گئی ہے۔

    کویت میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے اگلے ایک ماہ تک 12 گھنٹے کا جزوی کرفیو نافذ کیا گیا ہے اور اسی کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے لیے یہ نئی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    گو کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کویت میں گزشتہ پورا سال تعلیم آن لائن ہوئی ہے تاہم کچھ کالجز میں پروفیسر طلبا کو بلوا کر امتحانات بھی لے رہے تھے۔

    اب کمیٹی کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی پروفیسر اس ہدایت کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ کویت کے علاوہ دیگر گلف ممالک میں اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے کھل چکے ہیں تاہم کویت نے ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

  • سعودی عرب: متعدد آن لائن سروسز کا افتتاح

    سعودی عرب: متعدد آن لائن سروسز کا افتتاح

    ریاض: سعودی عرب میں متعدد آن لائن سروسز کا افتتاح کردیا گیا جس سے مقامی و غیر مقامی افراد پاسپورٹ سے متعلق متعدد کام گھر بیٹھے انجام دے سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود نے کئی نئی آن لائن سروسز کا افتتاح کردیا، ان کی بدولت محکمہ پاسپورٹ سے متعلقہ متعدد کام آسان ہوجائیں گے۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نئی آن لائن سروسز سے مقیم غیر ملکیوں، وزٹ ویزے پر آنے والوں، غیر ملکیوں کے اہل و عیال اور ان کی کفالت پر موجود افراد کے کام آسان ہوں گے۔

    سروسز کے ذریعے خلیجی تعاون کونسل میں شامل ممالک کے باشندے، وزٹ ویزوں پر آنے والے، غیر ملکیوں کے اہل و عیال اور ان کے اقامے پر موجود افراد ابشر اکاؤنٹ کھول سکیں گے۔

    وہ یہ کارروائی اس کمپیوٹر نمبر کی بنیاد پر انجام دے سکیں گے جو انہیں ان کے پاسپورٹ پر سعودی عرب میں داخل ہوتے وقت ہوائی اڈے، بندرگاہ یا بری سرحدی چوکی پر دیا گیا ہوگا۔

    اندراج کی یہ کارروائی ہویۃ مقیم (اقامہ کارڈ) نمبر کے ذریعے بھی انجام دی جاسکے گی۔

    وزیر داخلہ نے ابشر افراد ایپلی کیشن پر ای ہویہ مقیم کارڈ سروس کا بھی افتتاح کردیا، اس کی بدولت سعودی عرب میں مقیم تمام غیر ملکی اسمارٹ موبائلز پر ای اقامہ کارڈ محفوظ کر سکیں گے۔

  • آن لائن ورک پرمٹ کیسے حاصل کیا جائے؟ سعودی حکومت کی وضاحت

    آن لائن ورک پرمٹ کیسے حاصل کیا جائے؟ سعودی حکومت کی وضاحت

    ریاض : سعودی حکومت نے غیر ملکیوں کی سہولت کی خاطر فائنل ایگزٹ کے لیے ورک پرمٹ آن لائن نکلوانے کا طریقہ بتا دیا، غیرملکی کارکن کو بذات خود دفتر میں پیش ہونا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ترجمان نے خروج نہائی (فائنل ایگزٹ) ویزا نکلوانے کے لیے ورک پرمٹ کے آن لائن اجرا کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان وزارت افرادی قوت نے اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر کسی غیرملکی ملازم کا ورک پرمٹ ختم ہوگیا ہو اور اس کا ادارہ اسے فائنل ایگزٹ پر وطن واپس بھیجنا چاہتا ہو تو ایسی صورت میں ورک پرمٹ جاری کرایا جا سکتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسے کارکنان کا ورک پرمٹ بھی جاری ہو سکتا ہے جنہیں خروج نہائی پر بھیجا جا رہا ہو اور ان کا ورک پرمٹ بنا ہی نہ ہو۔

    وزارت افرادی قوت کے ترجمان نے اپنے بیان میں آن لائن خروج نہائی ویزا نکلوانے کے لیے ورک پرمٹ جاری کرانے کے طریقہ کار کی وضاحت بھی کی ہے۔

    اس طریقہ کار کے مطابق خواہشمند افراد آن لائن سروس ویب سائٹ وزٹ کا کریں، ادارے کا انتخاب کریں اس کے بعد خروج نہائی کی غرض سے ورک پرمٹ کے اجرا والے خانے کا انتخاب کریں۔

    اگر آپ ورک پرمٹ کا اجرا چاہتے ہوں تو (یس) کو دبائیں پھر مطلوبہ کارکن کا نام درج کریں، اس کے بعد پُش کریں۔
    جس ملازم کو خروج نہائی پر بھیجا ہو اس کا انتخاب کریں (اصدار) اجرا پر پُش کریں اس کے بعد مطلوبہ رقم کا نمبر سامنے آئے گا اور ادائیگی کا نمبر بھی نظر آئے گا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ محکمہ پاسپورٹ جانے سے قبل مطلوبہ فیس ادا کر دیں۔ فیس ادا کرنے کے بعد خروج نہائی ویزے کے اجرا کے لیے جوازات جائیں۔

    اس کے علاوہ سعودی وزارت افرادی قوت نے لیبر آفس کے ذریعے خروج نہائی نکلوانے کے لیے ورک پرمٹ کے اجرا کا کا طریقہ بھی بیان کیا ہے۔

    اس طریقہ کار کے مطابق پہلے لیبر آفس جائیں وہاں خروج نہائی نکلوانے کے لیے ورک پرمٹ نکلوانے کی درخواست دیں۔ لیبر آفس کا اہلکار پیش کردہ دستاویزات چیک کرے گا اور مطلوبہ فیس کی ادائیگی کے لیے آپ کو نمبر جاری کرے گا اور آپ کی درخواست وزارت داخلہ بھیج دے گا۔

    ترجمان نے کہا کہ جوازات جانے سے قبل مطلوبہ فیس ادا کرنا ہوگی، فیس ادا کرکے پھر جوازات جائیں اور وہاں سے خروج نہائی ویزا جاری کروالیں۔

    وزارت افرادی قوت نے اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے ضابطے مقرر کیے ہیں۔ غیرملکی ملازم ڈیوٹی پر ہو اور اس کا ورک پرمٹ یا اقامہ ختم ہوگیا ہو۔غیرملکی ملازم نطاق والے نظام میں شامل ہو۔

    وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے اس سہولت سے استفادے کے لیے نجی ادارے کی بابت شرائط مقرر کی ہیں۔ کوئی بھی نجی ادارہ وہ کسی بھی نطاق والا ہو اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

    ایسے کسی بھی ادارے کو اپنے ملازم کے لیے خروج نہائی کا ویزا جاری کرانے کے لیے ورک پرمٹ کے اجرا کی اجازت اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک کہ غیرملکی کے اقامے کی تاریخ ختم ہونے پر30 دن نہ گزر جائیں یا نئے ملازم کی آمد پر 120روز کا عرصہ نہ گزر چکا ہو۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ غیرملکی کارکن بذات خود لیبر آفس سے رجوع کرکے خروج نہائی ورک پرمٹ جاری کرا سکتا ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ غیرملکی کارکن کو سعودی عرب میں داخل ہونے والے کمپیوٹر نمبر کی بنیاد پر خروج نہائی مل سکتا ہے بشرطیکہ مملکت آمد پر نوے دن سے زیادہ ہو چکے ہوں۔

    محکمہ پاسپورٹ کے اہلکار ایسی صورت میں اسے اقامہ نمبر اور خروج نہائی دونوں بیک وقت جاری کر سکتے ہیں۔

  • رواں برس عالمی اردو کانفرنس کس طرح منعقد ہوگی؟

    رواں برس عالمی اردو کانفرنس کس طرح منعقد ہوگی؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے سب سے بڑے ثقافتی و ادبی اجتماع عالمی اردو کانفرنس کی رونقیں بھی کرونا وائرس کے باعث ماند پڑ گئیں، رواں برس عالمی اردو کانفرنس آن لائن منعقد کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے آرٹس کاؤنسل کے صدر احمد شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس میں انہوں نے تصدیق کردی کہ رواں برس تیرہویں عالمی اردو کانفرنس آن لائن منعقد کی جائے گی۔

    احمد شاہ کا کہنا تھا کہ عالمی اردو کانفرنس گزشتہ 12 برس سے ہورہی ہے اور یہ اس کا تیرہواں سال ہے، اس سال بھی کرونا وائرس کی وبا کے باوجود یہ مکمل اہتمام سے منعقد کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہر سال اردو کانفرنس کے موقع پر آرٹس کاؤنسل میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی، یہی وجہ ہے کہ حالات کو دیکھتے ہوئے اس بار اس میں عوام کی شرکت کو محدود کیا جارہا ہے۔

    احمد شاہ نے بتایا کہ اس سال بھی نہ صرف پورے ملک بلکہ پوری دنیا سے مہمان و معززین کانفرنس میں شرکت کریں گے تاہم بڑی عمر کے معززین، مصنفین، شاعر اور اہل ادب، جن کی صحت کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، اس سال آن لائن شرکت کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ بھارت سے معروف شاعر گلزار اور ان کی اہلیہ و اداکارہ شبانہ اعظمی بھی آن لائن اس کانفرنس میں شرکت کریں گی۔

    احمد شاہ کے مطابق کانفرنس میں سیشنز حسب معمول منعقد ہوں گے البتہ عام افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا، اس کی کوریج کے لیے صحافیوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی، علاوہ ازیں محدود تعداد میں مصنفین و شاعر حضرات بھی شریک ہوسکیں گے تاہم انہیں پہلے سے رجسٹریشن کروانی ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 3 دسمبر کی شام 4 بجے سے شروع ہونے والی کانفرنس کے تمام سیشنز آرٹس کاؤنسل کے یوٹیوب اور فیس بک صفحات سے لائیو نشر کیے جائیں گے۔

    تیرہویں عالمی اردو کانفرنس 3 دسمبر سے 6 دسمبر 2020 تک منعقد کی جائے گی۔