Tag: Online business

  • انٹرنیٹ کی سست رفتار :کئی کمپنیوں نے پاکستان میں کام بند کردیا

    انٹرنیٹ کی سست رفتار :کئی کمپنیوں نے پاکستان میں کام بند کردیا

    وطن عزیز میں گزشتہ ماہ سے انٹرنیٹ کی سست رفتاری کے باعث جہاں سماجی رابطوں میں دشواری کا سامنا ہے اور ساتھ ہی آن لائن کام کرنے والے لوگ بھی ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔

    پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد جن میں نوجوان طبقہ قابل ذکر ہے، ان کی روزی روٹی کا دارومدار انٹرنیٹ کے ارد گرد گھومتا ہے اس سست رفتاری کی وجہ سے ان کے کام بھی کھٹائی میں پڑگئے اور کلائنٹس نے بھی رابطے منقطع کرنا شروع کردیے ہیں۔

    کراچی کا ایک ایسا ہی اذہان نامی نوجوان جو ایک اسکول کا طالب علم ہے اپنے آن لائن کلائنٹ کے جانے سے پریشانی کا شکار ہے۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کی رپورٹ کے مطابق اذہام نے بتایا کہ اسکول سے آنے کے بعد کام کرتا ہوں لیکن اب بہت مشکلات پیش آرہی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

    ان کا کہنا ہے کہ میں ایک بڑے پروجیکٹ پر کام کررہا تھا 60 آرڈرز تھے میرے پاس لیکن انٹرنیٹ کی سست رفتاری سے بہت زیادہ مسائل ہورہے ہیں۔

    ایک فری لانسر عبدالحئی بھی ہیں جن کا ذریعہ معاش بھی انٹرنیٹ سے منسوب ہے، یہ نوجوان بھی انٹر نیٹ سلو ہونے سے مسائل کا شکار ہیں۔

    عبدالحئی کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ چلنے میں بہت دشواری ہورہی ہے جس کی وجہ سے اپنی ٹیم کے لوگوں سے رابطے نہیں ہوپا رہے۔

    رپورٹ کے مطابق فری لانسرز کیلئے کام کرنے والی مختلف کمپنیوں نے پاکستان میں انٹرنیٹ اسپیڈ نہ ہونے کی وجہ سے کام بند کرنا شروع کردیا ہے۔

    انٹرنیٹ کی سست روی نے جس طرح فری لانسرز کیلئے مشکلات کھڑی کی ہیں تو دوسری جانب انٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستان کے تشخص کو بھی متاثر کیا ہے۔

    انٹرنیٹ سست ہونے کی وجہ سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے بھی پریشان ہیں، ٹیکس دہندگان کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کا فارم اوپن نہیں ہو رہا ہے اور دستاویز اپ لوڈ نہیں ہو رہیں۔

  • پاکستان میں آن لائن کاروبار کا لائسنس حاصل کرنے کا طریقہ

    پاکستان میں آن لائن کاروبار کا لائسنس حاصل کرنے کا طریقہ

    اسلام آباد : دنیا بھر کی طرح اب پاکستان میں بھی لائسنس کے بغیر آن لائن کاروبار ممنوع ہے جس کیلئے لائسنس کا حصول لازمی قرار دے دیا گیا ہے جس کی تفصیل ایف بی آر  نے جاری کردی۔

    اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اپنی ویب سائٹ پر آن لائن کاروبار کرنے والوں (وینڈرز/انٹیگریٹڈ انٹرپرائزز) کے لیے لائسنس حاصل کرنے کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔

    انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترمیم کے لیے ایف بی آر کی جانب سے ایک ایس آر او (قانونی ریگولیٹری حکم نامہ) 1845(l)2023جاری کیا گیا ہے۔

    اس حکم نامے کے تحت ڈیجیٹل انیشیٹوز کے ممبر لائسنسنگ کمیٹی کا کنوینر بنانے کے لیے کسی ایسے افسر کا تقرر کریں گے جو ایڈیشنل کمشنر (بی پی ایس-19) سے نیچے نہ ہو۔

    FBR

    لائسنسنگ کمیٹی درخواستوں کا جائزہ لے گی اور لائسنس کی تجدید کے لیے ممبر ڈیجیٹل انیشیٹوز کو سفارشات پیش کرے گی۔

    لائسنسنگ کمیٹی کا کنوینر سسٹم کی مجموعی نگرانی اور سسٹم کے آپریشن کے دوران پیش آنے والے مسائل کو حل کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا ذمہ دار ہوگا۔

    درخواست موصول ہونے پر بورڈ اپنی نامزد کردہ کمیٹی کے ذریعے الیکٹرانک فسکل ڈیوائس کے برانڈ، ماڈل اور تفصیلات کی منظوری کا تعین کرے گا، جس کا مطلب ہے کہ ایک سیل ڈیٹا کنٹرولر اور کم از کم ایک پوائنٹ آف سیل پر مشتمل نظام ایک ساتھ منسلک ہوں گے۔

    کاروبار

    ایکریڈیٹیشن کے عمل کے دوران، سپلائر کو لائسنسنگ کمیٹی کو معلومات اور ڈیوائسز تک رسائی اور اس عمل کو انجام دینے کے لیے معقول طور پر درکار کوئی دوسری مدد فراہم کرنی ہوگی۔

    ایف بی آر نے مزید کہا کہ لائسنسنگ کمیٹی درخواست جمع کرانے کی تاریخ کے پندرہ دنوں کے اندر کسی بھی درخواست کو منظور یا مسترد کرے گی، اور قوانین کے تحت کسی بھی درخواست کی منظوری یا مسترد کرنے کی وجوہات بتائے گی۔

  • سعودی عرب میں آن لائن کاربار میں کئی فیصد اضافہ

    سعودی عرب میں آن لائن کاربار میں کئی فیصد اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں صرف چند ماہ کے دوران آن لائن کاروبار میں 32 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران مملکت میں آن لائن کاروبار میں سالانہ کی بنیاد پر 32 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔

    وزارت تجارت نے اپنے بیان میں کہا کہ سنہ 2023 کی پہلی سہ ماہی میں 4 ہزار 93 سجل تجاری (لائسنس) جاری ہوئے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران ان کی تعداد 3 ہزار 499 تھی۔

    وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ سنہ 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران آن لائن کاروبار کے لیے سب سے زیادہ سجل تجاری ریاض ریجن میں جاری ہوئے جن کی تعداد 13 ہزار 195 ریکارڈ کی گئی۔

    مکہ مکرمہ میں 8 ہزار 605، مشرقی ریجن میں 5 ہزار 294، مدینہ منورہ میں 16 سو 49 اور القصیم میں 11 سو 7 لائسنس جاری ہوئے۔

    خیال رہے کہ مملکت بھر میں مؤثر ہوم ڈلیوری سروس کے باعث آن لائن کاروبار کا دائرہ بھی وسیع ہوا ہے جس سے وقت کی بھی بچت ہو رہی ہے۔

  • سعودی عرب : آن لائن خریداری میں نمایاں اضافہ

    سعودی عرب : آن لائن خریداری میں نمایاں اضافہ

    ریاض ایوان تجارت نے رپورٹ جاری کرکے کہا ہے کہ سعودی عرب دنیا بھر میں آن لائن کاروبار کی بڑی مارکیٹ بن گیا ہے، اس کا آغاز سال2019 میں ہوا تھا،2020 کے دوران آن لائن کاروبار کا حجم 5.7 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

    ایس پی اے کے مطابق ریاض ایوان تجارت کا کہنا ہے کہ مملکت میں آن لائن کاروبار کی شروعات2001 میں ہوئی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مملکت میں آن لائن کاروبار کا قومی پیداوار میں حصہ گزشتہ برس 10482 ملین ڈالر کا رہا۔

    آن لائن کاروبار میں ملبوسات اور جوتوں کا کاروبار 3209 ملین ڈالر کا ہوا، دوسرا نمبر الیکٹرانک سامان کا رہا جس میں2998ملین ڈالر تک کا کاروبار ہوا۔

    تیسرا نمبر فرنیچر اور گھریلو سامان کا رہا جس میں 1477 ملین ڈالر کا سامان خریدا گیا، آن لائن سب سے کم کاروبار خوراک اور ادویہ کا رہا جو 776 ملین ڈالر تک محدود رہا۔

    ریاض ایوان تجارت نے مملکت میں آن لائن کاروبار کے حال پر رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہمارا مقصد ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مملکت کے آن لائن کاروبار کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انٹرنیٹ اور سماجی رابطہ وسائل کے استعمال میں روز افزوں اضافے نے سال رواں کے دوران آن لائن کاروبار کے مواقع بڑھا دیے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس انٹرنیشنل آن لائن کے بڑھتے ہوئے کاروبار کے گراف سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سعودی عرب عالم عرب کی سطح پر دوسرے اور 152 ملکوں میں عالمی سطح پر 49 نمبر پر رہا۔