Tag: OPCW

  • پاکستان کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کا رکن منتخب

    پاکستان کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کا رکن منتخب

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کا رکن منتخب ہوگیا ہے، پاکستان کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم کا ایک فعال رکن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کے لیے منتخب ہوگیا ہے، پاکستان کو 24-2022 تک پھر تنظیم کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ انتخابات 29 نومبر سے 2 دسمبر تک ہیگ میں اجلاس کے دوران ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق ایگزیکٹو کونسل کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم کا پالیسی ساز ادارہ ہے۔ پاکستان کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم کا ایک فعال رکن ہے۔ پاکستان تنظیم کے مقاصد کی تکمیل کے لیے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایگزیکٹو کونسل کے لیے دوبارہ منتخب ہونا پاکستان کے مثبت کردار کا ثبوت ہے۔

  • پاکستان ایک بار پھر کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کیلئے تنظیم کا ممبر منتخب

    پاکستان ایک بار پھر کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کیلئے تنظیم کا ممبر منتخب

    اسلام آباد : پاکستان ایک بار پھر کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کیلئے عالمی تنظیم او پی سی ڈبلیو کی ایگزیکٹیو کونسل کا ممبرمنتخب ہوگیا۔

    اس حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس عالمی تنظیم میں دو سال کیلئے ممبر منتخب کیا گیا ہے،25سے29نومبر کو دی ہیگ میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کی تائید ہوئی۔

    ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ پاکستان اوپی سی ڈبلیو کا فعال رکن رہا ہے، پاکستان کنونشن کے مقاصد اور اس کے فروغ کیلئے کوششیں بھی کرتا رہا ہے. پاکستان1997 سےممبرکی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سے قبل بھی او پی سی ڈبلیو کے معمول کے معائنے کی میزبانی کرتا رہا ہے, او پی سی ڈبلیو پاکستان کی کاوشوں پر اطمینان اور تعریف کا اظہار کرتا رہا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ ایگزیکٹو کونسل میں پاکستان کا دوبارہ انتخاب او پی سی ڈبلیو کے کردار کو مستحکم کرنے اور اہداف کو فروغ دینے میں عزم کی گواہی ہے۔

    او پی سی ڈبلیو کیمیائی ہتھیاروں کے ضابطے کے لیے ایک معاہدے کا نام ہے، جو کیمیائی ہتھیاروں کی پیداوار، ذخیرہ اور استعمال کو غیر قانونی بناتا ہے.

    کیمیائی ہتھیاروں کے ارتقا، پیداوار، ذخیرہ اور استعمال کی ممانعت پر اور ان کی تباہی پر یہ تنظیم برائے ممانعت کیمیائی ہتھیار کے زیر انتظام ہے۔

  • کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کا ادارہ، فرانس کی نئی تجویز

    کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کا ادارہ، فرانس کی نئی تجویز

    پیرس: فرانس نے نیدر لینڈ میں قائم کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے ( او پی سی ڈبلیو) کے تحت ایک نئے میکانزم کی تجویز پیش کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق او پی سی ڈبلیو کو صرف یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی جگہ کیمیائی حملے کی نشاندہی کرتا ہے اسے یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ یہ بتائے کہ حملہ کس ملک کی جانب سے کیا گیا ہے تاہم اب نئے میکانزم کے ذریعے کیمیائی ہتھیاروں کے روک تھام کا ادارہ یہ بھی بتا سکے گا کہ حملہ کس ملک نے کیا ہے۔

    فرانس کے اتحادی ممالک اور مغربی طاقتیں کیمیائی ہتھیاروں کے حملوں کے ذمے داروں کے تعین کے لیے فرانس کی پیش کردہ نئی تجویز کا جائزہ لے رہی ہیں، جسے فوری طور پر عملی شکل دینے کے لیے بھی مشاورت جاری ہے۔

    شام میں کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے کا معائنہ

    خیال رہے کہ او پی سی ڈبلیو کی ایگزیکٹو کونسل اکتالیس ارکان پر مشتمل ہے اور اس میں کسی قرارداد کی منظوری کے لیے ستائیس ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے، البتہ ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے میکانزم پر روس اور ایران کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ روس کی جانب سے شامی شہر دوما میں کیمیائی حملہ کیا گیا تھا جس سے متعدد افراد شہید ہوگئے تھے اس حوالے سے تحقیات کے لیے کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے ’او پی سی ڈبلیو‘ نے گذشتہ روز دوما کا دورہ کیا اور جائے وقوعہ سے نمونے بھی اکھٹے کئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • شام میں کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے کا معائنہ

    شام میں کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے کا معائنہ

    دمشق: کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ادارے (او پی سی ڈبلیو) کی جانب سے شامی شہر دوما میں کیمیائی ہتھیار کے استعمال سے متعلق چھان بین کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں دمشق کے نواحی علاقے مشرقی غوطہ میں واقع شہر دوما میں روس کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت درجنوں افراد جاں بحق ہوگئے تھے، اسی واقعے کے حوالے سے ’او پی سی ڈبلیو‘ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور نمونے اکھٹے کیے۔

    روس کا عالمی ماہرین کودوما میں جانےکی اجازت دینے کا اعلان

    عالمی میڈیا کے مطابق شامی شہر دوما میں مبینہ کیمیائی حملوں کی تحقیقات کی خاطر یہ معائنہ کار وہاں پہنچے، اور اس چھان بین کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ سات اپریل کو ہونے والے حملے میں آیا کسی ممنوعہ کیمیکل مواد کا استعمال کیا گیا تھا یا یہ محض جھوٹے دعوے ہیں۔

    دوسری جانب ترجمان او پی سی ڈبلیو کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جائے وقوعہ سے نمونے اکھٹے کر لیے ہیں، تاہم اس حوالے سے  لیبارٹری میں معائنہ کیا جارہا ہے، تین سے چار ہفتوں میں رپورٹ مرتب کر لی جائے گئ جس کے بعد واضح ہوگا کہ آیا کیمیائی ہتھیار کا استعمال کیا گیا ہے یا نہیں۔

    غیر ملکی ایجنٹس نے شام میں کیمیائی حملے کا ڈرامہ رچایا: روسی وزیر خارجہ

    خیال رہے کہ رواں ماہ 7 اپریل کو شام کے علاقے دوما میں کیمائی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت درجنوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے بعد ازاں امریکا اور اس کے اتحادیوں نے حملے کا الزام براہ راست روس پر عائد کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان ایک بارپھرکیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی عالمی تنظیم کا رکن منتخب ہوگیا

    پاکستان ایک بارپھرکیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی عالمی تنظیم کا رکن منتخب ہوگیا

    ہیگ: کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی عالمی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) کی مجلسِ عاملہ نے 2016 سے 2018 تک لئے رکن منتخب کرلیا۔

    دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کیمیائی ہتھیاروں کی عالمی تنظیم کے رکن ممالک کا اجلاس 30 نومبرسے چاردسمبر2015 تک جاری رہا۔

    اجلاس میں کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے لئے پاکستان کی خدمات کے اعتراف کے لئے پاکستان کو آئندہ دو سال کے لئے تنظٰیم کا رکن منتخب کرلیا گیا ہے۔

    دفترِخارجہ کی جانب سے او پی سی ڈبلیو میں تعینات پاکستان کےمستقل نمائندے معظم احمد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے لئے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور اس حوالے سے پاکستان کے عزم کے بارے میں گفتگو کی۔

    انہوں زور دیا کہ پاکستان عالمی دنیا کے شانہ بشانہ دنیا کو کیمیائی ہتھیاروں سے پاک کرنے کی مہم میں شریک ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے کنونشن کو قبول کرنے والے اولین ممالک میں شامل ہے اور کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی تنظیم کا متحریک رکن ہونے کے ساتھ ایشیا میں تنظیم کا معاون بھی ہے۔