Tag: opens fire

  • سماجی فاصلہ نہ رکھنے سے پریشان امریکی شخص نے فائر کھول دیا

    سماجی فاصلہ نہ رکھنے سے پریشان امریکی شخص نے فائر کھول دیا

    امریکا میں ایک شخص نے سماجی فاصلہ نہ رکھنے پر پریشان ہو کر ماں اور اس کے بیٹے پر فائرنگ کردی، واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

    پولیس کے مطابق 47 سالہ ڈگلس مارکز ریاست فلوریڈا کے میامی بیچ ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا۔ سوموار کی صبح اس کا سامنا ہوٹل کی لابی میں ورونیکا نامی خاتون اور اس کے بیٹے سے ہوا۔

    ورونیکا نیو میکسیکو سے اپنے بیٹے کے ساتھ میامی پہنچی تھیں۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ڈگلس نے ان دونوں کو دیکھ کر کہا آپ سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھ رہے۔

    ڈگلس نے ان سے کہا کہ وہ دونوں فوری طور پر ہوٹل چھوڑ کر چلے جائیں، اس کے بعد اس نے پستول نکال کر لابی میں ادھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

    لابی میں موجود ایک شخص نے تمام واقعے کی ویڈیو بنا لی۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

    پولیس کے سامنے ڈگلس نے فائرنگ کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کوئی اس کی مسلسل نگرانی کر رہا تھا اسی لیے اس نے پریشان ہو کر فائرنگ کی، اس نے استقبالیہ ڈیسک پر جا کر انہیں پولیس کو کال کرنے کا بھی کہا۔

    پولیس نے ڈگلس کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔

  • برازیل: چرچ میں نامعلوم شخص کی فائرنگ، 5 افراد ہلاک متعدد زخمی

    برازیل: چرچ میں نامعلوم شخص کی فائرنگ، 5 افراد ہلاک متعدد زخمی

    براسیلیا : برازیل کے شہر کیمپیناس میں واقع چرچ میں نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق برازیلی شہر کیمپناس میں واقع مسیحی عبادت گاہ (چرچ) میں مسلح شخص نے دوران عبادت فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چرچ میں فائرنگ کرنے والے 38 سالہ شخص کے حملے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

    واقعے کی عینی شاہد خاتون نے بتایا کہ جیسے ہی حملہ آور نے چرچ میں فائرنگ شروع کی لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی متعدد افراد گرنے کی وجہ سے بھی زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چرچ میں مذہبی رسومات جاری تھیں کہ ملزم نے پستول اورریولور سے فائرنگ کردی اور پہلے اپنے عقب میں بیھٹے ہوئے لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنانے کے بعد مختلف سمت میں گولیاں برسائیں۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کیمپناس برازیل کا صنعتی شہر ہے جو ساؤ پالو شہر نے 100 کلومیٹر دور شمال مغرب میں واقع ہے۔

    مزید پڑھیں : امریکی ریاست ٹیکساس کے چرچ میں فائرنگ‘ 27 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گذشتہ برس امریکی ریاست ٹیکساس کے چرچ میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 27 افراد ہلاک جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب چرچ میں عبادات کی جا رہی تھی۔