Tag: operation Radd ul fasad

  • مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، ایک دہشتگرد ہلاک، اہلکارشہید

    مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، ایک دہشتگرد ہلاک، اہلکارشہید

    راولپنڈی : بلوچستان کے علاقے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرکے ایک دہشت گرد ہلاک اور دو کو زخمی کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار بھی شہید ہوگیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر کالعدم بی ایل اے کے مشتبہ ٹھکانوں پرکارروائی کی گئی.

    اس دوران دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک اور اس کے دو ساتھی زخمی ہوگئے، دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکیورٹی اہلکار جام شہادت نوش کرگیا.

    مذکورہ کارروائی شمالی وزیرستان کےعلاقے شرارہ الگد میں میں کی گئی، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور بھاری تعداد میں گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جس میں سب مشین گنز، راکٹ لانچر، مارٹرگولے، رائفلز اور دستی بم شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: بلوچستان، آپریشن ردالفساد، دہشت گردوں کے چھ ٹھکانے تباہ، پانچ گرفتار

    یاد رہے سابق آرمی چیف راحیل شریف کے دور سپہ سالاری میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کے تسلسل میں موجودہ سربراہ پاک فوج جنرل قمر باجوہ نے فسادیوں کے خلاف آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا تھا جو ملک بھر میں بڑی کامیابی سے جاری ہے.۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آپریشن ردالفساد: دہشت گردوں سمیت26سہولت کارگرفتار

    آپریشن ردالفساد: دہشت گردوں سمیت26سہولت کارگرفتار

    راولپنڈی : آپریشن ردالفساد میں فیصل آباد سے دہشت گردوں کے چھبیس سہولت کار گرفتار کر لیے گئے جبکہ گوجرانوالہ سے تین دہشت گرد اور بہاولپورسے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں فساد پھیلانے والوں کے خلاف آپریشن ردالفساد پوری قوت سے جاری ہے۔ فیصل آباد اور اس کے گردونواح میں پنجاب رینجرز، پولیس، سی ٹی ڈی انٹیلی جنس اوردیگرایجنسیوں نے کامیاب کارروائیاں کرکے متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان رینجرزکے مطابق آپریشن میں دہشت گردوں کے چھبیس سہولت کار پکڑے گئے ہیں۔ ملزمان سے اسلحہ، بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

    گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے تین مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، دہشت گرد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

    گرفتاردہشت گردوں میں سمیع اللہ، یوسف طارق اورمنصوراحمد شامل ہیں۔ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس، کولربم، پائپ بم، پرائماکارڈز اور بھاری تعداد نقدی برآمد ہوئی ہے۔

    علاوہ ازیں بہاولپور میں سی ٹی ڈی نے جیل روڈ پر کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کےدہشت گرد ندیم اقبال کودھر لیا۔ دہشت گرد کے قبضے سے ڈھائی کلو دھماکا خیز مواد، جیکٹ،ڈیوائسز برآمد ہوئی ہیں، مذکورہ دہشت گرد حساس مقامات پرتخریب کاری کی واردات کرنا چاہتا تھا۔

  • آپریشن ردالفساد : جماعت الاحرار کے 3 کارندوں سمیت 5 دہشتگرد گرفتار

    آپریشن ردالفساد : جماعت الاحرار کے 3 کارندوں سمیت 5 دہشتگرد گرفتار

    گوجرانوالہ : ملک بھر میں بھرپور قوت کے ساتھ آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیاں جاری ہیں ۔ گوجرانوالہ سے جماعت الاحرار کے تین کارندے پکڑے گئے دیگر شہروں سے بھی درجنوں ملزم دھر لیے گئے۔

    تفصیلات کےمطابق کاؤننٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ معلومات پرگوجرانوالہ میں ایک کامیاب کارروائی کر کے تین مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلیے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق تینوں گرفتار دہشت گردوں کا تعلق جماعت الاحرارسے ہے، گرفتار دہشت گرد حساس تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے.

    دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد ہواہے۔ دوسری جانب سوات میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے اہم دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، ملزم داؤد دو ہزار سات میں اسکولوں کو جلانے میں ملوث رہا ہے.

    سی ٹی ڈی نے نوشہروفیروز کے علاقے محراب پور میں کارروائی کر کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، گرفتار دہشت گرد کا تعلق قوم پرست جماعت سے ہے، ملزم محراب پور ریلوے ٹریک بم دھماکے کا مرکزی ملزم ہے۔

  • آپریشن رد الفساد: اسلام آباد سے 4 مطلوب ملزمان گرفتار

    آپریشن رد الفساد: اسلام آباد سے 4 مطلوب ملزمان گرفتار

    ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں۔ راولپنڈی، رحیم یار خان اور چنیوٹ سمیت کئی شہروں میں آپریشن کے دوران ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آپریشن رد الفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز نے ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی اداروں نے گوہرہ مست، باغ جوئیاں و گرد و نواح میں آپریشن کر کے 4 مطلوب ملزمان سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 180 گھروں کی تلاشی لی۔

    پنجاب کے شہر ٹیکسلا میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کر کے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ راولپنڈی کے دیگر علاقوں میں آپریشن میں 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان میں بھتہ خور گروہ کا سرغنہ بھی شامل ہے۔

    مزید پڑھیں: دہشت گردوں کے خلاف سیاسی و عسکری تعاون بڑھانے کا فیصلہ

    رحیم یار خان میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 15 ملزمان کو گرفتار کیا۔

    لیاقت پور میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 8 مشکوک افراد کو گرفتار اور 170 کی بائیو میٹرک تصدیق کی۔

    دریا خان کے نواحی علاقے ڈلے والا میں پولیس سرچ آپریشن کے دوران 15 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان سے اسلحہ و منشیات بھی برآمد ہوئی۔

    میانوالی کے مختلف مقامات پر پولیس کے آپریشن میں گھروں اور خیمہ بستیوں کی تلاشی لی گئی۔ دوران آپریشن 93 مشکوک افراد کو حراست میں لیا۔

    چنیوٹ میں پولیس حراست سے فرار دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ملزم کے سر کی قیمت مقرر تھی۔

  • آپریشن رد الفساد: ملک بھر سے غیر ملکیوں سمیت درجنوں افراد گرفتار

    آپریشن رد الفساد: ملک بھر سے غیر ملکیوں سمیت درجنوں افراد گرفتار

    دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن رد الفساد پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ پشاور میں دہشت گردوں کے 2 سہولت کاروں اور غیر ملکیوں سمیت ملک بھر سے 40 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امن دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے آپریشن رد الفساد جاری ہے۔ صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کی۔

    کارروائی میں چمکنی موڑ سے افغانستان سے تعلق رکھنے والے 2 سہولت کار وں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان نے تہکال میں پولیس موبائل پر حملے میں سہولت فراہم کی تھی۔

    ادھر صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں ریلوے اسٹیشن پھاٹک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے۔ ڈاکو مظہر اور لیاقت 40 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھے۔

    مزید پڑھیں: بین المذاہب ہم آہنگی کانفرس میں آپریشن رد الفساد کی حمایت

    لاہور میں یکی گیٹ کے علاقے میں پولیس اور رینجرز نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔

    شاہ کوٹ پولیس نے پنواں کے قریب ہوٹل میں کارروائی کی جس میں 3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ کارروائی میں ملزمان سے چرس برآمد کرلی گئی۔

    جہانیاں میں پولیس اور حساس اداروں نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    صوبہ سندھ میں کراچی کے علاقے سول لائن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کرایہ داری ایکٹ کے تحت 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔ نارتھ ناظم آباد سے دو منشیات فروش گرفتار کرلیے گئے۔

  • آپریشن رد الفساد میں تیزی، متعدد افراد گرفتار

    آپریشن رد الفساد میں تیزی، متعدد افراد گرفتار

    لاہور : پنجاب سمیت ملک بھرمیں آپریشن ردالفساد کے تحت دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے، مختلف شہروں میں کومبنگ آپریشن کے دوران متعدد دہشتگردوں کو گرفتار اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن رد الفساد میں تیزی آگئی ہے، میانوالی کے علاقے موسی خیل ڈھک پہاڑی میں پولیس اور حساس اداروں نے کومبنگ آپریشن میں تینتیس مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا، ڈی پی او میانوالی کے مطابق تمام راستے سیل کرکے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ زیر حراست افراد کی بائیومیٹرک کے ذریعے جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔

    خیرپور کے علاقے سرائے گھنور خان میں محلے کا گھیراؤ کر کے گھر سے بم بنانے کا سامان برآمد کرلیا گیا جبکہ سرچ آپریشن کے دوران دیگر آتشی مواد بھی قبضےمیں لے لیا گیا ہے۔


    مزید پڑھیں : آپریشن ردالفساد : 72 دہشت گرد گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد


    کراچی میں پولیس اورقانون نافذ کرنیوالے اداروں کیجانب سے ملک دشمنوں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، گلبرگ میں پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتارملزمان میں غیرقانونی طورپرمقیم افغان باشندوں سمیت دیگر جرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں، جنکے قبضے سے اسلحہ،منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔

    گرفتارملزمان کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے، ڈیفنس پولیس نے بھی ایک کارروائی کے دوران ایک شخص کو گرفتار ر کے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔

  • آپریشن ردالفساد : پاک فوج نے عوام کیلئے ہاٹ لائن متعارف کرادی

    آپریشن ردالفساد : پاک فوج نے عوام کیلئے ہاٹ لائن متعارف کرادی

    لاہور: پاک فوج نے عوام کو مطلع کیا ہے کہ دہشت گردی کے قلع قمع کیلئے جاری آپریشن "ردالفساد” کو مزید مؤثر بنانے کیلئے عوام پنجاب رینجرز کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں اس حوالے سے درج ذیل فون نمبرز اور واٹس ایپ پر براہ راست رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن "ردالفساد” میں پنجاب رینجرز کی معاونت کی جاسکتی ہے۔

    عوام کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع کیلئے رینجرزسے رابطہ کرسکتے ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق عوام 99220030-042 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

     کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع کیلیے نمبر 99221230-042 پر رابطہ کرسکتے ہیں،اس کے علاوہ واٹس ایپ کےلئے 8880100-0340پررابطہ کیاجاسکتا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عوام 8880047-0340 پر بذریعہ ایس ایم ایس بھی آگاہ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس ایڈریس پر  [email protected] ای میل کی جاسکتی ہے ،