Tag: operation-swift-retort

  • سیسنا طیارے پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے حوالے سے علامتی عکاسی

    سیسنا طیارے پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے حوالے سے علامتی عکاسی

    کراچی: سیسنا طیارے پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے حوالے سے علامتی عکاسی کر کے ایک نجی اسکائی ونگز ایوی ایشن نے پاک فضائیہ کے غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 4 سال مکمل ہو گئے ہیں، اسکائی ونگز ایوی ایشن نے پاک فضائیہ کے ہیروز کو خراج پیش کرنے کے لیے سیسنا جہاز کو پینٹ کیا۔

    سی ای او اسکائی ونگز ایوی ایشن عمران اسلم خان نے بتایا کہ طیارے پر بھارت کے پکڑے گئے ونگ کمانڈر ابھی نندن کی تصویر بنا کر بھارت سے پوچھا گیا ہے کہ چائے کیسی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ یہ طیارہ 27 فروری 2019 کے پاک بھارت تنازعے کی تصویر کشی کرتا ہے، جب ہمارے محافظوں نے دو ہندوستانی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا، بھارتی ایئر فورس نے پاکستان کی فضائی حدود میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔

    عمران اسلم خان نے کہا ’’اسکائی ونگز کا سیسنا 152 ٹرینر ہوائی جہاز جس کو تربیت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، قوم کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے، ہم اپنے ہیروز کی عزت کرتے ہیں اور پوری قوم ان کے پیچھے کھڑی ہے۔‘‘

    جہاز پر ایم ایم عالم اور حسن صدیقی کی تصاویر بھی پینٹ کی گئی ہیں، جہاز پر بنی پینٹنگ میں 1965 اور 2019 میں ہندوستانی فضائیہ کے طیاروں کو مار گرانے کے دو واقعات کی علامتی عکاسی کی گئی ہے۔

    عمران اسلم خان کے مطابق جہاز پر کشمیر کی وادیوں کو پاکستان اور کشمیر دونوں کے جھنڈوں کے ساتھ دکھایا گیا ہے، انھوں نے کہا ہم مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کرتے ہیں، کشمیر پر استصواب رائے کے لیے اقوام متحدہ کی 05 جنوری 1949 کی قرارداد پر عمل تاحال زیر التوا ہے، لیکن مشرقی تیمور کے بارے میں اقوام متحدہ کی سپریم کورٹ کی 1999 کی قرارداد 1264 پر بہت تیزی سے عمل درآمد کیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ ہوائی جہاز کو مشہور ٹرک آرٹسٹ حیدر علی نے پینٹ کیا ہے، اور اس طیارے کو امن اور محبت کا نام دیا گیا ہے، طیارے پر دونوں علامتیں پینٹ کی گئی ہیں۔

  • 27فروری : پاک فوج کے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 4 سال مکمل

    27فروری : پاک فوج کے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 4 سال مکمل

    ستائیس فروری2019 کو افواج پاکستان نے بھارت کو جو کرارا جواب دیا وہ آج بھی ہر زبان پر عام ہے، پاک فوج کے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو آج 4سال مکمل ہوگئے۔

    مودی نے پلواما میں اپنے فوجیوں کو مروانے کا ڈرامہ رچاتے ہوئے الزام پاکستان پر لگایا، جس کے بعد بھارتی طیاروں نے26فروری 2019کو بالاکوٹ میں درخت اور کوے مار گرائے تھے۔

    پاکستان کے شاہینوں نے جب اڑان بھری تو بھارتی طیاروں کی سٹی گم ہوگئی، شاہینوں کے اڑان بھرتے ہی بزدل بھارتی طیارے پے لوڈ گرا کر بھاگ نکلے تھے۔

    پاکستان نے علی الاعلان بھارت کو سرپرائز دینے کا فیصلہ کیا اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان جوابی کارروائی کرنے کا سوچے گا نہیں بلکہ جوابی کاررروائی کرے گا۔

    وزیر اعظم کے خطاب کے اگلے ہی دن پاک فوج نے کرار جواب بھی دے دیا، پاکستان کے جرات مندانہ کرارے جواب "آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ” کو پوری دنیا نے سراہا۔

    27فروری2019کو دراندازی کرنے والے2بھارتی طیاروں کو پاکستان نے مار گرایا نہ صرف گرایا بلکہ پاکستان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو زندہ گرفتاربھی کیا اور بعد ازاں فنٹاسٹک چائے پلاکر باعزت طریقے سے رخصت بھی کیا۔

    اس کے علاوہ پاک بحریہ نے گہرے سمندر میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا، پاک فوج نے ایل او سی پرشاندار ردعمل دیا یہ سب مادروطن کے دفاع کے لیےمسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

  • آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 3 سال مکمل، "پاکستان زندہ باد”

    آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 3 سال مکمل، "پاکستان زندہ باد”

    راولپنڈی: قوم آج 27 فروری کو آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے تین سال مکمل ہونے کا جشن منارہی ہے، وہ تاریخی دن جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے آزاد فضاؤں پر اپنی برتری ثابت کی اور بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان کے بھارت کے خلاف آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے تین سال مکمل ہونے پر ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو تین سال مکمل ہوگئے ہیں، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں پاکستان نے بھارت کی ناکام جارحیت کا بھرپور جواب دیا تھا۔

    میجرجنرل بابر افتخار نے لکھا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کے دو جنگی طیارے مار گرانا بڑی کامیابی تھی اور  پاک بحریہ نے سمندر میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا پیشہ ورانہ انداز میں موثر جواب دیا، مسلح افواج مادر وطنکے دفاع کے لئے پر عزم ہیں، قوم کا عزم اورمسلح افواج کی پیشہ ورانہ تیاری مشکل میں کامیابی کی کلید ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ  جارحیت کے جواب میں صرف ہتھیار اور تعداد نہیں بلکہ قوم کا عزم اورمسلح افواج کی آپریشنل تیاریاں کامیاب رہتی ہیں، پاکستان زندہ باد۔

    پاک فضائیہ کا نغمہ جاری

    آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی مناسبت سے پاک فضائیہ نے نغمہ جاری کیا ہے، نغمے میں آپریشن میں حصہ لینے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق نغمہ ملک کے مایہ ناز گلوکار ‘ساحر علی بگا ‘نے گایا جبکہ عکسبندی پاکستان کے معروف ہدایت کار زوہیب قاضی نے کی۔

    یاد رہے کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کا آغاز لائن آف کنٹرول کے پار 6 بھارتی فوجی ٹارگٹس کا نشانہ بنانے سے شروع ہوا ، جس پر بھارت کی طرف سے مگ 21، ایس یو 30اور میراج 2000 بھجوائے گئے ، جن میں سے 2طیارے پاک فضائیہ کے شاہینوں کا شکار بنے ۔

    بھارتی مگ 21طیارے کا ملبہ پاکستانی علاقے میں گرا اور اس کا پائلٹ ابھی نندن گرفتار ہوا، جبکہ بھارتی ایس یو 30طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا ، جس میں اس کا پائلٹ بھی مارا گیا۔

  • 27 فروری کو دلیر افواج نے فوری کارروائی کرکے پیشہ ورانہ صلاحیت کی مثال قائم کی’

    27 فروری کو دلیر افواج نے فوری کارروائی کرکے پیشہ ورانہ صلاحیت کی مثال قائم کی’

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ 27 فروری کو دلیر افواج نے فوری کاروائی کرکےپیشہ ورانہ صلاحیت کی مثال قائم کی، حکومت، افواج اور عوام دشمن کی کسی مہم جوئی کے خلاف تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے آپریشن سوفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے کے موقع پر بیان میں کہا گیا ہے کہ قوم فخر سے پاکستان کابھارت منہ توڑ جواب یادکر رہی ہے، 26 فروری 2019 کوبھارت نے ہوائی حملے کیے، حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی تھے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حملے پر دلیر افواج نے فوری کاروائی کرکےپیشہ ورانہ صلاحیت کی مثال قائم کی، پاک فضائیہ نے 2بھارتی طیارے گرائے اور ایک بھارتی پائلٹ گرفتار کیا اور دنیا نے دیکھا پاکستان نےایک مرتبہ پھر اپنی علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا۔

    پاکستانی دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان نےبھرپور جوش و جذبے اور ذمےداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرفتار بھارتی پائلٹ کو جذبہ امن کے تحت واپس بھجوا دیا گیا، حکومت،افواج اور عوام کسی قسم کی مہم جوئی کے خلاف تیار ہیں، علاقائی سالمیت اور خودمختاری کےلیے آہنی ارادے سے کام لیں گے۔

    خیال رہے ٹھیک دوسال پہلے آج ہی کے دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے پاکستان میں دراندازی کرنے والے دو بھارتی طیارے مارگرائے اور بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

  • بالاکوٹ دہرایا گیا تو پاکستانی  قوم اپنا دفاع کرنا جانتی ہے، وزیر خارجہ نے بھارت کو خبردار کردیا

    بالاکوٹ دہرایا گیا تو پاکستانی قوم اپنا دفاع کرنا جانتی ہے، وزیر خارجہ نے بھارت کو خبردار کردیا

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ستائیس فروری 2019 کوبھارت کونپاتلا جواب دیا اور اپنی خودمختاری کادفاع کیا، پاکستانی قوم امن کو ترجیح دیتی ہے لیکن بالاکوٹ دہرایا گیا تو یہ قوم اپنا دفاع کرنا جانتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آپریشن سوفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے  کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 26 فروری 2019 کو بھارت نے بالاکوٹ پر حملہ کیا، داس گپتا کی گفتگو کا مطالعہ کریں توپتہ چلتاہےاس کے ذاتی مقاصد تھے، پاکستان نے27فروری کو نپا تلا باوقار جواب دیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج ایک ایسی فضاجنم لےرہی ہے جوبھارت کو مجبوکررہی ہے، وہ اپنی پالیسیز پرنظرثانی کرے، پاکستانی قوم امن کوترجیح دیتی ہے، لیکن بالاکوٹ دہرایا گیا تو یہ قوم اپنا دفاع کرنا جانتی ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نےدنیاکوصرف یہ بارآورکراناتھاکہ ہم اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتےہیں، ہم نےاپنی سرحدوں اوراپنی خود مختاری کادفاع کیا، ہم نے دوطیارے گرائے اور ان کا ایک پائلٹ بھی پکڑا تاہم بعد میں پائلٹ کوجذبہ خیرسگالی کےتحت بھارت کے حوالے کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کا پہلا بیان تھا ، آپ امن کی طرف ایک قدم اٹھائیں ہم دوقدم اٹھانے کو تیار ہیں، افغانستا ن میں امن کے لیے جو کردار ادا کر رہے ہیں وہ دنیا سے ڈھکا چھپا نہیں جبکہ ہم نے مقدس مقامات کےزیارات کے لیے سکھوں پر دروازے کھولے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ بی جےپی سرکارکےبعدسیزفائرکی خلاف ورزیوں میں تشویشناک اضافہ ہوا، 5 اگست کے بھارتی اقدامات کو کشمیریوں نے تسلیم نہیں کیا، وہ اقدامات غیرقانونی تھے، کشمیر کی صورتحال مزید الجھ گئی، بھارت کو اپنے اقدامات پراس کی سول سوسائٹی تنقید کررہی ہے اور کہہ رہی ہےکہ ہم دل اور دماغ کی لڑائی ہار رہے ہیں۔

    مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 5 اگست 2019 کے بعد 5 بار مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا، 74اور75 ویں اجلاس میں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی نشاندہی کی گئی، 120 نشستیں ایسی ہیں جس میں دفترخارجہ اوروزیراعظم نے عالمی طورپراپنی نقطہ نظرپیش کیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دورہ پاکستان میں مسئلہ کشمیرکی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا۔

  • آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ، پاک فضائیہ  کا خصوصی نغمہ ‘صدائے پاکستان’ جاری

    آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ، پاک فضائیہ کا خصوصی نغمہ ‘صدائے پاکستان’ جاری

    اسلام آباد : پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے پر خصوصی نغمہ صدائے پاکستان جاری کردیا، جس میں 27 فروری کے معرکے میں پاک فضائیہ کے سپوتوں کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے آپریشن سوفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے  کے موقع پر خصوصی نغمہ”صدائے پاکستان” جاری  کردیا، نغمے میں مایہ ناز گلوکار علی حمزہ نے آواز کا جادو جگایا۔

    ملی نغمے میں پاک فضائیہ کے ان سپوتوں کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے ، جنہوں نے 27 فروری 2019 کے معرکے میں بہادری کی نئی داستان رقم کی اور ملک و قوم کا وقار بلند کیا۔

    https://youtu.be/A4n26TPlL-I

    Posted by Pakistan Air Force on Friday, February 26, 2021

    خیال رہے ستائیس فروری وہ ناقابل فراموش دن جب پاک فضائیہ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دشمن بھارت کے دو جنگی طیارے مارگرائے اور بھارتی غرور خاک میں ملادیا۔

    واضح رہے 27 فروری کو آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے نام سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کا آغاز لائن آف کنٹرول کے پار 6 بھارتی فوجی ٹارگٹس کا نشانہ بنانے سے شروع ہوا ، جس پر بھارت کی طرف سے مگ 21، ایس یو 30اور میراج 2000 بھجوائے گئے ، جن میں سے 2طیارے پاک فضائیہ کے شاہینوں کا شکار بنے ، بھارتی مگ 21طیارے کا ملبہ پاکستانی علاقے میں گرا اور اس کا پائلٹ ابھی نندن گرفتار ہوا، جبکہ بھارتی ایس یو 30طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا ، جس میں اس کا پائلٹ بھی مارا گیا۔

  • پاکستان امن پسند ملک ہے، وقت آیا تو ہر چیلنج کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

    پاکستان امن پسند ملک ہے، وقت آیا تو ہر چیلنج کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے پر اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے تاہم وقت آیا تو ہر چیلنج کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو2سال مکمل ہونے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ستائیس فروری 2019 کو قوم کی حمایت سے پاکستان کی مسلح افواج نے ہر طرح کے خطرات کا سامنا کرتے ہوئے وطن عزیز کا بھرپور دفاع کیا تھا اور آئندہ بھی مادر وطن کی حفاظت کریں گے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ ایک قوم کی عددی برتری نہیں بلکہ عزم وحوصلہ تھا ، جس کی بالآخر فتح ہوئی ،انہوں نے اس عزم کو دھرایا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے تاہم وقت آیا تو ہر چیلنج کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا اور وطن عزیز کا دفاع یقینی بنایا جائے گا۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو2سال مکمل ہونے پر قوم اورمسلح افواج کومبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا بھارت نےغیرقانونی اورغیرذمہ دارانہ فوجی مہم جوئی کی اور پاکستان نے قابل فخراورپُراعتمادقوم کی حیثیت سے بھارتی ردعمل کا جواب بھرپورعزم کےساتھ اپنے منتخب کردہ وقت اور مقام پردیا۔

  • آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو2سال مکمل ، وزیراعظم  کی  قوم اورمسلح افواج کو مبارکباد

    آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو2سال مکمل ، وزیراعظم کی قوم اورمسلح افواج کو مبارکباد

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو2سال مکمل ہونے پر قوم اورمسلح افواج کومبارکباد دیتے ہوئے ہم ہمیشہ امن کی خاطرکھڑے رہے ہیں اور مسائل بات چیت سےحل کرنے کے لیے آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو2سال مکمل ہونے پر قوم اورمسلح افواج کومبارکباد دیتے ہوئے کہا بھارت نےغیرقانونی اورغیرذمہ دارانہ فوجی مہم جوئی کی اور پاکستان نے قابل فخراورپُراعتمادقوم کی حیثیت سے بھارتی ردعمل کا جواب بھرپورعزم کےساتھ اپنے منتخب کردہ وقت اور مقام پردیا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ذمہ دارانہ سلوک کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرفتاربھارتی پائلٹ کو کیا، ہم ہمیشہ امن کی خاطرکھڑےرہےہیں اور تصفیہ طلب مسائل بات چیت سےحل کرنےکیلئےآگےبڑھنے کو تیار ہیں۔

    عمران خان نے ایل او سی پرسیزفائرکی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا مزیدپیشرفت کیلئےسازگارماحول تیارکرنےکی ذمہ داری بھارت پرہے، کشمیریوں کا دیرینہ مطالبہ پوراکرنےکیلئےبھارت ضروری اقدامات کرے اور یواین قراردادوں کےمطابق کشمیریوں کوحق خودارادیت دیاجائے۔

    خیال رہے 27 فروری وہ دن ہے جب پاکستان کی آزاد فضاؤں کے محافظ شاہینوں‌ نے دلیری اور شجاعت کی ایک نئی تاریخ‌ رقم کی اور بھارت کو دنیا بھر میں‌ ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔

    آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کا آغاز لائن آف کنٹرول کے پار 6 بھارتی فوجی ٹارگٹس کا نشانہ بنانے سے شروع ہوا ، جس پر بھارت کی طرف سے مگ 21، ایس یو 30اور میراج 2000 بھجوائے گئے ، جن میں سے 2طیارے پاک فضائیہ کے شاہینوں کا شکار بنے ، بھارتی مگ 21طیارے کا ملبہ پاکستانی علاقے میں گرا اور اس کا پائلٹ ابھی نندن گرفتار ہوا، جبکہ بھارتی ایس یو 30طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا ، جس میں اس کا پائلٹ بھی مارا گیا۔