Tag: OPF

  • زلفی بخاری نے اوور سیز پاکستانیوں سے کیا ایک اور وعدہ پورا کردیا

    زلفی بخاری نے اوور سیز پاکستانیوں سے کیا ایک اور وعدہ پورا کردیا

    اسلام آباد: وزارت اوور سیز اور معاون خصوصی زلفی بخاری نے ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے ہاؤسنگ پلاٹس پر قابض مافیا کو شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کا 30 سال پرانا منصوبہ بحال کر دیا جس سے اوور سیز پاکستانیوں کی کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری ہمیشہ کے لیے محفوظ ہوگئی۔

    30 سال تک کھٹائی میں پڑنے والا منصوبہ 90 کی دہائی میں شروع کیا گیا تھا، اوور سیز پاکستانیوں کو بھاری سرمایہ کاری کے باوجود پلاٹس الاٹ نہیں کیے گئے تھے۔ قبضہ مافیا کی ہٹ دھرمی اور ماضی میں حکومتی بد انتظامی سے سرمایہ کاری خطرے میں تھی۔

    تاہم اب حکومت نے ایف ڈبلیو او کے تعاون سے قبضہ مافیا کے خلاف کامیاب آپریشن مکمل کر لیا، 2 سال میں بجلی، پانی اور گیس سمیت نئے راستوں کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی۔

    او پی ایف میں تعمیراتی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اوور سیز پاکستانیوں کے لیے او پی ایف ہوم اور اپارٹمنٹس کی تعمیر جلد شروع کردی جائے گی۔

    او پی ایف ہاؤسنگ اسکیم کے پلاٹس 3 دہائیوں بعد آج مالکان کے حوالے کیے جائیں گے۔

  • جاپان میں پاکستانیوں کے روزگار کے سلسلے میں زلفی بخاری کی بڑی کامیابی

    جاپان میں پاکستانیوں کے روزگار کے سلسلے میں زلفی بخاری کی بڑی کامیابی

    اسلام آباد: جاپان اور پاکستان کے درمیان تربیت یافتہ افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تربیت یافتہ افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں معاون خصوصی زلفی بخاری نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

    اس سلسلے میں وزارت سمندر پار پاکستانیز میں ایک تقریب منعقد ہوئی، معاہدے پر دستخط کی تقریب میں جاپان کے وزیر اعظم کے مشیر سونورو کونتورو نے خصوصی طور پر شرکت کی، تقریب میں زلفی بخاری کے ساتھ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود بھی موجود تھے۔

    جاپان کے سفیر مقصودہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج کا دن دونوں ممالک کے عوام کے لیے خاص ہے، اس معاہدے سے دونوں ممالک میں تعلقات مضبوط ہوں گے، جاپان میں روزگار کے لیے فنی مہارت کے ساتھ جاپانی زبان جاننا بھی ضروری ہے، جاپان کو 3 لاکھ 40 ہزار کے قریب تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔

    دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستان کی 65 فی صد آبادی 35 سال سے کم عمر ہے، پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم ہونے سے پاکستان میں ترقی ہوگی، پاکستانیوں کو جاپان میں 14 مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع ملیں گے، اس سلسلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پر نوجوان زیادہ توجہ دیں۔