Tag: Oprah Interview

  • دنیا بھر میں  ہیری اور میگھن مارکل کے انٹرویو کا چرچہ

    دنیا بھر میں ہیری اور میگھن مارکل کے انٹرویو کا چرچہ

    لندن: شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی محل میں اپنے دن کیسے گزارے اور انہیں کیا مشکلات پیش آئیں، حالیہ انٹرویو میں سب سامنے آگیا ہے۔

    برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے حال ہی میں امریکی ٹی وی اسٹار اوپرا ونفرے کو انٹرویو دیا تھا، یہ انٹرویو دو گھنٹے پر محیط تھا۔

    اس طویل انٹرویو میں میگھن مارکل نے شاہی محل میں نسلی امتیاز اور وہاں پر قیدی کی طرح زندگی گزارنے سے اپنی ذہنی صحت پر پڑنے والے اثرات پر کھل کر گفتگو کی تھی۔

    شہزادہ ہیری نے بھی انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ شاہی محل میں کتنے مجبور تھے؟ دونوں نے بتایا تھا کہ ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش سے قبل ہی شاہی محل میں یہ چہ مگوئیاں ہونا شروع ہوگئی تھیں کہ نہ جانے ان کے بچے کی رنگت کتنی سیاہ ہوگی؟۔

    شہزادہ ہیری نے بتایا کہ جب ان کی اہلیہ میگھن مارکل پر برطانوی میڈیا میں غلط خبریں شائع ہو رہی تھیں، تب بھی شاہی محل نے ان کی مدد نہیں کی تھی، میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ غلط خبروں اور شاہی محل میں نسلی امتیاز جیسی باتوں پر انہوں نے خودکشی کرنے کا بھی سوچا تھا۔

    جہاں مذکورہ انٹرویو کو مغربی دنیا کا سب سے اہم ترین انٹرویو کہا جا رہا ہے، وہیں اسے برطانوی شاہی خاندان کا بھی 1997 کے بعد سب سے اہم انٹرویو قرار دیا جا رہا ہے۔

    دنیا بھر میں انٹرویو کی ریٹنگ

    مذکورہ انٹرویو کو امریکا میں سی بی ایس اور برطانیہ میں آئی ٹی وی نے نشر کیا اور اس انٹرویو کو دونوں ممالک میں تقریبا 3 کروڑ بار دیکھا جا چکا ہے۔

    خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق امریکا میں ٹی وی ریٹنگ پر نظر رکھنے والے اہم ترین ادارے کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق شاہی جوڑے کے انٹرویو کو امریکا میں ایک کروڑ 71 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق ایک کروڑ 70 لاکھ بار دیکھے جانے والے انٹرویو کو محض 30 لاکھ بار مکمل دورانیے سے کم دیکھا گیا، اسی طرح برطانیہ میں طویل انٹرویو کو ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد بار مکمل دیکھا گیا۔

    خصوصی انٹرویو قرار

    شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کے انٹرویو کو امریکا اور برطانیہ میں ’انٹرٹینمنٹ‘ اور ’لائف اینڈ اسٹائل‘ کے انٹرویو کے طور پر نشر کیا گیا اور دونوں کیٹیگریز میں ان کا انٹرویو پہلا انٹرویو بنا ہے، جسے ریکارڈ بار دیکھا گیا۔

    مجموعی طور پر شاہی جوڑے کے انٹرویو کو امریکا اور برطانیہ میں 3 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا جب کہ یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی ان کے انٹرویوز کی کلپس کو کروڑوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

    میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کے انٹرویو نشر ہوتے ہی دنیا بھر کی میڈیا میں ان کے انٹریو کی خبریں ’شہ سرخی‘ کے طور پر شائع ہوئیں جب کہ امریکا اور برطانیہ کے اخبارات و جرائد نے ان کے انٹرویوز پر خصوصی اشاعتیں بھی کیں۔

    میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کے انٹرویو سے نہ صرف امریکا اور برطانیہ بلکہ دنیا بھر میں برطانوی شاہی خاندان اور شاہی محل کی 12 سو سال کی تاریخ پر بحث شروع ہوچکی ہے۔

    مذکورہ انٹرویو کے لیے اوپرا ونفرے کے پروڈکشن ہاؤس کو سی بی ایس ٹیلی وژن نیٹ ورک نے 90 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی سوا ارب روپے کی رقم فراہم کی، یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ رقم صرف انٹرویو کو ریکارڈ کرنے کی مد میں ادا کی گئی یا اسی رقم میں اوپرا ونفرے کی فیس بھی شامل تھی۔

  • شہزادہ ہیری اور میگھن کے نئے انٹرویو پر برطانوی میڈیا بے چین

    شہزادہ ہیری اور میگھن کے نئے انٹرویو پر برطانوی میڈیا بے چین

    برطانیہ کے منحرف شاہی جوڑے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے معروف امریکی میزبان اوپرا ونفرے کو ایک انٹرویو دیا ہے جس کی جھلکیاں سامنے آنے پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    اوپرا ونفرے کو دیے گئے اس انٹرویو کے چند ٹیزرز سامنے آئے ہیں جس کے بعد شاہی خاندان سمیت برطانوی میڈیا اور عوام کافی اضطراب میں مبتلا نظر آرہے ہیں۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن کے انٹرویو کے ٹیزر سے متعلق مختلف حلقوں کا کہنا ہے کہ ہیری اور میگھن کے اس تفصیلی انٹرویو میں اس جوڑے کی جانب سے اپنی علیحدگی کی وجہ بتاتے ہوئے شاہی خاندان کو عوام کے سامنے بطور ایک مافیا پیش کیا گیا ہے۔

    انٹرویو کے ٹیزر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میزبان اوپرا میگھن سے پوچھ رہی ہیں کہ آپ خاموش تھیں یا آپ کو خاموش کروایا گیا تھا؟ انٹرویو کے دوران میگھن کو اس سوال پر خاموش دکھایا گیا ہے اور اس دوران ٹیزر میں ایک افسردہ دھن بھی چلائی گئی ہے۔

    اس ٹیزر پر تبصرہ نگار رابرٹ جابسن کی جانب سے رد عمل دیتے ہوئے اس انٹرویو کی ریکارڈنگ کو ڈرامہ قرار دیا گیا اور اس میں استعمال کی گئی افسردہ دھنوں پر شدید تنقید کی گئی ہے۔

    رابرٹ جابسن نے کہا کہ اوپرا انٹرویو میں شاہی خاندان کو مافیا کی طرح پیش کیا گیا ہے، یہ تقریباً بیوقوفی ہے۔

    ایک اور ٹیزر میں شہزادہ ہیری اپنی والدہ کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں بہت خوش ہوں کہ میری اہلیہ میرے ساتھ ہیں لیکن میری والدہ نے اکیلے ایک مشکل وقت گزارا ہے، یہ وقت ہمارے لیے بھی مشکل تھا لیکن کم از کم ہم ایک ساتھ تھے۔

    ایک اور ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ اوپرا میگھن سے پوچھتی ہیں کہ انہیں کیسا محسوس ہورہا ہے کہ شاہی محل انہیں اس وقت سچ بولتے ہوئے سن رہا ہوگا، جس پر میگھن نے کہا کہ ہم اتنے عرصے سے خاموش تھے میں نہیں جانتی اب اس کے بعد مزید ان (شاہی خاندان) کی کیا توقعات ہیں۔

  • ملکہ برطانیہ اپنی بہو میگھن مارکل کے مد مقابل

    ملکہ برطانیہ اپنی بہو میگھن مارکل کے مد مقابل

    نیویارک : برطانیہ کے شاہی محل سے علیحدگی اختیار کرنے والی میگھن مارکل ملکہ برطانیہ الزبتھ اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے مد مقابل آگئیں۔

    اس حوالے سے غیر ملکی میڈیا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی شاہی خاندان کی شہزادی مڈلٹن اور ملکہ الزبتھ دوم کا اسپیشل ٹی وی شو اُسی دن دکھایا جائے گا جس دن میگھن مارکل کا انٹرویو نشر ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق ملکہ الزبتھ اور کیٹ کا خصوصی پروگرام آئندہ ماہ7مارچ کو نشر کیا جائے گا، شاہی خاندان کے خصوصی شو میں پرنس چارلس، کمیلا، دی ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج اور صوفیا ویکسس بھی شرکت کریں گی۔

    دوسری جانب اسی دن میگھن مارکل کا انٹرویو معروف میزبان اوپرا ونفرے کے ساتھ نشر کیے جانے کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا ہے، انٹرویو میں میگھن مارکل ذاتی زندگی کے بارے میں انکشافات کریں گی۔

    واضح رہے کہ بکنگھم محل کی جانب سے چند روز قبل ہی یہ اعلان کیا گیا تھا کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی خاندان سے باضابطہ طور پر علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

    ترجمان بکنگھم پیلس کا کہنا ہے کہ سابق شاہی جوڑے نے ملکہ الزبتھ کو باقاعدہ طور پر آگاہ کردیا ہے کہ اب وہ

    فعال ارکان کی حیثیت سے کبھی شاہی خاندان کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ہیری اور میگھن کے حوالے سے بکنگھم پیلیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جوڑے کی اعزازی فوجی تقرری اور شاہی سرپرستی 94 سالہ ملکہ کو واپس کردی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : ہیری اور میگھن کا بڑا اعلان، ملکہ نے بھی فیصلہ سنا دیا

    اس حوالے سے توقع کی جارہی ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے سے متعلق اپنی خاموشی اوپرا ونفرے کے پروگرام میں توڑیں گے۔

    یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے9 جنوری 2020 کو شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے عملی اقدامات کریں گے تاہم وہ ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کی عزت و احترام کرتے رہیں گے۔