Tag: opration

  • سندھ بھرمیں آپریشن جاری رہے گا، ڈی جی رینجرز

    سندھ بھرمیں آپریشن جاری رہے گا، ڈی جی رینجرز

    کراچی : ڈی جی رینجرز میجرجنرل محمد سعید کا کہنا ہے ٹارگٹڈ آپریشن کراچی سمیت سندھ بھر میں جاری رہے گا، دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ دہشت گردوں ،عسکری ونگ، اغوا۔کاروں اور بھتہ خوروں کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید سندھ بھر میں آپریشن جاری رکھنے کیلئے پرعزم ڈی جی رینجرز میجرجنرل محمد سعید نے کراچی کے مختلف سیکٹرز کا دورہ کیا۔ افسران اورجوانوں سے ملاقات کی۔

    ڈی جی رینجرز نے کراچی میں امن کی بحالی میں سندھ رینجرز کے کردار کو سراہا اور لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کےاقدامات کوخراج تحسین پیش کیا۔

    میجر جنرل محمد سعید نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی میں اندرون وبیرونی طاقتوں کا پورا ادراک ہے جوشرپسند عناصرکو استعمال کرکے قیام امن میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔

    ڈی جی رینجرز نے کہا کہ عوام کی مدد سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم مقاصد کو جڑ سے اکھاڑ کر کراچی میں پائیدار امن یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقصد کےحصول کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

  • وزیر اعظم نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری کامیاب

    وزیر اعظم نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری کامیاب

    لندن: وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹویٹ کیا ہے کہ وزیر اعظم کی سرجری کامیاب ہوگئی ہے اور انہیں ایک گھنٹے میں آئی سی یو میں منتقل کردیا جائے گا۔

    اس سے قبل وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ دل کی پیوند کاری کامیابی سے مکمل ہوچکی ہے۔ آپریشن
    کو مکمل ہونے میں مزید 60 سے 90 منٹ لگیں گے۔


    وزیر اعظم نواز شریف نے آپریشن تھیٹر جانے سے قبل والدہ کو فون کر کے اپنی صحت سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ ماں جی میرے لیے دعا کریں۔

    وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف 22 مئی کو طبی معائنے کے لیے لندن روانہ ہوئے تھے۔ وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز اور صاحبزادے حسین نواز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ لندن روانگی سے قبل لاہور ائیرپورٹ پر وزیر اعظم سے ان کے بھائی اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ میاں محمد شہباز شریف نے ملاقات کی تھی اور موجودہ سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ وزیر اعظم کے ٹیسٹ کرنے کے بعد برطانوی ڈاکٹروں نے فوری طور پر اوپن ہارٹ سرجری کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعظم نے گذشتہ روز لندن سے اسلام آباد میں ہونے والے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت بذریعہ ویڈیو لنک کی تھی۔ اجلاس میں 1675 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی گئی تھی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن دیکھ رہا ہوں۔ صوبوں کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے 1 سے 8 نمبر تک کی تمام تجاویز منظور کی تھیں۔

    اس موقع پر وزرائے اعلیٰ قائم علی شاہ، ثناء اللہ زہری، پرویز خٹک اور گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور قومی اقتصادی کونسل کے شرکا نے وزیر اعظم کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

    * نواز شریف کا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ٹیلی فونک رابطہ

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی مصدق ملک کے مطابق سرجری کے بعد وزیر اعظم کو ایک دن بعد کمرے میں شفٹ کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف مزید ایک ہفتہ تک لندن میں قیام کریں گے۔

    مصدق ملک نے کہا کہ وزیر اعظم کی وطن واپسی کا فیصلہ بعد میں ڈاکٹرز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے طبیعت کی خرابی کو اپنے فرائض میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔

    مصدق ملک نے کہا کہ وزیر اعظم کی صحت کے لیے دعائیں کرنے پر پوری قوم کے مشکور ہیں۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف طبیعت کی ناسازی کے باعث اپنے طبی معائنے کے لیے کچھ روز قبل لندن روانہ ہوئے تھے جہاں طبی رپورٹ آنے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں فوری طور پر اوپن ہارٹ سرجری کروانے کی ہدایت کی تھی۔

    سرجری شروع ہونے سے قبل وزیر اعظم نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو اسپتال نہ آنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کارکنوں کے اسپتال آنے سے مریضوں کو پریشانی ہوگی۔

  • ایبٹ آباد میں افغانیوں کو نکالنے کیلئے آپریشن شروع

    ایبٹ آباد میں افغانیوں کو نکالنے کیلئے آپریشن شروع

    ایبٹ آباد : حساس اداروں کی جانب سے افغانیوں کو پاک چین راہداری منصوبہ اور ایبٹ آباد کی سیکورٹی کیلئے رسک قرار دئیے جانے کے بعدایبٹ آباد کینٹ کی حدودمیں افغانیوں کونکالنے کیلئے پولیس اور کینٹ بورڈ نے آپریشن شروع کر دیا۔

    کالج روڈ پر افغانیوں کے زیراستعمال دکانیں ماربل فیکٹری سیل کر دی۔ ایک ماہ کے نوٹس کی مدت ختم ہونے کے بعد کنٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آباد کے عملہ اور پولیس نے افغانیوں کو کینٹ کی حدود سے نکالنے کیلئے مشترکہ آپریشن شروع کر دیا۔

    منڈیاں کالج روڈ پرافغانیوں کے زیراستعمال تھڑے، ریڑھیاں قبضہ میں لے لیں، اور متعدد افغانیوں کو گرفتار کرکے ان کے زیر استعمال دکانیں سیل کر دی گئیں۔

    کینٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق افغانیوں کو کسی صورت کینٹ کی حدود میں رہائش یا کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پہلے مرحلہ میں افغانیوں کے کاروبار کو ختم جبکہ دوسرے مرحلہ میں انہیں کینٹ کے رہائشی گھروں سے نکالا جائے گا۔

    پہلے ہی کینٹ بورڈ نے نوٹسز جاری کر دئیے ہیں جس کی معیاد ختم ہونے کے بعد آپریشن شروع کیا گیا ہے، آپریشن کی قیادت وائس چئیرمین کینٹ بورڈ سردار ذوالفقار علی بھٹو اور دیگر بورڈ ممبران کر رہے ہیں۔

  • مقابلے میں 3 دہشت گرد ہلاک : مختلف علاقوں سے 40 ملزمان گرفتار

    مقابلے میں 3 دہشت گرد ہلاک : مختلف علاقوں سے 40 ملزمان گرفتار

    کراچی : ملٹری پولیس کے اہلکاروں کی شہادت کے بعد دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں تیز کردی گئیں ہیں، مختلف مقابلوں میں تین ملزما ن ہلاک ہوئے جبکہ مختلف علاقوں سے ایک ملزم اور 40سے زائد ملزمان زیر حراست اسلحہ برآمد کئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ملٹری پولیس کے 2 اہلکاروں کے قتل کی واردات کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے۔

    پیر آباد کے علاقے میں صبح سویرے ڈاکو شہری سے لوٹ مار میں مصروف تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جس کے قبضے سے لوٹی ہوئی رقم،اسلحہ برآمد ہوگیا۔

    ناردرن بائی پاس کے قریب واقع مائی گڑھی کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے آپریشن کا آغاز کیا تو دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق کاروائی علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر عمل میں آئی، اس دورران دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جن کی شناخت اور دیگر معلومات اکھٹی کی جارہی ہیں۔

    محکمہ انسداد دہشت گردی اور ایس ایس یو کے اہلکاروں نے صبح سویرے اتحاد ٹاون میں ٹارگیٹڈ آپریشن کرتے ہوئے تین اہم ملزمان سمیت متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔

    ملزمان کےقبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ،دوسری جانب رات گئے چند روز قبل گرفتار ملزم کی نشاندہی پر بھیم پورہ کے علاقے میں رینجرز نے چھاپہ مار کر ایک ملزم کو گرفتار کرکے ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی ۔

    آرام باغ اور پریڈی سمیت صدر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے 35 مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لے لیا تاہم کسی قسم کا کوئی اسلحہ برآمد نہیں ہوا، پولیس کے مطابق تمام افراد کو شبے کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج کراچی میں ہوگا

    اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج کراچی میں ہوگا

    کراچی : اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس میں بعض ذرائع کے اندرون سندھ میں کالعدم تنظیموں کی جانب سےمضبوط نیٹ ورک کے قیام کےدعویٰ پرکراچی آپریشن کادائرہ اندرون سندھ تک بڑھانےپر بات ہوگی۔

    شہرقائد میں امن و امان کی صورتحال بہتربنانےکیلیےآج سول اورملٹری سمیت اعلی حکام سرجوڑکر بیٹھیں گے۔ اجلاس میں دہشت گردوں کی سرکوبی کیلیے جاری کراچی میں ٹارگیٹڈ آپریشن کاجائزہ لیاجائیگاجبکہ گذشتہ روزفوجی جوانوں پر حملے اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کےتناظرمیں آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائیگی۔

    ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شہدائے کربلا کے چہلم کےموقع پر سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جائیگا اور انہیں مزید موثر بنانے کیلیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی جائینگی۔

    پانچ دسمبر کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے سیکیورٹی انتظامات بھی زیر غور ہونگے جبکہ دہشت گردوں کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    وزیراعلی کی زیر صدارت اجلاس میں گورنرسندھ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز، سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام بھی شرکت کریں گے۔

  • سی اے اے کا تمام ایئرلائنز کے کاک پٹ اور کیبن کریو کے طبی معائنے کی ہدایت

    سی اے اے کا تمام ایئرلائنز کے کاک پٹ اور کیبن کریو کے طبی معائنے کی ہدایت

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ایئرلائنز کے کاک پٹ اور کیبن کریو کے طبی معائنے کی ہدایت کردی اگر کوئی پائلٹ نشے میں پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    اس بات کا فیصلہ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے صدارت تمام ایئر لائنز کے نمائندگا ن کا ہنگامی اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں تمام ایئرلائنز کو مسافروں کی حفاظت سے متعلق ترجیحی بنیادوں پر فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

    اجلاس میں ڈی جی سول ایوی ایشن نے انکشاف کیا کہ تین نومبر کو لاہور میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیا گیا تھا اور شاہین ایئرانٹرنیشنل کی پرواز نمبر NL-142 کے کپتان کا طبی معائنہ کرایا گیا تو کپتان کے بلڈ ٹیسٹ میں الکوحل اور لیکٹیٹ کی ناقابلِ قبول مقدارپائی گئی تھی،جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پائلٹ شدید تھکان کا شکاربھی تھا۔

    انہوں نے ایئرلائنز کے نمائندے کو سختی سے ہدیت جاری کی کہ وہ اپنے پائلٹس کے معیار کو ایوی ایشن کے مجوزہ معیار کے مطابق بنائیں اورالکوحل کے زیرِ اثر جہاز اڑانے سے قطعی طور پر اجتناب کریں ۔

    اس موقع پر انہوں نے کاک پٹ اور کیبن کریو کے نظم و ضبط اور مجوزہ معیارپر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام آپریٹرز کو آئندہ مزید محتاط رہنے اوراس قسم کے حادثات کے نہ ہونے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

    آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ، ایک ریگولیٹر ہونے کے ناطے فلائٹ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کرے گی۔

  • راجن پور میں رینجرز اور پولیس کا آپریشن، ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ

    راجن پور میں رینجرز اور پولیس کا آپریشن، ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ

    راجن پور: کچے کے علاقے راجن پور میں رینجرز اور پولیس نے آپریشن کرکے چھوٹو گینگ کے سرغنہ سمیت بیس ڈاکوؤں کوگھیرے میں لے لیا۔

    چھوٹو گینگ کے ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑے سرچ آپریشن کاآغاز کیا۔

    کارروائی میں سات سو سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ ڈاکوؤں سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں پر بھاری اسلحے سے فائرنگ شروع کردی۔

    جس پر رینجرز اور پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔ دونوں جانب سے شدید فائرنگ کاتبادلہ جاری ہے۔

    پولیس کے مطابق چھوٹو گینگ کو کئی کالعدم تنظیموں کی معاونت حاصل ہے، دریائی علاقوں میں ڈاکوؤں کے محاصرے کیلئے کشتیاں بھی طلب کی گئی ہیں۔

  • ڈاکٹرطاہرالقادری کا ڈنمارک کے اسپتال میں آپریشن آج ہوگا

    ڈاکٹرطاہرالقادری کا ڈنمارک کے اسپتال میں آپریشن آج ہوگا

    لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا آج ڈنمارک کے نجی ہسپتال میں آپریشن ہو گا۔

    ترجمان پاکستان عوامی تحریک کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ایک ہفتہ سے ڈنمارک میں زیرعلاج ہیں۔ دورہ آسٹریا کے دوران ڈاکٹر طاہرالقادری کو بیک بون میں تکلیف ہوئی تھی۔

    ڈاکٹرز نے انہیں سفر اور تنظیمی مصروفیات سے روک رکھا ہے، کارکن ان کی صحتیابی کیلئے دعا کریں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پی اے ٹی کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی گزشتہ سال اسلام آباد میں دھرنے کے دوران اچانک طبیعت خراب ہو گئی تھی۔

    ڈاکٹروں نے طاہر القادری کو ملک سے باہر جا کر فوری علاج کروانے کا مشورہ دیا تھا،جس کی وجہ سے انہیں ہنگامی طور پرعلاج کیلئے بیرون ملک روانہ کیا گیا تھا۔

  • ساڑھے 3ہزارسے زائد غیرقانونی اشتہاری ہورڈنگز اور بل بورڈ اتاردیئے گئے

    ساڑھے 3ہزارسے زائد غیرقانونی اشتہاری ہورڈنگز اور بل بورڈ اتاردیئے گئے

    کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد عباسی کی ہدایت پر محکمہ لوکل ٹیکسز نے شہر کے مختلف علاقوں میں 3700 سے زیادہ نادہندہ یا قواعد کے برخلاف لگائے گئے اشتہاری ہورڈنگز اور بل بورڈ اتارلئے ہیں جبکہ بل بورڈ اور ہورڈنگزکیخلاف آپریشن جاری ہے۔

    قائدآباد ملیر سے شارع فیصل پر بل بورڈ اور ہورڈنگز ہٹانے کی مہم شروع کی گئی جو شارع فیصل سے تمام غیرقانونی ہورڈنگز ہٹانے تک جاری رہے گی۔

    شہر کے تمام ادارے خطرناک اور خلاف قانون بل بورڈ کو ہٹالیں ،انہوں نے کہا کہ تمام ادارے ہورڈنگز کے حوالے سے کے ایم سی کونسل کے منظور شدہ بائی لاز پر مکمل عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔

    اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر لگے ہوئے 149 ہورڈنگز 2095بینرز /اسٹیمرز،181 ڈائریکشن بورڈز، 156پائیلون سائن،50پول سائن اور شہر میں بنائے گئے بس اسٹاپس پر نصب 150 اشتہاری بینرزسمیت بڑی تعداد میں غیرقانونی اور قواعد کے خلاف لگائی گئیں اشتہاری ڈیوائسز اتار لیں۔

    نادہندہ اور غیرقانونی اشتہاری ڈیوائسز کے خلاف اس کارروائی کا مقصد شہر میں لگائے جانے والے اشتہاری ہورڈنگز ،بینرز اور بل بورڈز کو ایڈورٹائزمنٹ بائی لاز کے تحت لانا ہے جبکہ ایسے ہورڈنگز کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے جن کے لئے متعلقہ اشتہاری ادارے نے ادائیگی نہیں کی۔

  • کوئٹہ: آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک ایک گرفتار

    کوئٹہ: آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک ایک گرفتار

    کوئٹہ: ایف سی نے ڈیرہ بگٹی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جس میں آٹھ شدت پسند مارے گئے اور ایک دہشتگرد گرفتارہوا۔

    بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے  جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں،  ڈیرہ بگٹی کے مختلف علاقوں میں ایف سی کا سرچ آپریشن، دوران آپریشن آٹھ دہشتگرد مارے گئے اور ایک شدت پسند پکڑا گیا ۔

    ترجمان ایف سی کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے درینجن نالہ،رستم دربار اور غازی نولہ میں کارروائیاں کیں۔

     ترجمان ایف سی کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشتگردوں میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر بھی شامل ہے،دہشتگرد تخریب کاری کا بڑا منصوبہ بنارہے تھے۔

    کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے پانچ ایس ایم جیز ،دو دیسی ساختہ بم اور تیس کلو بارودی مواد برآمد کیا گیا۔