Tag: orakzai

  • اورکزئی: کباڑ میں گھر لایا گیا مارٹر گولہ پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق

    اورکزئی: کباڑ میں گھر لایا گیا مارٹر گولہ پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق

    اورکزئی: خیبر پختون خوا کے ضلع اورکزئی میں کباڑ میں گھر لایا گیا ایک مارٹر گولہ پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ ڈویژن کے علاقے اپر اورکزئی میں اغل میں مارٹر گولہ پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص اور زخمی دونوں بھائی ہیں، جو اغل کے پہاڑوں سے کباڑ جمع کر کے گھر لے کر آئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق گھر لائے گئے کباڑ میں ایک مارٹر گولہ بھی تھا جو غلط طور پر ہینڈل کیے جانے کی وجہ سے اچانک پھٹ کر افسوس ناک حادثے کا سبب بن گیا۔

    زخمی کو علاج کے لیے ڈبوری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر انہیں بھڑکانا درست نہیں: وزیر اعظم

    لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر انہیں بھڑکانا درست نہیں: وزیر اعظم

    پشاور: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے کے لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑی، اس کی تکلیف جانتا ہوں۔ لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر بھڑکانا درست نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع اورکزئی پہنچے جہاں انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ جلسہ عام اورکزئی کے علاقے کلایہ کے اسپورٹس گراؤنڈ میں منعقد کیا گیا جہاں 10 ہزار کرسیاں لگائی گئیں۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ 27 سال پہلے میں اس علاقے میں آیا تھا، قبائلی علاقوں میں گھوما اور ایک کتاب بھی لکھی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ چلی تو ان علاقوں کو جانتا تھا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے اس لیے کہا کیونکہ قبائلی علاقوں کے لوگ ہماری فوج ہیں، بدقسمتی سے اس وقت جو وزیر اعظم تھا اسے قبائلی علاقوں کا نہیں پتہ تھا۔ لوگوں کو نہیں پتہ چلا ہمارے قبائلی علاقوں میں کیسی تباہی پھیلی۔

    انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقے کے لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑی، اس کی تکلیف جانتا ہوں۔ کوئی وزیر اعظم قبائلی علاقوں میں اتنا نہیں گھوما جتنا میں جا رہا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں جو مشکلات رہیں ان قربانیوں کو نہیں بھولیں گے، پی ٹی ایم لوگوں کی مشکلات کی صحیح بات کرتی ہے لیکن ان کا لہجہ ہمارے ملک کے لیے ٹھیک نہیں، جو لوگ تکلیف سے گزرے ان کو اکسانا ٹھیک نہیں، لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر بھڑکانا درست نہیں، لوگوں کو بھڑکایا جاتا ہے لیکن کوئی حل نہیں دیا جاتا، پی ٹی ایم بھڑکانے کے بجائے ان لوگوں کی مدد کرے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کو کہا ہے ان لوگوں کی مدد کریں، ہماری کوشش ہے پاکستان میں سیاحت کو فروغ دیں۔ سیاحت سے کاروبار چلتا ہے، لوگوں کو روزگار ملتا ہے۔ ملیشیا 22 ارب ڈالر اور ترکی 40 ارب ڈالر سیاحت سے فائدہ اٹھاتا ہے۔ پاکستان میں وہ خوبصورتی ہے جو شاید ہی کسی ملک میں ہو۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے قبائلی علاقوں کے بچوں کو تعلیم دینی ہے۔ ہماری حکومت کا سب سے بڑا چیلنج ہے نوجوانوں کو نوکریاں دینی ہیں۔ نوجوانوں کو سود کے بغیر قرضے دیں گے تاکہ روزگار چلا سکیں۔ ہماری طاقت ہے 60 فیصد پاکستانیوں کی عمر 30 سال سے کم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر دیں تو یہ ملک کو کہاں سے کہاں لے جائیں، قبائلی علاقوں کو اپنے مستقبل کی ترقی کے لیے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ کوئی یہاں سرمایہ کاری کے لیے نہیں آتا تھا ہم سرمایہ کاری لائیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کر رہے ہیں، ماضی میں کسی حکومت نے مدرسے کے بچوں کی فکر نہیں کی، مدرسوں کے بچے میرے بچے ہیں مجھے ان کی فکر ہے۔ مدرسوں میں 26 لاکھ بچے پڑھتے ہیں۔ چاہتے ہیں مدرسوں کے بچے دنیاوی اور سائنسی تعلیم بھی پڑھیں۔

    انہوں نے کہا کہ 2008 میں پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب تھا، گزشتہ 10 سال میں حکمران قرضہ 30 ہزار ارب پر لے گئے۔ 3 گھرانوں نے چوری کرنا شروع کی۔ مشرف نے این آر او کیا، نواز شریف کو سعودی عرب جانے دیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیٹے لندن میں بیٹھے بیٹھے ارب پتی بن گئے، 3 مرتبہ وزیر اعظم رہنے والے کے بچے کہتےہیں ہم تو پاکستانی ہی نہیں۔ شہباز شریف کہتے ہیں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوئی تو نام بدل دینا، آج شہباز شریف اور بچوں کی منی لانڈرنگ بھی سامنے آگئی۔ معلوم نہیں کہاں کہاں سے اور کون کون پیسے بھیج رہے تھے، تینوں خاندانوں کے کھیل اب ختم ہوگئے ہیں۔ ان کو ڈر ہے عمران خان 2 سال بھی رہا تو یہ جیلوں میں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آج اورکزئی میں آ کر بڑے بڑے اعلانات کر سکتا تھا، بدقسمتی سے ہمارے خزانے میں اتنے پیسے نہیں ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے نچلے طبقے کو اوپر اٹھانا ہے۔ جنوبی پنجاب اور قبائلی علاقے پیچھے رہ گئے انہیں اوپر لانا ہے۔ ہمارے پاس پیسے ہوتے تو ان علاقوں پر خرچ کرتے۔

    کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایک اچھا کپتان مسلسل اپنی ٹیم کی طرف دیکھ رہا ہے، کئی مرتبہ کپتان پرانے کھلاڑی کی جگہ نیا کھلاڑی لاتا ہے، کپتان کا صرف ایک مقصد ہوتا ہے اپنی ٹیم کو جتوائے۔ میں نے اپنی ٹیم میں بیٹنگ آرڈر بدلا ہے آئندہ بھی بدلوں گا۔ سارے وزیروں کو کہتا ہوں انہیں سامنے لاؤں گا جو فائدہ مند ہوں، وزیر اعلیٰ محمود خان کو کہتا ہوں اپنی ٹیم پر خصوصی نظر رکھیں۔

    خیال رہے کہ ضلع اورکزئی میں کسی وزیر اعظم کا 25 سال بعد یہ تیسرا دورہ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان اس سے قبل شوکت خانم اسپتال حیات آباد پہنچے تھے جہاں انہوں نے اینکالوجی ریڈی ایشن سروسز کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم کے ساتھ گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ بھی موجود تھے۔

    وزیر اعظم کو قبائلی علاقوں کے انضمام سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ وزیر اعظم امن و امان کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

  • فاٹا، اورکزئی اور باجوڑ میں بھی جشن آزادی کی تقاریب

    فاٹا، اورکزئی اور باجوڑ میں بھی جشن آزادی کی تقاریب

    راولپنڈی: ملک بھر کی طرح فاٹا، باجوڑ، اورکزئی اور دیگر قبائلی علاقہ جات میں 70واں یوم آزادی انتہائی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مختلف ایجنسیز میں جشن آزادی سے متعلق تقریبات کا انعقاد کیا گیا، باجوڑ، خیبر، مہمند، اورکزئی، کرم ایجنسی، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، خیبر ایجنسی اور شمالی وزیرستان کے درمیان دوستانہ میچ کھیلا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دوستانہ میچ میرانشاہ میں یونس خان اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، یونس خان اسٹیڈیم میں 20 ہزار افراد نے شرکت کی، مہمان خصوصی نے بہترین کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

    اسی طرح دیگر شہروں میں بھی جشن آزادی بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ کراچی یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل میں طالبات نے کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں اور اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔


    فیصل آباد میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں ثقافتی رقص پیش کیا گیا، بچوں کی ملی نغموں کی گونج نے ملی جذبہ دو چند کردیا۔
    نور پور میں بچوں نے فوجی پریڈ بھی کی، ملتان میں جشن آزادی کی خوشی میں عید کا سماں تھا۔

    سرگودھا کی چھ تحصیلوں میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب ہوئی، آزادی کا جشن منانے کے لیے بچے اور بڑے سب گھروں سے نکل آئے۔
    چنیوٹ میں طویل قومی پرچم کے ساتھ ریلی نکالی گئی، گوجرانوالہ میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں پولیس کے مستعد دستے نے شرکت کی، تقریب میں شریک بینڈ نے قومی دھنیں سنا کر ماحول گرما دیا۔

    ایبٹ آباد میں بڑی بسوں کو پاکستانی پرچم کے رنگ سے رنگ دیا گیا،شکار پور میں بچوں نے ٹیبلو پیش کیے۔

  • ہنگو، اورکزئی، خیبرایجنسی میں کارروائیاں،39دہشتگرد ہلاک

    ہنگو، اورکزئی، خیبرایجنسی میں کارروائیاں،39دہشتگرد ہلاک

    ہنگو: اورکزئی اور خیبرایجنسی سمیت ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں انتالیس شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

    دہشت گردوں کے خاتمے کےلئے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق آج اورکزئی اور خیبرایجنسی میں سیکیورٹی فورسزکی کارروائیوں نے انیس دہشت گردوں کو موت کی نیند سلا دیا جبکہ بیس دہشت گرد زخمی ہوئے۔

    سکیورٹی فورسز اوردہشت گردوں کے درمیان اورکزئی اورخیبرایجنسیوں کے بارڈر پر خزانہ کنڈاؤ اور شیریں درہ کے مقامات پرجھڑپیں ہوئیں، دہشت گردوں نے شدید مزاحمت کے بعد پسپائی اختیار کرلی اور نوساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    سیکیورٹی فورسز نے دو دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے، اس کارروائی میں چار سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

    اس سے قبل ہنگو خزینہ چوک کی چیک پوسٹ پرشدت پسند بھاری ہتھیاروں کے ساتھ حملہ آورہوئے تاہم سیکیورٹی فورسزنے شدت پسندوں بھرپورجوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ پسپا کردیا تھا، سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی میں بیس شدت پسند مارے گئے تھے۔