Tag: orange line project

  • سپریم کورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تکمیل کے لئے 20 مئی کی ڈیڈ لائن دے دی

    سپریم کورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تکمیل کے لئے 20 مئی کی ڈیڈ لائن دے دی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تکمیل کے لئے بیس مئی کی ڈیڈ لائن دے دی، عدالت نے تین تعمیراتی کمپنیوں سےایک ایک کروڑ کی گارنٹی طلب کرتے ہوئےکہامقررہ وقت میں کام مکمل نہ ہواتوگارنٹی ضبط کرلی جائے گی، جسٹس گلزار نے وارننگ دی کہ کنٹریکٹر کام  نہیں کرتے  تو انہیں جیل میں ڈالوادیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کیس کی سماعت کی ، سپریم کورٹ نے 3 تعمیراتی کمپنیوں سے ایک ایک کروڑ کی گارنٹی طلب کرتے ہوئے کہا 20 مئی تک کام مکمل نہ ہوا تو گارنٹی ضبط کر لی جائے گی۔

    عدالت کا جسٹس ریٹائرڈ جمشید اور جسٹس عبد الستار اصغر میں سے کسی ایک کو ٹیکنیکل کمیٹی کا سربراہ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے موجودہ سربراہ جسٹس زاہد حسین کام جاری رکھنا چاہتے ہیں تو پنجاب حکومت اس پر بھی غور کرے۔

    عدالت نے پراجیکٹ ڈائریکٹر فضل حلیم پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا پراجیکٹ ڈائریکٹر کی وجہ سے کام تاخیر کا شکار ہوا ہے، جسٹس گلزار احمد کنٹریکٹر کام نہیں کرتے تو انہیں اٹھا کر پھینک دیں جیل میں ڈال دیں۔

    جسٹس گلزار احمد نے کہا پراجیکٹ ڈائریکٹر تعمیراتی کمپنیوں سے بلیک میل ہورہے ہیں، تینوں تعمیراتی کمپنیاں ایک ارب کی گارنٹی دیں، مقررہ تاریخ تک کام مکمل نہ ہونے پر گارنٹی ضبط ہوگی۔

    مزید پڑھیں : اورنج لائن ٹرین: سپریم کورٹ نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکریٹری فنانس کو طلب کرلیا

    جسٹس گلزار نے اورنج ٹرین منصوبے کی رفتار پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا آپ کچھ کر نہیں رہے،ڈیڈ لائن پرڈیڈ لائن مانگ رہےہیں، آپ نےپہلے بھی گارنٹی دی اور بیان حلفی پورا نہیں ہوا، تو نعیم بخاری کا کہنا تھا اگر اب ڈیڈلائن مکمل نہ ہوئی تو جیل بھیج دیں، جس پر جسٹس گلزار نے کہا منصوبے کےحوالے سے بہت زیادہ فکر مند ہوں۔

    وکیل تعمیراتی کمپنی نعیم بخاری نے کہا ایک ارب کی گارنٹی نہیں دے سکتے، آپ میرے موکل کو جیل بھیج دیں، دو ارب کی گارنٹی پہلے دے چکے ہیں، ڈیڑھ ارب روپے کے واجبات باقی ہیں، میٹرو ٹرین پر خطیر رقم خرچ ہوئی ہے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس میں کہا یہ قومی مفاد کا منصوبہ ہے، جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا منصوبے پر تعمیراتی کام کی کوالٹی چیک کرنے کا کوئی میکنزم ہے یا نہیں، ایسا نہ ہو کہ پراجیکٹ دھڑام سے نیچے آگرے، جس پر پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا ہمارے کنسلٹنٹ تعمیراتی کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    بعدازاں جسٹس گلزار احمد اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تکمیل کے لئے بیس مئی کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتے تک ملتوی کردی۔

    گذشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکریٹری فنانس اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

  • اورنج لائن منصوبہ عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب

    اورنج لائن منصوبہ عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب

    کراچی: سندھ حکومت نے اورنگی ٹاؤن سے شروع ہونے والے اورنج لائن منصوبے کو معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے شروع ہونے والے اورنج لائن بس منصوبے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصرحسین شاہ نے اورنج لائن منصوبے کو عبدالستاد ایدھی کے نام سے منصوب کرنے کا اعلان کیا۔

    انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے ملک و قوم اور انسانیت کے لیے بے مثال خدمات انجام دیں اُن کے جانے سے جو خلاء پیدا ہوا اُسے کبھی پُر نہیں کیا جاسکتا‘ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر سندھ حکومت نے اورنج لائن منصوبے کا نام تبدیل کیا ہے۔


    پڑھیں: ’’ وزیراعلیٰ سندھ نے اورنج لائن بس منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ‘‘


    خیال رہے رواں سال جون میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اورنج لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا‘ اس منصوبے کے تحت  ابتدائی طور پر اورنج لائن منصوبہ 4 کلومیٹر تک تعمیر کیا جائے گا جس کے بعد اس کے روٹ میں اضافہ کر کے اسے 9 کلومیٹر تک طویل کیا جائے گا۔

    اس منصوبے  کو 1.14ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے، یہ 4 کلو میٹر کا پروجیکٹ تھا تاہم عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے اس کے روٹ کو بڑھا دیا گیا ہے، اس روٹ پر فی گھنٹہ 5 ہزار مسافروں کی گنجائش ہے جس کی تکمیل کے بعد شہر سے ٹریفک کا مسئلہ کچھ بہتر ہوجائے گا۔

  • اورنج لائن منصوبہ: عدالتی فیصلے کے خلاف حکومتی اپیل کا ڈرافٹ تیار

    اورنج لائن منصوبہ: عدالتی فیصلے کے خلاف حکومتی اپیل کا ڈرافٹ تیار

    لاہور: اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کی جانے والی اپیل کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا جسے منظوری کے لیے وزیراعلی پنجاب کو بھجوا دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خواجہ حارث نے اپیل تیار کر لی ہے جو وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ میں دائر کردی جائے گی۔ اپیل کے مطابق پنجاب حکومت نے موقف اختیار کیا ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لیے حاصل کی گئی اراضی کے لیے تمام قواعد و ضوابط پورے کیے گئے،پی سی ون، پی سی ٹو اور پی سی تھری بھی قانون کے مطابق ہی تیار کیے گئے۔

    اپیل میں‌ کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں پی سی ون، پی سی ٹو اور پی سی تھری مسترد قرار دینے کی وجوہات بیان نہیں کیں، پنجاب حکومت کے مطابق عدالت عالیہ کے فیصلے کی وجہ سے چائنیز بینک نے قرضے کی اقساط روک لی ہیں جس کی وجہ سے قرضہ بڑھ رہا ہے اور قرضے کی اقساط بھی واپس کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں،لاہور ہائی کورٹ کے اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متعلق فیصلے میں ابہام پائے جاتے ہیں۔

    مزید کہا گیا ہے کہ پالیسی معاملات میں عدالتیں مداخلت نہیں کر سکتیں، اورنج لائن ٹرین وسیع تر منصوبہ مفاد عام کا منصوبہ ہے،اورنج لائن ٹرین منصوبہ، مستقبل کے میگا پراجیکٹس کے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہے، میگا پراجیکٹ، مستقبل کے بڑے منصوبوں کے بارے میں ترجیحات طے کرے گا, اپیل میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متعلق ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

  • اورنج لائن ٹرین شہبازشریف کا ڈالر بناؤ منصوبہ ہے، چوہدری پرویزالٰہٰی

    اورنج لائن ٹرین شہبازشریف کا ڈالر بناؤ منصوبہ ہے، چوہدری پرویزالٰہٰی

    لاہور : سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہٰی نے کہا ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ شہباز شریف کا ڈالر بناؤ منصوبہ ہے۔ شہباز شریف نے اس منصوبے کی آڑ میں پنجاب کے عوام کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگایا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، اورنج لائن ٹرین منصوبے پر ہائیکورٹ کے فیصلے کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اورنج لائن منصوبے میں کسی قانون کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف دھرنے میں پیش رفت ہو رہی ہے، اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا تب ہی حکومت پر دباؤ بڑھے گا، حکومت خود ایسی ہی حرکتیں کر رہی ہے کہ جیسے وہ قبل از وقت جا رہی ہو۔

    پنجاب میں بچوں کے اغواء کے واقعات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو حکمرانوں نے تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔

    حکمرانوں نے بچوں کے اغواء میں معاملات میں غفلت کا ارتکاب کیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب کو تو بچوں کے اغواء کا بھی علم ہی نہیں ہے۔

     

  • اورنج لائن منصوبہ، پنجاب حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی

    اورنج لائن منصوبہ، پنجاب حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی

    لاہور : وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے اورنج لائن منصوبے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اورنج لائن ٹرین منصوبے کیخلاف ہائیکورٹ کے حکم امتناعی کیخلاف پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے رائے ونڈ میں فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن منصوبے پرعدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ فیصلے پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کو ہر صورت میں مکمل کیا جائے گا کیونکہ یہ عوامی مفاد کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے منصوبے کو عوامی مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے یومیہ تین لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

    مزید پڑھیں : اورنج لائن منصوبہ: لاہور ہائیکورٹ نے تاریخی عمارتوں کے قریب تعمیرات سے روک دیا

    واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے تاریخی عمارات متاثر ہونے کی وجہ سے ان سے 200 فٹ دور تعمیرات روکنے کا حکم دیا تھا جس کی وجہ سے اس منصوبے کو شالامار باغ اور چوبرجی کے نزدیک روک دیا گیا ہے۔

    عدالت نے محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے تمام این او سی کالعدم قرار دے دیئے، عدالت نے منصوبے سے ہونے والی ممکنہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف دائر تمام درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔

     

  • شہنشاہ ہند جلال الدین اکبرکاحکم نامہ اورنج لائن ٹرین کے آڑے آگیا

    شہنشاہ ہند جلال الدین اکبرکاحکم نامہ اورنج لائن ٹرین کے آڑے آگیا

    لاہور: عوام کی ایک بہت بڑی تعداد اورنج لائن ٹرین منصوبے کے خلاف سراپا احتجاج ہے ہی تاہم اب شہنشاہ ہند جلال الدین اکبر کا حکم نامہ بھی اورنج لائن ٹرین کے آڑے آگیا۔

    لاہور ہائی کورٹ میں اورنج لائن ٹرین منصوبے کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی جس میں شہنشاہ اکبر کا 1541 کا حکم نامہ پیش کیا گیا،حکم نامے کے مطابق شہنشاہ اکبر نے لاہور کے علاقے بابا موج دریا کی تمام زمین نسل در نسل بابا موج دریا کی اولاد کومنقل ہوگی اور کسی بھی وقت اور زمانے میں اس زمین پر نہ تو قبضہ کیا جائے گا اور نہ چھینی جائے گی ۔

    unnamed

    درخواست گزا رنے حکم نامہ پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حکم نامے کی رو سے بابا موج دریا کی زمین نجی ملکیت ہے اور اس پر کسی بھی قسم کی تعمیر نہیں کی جاسکتی۔

    unnamed (1)

    تاہم حکومت پنجاب زبردستی اس پر قبضہ کر کے اورنج لائن منصوبہ تعمیر کر رہی ہے جو غیرقانونی ہے جبکہ تاریخی مزار سے صرف دو فٹ کے فاصلے پر یہ منصوبہ بنایا جارہا ہے جس سے عمارت کو شدید خطرات لاحق ہیں حتی کہ اس تاریخی مزار کے منہدم ہونے کا بھی خطرہ ہے لہذا عدالت موج دریا کے علاقے میں اورنج لائن ٹرین کی تعمیر کو کالعدم قرار دے ۔

    عدالت نے سماعت 13 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے شہنشاہ اکبر کے حکم نامے کی قانونی حیثیت کے متعلق جواب طلب کر لیا ۔

  • متحدہ اپوزیشن کی اورنج لائن منصوبے کے خلاف احتجاجی ریلی

    متحدہ اپوزیشن کی اورنج لائن منصوبے کے خلاف احتجاجی ریلی

    لاہور: حکومت پنجاب کے اورنج لائن منصوبے کے خلاف متحدہ اپوزیشن نے جی پی او چوک سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی ۔

    احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیش لیڈر محمود الرشید نے کہا کہ یہ منصوبہ لاہور کی تاریخ کی شناخت ختم کردے گا۔

    جی پی او چوک سے پنجاب اسمبلی تک نکالی گئی ریلی میں پی ٹی آئی ،جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ق کے رہنماؤں نے شرکت کی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔

    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ لاہور کی صرف دو فیصد آبادی کیلئے یہ ٹرین منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چوبرجی، شالامار باغ، لکشمی چوک سمیت تمام تاریخی عمارتوں کو ٹرین منصوبہ سے بچایا جائے۔

    ڈاکٹر وسیم اختر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ کیلئے تمام سرکاری محکموں کے فنڈز اس میں جھونک دیئے گئے۔

    پیپلز پارٹی کی رہنما ثمینہ کالد گھرکی نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبے سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہےپیپلز پارٹی اورنج لائن ٹرین منصوبے کی بھرپور مخالفت کرے گی۔

  • لاہور: اورنج لائن ٹرین منصوبے کیخلاف شہری سراپا احتجاج

    لاہور: اورنج لائن ٹرین منصوبے کیخلاف شہری سراپا احتجاج

    لاہور: اورنج لائن ٹرین منصوبے کے خلاف شہریوں نے سخت احتجاج کیا، مشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور ٹائر جلا کے سڑکیں ٹر یفک کے لئے بند کردیں ، مشتعل مظاہرین نے پنجاب حکومت کا علامتی جنازہ بھی نکالا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورمیں اورنج ٹرین منصوبے سے متاثرہونےوالوں نےسڑکوں پرنکل کرتوڑپھوڑکردی،خواتین بھی احتجاج میں پیش پیش تھیں۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ رکاوٹیں ہماری زندگی اورکاروبارکےلئے رکاوٹ بن رہی ہیں۔ ملتان روڈ پرنوجوانوں کے ہاتھوں میں لوہے کےڈنڈے تھےجن سے انہوں نے اورنج ٹرین منصوبے کے لیے لگائی گئی رکاوٹوں کی توڑپھوڑکی۔

    منصوبےسے متاثرخواتین بھی گھرنہیں بیٹھیں اورسڑکوں پرنکل کراحتجاج کیا، ان کے ساتھ بچے بھی احتجاج میں  شامل تھے، مشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت پنجاب کا علامتی جنازہ بھی نکالا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب لوگوں کو بے گھر کررہی ہے۔ اورنج لائن منصوبےکی زد میں مکانوں کے ساتھ دکانیں بھی آئیں گی۔

    حکومت کی آفرسے دکاندار بھی خوش نہیں تھے۔انہوں نےاسےمعاشی قتل قراردیا، احتجاج کرنے والے تاجروں کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب فضول کی سڑکیں اور ٹرینیں بنانے کے بجائے اسپتال بنوانے پرتوجہ دے۔

    ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کےلئےجائیدارکوڑیوں کےدام لی جارہی ہے، مجوزہ اورنج ٹرین ٹھوکر نیاز بیگ سے ڈیرہ گجراں تک چلے گی۔

    ٹرین کے 24 اسٹیشن زمین سے اوپر اور دو زیر زمین ہوں گے ،منصوبےکاافتتاح وزیراعظم نےچینی صدرکےساتھ کیا تھا۔