Tag: order

  • سعودی عرب: اہم شاہی فرمان جاری

    سعودی عرب: اہم شاہی فرمان جاری

    ریاض: سعودی عرب میں پبلک پراسیکیوشن کے متعدد ارکان کی ترقی کا شاہی فرمان جاری کردیا گیا، شاہی محل کی جانب سے پراسیکیوشن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے پبلک پراسیکیوشن کے متعدد ارکان کی ترقی کا شاہی فرمان جاری کردیا۔

    پبلک پراسیکیوٹر شیخ سعود المعجب کا کہنا ہے کہ پبلک پراسیکیوشن کو اعلیٰ قیادت کی سرپرستی حاصل ہے، شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ادارے کی جملہ ضرورتیں پہلی فرصت میں پوری کردیتے ہیں۔

    نئے شاہی فرمان کی بدولت پبلک پراسیکیوشن کو اعلیٰ استعداد کی سرپرستی کی وجہ سے عروج ملے گا، اس کی وجہ سے ادارے میں ترقی پانے والے ارکان اپنا کام شایان شان طریقے سے کریں گے۔

    المعجب نے پبلک پراسیکیوشن کے اہلکاروں کو تاکید کی کہ وہ آئندہ زیادہ محنت کریں اور اعلیٰ قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ آپ لوگوں سے بڑی امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے اور آپ کے بارے میں اچھا گمان رکھتا ہے، اس کا خیال رکھیں۔

  • اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایت

    اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے کی ہدایت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا، وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے کی ہدایت دے دی۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ 39 وفاقی ڈویژنز میں اوور سیز پاکستانیوں کے لیے سہولت کار افسر مقرر کیا جائے، انہوں نے 13 وزارتوں کے 34 ذیلی اداروں میں خصوصی سیکشن اور ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سہولت کار افسران گریڈ 19 سے کم نہیں ہوں گے، وزارتیں سہولت کار افسران کی تعیناتی کو نوٹیفائی کریں۔ مخصوص سیکشن اور ڈیسک کے قیام کا بھی نوٹی فکیشن جاری کیا جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ اقدام کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو دفاتر میں مسائل کا ازالہ کرنا ہے۔

  • کھانا فراہم کرنے سے انکار پر خاتون نے ریستوران عملے پر بندوق تان لی

    کھانا فراہم کرنے سے انکار پر خاتون نے ریستوران عملے پر بندوق تان لی

    امریکا میں ایک خاتون ریستوران کے کھانا فراہم نہ کرنے پر طیش میں آگئیں اور انہوں نے عملے کو گن سے دھمکانا شروع کردیا۔

    امریکی شہر فلاڈلفیا میں پیش آنے والا یہ واقعہ سرویلنس کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا، ایک مال میں واقع ریستوران کی انتظامیہ کے مطابق عملے کی کمی کی وجہ سے وہ صرف آن لائن آرڈرز لے رہے تھے۔

    خاتون جب آرڈر دینے پہنچیں تو عملے نے ان سے معذرت کی جس پر پہلے تو وہ سیخ پا ہو کر مینیجر سے بات کرنے کا مطالبہ کرتی رہیں، اس کے بعد اچانک انہوں نے اپنے بیگ سے گن نکال لی اور عملے کو دھمکایا۔

    انتظامیہ کے مطابق گن دیکھتے ہی انہوں نے ایمرجنسی بٹن دبا دیا جس سے مال کی سیکیورٹی کو اطلاع مل گئی۔

    ایک شخص نے خاتون کا آرڈر لیا اور جلدی جلدی تیار کر کے ان کے حوالے کردیا جس کے بعد خاتون بندوق لہراتی ہوئی وہاں سے نکل گئیں۔

    پولیس نے واقعے کی فوٹیج جاری کرتے ہوئے لوگوں سے خاتون کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔

  • خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے شاھی فرمان جاری کردیئے

    خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے شاھی فرمان جاری کردیئے

    ریاض : سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گزشتہ روز حکومتی امور سے متعلق چار اہم احکامات جاری کیے جن کے تحت عہدیداران کی تقرری و تبادلے کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے چیئرمین گورنمنٹ پروکیورمنٹ اتھارٹی غسان الشبل کو سبکدوش کرکے بندرالخریف کو نیا چیئرمین مقرر کیا ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان نے اتوار کو چار شاہی فرامین جاری کرکے دو عہدیداروں کی برطرفی اور ان کی جگہ دو کی تقرری کی ہے۔

    شاہ سلمان نے نائب وزیر تعلیم برائے جامعات ڈاکٹر حاتم المرزوقی کو سبکدوش کرکے ڈاکٹر محمد السدیری کو نیا نائب وزیر تعلیم برائے جامعات مقرر کیا ہے۔

    خبررساں ادارےکے مطابق اس کے علاوہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے برطرفی اور تقرری کے فیصلوں پر عمل درآمد کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔

  • کرونا وائرس: ویکسی نیشن پروگرام کے لیے برطانیہ کا کروڑوں انجکشنز کا آرڈر

    کرونا وائرس: ویکسی نیشن پروگرام کے لیے برطانیہ کا کروڑوں انجکشنز کا آرڈر

    واشنگٹن: امریکا کی میڈیکل ٹیکنالوجی کمپنی بیکٹن ڈکنسن اینڈ کو کا کہنا ہے کہ انہیں برطانوی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کی ویکسی نیشن پروگرام کے لیے 6 کروڑ 50 لاکھ انجیکشنز کا آرڈر موصول ہوا ہے۔

    کمپنی کے مطابق برطانوی حکومت نے ویکسی نیشن پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے 65 ملین سوئیوں اور سرنجوں کا آرڈر دیا ہے جو ماہ ستمبر تک ڈیلیور کیا جانا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس ضمن میں برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے ساتھ تشخیصی ٹیسٹ کو وسعت دینے کے لیے بھی اشتراک کر رہے ہیں۔

    اس سے قبل کمپنی نے کہا تھا کہ وہ کرونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر اپنی مینو فیکچرنگ میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔

    اس سے قبل کمپنی ایسی کٹ تیار کر چکی ہے جو 2 سے 3 گھنٹوں میں کرونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ بتا سکتی ہے۔

    کمپنی کی ایک اور کٹ اینٹی باڈیز ٹیسٹ کے نتائج بھی 15 منٹ میں دے سکتی ہے جو کرونا وائرس کے خلاف ان اینٹی باڈیز کی اثر انگیزی جاننے کے لیے کیا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 84 ہزار 276 ہوچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 44 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • حرم شریف میں مطاف کھولنے کا شاہی فرمان

    حرم شریف میں مطاف کھولنے کا شاہی فرمان

    ریاض: مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے گرد طواف کرنے والا حصہ مطاف کھولنے کے لیے شاہی فرمان جاری کردیا گیا، ایک روز قبل زائرین سے خالی مطاف کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ہفتے کی صبح سے عمرہ ادا نہ کرنے والوں کے لیے مطاف کھولنے کی اجازت دینے کا شاہی فرمان جاری کیا ہے۔

    ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے احتیاطی طریقہ کار اور مسجد الحرام کے کارکنوں کے ساتھ تعاون پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی قیادت شہریوں اور تارکین وطن کی سلامتی، تحفظ، آرام اور سکون کی آرزو مند ہے۔

    اس سے قبل مقامی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عمرے پر عارضی پابندی برقرار رکھتے ہوئے خانہ کعبہ کے طواف سے متعلق نئی ہدایات جاری کی ہیں۔

    انہوں نے واضح کیا تھا کہ شاہی ہدایت ہے کہ مطاف کو محدود پیمانے پر مرحلہ بہ مرحلہ کھول دیا جائے۔ یہ اجازت ان لوگوں کے لیے ہے جو عمرے کی غرض سے مسجد الحرام نہ آئے ہوں۔

    ڈاکٹر عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ عمرے پر پابندی کا فیصلہ اسلامی اور انسانی تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف کا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ زائرین کو کرونا وائرس کے مہلک اثرات سے بچانے کی خاطر بند کیا گیا۔

    خیال رہے کہ جمعرات کو نماز عشا کے بعد صفائی کے لیے مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ ﷺ کی مسجد نبوی بند کردی گئی تھی، تاہم خانہ کعبہ میں پہلی منزل پر طواف جاری رہا۔

    اس حوالے سے سعودی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں داخلے پر پابندی کا مقصد مقدس مقامات میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا تھا۔

    بعد ازاں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو کھول دیا گیا تاہم غیر ملکیوں سمیت سعودی شہریوں پر عمرہ کرنے پر تاحال پابندی عائد ہے۔

  • ایران نے حزب اللہ کو امریکیوں پرحملوں کی ذمہ داری سونپ دی، امریکی عہدیدار

    ایران نے حزب اللہ کو امریکیوں پرحملوں کی ذمہ داری سونپ دی، امریکی عہدیدار

    واشنگٹن : امریکی عہدیدار مائیکل ماکول نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی فوجیوں کو نشانہ بنانے کے لیے اپنے وفادار گروپوں کو استعمال کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سینٹ کے رکن اور ری پبلیکن رہ نما مائیکل ماکول نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی فوجیوں اور شہریوں کے اغواء کی منصوبہ بندی کی ہے اور اس حوالے سے لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی ریاست ٹیکساس سے رکن کانگریس ماکول نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا کو انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاعات ملی ہیںکہ ایران مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی فوجیوں کو نشانہ بنانے کے لیے اپنے وفادار گروپوں کو استعمال کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی سمندر پار کارروائیوں کے لیے قائم آپریشنل یونٹ فیلق القدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے حزب اللہ کو ایک مکتوب ارسال کیا جس میں اس سے کہا گیا کہ وہ امریکیوں کے اغواءیا ان کے قتل کی ذمہ داری سنبھالے۔

    امریکی انٹیلی جنس حکام کا کہنا تھاکہ پاسداران انقلاب کی بیرون ملک سرگرم تنظیم کے سربراہ قاسم سلیمانی نے حالیہ عرصے کے دوران ایران کے وفادر عسکری گروپوں کے لیڈروں سے ملاقاتیں کی تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکیوں کو نشانہ بنانے اور جنگ کے لیے تیار ہے۔

  • سانحہ کرائسٹ چرچ، دہشت گرد پر فرد جرم عائد

    سانحہ کرائسٹ چرچ، دہشت گرد پر فرد جرم عائد

    کرائسٹ چرچ: سانحہ نیوزی لینڈ کے دہشت گرد کو عدالت میں پیش کردیا گیا جہاں اس پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ کے دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ عدالت میں پیش ہوا، عدالت نے 50افراد کے قتل پر فرد جرم عائد کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دہشت گرد پر اقدام قتل کے 39مقدمات میں بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے، 14جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    دہشتگرد کی دوسری پیشی پر عدالت میں شہدا کے ورثا بھی موجود تھے، چودہ جون کی پیشی پر عدالت کی جانب سے مزید اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    عدالتی حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حملہ آور کا دماغی ٹیسٹ کرایا جائے اور ماہرین کی حتمی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

    نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں گزشتہ ماہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے نسل پرست دہشت گرد نے نماز جمعہ کے دوران دو مساجد میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے 50 افراد کو قتل جبکہ درجنوں افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    سفید فام دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو حملے کے کچھ دیر بعد ہی گرفتار کرکے اگلے روز عدالت میں پیش کردیا گیا تھا جہاں اس پر ایک قتل کی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    کرائسٹ چرچ حملہ، سفید فام دہشت گرد کے خلاف 50 افراد کے قتل کی چارج شیٹ تیار

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایردن نے 25 مارچ کو سانحہ کرائسٹ چرچ کی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔

  • امریکی ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کا ایمرجنسی کے نفاذ کا حکم نامہ مسترد

    امریکی ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کا ایمرجنسی کے نفاذ کا حکم نامہ مسترد

    واشنگٹن : امریکی ایوان نمائندگان نے 245 ووٹوں سے ڈونلڈ ٹرمپ کا ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کا حکم نامہ مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے سلسلے میں ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کا حکم نامہ مسترد کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی پارلیمنٹ میں 182 ارکان کے مقابلے میں 245 ارکان نے ایمرجنسی آرڈر کے خلاف ووٹ دیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ بل کی منظوری کےلیے سینیٹ کے پاس جائے گا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کو خبردار کیا ہے کہ اگر کانگریس نے ایمرجنسی کے خلاف ووٹ دیا تو ویٹو کردوں گا۔

    مزید پڑھیں : ٹرمپ کی ایمرجنسی نافذ کرنے کی دھمکی، امریکی سیاست دانوں کی تنقید

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ صدارتی ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ایمرجنسی لگائی جاسکتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اس اقدام کے ذریعے کانگریس سے بالاتر ہوکر اپنے فیصلے کو منوانے کی کوشش کریں گے، یاد رہے کہ کانگریس نے اس منصوبے کے لیے فنڈنگ سے انکار کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : میکسیکو دیوار: امریکی صدرنے ایمرجنسی نافذ کرنے کی دھمکی دے دی

    رواں ماہ 2 فروری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد کے ساتھ دیوار کی تعمیر کے لیے فنڈنگ کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنے کی دھمکی دی تھی۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر نے دیوار کی تعمیر کے لیے 5.7 بلین ڈالرز منظور کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے، تاہم کانگریس میں ڈیموکریٹس دیوار کی فنڈنگ کی منظوری سے مسلسل انکاری ہیں۔

    امریکا میں کئی ہفتوں سے جاری حکومتی شٹ ڈاؤن 24 جنوری کو ختم ہوگیا تھا لیکن 35 روزہ جزوی بندش کے باعث ملکی سرمایہ کاری اور دیگر تجاری امور بھی متاثررہے۔ ملکی معیشت کو 11 بلین ڈالرز کا نقصان ہوا تھا۔

  • چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کا سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کا حکم

    چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کا سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کا حکم

    لاہور : لاہورہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کاحکم دے دیا اور ہدایت کی متعلقہ سیشن جج جوڈیشل مجسٹریٹ سے معاملے کی انکوائری کرائیں اور جوڈیشل انکوائری رپورٹ 30دن میں پیش کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے سانحہ ساہیوال کے حوالے سے کیس کی سماعت کی،جےآئی ٹی کے سربراہ اعجازشاہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مقتولین کے ورثا اور وکلا بھی موجود ہیں۔

    سماعت میں جےآئی ٹی کی جانب سےپیشرفت رپورٹ پیش کردی، سرکاری وکیل نے کہا جےآئی ٹی نے7عینی شاہدین کےبیانات ریکارڈکیے، جس پر عدالت کا کہنا تھا ہم نےگواہوں کےبیانات ریکارڈکرنےکی فہرست دی تھی، کیاجےآئی ٹی نےان افرادکےبیانات ریکارڈکیے۔

    چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے استفسار کیا اعجازشاہ صاحب بتائیں آپ کیاکررہےہیں، جسٹس صداقت علی کا کہنا تھا آپ کی تمام کارروائی لکھی پڑھی ہوتی ہےوہ بتائیں، آپ جس طرح کام کررہےہیں اس پرافسوس ہے۔

    چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے استفسار کیا کیاعدالتی احکامات پراس طرح عمل کیاجاتاہے، آپ نےعینی شاہدین کے بیانات ریکارڈنہیں کیے، یہ بتائیں ایساکس قانون کےتحت کیاگیا۔

    [bs-quote quote=”چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کا جے آئی ٹی سربراہ اعجاز شاہ پراظہار برہمی” style=”style-7″ align=”left”][/bs-quote]

    مقتول ذیشان کے بھائی احتشام کے وکیل نے کہا لوگوں نے سوشل میڈیا پر فوٹیجز اپ لوڈ کیں کہ بیانات ریکارڈ نہیں ہوئے، عدالت کے حکم پر عینی شاہدین کے بیان ریکارڈ کیےگئے۔

    لاہورہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کاحکم دیتے ہوئے کہا متعلقہ سیشن جج جوڈیشل مجسٹریٹ سے ساہیوال معاملے کی انکوائری کرائیں اور جوڈیشل انکوائری رپورٹ 30 دن میں پیش کی جائے۔

    چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ نےتفتیش کے متعلق تسلی بخش جواب نہ دینے پر اعجاز شاہ پراظہار برہمی کرتے   کہا کیوں نا آپ کودرست کام نہ کرنے پر نوٹس جاری کیا جائے۔

    بعد ازاں لاہورہائی کورٹ نےسانحہ ساہیوال کیس کی سماعت28 فروری تک ملتوی کردی۔ْ

    مزید پڑھیں : چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سانحہ ساہیوال کی انکوائری سیشن جج سےکرانے کی پیشکش

    گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس نے مقتولین کے ورثاء کو سیشن جج سے معاملے کی جوڈیشل انکوائری کروانے کی بھی پیشکش کی تھی جبکہ جے آئی ٹی کے سربراہ اعجاز شاہ کو رپورٹ سمیت پیش ہونے اور حکومت  کو جوڈیشل کمیشن سےمتعلق ایک ہفتےمیں آگاہ  کرنے کا حکم دیا تھا۔

    اس سے قبل 4 فروری کو ہونے والی سماعت میں لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال میں جوڈیشل کمیشن کی تشکیل سے متعلق وفاقی حکومت سے رپورٹ طلب کی تھی اور آپریشن کا حکم دینے والےافسر کاریکارڈ بھی طلب کیا تھا، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے تھے ریکارڈ تبدیل کیا تو سب نتائج بھگتیں گے، معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    واضح رہے کہ 19 جنوری کو ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے جبکہ ایک بچہ اور دو بچیاں بچ گئی تھیں، عینی شاہدین اور سی ٹی ڈی اہل کاروں‌ کے بیانات میں واضح تضاد تھا۔

    واقعے پر ملک بھر سے شدید ردعمل آیا، جس پر وزیر اعظم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا تھا۔ جی آئی ٹی نے خلیل اور اس کے خاندان کے قتل کا ذمہ دار سی ٹی ڈی افسران کو ٹھہرایا تھا جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے ذیشان کو دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔