Tag: Order issued

  • تجاوزات کیس : ڈپٹی کمشنر کی عدم پیشی پر عدالت کا سخت حکم جاری

    تجاوزات کیس : ڈپٹی کمشنر کی عدم پیشی پر عدالت کا سخت حکم جاری

    کراچی : سندھ ہائیکورٹ میں گلزار ہجری میں سڑکوں، فٹ پاتھوں سے تجاوزات کے خاتمہ کے کیس کی سماعت ہوئی، جج نے ڈی سی کے نمائندے کو جھاڑ پلادی۔

    درخواست گزار کی جانب سے ڈپٹی کمشنر شرقی کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت کے موقع پر  ڈپٹی کمشنر شرقی کے پیش نہ ہوئے جس پرعدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    درخواست کی سماعت کے دوران ڈپٹی کمشنر شرقی آصف صدیقی کا نمائندہ پیش ہوا، جس پر جسٹس حسن اظہررضوی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کہاں ہے؟ تمہیں کیوں بھیجا؟

    عدالت نے جواب جمع نہ کرانے پر ڈپٹی کمشنر شرقی آصف صدیقی کے نمائندے سے کہا کہ کیا ڈپٹی کمشنر نے شکل دکھانے کے لیے تمہیں بھیجا ہے؟

    عدالت کا کہنا تھا کہ ڈی سی کو توہین عدالت کی درخواست پر شوکاز نوٹس جاری ہوا ہے، جب ایس ایس پی پیش ہوسکتا ہےتو ڈپٹی کمشنر شرقی کو پیشی میں کیا مسئلہ ہے؟

    جسٹس حسن اظہر رضوی نے نمائندے کو مخاطب کرتے ہوئے سختی سے کہا کہ ڈپٹی کمشنر شرقی آصف صدیقی کو کہو کہ وہ گیارہ بجے عدالت پہنچے۔

    درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گلزار ہجری میں تجاوزات کے خاتمے کا حکم جاری ہوچکا، مختیارکار، ڈپٹی کمشنرعدالتی فیصلے پرعمل نہیں کررہے۔

    ڈپٹی کمشنر شرقی ودیگر کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالت نے ڈپٹی کمشنر شرقی آصف صدیقی کو گیارہ بجے طلب کرلیا

  • ایون فیلڈ ریفرنس : عدالت نے اپیلوں سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا

    ایون فیلڈ ریفرنس : عدالت نے اپیلوں سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا

    اسلام آباد : عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور صفدر اعوان کی اپیلوں سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیلوں سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے یہ حکم نامہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی اپیلوں کی سماعت پر جاری کیا گیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کی جانب سے جاری کیے گئے اس حکم نامے کے متن میں لکھا ہے کہ مریم نواز کے وکیل کی جانب سے پیش دفتر کے اعتراضات کو رد کر دیا گیا۔

    حکم نامہ کے مطابق مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کی اپیلوں پر سماعتیں 13 اکتوبر کو کی جائیں گی، مریم نواز کی جانب سے وکیل عرفان قادر عدالت میں پیش ہوئے۔

    حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ دلائل دیے گئے ہیں صرف اضافی حقائق اور بنیادیں ریکارڈ پر رکھی جائیں گی، متفرق درخواست کی بحالی اور اضافی دستاویزات کا فیصلہ عدالتی پہلو سے کیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ حکم نامہ میں رجسٹرار آفس کو ہدایت کی گئی ہے کہ مریم نواز کی متفرق درخواست کو نمبر لگا دیں۔

  • ہیری میگھن انٹرویو : ملکہ الزبتھ نے اہم حکم جاری کردیا

    ہیری میگھن انٹرویو : ملکہ الزبتھ نے اہم حکم جاری کردیا

    لندن : برطانوی شہزادے ہیری اور میگھن مارکل کے انکشافات سے بھرپور انٹرویو کے بعد ملکہ الزبتھ نے حکمت عملی کے تحت شاہی محل کے عملے کو ضروری احکامات جاری کردیئے۔

    برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے حال ہی میں امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو نے پوری دنیا خصوصاً یورپ میں کھلبلی مچادی ہے۔

    جس کے جواب میں ملکہ الزبتھ دوم کی جانب سے بکنگھم پیلس کے عملے کے لیے ایک تحریری نوٹس جاری کرتے ہوئے محل کے عملے کو خاموش رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    برطانوی اخبار دی سن کے مطابق ملکہ الزبتھ نے بہت ذمہ داری سے ساری صورتحال کو سنبھالتے ہوئے اپنے عملے کو ہیری اور میگھن کے انٹرویو سے متعلق کسی بھی قسم کا رد عمل دینے سے گریز کرنے کا حکم دیا ہے۔

    برطانوی اخبار کی اطلاعات کے مطابق اس بات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ جو کچھ ہوا اس سے سب ہی پریشان ہیں، عوام جاننا چاہتے ہیں کہ حقیقت کیا ہے اور محل کے عملے کے کچھ لوگ اپنے بارے میں کہی گئی کچھ باتوں کی عوام کے سامنے تردید بھی کرنا چاہتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : دنیا بھر میں ہیری اور میگھن مارکل کے انٹرویو کا چرچہ

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملکہ موقع کی مناسبت سے بہت احتیاط سے اقدامات کر رہی ہیں کیونکہ یہ مسئلہ ان کے خاندان کا ہے اور وہ اس وقت وہ بہتر انداز میں شاہی خاندان کی رہنمائی کررہی ہیں۔

  • اسکول فیسوں میں اضافے کیخلاف درخواستوں پر عدالت کا حکم جاری

    اسکول فیسوں میں اضافے کیخلاف درخواستوں پر عدالت کا حکم جاری

    لاہور : پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کے خلاف درخواستوں پر لاہور ہائی کورٹ نے تحریری حکم جاری کردیا، ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی کو سات روز میں تمام اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کا علیحدہ علیحدہ جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کے خلاف درخواستوں پر تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی تمام اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کا علیحدہ علیحدہ جائزہ لے اور یہ عمل سات روز میں مکمل کرے۔

    حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی سپریم کورٹ کے فیصلے کے برعکس بڑھائی گئی فیسوں کو کالعدم قرار دے اور طلبا سے وصول کی گئی اضافی فیسیں واپس کی جائیں جبکہ طلبا کے والدین قانون کے مطابق بڑھائی گئی فیسوں کے واجبات سات روز میں ادا کریں۔

    تحریری حکم میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے فیصلے تک طلباء کو کلاسیں لینے کی اجازت ہوگی اور ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی طلبا کی داد رسی کرنے کا پابند ہو گا۔

    تحریری حکم میں تمام اسکولوں کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ بارہ اکتوبر کو ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے روبرو اپنا مؤقف پیش کریں۔

  • اسلام آباد ہائی کورٹ : برطرف پائلٹ کی بحالی کی درخواست پر حکم نامہ جاری

    اسلام آباد ہائی کورٹ : برطرف پائلٹ کی بحالی کی درخواست پر حکم نامہ جاری

    اسلام آباد : ہائی کورٹ نے جعل سازی سے لائسنس کے الزام پر برطرف پائلٹ کی بحالی کی درخواست پر تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے برطرف پائلٹ سید ثقلین اختر کی لائسنس بحالی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی اور سیکرٹری ایوی ایشن ، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی، سی ای او پی آئی اے و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم میں کہا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کا عہدہ اہم ہے، وفاق نے دو سال سے ڈی جی ایوی ایشن کی مستقل تعیناتی کیوں نہیں کی؟

    ہائیکورٹ کے حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سب سے اہم عہدے کا اضافی چارچ سیکرٹری سول ایوی ایشن کو دیا گیا، تمام جواب دہندگان کو نوٹسز جاری کیا جاتا ہے، وفاقی حکومت دس دن کے اندر تحریری وضاحت جمع کرائیں، کیس پر مزید سماعت 12 اگست کو کی جائے گی۔

    درخواست گزار کے وکیل نے کہا آرڈر وفاقی حکومت کی مشاورت سے جاری کیا گیا،بورڈ آف انکوائری کمیشن ایکٹ 2017 کے تحت تشکیل نہیں دیا گیا۔

    چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ایگزیکٹو انکوائری کرا سکتا ہے اس کا اختیار ہے، بعد ازاں تحریری حکم جاری کرتے ہوئے عدالت عالیہ نے کہا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی آئندہ سماعت تک پائلٹ کے خلاف کوئی کریمنل کارروائی نہ کرے سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن کے پاس ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا چارج بھی ہے۔

    لائسنس منسوخی کے آرڈر پر ایک افسر نے دونوں عہدوں کی طرف سے دستخط کئے ،ایک افسر کا اس طرح دستخط کرنا غیر جانبداری کے اصول کے خلاف ہے، ڈی جی سول ایوی ایشن جیسی اہم پوسٹ کا اضافی چارج دینا گڈ گورنس کے اصول سے مطابقت نہیں رکھتا، آئندہ سماعت 12 اگست کو ہوگی۔

  • عرب ریاست نے اپنا قومی پرچم اور ترانہ تبدیل کردیا

    عرب ریاست نے اپنا قومی پرچم اور ترانہ تبدیل کردیا

    مسقط : خلیجی ریاست عمان کے نئے سلطان نے قومی ترانے اور پرچم میں تبدیلی میں شاہی فرمان جاری کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خلیجی ریاست سلطنت عمان کے نئے سلطان ھیثم طارق نے شاہی فرمان جاری کرتے ہوئے ریاست کے قومی پرچم، نشان اور ترانے کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔

    رپورٹ کے مطابق سابقہ ترانے کے آخری مصروں میں محروم سلطان قابوس بن سعید کا نام شامل تھا جسے نئے سلطان نے حذف کروا دیا۔

    پہلے ترانے میں سابق سلطان قابوس بن سعید کو ریاست کے استحکام، تعمیر و ترقی کے ضامن کے طور پر پیش کیا جاتا تھا جبکہ نئے ترانے میں دعائیہ اشعار شامل کیے گئے ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سلطان ھیثم طارق کے شاہی فرمان سے متعلق حکام نے عوام کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں : سلطنت عمان کے بادشاہ قابوس بن سعید انتقال کر گئے

    خیال رہے کہ سلطنت عمان کے سابق سلطان قابوس بن سعید 10 جنوری 2020 کو 79 برس کی عمر میں دنیا فانی سے انتقال کر گئے تھے۔

    سلطان قابوس بن سعید نے 23 جولائی 1970 کو ریاست کی ذمہ داریاں بطور سلطان سنبھالی تھیں, سلطان قابوس عرب حکمرانوں نے سب سے زیادہ طویل حکمرانی کرنے والے شخص بھی ہیں۔

  • آئی جی سندھ نے تبدیلی کی ابتداء کردی، افسران کو مہمانوں کی خاطر مدارات سے روک دیا

    آئی جی سندھ نے تبدیلی کی ابتداء کردی، افسران کو مہمانوں کی خاطر مدارات سے روک دیا

    کراچی : آئی جی سندھ نے تمام پولیس افسران کو سینٹرل پولیس آفس میں مہمانوں کی خاطر مدارات سے روک دیا، ان کا کہنا ہے کہ افسران کام کے بجائے لمبی میٹنگز کرتے تھے۔

    تفصیلات کےمطابق نئے آئی جی سندھ کلیم امام نے سینٹرل پولیس آفس میں تبدیلی کا آغاز کردیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے سینئر افسران کو سخت حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

    حکم نامے کے مطابق آج کے بعد سی پی او میں کام کرنے والے افسران مہمانوں سے نہیں ملیں گے، مہمان کو صرف سینٹرل پولیس آفس کی پہلی منزل پر چائے خانے میں بٹھایا جائے گا، متعلقہ افسر اپنے مہمان سے چائےخانے میں ہی ملاقات کرے گا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پی او میں پولیس افسران مہمانوں سے گھنٹوں گپ شپ کیا کرتے تھے، دفترمیں ہی کھانے اور چائےکا دوربھی چلتا تھا، ذرائع افسران کام کرنے کے بجائے اپنے دفاتر میں بیٹھ کر لمبی لمبی میٹنگز کیا کرتے تھے، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی جی سندھ نے پولیس کے سینئرافسران سے مشاورت کے بعد حکم نامہ جاری کیا ہے۔

    یاد رہے کہ نئے آئی جی سندھ کلیم امام نے اپنے عہدے کاچارج سنبھالنے کے بعدسی پی او میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے دفترکے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، میرٹ اور اہلیت کوترجیح دوں گا،۔

    مزید پڑھیں: کلیم امام نے سندھ پولیس کے نئے آئی جی کا چارج سنبھال لیا

    انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کا ہر فرد میرے لیے ٹیم ممبر کی حیثیت رکھتا ہے پولیس کا مورال بلند اور عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھ کرادا کریں گے۔