Tag: Orlando

  • تین سال بعد اورلینڈو میں کلین شو کی نئی توانائی کے ساتھ واپسی، پاکستان کا تجارتی نمائش میں نمایاں کردار

    تین سال بعد اورلینڈو میں کلین شو کی نئی توانائی کے ساتھ واپسی، پاکستان کا تجارتی نمائش میں نمایاں کردار

    کراچی (27 اگست 2025): تین سال کے وقفے کے بعد عالمی تجارتی نمائش ’کلین شو 2025‘ کی ایک نئی توانائی کے ساتھ واپسی ہوئی ہے، جس میں پاکستان نے بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

    شمالی امریکا کی ٹیکسٹائل کیئر کے شعبے کے لیے تین روزہ سب سے بڑی ٹریڈ ایگزیبیشن 23 سے 26 اگست تک اورلینڈو، امریکا میں منعقد ہوئی، اس میں 20 ممالک سے 393 نمائش کنندگان اور دنیا بھر سے بڑی تعداد میں تجارتی وزیٹرز نے شرکت کی۔

    شمالی امریکا کی اس نمائش میں پاکستان کا بھی نمایاں کردار رہا اور پانچ کمپینوں نے پاکستان کی نمائندگی کی، جن میں اسپن ٹیکس انڈسٹریز (ایچ آر کاٹن یو ایس اے)، عبداللہ ٹیکسٹائل (کنٹیکس گروپ)، الرّحیم ٹیکسٹائلز، حسین ٹیکسٹائلز اور ہارون فیبرکس شامل ہیں۔

    کلین شو ٹیکسٹائلز تجارتی ایگزیبیشن اورلینڈو

    ان کمپنیوں نے ہوٹل اور اسپتال کے ٹیکسٹائل کے ساتھ ساتھ پائیدار مصنوعات کی رینج پیش کی اور عالمی خریداروں اور صنعت کے ماہرین سے ملاقاتیں بھی کیں۔ نمائش کنندگان نے اس مارکیٹ کی حاضری اور وزیٹرز کے معیار کو سراہا۔

    پاکستانی ٹیکسٹائلز ایشیا کی سب سے بڑی نمائش میں شرکت کے لیے تیار

    اس موقع پر سی ای او الرّحیم ٹیکسٹائلز احسن عبدالعزیز نے کہا ’’ہم اس سال کے کلین شو سے حاصل ہونے والے روابط اور لیڈز سے بہت مطمئن ہیں۔ میری کئی فیصلہ ساز افراد سے حوصلہ افزا ملاقاتیں ہوئیں اور میں مستقبل میں ان سے بات چیت کو جاری رکھنے کا منتظر ہوں۔‘‘

    کلین شو ٹیکسٹائلز تجارتی ایگزیبیشن اورلینڈو

    پارٹنر اسپن ٹیکس انڈسٹریز محمد علی انصاری نے بھی مثبت تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ہمیں کلین شو سے بے حد اطمینان حاصل ہوا، ہماری بہت سے بین الاقوامی خریداروں سے ملاقاتیں ہوئیں اور بزنس کو لے کر انتہائی عمدہ بات چیت ہوئی۔‘‘

    سی ای او حسین ٹیکسٹائلز محمد حسین نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا اور کہا ’’اس سال کی نمائش میں شو فلور کو مزید وسعت دی گئی، پہلی بار شرکت کرنے والے نمائش کنندگان کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا، اور بین الاقوامی سطح پر بھرپور شرکت دیکھنے کو ملی۔ مجموعی طور پر ہم اس تجربے سے مطمئن ہیں۔‘‘

    کلین شو 2025 میں اس بار ریکارڈ بین الاقوامی شمولیت اور تقریباً 100 نئے نمائش کنندگان شامل تھے۔ نمایاں پہلوؤں میں انوویشن ایوارڈز، خصوصی تعلیمی سیشنز اور روزانہ نیٹ ورکنگ ایونٹس شامل تھے۔ یہ ایک بار پھر ٹیکسٹائل کیئر انڈسٹری کے لیے ایک اہم عالمی مرکز ثابت ہوا اور پاکستان کی موجودگی نے اس ابھرتے ہوئے شعبے میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔

  • امریکا میں متاثر کن مومی مجسمہ نصب

    امریکا میں متاثر کن مومی مجسمہ نصب

    امریکا میں موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج اور اس کے اثرات کی طرف توجہ دلانے کے لیے ایک متاثر کن مجسمہ نصب کردیا گیا۔

    امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں سٹی ہال کے باہر بینچ پر مومی مجسمہ نصب کیا گیا ہے، مجسمہ دادا اور پوتے کا ہے جو آئسکریم کھاتے ہوئے خوشگوار وقت گزار رہے ہیں۔

    اس مجسمے کا پیغام نہایت واضح ہے، دن گزرنے کے ساتھ ساتھ مجسمہ پگھلتا جائے گا جس سے اندازہ ہوگا کہ کلائمٹ چینج کی وجہ سے درجہ حرارت میں کس قدر اضافہ ہورہا ہے۔

    یہ مجسمہ کلائمٹ چینج کے حوالے سے شعور و آگاہی کے لیے کام کرنے والے ایک مقامی ادارے کی جانب سے نصب کیا گیا ہے۔

    ادارے سے وابستہ ڈاکٹر کلارک کا کہنا ہے کہ اورلینڈو شہر میں شدید گرمی کا دورانیہ 22 دن ہوتا تھا لیکن اب کچھ سال میں یہ بڑھ کر 3 ماہ پر محیط ہوجائے گا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کلائمٹ چینج خوفناک تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

    خیال رہے کہ کلائمٹ چینج کے باعث دنیا بھر کے درجہ حرارت میں اضافہ جاری ہے جس سے سطح سمندر بلند ہونے اور کئی شہروں کے زیر آب آجانے کا خطرہ ہے۔

  • اورلینڈو واقعے پرعالمی رہنماؤں کا اظہار مذمت

    اورلینڈو واقعے پرعالمی رہنماؤں کا اظہار مذمت

    واشنگٹن : اورلینڈو میں فائرنگ کے واقعے پر عالمی رہنماؤں نے شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ جبکہ کیلفورنیا اور واشنگٹن میں واقعے کیخلاف احتجاج بھی کیا گیا۔

    اورلینڈو میں فائرنگ کے واقعے کی دنیا بھر سے مذمت کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے امریکی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نےسوشل میڈیا پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

    ہیلری کلنٹن نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات اور پابندی مسئلے کا حل نہیں، مسلمانوں کی اکثریت دہشت گردی کے خلاف بات کرتی ہے۔

    آسٹریلیا کے وزیراعظم میلکم ٹرن بل نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ہم سب متحد ہیں۔

    وزیراعظم نوازشریف اورامریکا میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نےاورلینڈو فائرنگ کے واقعہ کی سخت مذمت کی۔ فرانس ،اٹلی ،برطانیہ ,آئرلینڈ سمیت دیگرکئی ممالک کے سربراہان مملکت نے واقعہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں امریکی عوام کے ساتھ ہیں۔

    واقعہ کے خلاف کیلفورنیا میں شہریوں نے پرامن احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ امریکہ میں بڑھتے ہوئے فائرنگ کے واقعات کو روکا جائے اوراسلحہ کے عام استعمال پرپابندی لگائی جائے۔

    امریکہ میں وائٹ ہاؤس کے باہر سماجی تنظیموں کی جانب سے اورلینڈو فائرنگ کے واقعہ میں مرنے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔

     

  • حملہ آور کے دہشت گرد تنظیم سے رابطوں کا ثبوت نہیں ملا،ایف بی آئی

    حملہ آور کے دہشت گرد تنظیم سے رابطوں کا ثبوت نہیں ملا،ایف بی آئی

    واشنگٹن: امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) نے کہا ہے کہ اورلینڈو فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور کے کسی بھی دہشت گرد تنظیم سے رابطوں کے شواہد نہیں ملے، ممکن ہے یہ قدم حملہ آور نے شہرت پانے کے لیے اٹھایا ہو۔

    امریکی صدر باراک اوباما کو دی گئی بریفنگ میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ واقعہ دہشت گردی ہے یا نہیں اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں تاہم اب تک کی تحقیقات میں حملہ آور کے کسی دہشت گرد تنظیم سے روابط کے ثبوت نہیں ملے۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق ڈائریکٹر ایف بی آئی نے مزید بتایا کہ حملے کی منصوبہ بندی کسی اور ملک میں ہونے کے بھی شواہد نہیں ملے تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی شہر اورلینڈو میں اتوار کو ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب میں فائرنگ کے واقعہ میں 50 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوگئے تھے،امریکی صدر باراک اوبامہ سمیت دنیا بھر کے رہنماؤں نے  واقعہ پر اظہار مذمت کیا ہے۔

  • سانحہ اورلینڈو امریکی تاریخ کا بدترین دن ہے ، باراک اوباما

    سانحہ اورلینڈو امریکی تاریخ کا بدترین دن ہے ، باراک اوباما

    واشنگٹن: امریکی صدر باراک اوباما نے اورلینڈو شہر میں نائٹ کلب میں فائرنگ کے دوران 50 ہلاکتوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن امریکی تاریخ کا بدترین دن ہے ، فائرنگ کا واقعہ شدت پسندی اور دہشت گردی ہے۔

    واقعہ پر خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آج امریکی تاریخ میں آج ایک اور خطرناک حملہ کیا گیا، فائرنگ کے واقعے کو سنجیدگی سے لیا ہے، ایف بی آئی سے واقعہ کی تمام ترتفصیلات حاصل کرلی ہیں، تحقیقات میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے، واقعے میں کوئی بھی ملوث ہو ،اس کے خلاف سخت کارورائی کی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہاکہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے، اورلینڈو کے شہریوں کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا، ان کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے،تمام امریکی شہری اس دکھ میں شریک ہیں اورمتاثرین کے ساتھ ہیں،فائرنگ کے واقعہ میں ہلاک شدگان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ۔

    دریں اثنا امریکی صدارتی امیدواروں نے بھی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کے نائٹ کلب میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔

    اپنے ٹوئٹر پیغام میں ہیلری کلنٹن نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدری کا اظہارکیا اور کہاکہ انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ ملک میں اسلحہ کے کنٹرول کے قانون میں مزید سختی لائیں گی۔

    صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کلب میں فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے،پولیس کی تفتیش جاری ہے، واقعے میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔