Tag: Oscars

  • آسکرز پارٹی کے ڈنر مینیو میں اس بار کھانے کس قسم کے ہوں گے؟

    آسکرز پارٹی کے ڈنر مینیو میں اس بار کھانے کس قسم کے ہوں گے؟

    آسکرز آفٹر پارٹی ڈنر مینیو کے لیے اس بار کھانوں کی خصوصی تیاریاں کی جا رہی ہیں، کھانوں کی اقسام کے بارے میں جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

    دنیائے فلم کے سب سے بڑے ایوارڈز ’’آسکر ایوارڈز‘‘ کے میلے کے لیے لاس اینجلس میں ریڈ کارپٹ بِچھ گیا ہے، 97 ویں آسکر ایوارڈز میلے میں فیشن کی چکا چوند ہوگی، اور ہالی ووڈ اسٹارز دکھائیں گئے نت نئے اسٹائلز۔

    ایک طرف اگر گفٹ بیگ میں کامیاب اداکاروں کے لیے تحائف تیار کیے جا رہے ہیں جن میں قیمتی اشیا سمیت کئی تحائف شامل ہیں، تو دوسری جانب آسکرز آفٹر پارٹی ڈِنر مینیو میں کھانوں کی بھی خصوصی تیاریاں جاری ہیں۔

    اس سال آسکر آفٹر پارٹی مینیو میں آسکر اسٹیچیو سے مشابہہ آئٹم تیار کیے جا رہے ہیں، جن میں ایڈیبل آسکر اسٹیچیو سے لے کر اسپائسی ٹونا مچھلی، مِنی برگرز، اسموکڈ فش، پیزا، کورین اسٹیکس، لابسٹر کارن ڈاگز، فلافل، چکن پاٹ پائی، لاوا کیکس، کیک بالز اور جیلٹوز سمیت بیش قیمتی مشروبات بھی مینیو کا حصہ ہوں گی۔ کئی ڈشز اور ڈیزرٹس کو آسکر اسٹیچیو سے مشابہہ تیار کیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز ہالی ووڈ ستاروں بھری شام میں آسکر کے لیے نامزد اداکاروں نے ایک ساتھ یادگار تصویر بھی کھنچوائی، آسکرز کی دوڑ میں کون ہوگا فاتح، فیصلہ 2 مارچ کو ہوگا۔

  • آسکر ایوارڈز میں نئی کیٹیگری کا اضافہ

    آسکر ایوارڈز میں نئی کیٹیگری کا اضافہ

    آسکر ایوارڈز میں ایک نئی ​​کیٹیگری کا اضافہ کردیا گیا اب کاسٹنگ ڈائریکٹرز کو ایوارڈز دیا جائے گا۔

    فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز آسکرز میں اب ایک نئی کیٹیگری کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کیٹیگری کے تحت اب فلموں میں اداکاروں کو کاسٹ کرنے والے ہدایت کاروں کو بھی آسکر جیتنے کا موقع ملے گا۔

    رپورٹ کے مطابق ابھی تک آسکرز میں 23 کیٹیگری میں ایوارڈ دیے جاتے تھے، اس نئی کیٹیگری میں اضافے کے بعد آسکر ایوارڈ کی اب 24 کیٹیگریز ہو گئی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کے بورڈ آف گورنرز نے اعلان کیا کہ آسکر میں کاسٹ کرنے کے لیے ایک زمرہ تشکیل دیا گیا ہے۔ اس زمرے کے تحت 2025 میں ریلیز ہونے والی فلموں کا دعویٰ کیا جائے گا اور اسے 98ویں اکیڈمی ایوارڈز سے نافذ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس سال آسکر ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد 10 مارچ کو ہالی ووڈ کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد کیا جائے گا جس کی نامزدگیوں کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

  • آسکر میں نامزدگی کیلئے غلط فلمیں بھیجی جاتی ہیں، اے آر رحمان

    آسکر میں نامزدگی کیلئے غلط فلمیں بھیجی جاتی ہیں، اے آر رحمان

    میوزک کمپوزر اور گلوگار اے آر رحمان کا کہنا ہے کہ ہماری فلمیں آسکر میں نامزد ہوجاتی ہیں لیکن ایوارڈ نہیں جیت پاتیں۔

    آسکر اور گریمی جیسے باوقار ایوارڈز سے سرفراز بھارت کے معروف موسیقار اے آر رحمان نے کہا کہ ہامری فلمیں آسکر میں نامزد ہوتی ہیں لیکن ہمیں اسے جیتنے میں ناکام ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت سے آسکر میں نامزدگی کیلئے غلط فلمیں بھیجی جاتی ہیں، ہمیں وہ فلمیں بھیجنی چاہئیں جو مغربی ممالک کے باشندے دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

    یہ بات اے آر رحمان نے وائلن بجانے والے موسیقار سبرامنیم سے ان کے یوٹیوب چینل پر انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔

    خیال رہے کہ اے آر رحمان کو 2009 میں سلم ڈاگ ملینیئر کی بہترین موسیقی ترتیب دینے پر آسکر ایوارڈ دیا گیا تھا۔

  • پیسہ ہو تو آسکر بھی خریدا جاسکتا ہے: اکیڈمی ایوارڈ ملنے پر بھارتی ہی ناخوش

    پیسہ ہو تو آسکر بھی خریدا جاسکتا ہے: اکیڈمی ایوارڈ ملنے پر بھارتی ہی ناخوش

    بھارت کی دستاویزی فلم اور ساؤتھ انڈین فلم کے گانے ناٹو ناٹو کو اکیڈمی ایوارڈز ملنے کے بعد جہاں ایک طرف تو دونوں کی پذیرائی جاری ہے، وہیں انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔

    بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جیکولین فرنینڈز کے میک اپ آرٹسٹ نے بھارت کو ملنے والے آسکر ایوارڈز کو متنازع قرار دے دیا۔

    میک اپ آرٹسٹ شان منتھل نے بھارتی فلم انڈسٹری پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اکیڈمی ایوارڈز خریدے ہیں۔

    ناٹو ناٹو کی جیت کا اعلان کرنے والی سوشل میڈیا پوسٹ پر طنزیہ انداز میں کمنٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ یہ بہت مضحکہ خیز ہے، میں نے سوچا تھا کہ ہم صرف ہندوستان میں ہی ایوارڈ خرید سکتے ہیں۔ لیکن پیسے سے ہم کیا حاصل نہیں کر سکتے، جب ہمارے پاس پیسہ ہو تو آسکر بھی خریدا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز آسکر ایوارڈ کی تقریب میں بہترین مختصر دستاویزی فلم کا ایوارڈ بھارتی دستاویزی فلم دا ایلیفنٹ وسپررز کو دیا گیا، یہ بھارت کی پہلی دستاویزی فلم ہے جس نے آسکر ایوارڈ اپنے نام کیا۔

    ساؤتھ انڈین فلم آر آر آر کا بے حد مقبول گانا ناٹو ناٹو نے بھی آسکر ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کردی۔ یہ کسی بھی بھارتی پروڈکشن کا پہلا گانا ہے جس نے بہترین اوریجنل سانگ کی کیٹگری میں اکیڈمی ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

  • آر آر آر: شائقین نے آسکر ایوارڈ کی اُمید باندھ لی

    بھارت کی تیلگو فلم آر آر آر سے اب شائقین نے آسکر ایوارڈ کی اُمید بھی باندھ لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی انڈیا کی تیلگو انڈسٹری سے ریلیز ہونے والی فلم ’آر آر آر‘ نے کئی بین الاقوامی ایوارڈز سمیٹ لیے ہیں، اور یہ فلم اب شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئی ہے، یہاں تک کہ اب شائقین نے آسکر ایوارڈ جیتنے کی امید بھی باندھ لی ہے۔

    گزشتہ برس 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’آر آر آر‘ اب تک گولڈن گلوب ایوارڈ، کریٹکس چوائس مووی ایوارڈ اور نیو یارک فلم کریٹکس سرکل ایوارڈ سمیت 15 انٹرنیشنل ایوارڈ اپنے نام کر چکی ہے۔

    ہدایت کار ایس ایس راجا مولی کی اس فلم نے انڈیا میں تاریخی کامیابیاں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ہالی ووڈ کو بھی اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے، یہی وجہ سے اس سے آسکر کی امید بھی باندھ لی گئی ہے۔

    اس فلم کے ایوارڈز جیتنے کی سب بڑی وجہ اس کا گانا ’ناٹو ناٹو‘ ہے جس میں راجو (رام چرن) اور بھیم (جونیئر این ٹی آر) نے پرفارمنس دی، اور اس گانے نے گولڈن گلوب جیسا معتبر ایوارڈ جیتا، ایک ہالی ووڈ رپورٹر کے مطابق ’فلم کے پاس سب سے بہترین اوریجنل گانے کی کیٹیگری میں آسکرز ایوارڈ جیتنے کا موقع ہے۔‘

    تاہم جونیئر این ٹی آر کا نام بھی بہترین پرفارمنس کے لیے آسکر ایوارڈ کے سلسلسے میں سوشل میڈیا پر بہت ہائی لائٹ ہو رہا ہے۔

    واضح رہے کہ اس فلم کی کہانی 1920 کے دو ایسے کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو برصغیر میں برطانوی راج کے خلاف لڑتے ہیں، فلم میں مرکزی کردار رام چرن اور جونیئر این ٹی آر نے ادا کیا ہے جب کہ اجے دیوگن اور عالیہ بھٹ نے کیمیو رول کیے ہیں۔

    ہدایت کار ایس ایس راجا مولی کے مطابق ہالی ووڈ کے معروف ہدایت کار جیمز کیمرون نے بھی ان کی فلم دیکھی ہے اور اسے پسند کیا ہے۔

  • آسکر ایوارڈز میں تھپڑ کی گونج: ول اسمتھ پر 10 سال کی پابندی عائد

    آسکر ایوارڈز میں تھپڑ کی گونج: ول اسمتھ پر 10 سال کی پابندی عائد

    آسکر ایوارڈز 2022 کی تقریب میں میزبان کرس راک کو تھپڑ مارنے کے بعد ہالی وڈ اداکار ول اسمتھ پر آسکر تقاریب میں شرکت کرنے پر 10 سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ اقدام اکیڈمی کے بورڈ ممبران کی 8 اپریل کو ایک میٹنگ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں یہ طے کیا گیا کہ 27 مارچ کے آسکر کی تقریب میں پیش آئے واقعے کے تناظر میں اداکار کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    اکیڈمی ایوارڈز کے حکام کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ہمارے لیے دنیا بھر میں اپنے مہمانوں، ناظرین اور اپنی اکیڈمی فیملی کے لیے مثال قائم کرنے کا ایک موقع تھا تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کر سکے۔

    بیان میں کہا گیا کہ وِل اسمتھ کے رویے کے جواب میں ہم آج یہ کارروائی کر رہے ہیں جو ہمارے فنکاروں اور مہمانوں کی حفاظت کے ایک بڑے مقصد کی طرف ایک قدم ہے۔

    دوسری جانب وِل اسمتھ کا کہنا ہے کہ میں اکیڈمی کے فیصلے کو قبول کرتا ہوں اور اس کا احترام کرتا ہوں۔

    خیال رہے کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب کے دوران اداکار کرس راک ایوارڈ دینے اسٹیج پر آئے تھے اور اس دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے ول اسمتھ کی بیوی جاڈا پنکٹ اسمتھ کے سر کے بال جھڑ جانے پر مذاق اڑایا تھا۔

    کرس کے مذاق پر اسمتھ اسٹیج پر آئے اورکرس راک کے منہ پر زور دار مکا مارا تھا۔

    بعد ازاں انہوں نے اس عمل کی معافی بھی مانگی تھی جبکہ کرس راک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ کسی کی بیماری کو مذاق کا نشانہ بنا رہے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد پولیس بھی وہاں پہنچ گئی تھی لیکن کرس راک نے انہیں کسی قسم کی کارروائی کرنے یا ول اسمتھ کو گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔

  • آسکر ایوارڈز حاصل کرنے والوں کے بارے میں دل چسپ معلومات

    آسکر ایوارڈز حاصل کرنے والوں کے بارے میں دل چسپ معلومات

    94 ویں‌ اکیڈمی ایوارڈز کا گزشتہ روز اعلان ہو گیا، تقریب جہاں‌ بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے والے امریکی اداکار وِل اسمتھ کے ناخوش گوار واقعے کی وجہ سے عجیب صورت حال کا شکار ہو گئی، وہاں‌ کرونا وبا کے باعث تاخیر کا شکار ہونے والی یہ تقریب آخر کار شدت سے منتظر شائقین کے لیے دل چسپی کا سامان لے کر آئی۔

    فاتحین کا اعلان لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں ہوا، مجموعی طور پر 23 ایوارڈز دیے گئے، میزبانی کے فرائض کامیڈین وانڈا سائیکس اور ایمی شومر سمیت ہالی وڈ اداکارہ ریجینا ہال نے سر انجام دیے۔

    بہترین اداکار اور اداکارہ کا آسکر

    وِل اسمتھ

    امریکی اداکار وِل اسمتھ کو فلم کنگ رچرڈ میں بہترین اداکاری پر آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی امریکی اداکارہ جیسیکا چیسشیئن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں، جیسیکا کو یہ ایوارڈ فلم ‘دی آئیز آف ٹیمی فائے’ میں بہترین اداکاری پر دیا گیا۔

    جیسیکا چیسشیئن

    بہترین فلم، بہترین ڈائریکٹر کا آسکر

    بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ قوت سماعت سے محروم خاندان میں قوت سماعت رکھنے والی واحد لڑکی روبی کی کہانی پر بننے والی امریکی فلم ‘کوڈا‘ نے جیتا، یہ فلم 2014 کی فرانسیسی ڈراما کامیڈی فلم ‘دی بیلیئر فیملی’ سے اخذ شدہ ہے۔

    جین کیمپئن

    بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ اس بار نیوزی لینڈ کی خاتون ڈائریکٹر جین کیمپئن کے نام رہا، جنھیں یہ ایوارڈ ان کی فلم ‘دی پاور آف دی ڈاگ’ کی ہدایت کاری کے لیے دیا گیا۔ یہ فلم امریکی ناول نگار تھامس سیویج کے 1967 میں چھپنے والے اسی نام کے ناول سے اخذ شدہ ہے۔ آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ جین کیمپئن آسکرز کی 90 سالہ تاریخ میں بہترین ڈائریکٹر کا یہ سنہری مجسمہ حاصل کرنے والی تیسری خاتون بن گئی ہیں۔

    بہترین فلم کوڈا، اور بہترین معاون اداکار ٹرائے کاٹسر

    جین کیمپئن نے اس ایوارڈ پر قبضہ جمانے کے لیے کئی نامور ڈائریکٹرز کو شکست دی، جن میں برطانوی ہدایت کار سَر کینیتھ برانا (فلم بیلفاسٹ)، ہالی ووڈ کی تاریخ کے سب سے کامیاب امریکی ڈائریکٹر اسٹیون اسپیل برگ (فلم ویسٹ سائیڈ اسٹوری)، نوجوانی سے ہدایت کاری کے شعبے میں آنے والے امریکی ڈائریکٹر پال تھامس اینڈرسن (فلم لیکرش پیزا)، جاپانی ڈائریکٹر رائیسوکی ہاماگوچی (فلم ڈرائیو مائی کار) شامل ہیں۔

    بہترین معاون اداکار، اداکارہ آسکرز

    بہترین معاون اداکار کا آسکر ایوارڈ فلم ‘کوڈا’ میں جان دار اداکاری کرنے والے اداکار ٹرائے کاٹسر اور بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ فلم ‘ویسٹ سائیڈ اسٹوری’ کے لیے آریانا ڈیبوس کو دیا گیا۔ یہ دونوں امریکی اداکار ہیں۔

    آپ کو یہ جان کر بھی حیرت ہوگی کہ بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ جیتنے والے ٹرائے کاٹسر سماعت کی قوت سے محروم ہیں، اور یہ ایوارڈ لینے والے وہ پہلے بہرے مرد ہیں اور دوسرے بہرے پرفارمر ہیں۔ یہی نہیں، فلم کوڈا میں اداکاری پر انھوں نے 3 اور ایوارڈز بھی حاصل کیے ہیں جن میں برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈ، اسکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈ، اور کریٹکس چوائس مووی ایوارڈ شامل ہیں۔ یہ تین ایوارڈ حاصل کرنے والے ٹرائے کاٹسر پہلے بہرے اداکار ہیں۔

    دوسری طرف آریانا ڈیبوس بھی پہلی سیاہ فام ایسی اداکارہ ہیں جو یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی اعلانیہ طور پر ‘کویر’ عورت ہے۔ یہ صنفی اور جنسی اقلیتوں کے لیے استعمال ہونے والی اجتماعی اصطلاح ہے اور اس کے لغوی معنی عجیب کے ہیں۔

    دیگر آسکرز

    بہترین اینیمیٹڈ فیچر فلم کا آسکر ایوارڈ بچوں اور بڑوں کی پسندیدہ کارٹون فلم انکانٹو لے اڑی۔

    بہترین اوریجنل اسکرین پلے کا ایوارڈ فلم بیلفاسٹ کے حصے میں آیا، جب کہ بہترین اخذ شدہ اسکرین پلے کا ایوارڈ فلم کوڈا نے جیتا۔ بہترین اوریجنل گانے کا ایوارڈ ‘نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو دیا گیا۔

    امریکی سائنس فکشن فلم ‘ڈیون‘ نے 6 ایوارڈز اپنے نام کیے، یہ فلم امریکی مصنف فرینک ہربرٹ کے ناول پر بنائی گئی ہے اور دو حصوں پر مشتمل ہے، تاہم فلم کا دوسرا حصہ ابھی نہیں آیا۔ چھ ایوارڈز میں بہترین ویژول ایفکٹس، بہترین اوریجنل میوزک، بہترین سنیماٹوگرافی، بہترین فلم ایڈیٹنگ، بہترین پروڈکشن ڈیزائن اور بہترین ساؤنڈ شمل ہیں۔

  • اب آپ اپنی پسندیدہ فلم کو آسکر ایوارڈ دلوانے کے لیے ووٹ کرسکتے ہیں

    اب آپ اپنی پسندیدہ فلم کو آسکر ایوارڈ دلوانے کے لیے ووٹ کرسکتے ہیں

    لاس اینجلس: 94 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب 27 مارچ کو منعقد ہونے جارہی ہے، اس سے ایوارڈ انتظامیہ نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔

    94 ویں آسکر ایوارڈز کے لیے اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے ٹویٹر کے ساتھ اشتراک کیا ہے اور ایک نئی کیٹیگری فین فیورٹ کا اضافہ کیا ہے۔

    اس کیٹیگری میں لوگ سال کی مقبول ترین فلم کو ووٹ دے کر ایوارڈ دلا سکیں گے۔

    یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب مختلف بلاک بسٹر فلمیں جیسے اسپائیڈر مین نو وے ہوم اور نو ٹائم ٹو ڈائی کو ایوارڈز کی اہم کیٹیگریز بشمول بہترین فلم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

    اس سے یہ خدشہ پیدا ہوا تھا کہ فلموں کو پسند کرنے والے بیشتر افراد 27 مارچ کو شیڈول تقریب کو دیکھنے سے گریز کریں گے۔

    مگر اب ان کے پاس موقع ہے کہ وہ 2021 میں ریلیز ہونے والی کسی بھی فلم کو ٹویٹر پر آسکرز فین فیورٹ ہیش ٹیگ کے ساتھ یا اکیڈمی کی ویب سائٹ پر ووٹ ڈال کر ایوارڈ دلوا سکتے ہیں۔

    حالیہ برسوں میں آسکر کی ٹی وی ریٹنگز میں ڈرامائی کمی آئی ہے اور گزشتہ سال کی تقریب کو محض ایک کروڑ سے زیادہ ناظرین نے دیکھا جو 2020 کے مقابلے میں 56 فیصد کم تعداد تھی۔

    سنہ 2018 میں بھی آسکر ایوارڈز کی انتظامیہ نے پاپولر فلم کی کیٹیگری کی تجویز پیش کی تھی مگر ناقدین کی جانب سے تنقید پر اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، اب اس نئی فین فیورٹ ایوارڈ کو بھی رسمی آسکر کیٹیگری نہیں بنایا گیا۔

    ٹویٹر کے مطابق یہ شراکت داری فلمی ناظرین کو اپنی پسندیدہ فلم سے محبت کا اظہار کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔

    لوگ 3 مارچ تک روزانہ 20 بار ووٹ ڈال سکتے ہیں اور ان میں سے 3 افراد کو متنخب کرکے اگلے سال آسکر ایوارڈ میں شرکت کے لیے مدعو کیا جائے گا۔

    اسی طرح ایک اور پول میں ووٹرز سے فلم کے پسندیدہ لمحات منتخب کرنے کا بھی کہا جائے گا، ان میں سے 5 مقبول ترین انتخابات کو آسکر تقریب کے دوران دکھایا جائے گا۔

  • پہلی بار مسلمان فنکار بہترین اداکار کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد

    پہلی بار مسلمان فنکار بہترین اداکار کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد

    لندن: پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رض احمد بہترین اداکار کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزدگی کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے مسلمان اداکار بن گئے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رض احمد کو بہترین اداکار کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا گیا، رض احمد کو فلم ساؤنڈ آف میٹل میں بہترین اداکاری پر اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔

    رض احمد بہترین اداکار کے طور پر نامزد ہونے والے پہلے مسلمان اداکار بھی ہیں۔

    ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے پر رض احمد نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے اپنے ساتھی اداکاروں اور اکیڈمی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نامزدگی ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔

    رض نے اپنی فلم کے ہدایتکار، پروڈیوسرز، کاسٹ ممبران اور پوری ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ اسے حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکیں۔

  • آسکرز 2020 میں تاریخ رقم، پہلی بار غیر ملکی زبان کی فلم بہترین قرار

    آسکرز 2020 میں تاریخ رقم، پہلی بار غیر ملکی زبان کی فلم بہترین قرار

    لاس اینجلس: 92 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں تاریخ رقم ہوگئی، پہلی بار کورین زبان کی فلم ’پیرا سائٹ‘ بہترین فلم قرار دے دی گئی، واکین فینکس کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

    92 ویں آسکر ایوارڈز کا میلہ امریکی شہر لاس اینجلس میں سجا، تقریب میں اپنی صلاحیتوں کے بہترین جوہر دکھانے والے فنکاروں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

    رواں برس پہلی بار بیسٹ پکچر کا اعزاز ایک غیر ملکی زبان یا انگریزی کے علاوہ کسی اور زبان کی فلم ’پیرا سائٹ‘ کے حصے میں آیا، کورین زبان کی فلم یہ اعزاز پانے والی پہلی غیر ملکی فلم بن گئی۔

    پیرا سائٹ نے بیسٹ پکچر سمیت 4 آسکر ایوارڈز جیتے جن میں بہترین ہدایتکار (بونگ جون ہو)، بہترین فیچر اور بہترین اوریجنل سکرین پلے کا ایوارڈ شامل ہے۔

    بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم ’جوکر‘ میں لازوال اداکاری دکھانے والے واکین فینکس کو دیا گیا۔ پرتشدد ذہنی مریض کا کردار ادا کرنے پر فینکس گزشتہ برس بافٹا اور گولڈن گلوب ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔

    جوکر کو 11 مختلف کیٹگریز میں نامزد کیا گیا تھا تاہم وہ بہترین اداکار کے علاوہ صرف بہترین میوزک کا ایوارڈ ہی حاصل کرسکی۔

    بہترین اداکارہ کا اکیڈمی ایوارڈ رینی زیل ویگر نے فلم جوڈی میں بہترین اداکاری پر حاصل کیا۔ بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ بریڈ پٹ کو ونس اپان اے ٹائم ان ہالی وڈ میں اداکاری پر دیا گیا۔