Tag: Out fall Road

  • لاہور: فروٹ کے ٹرک میں زور دار دھماکہ،32 افراد زخمی

    لاہور: فروٹ کے ٹرک میں زور دار دھماکہ،32 افراد زخمی

    لاہور : دہشت گردی کی واردات میں لاہور کے علاقے آؤٹ فال روڈپر زور دار دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 32 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے مصروف ترین علاقے آؤٹ فال روڈ پرفروٹ سے بھرے ایک ٹرک میں دھماکا ہوا ہے، ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں قریب کھڑی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

    دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی ہے، زخمی افراد کو طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
    زخمیوں میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، گورنمنٹ منشی اسپتال انتظامیہ نے عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کی ہے۔

    واقعے کے بعد لاہور پولیس نے علاقےکو گھیرے میں لے لیا، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتیں لرز گئیں، دھماکے کے بعد بجلی کی تاریں بھی ٹوٹ کر گر پڑیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق خوبانی کے ٹرک میں بارودی مواد موجود تھا، دھماکہ کے بعد قریب موجود نجی یونیورسٹی کے ہاسٹل کی چھت بھی گر گئی۔

    متعدد طلباء ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں، جنہیں نکالنے کیلئے ریسکیو کی ٹیمیں تگ و دو میں مصروف ہیں، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے سے چار طلباء کو نکال کر میو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    علاقے میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ نہیں کہا جاسکتا کہ ٹرک میں بارودی مواد موجود تھا، ہم حالت جنگ میں ہیں، ایسے واقعات رونما ہوجاتےہیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے عینی شاہد نے بتایا کہ مذکورہ ٹرک پچھلے 3 روز سے یہاں کھڑاتھا، اس کا کہنا تھا کہ ٹرک میں دھماکا ہوا پھر ٹرانسفارمر گرا، عینی شاہد کو بات کرنے کے دوران ایک شخص نے اسے روکا اور اپنے ساتھ لے گیا۔

    اے آر وائی سے گفتگو میں ڈی آئی جی حیدراشرف نے کہا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے، اللہ تعالیٰ نے لاہور کو بڑی تباہی سے بچالیا ہے، ڈی آئی جی کے مطابق دھماکا گاڑی میں ہوا ہے، دھماکے میں 22 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کی حالت تسلی بخش ہے۔

    لاہور میں رواں سال کا پانچواں دھماکا 

    واضح رہے کہ لاہور میں15دن کے دوران دوسرا دھماکا ہوا ہے، 24 جولائی کو ارفع کریم ٹاور کے قریب بھی دھماکا ہوا تھا۔

    لاہور میں رواں سال کا پانچواں دھماکا ہے، اس سے قبل13فروری کو مال روڈ پرخود کش دھماکےمیں13افراد شہید ہوئے تھے، 23فروری کو ڈیفنس میں دھماکے سے8افرادجاں بحق ہوئےتھے۔

    پانچ اپریل کو بیدیاں روڈ پرمردم شماری ٹیم پر خود کش حملہ ہوا تھا، حملے میں چار سیکیورٹی اہلکاروں سمیت چھ افراد شہید ہوئے تھے۔

    جبکہ24جولائی کو ارفع کریم ٹاور کے قریب خود کش دھماکاہوا تھا، اس دھماکےمیں نو پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد شہید ہوئےتھے۔

    سبزی اور فروٹ منڈیوں میں اسلحہ لانے کا انکشاف

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کالعدم تنظیموں کی جانب سے سبزی اور فروٹ منڈیوں میں اسلحہ لانے کا انکشاف کیا گیا تھا، مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یکم اگست کو آئی جی عارف نواز کو خفیہ رپورٹس دی گئی تھیں۔

    مذکورہ خبر میں خود کش جیکٹس، بم، بارودی کیمیکل، ٹائم ڈیوائس پیٹیوں میں لائےجانے کاانکشاف ہوا تھا، پولیس افسران کو منڈیوں میں جانے والے ٹرکوں کی چیکنگ نہ ہونے کی شکایت بھی کی گئی تھی۔

    اس خفیہ رپورٹ میں آئی جی پنجاب کو سبزی اور فروٹ منڈیوں میں ایکشن لینے کا کہا گیا تھا۔

    لاہور کے علاقے آؤٹ فال روڈ کا یہ علاقہ حلقہ این اے120میں آتا ہے، حلقہ این اے 120میں مسلم لیگ نون اورتحریک انصاف کی انتخابی مہم بھی تیزی سےجاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی وے پلان کے مطابق سابق وزیر اعظم  نوازشریف نے بند روڈ پراسی جگہ سے گزرنا تھا، شبہ ہےمذکورہ ٹرک کو نوازشریف کے قافلے کےگزرنے کےوقت استعمال کیا جانا تھا۔

  • لاہور: یوحنا آباد چرچ دھماکوں کا ایک اورملزم گرفتار

    لاہور: یوحنا آباد چرچ دھماکوں کا ایک اورملزم گرفتار

    لاہور : یوحنا آباد چرچ دھماکوں میں ملوث دوسرے ملزم کو آؤٹ فال روڈ سے گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور کے علاقہ آؤٹ فال روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے یوحنا آباد چرچ دھماکوں میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ذرائع کے مطابق پہلے سے حراست میں لئے گئے ملزم عابد بیگ معاویہ کی نشاندہی پر آؤٹ فال روڈ پر روڈ پر چھاپہ مارا گیا جس میں دوسرے ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔

    سیکیورٹی اداروں نے ملزم کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ اس سے قبل حساس ادارے نے بھٹہ چوک میں کارروائی کر کے سانحہ یوحنا آباد کے ملزم عابد بیگ معاویہ کو حراست میں لیا تھا۔

    عابد بیگ معاویہ ڈی جی خان کا رہائشی ہے اور اس پر خودکش حملہ آووروں کو سہولت فراہم کرنے کا شبہ ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر بھی ہے۔

    واضح رہے کہ لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں چرچز پر خود کش حملوں کے بعد مشتعل مظاہرین نے 2 بے گناہ افراد کو زندہ جلادیا تھا جبکہ نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔