Tag: outside

  • کرونا وائرس سے بچنے کے لیے گھر سے باہر کن چیزوں کا خیال رکھنا ضروری ہے؟

    کرونا وائرس سے بچنے کے لیے گھر سے باہر کن چیزوں کا خیال رکھنا ضروری ہے؟

    ریاض: دنیا بھر میں کرونا وائرس کے سخت لاک ڈاؤن اور کرفیو کے بعد اب آہستہ آہستہ معمولات زندگی بحال ہورہے ہیں، ایسے میں گھر سے باہر جاتے ہوئے کچھ باتوں کا خیال رکھنا از حد ضروری ہے تاکہ اس وائرس سے بچا جاسکے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وبائی امراض سے متعلق ایک غیر ملکی ادارے کی ریسرچ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گھر سے باہر 12 امور کا خیال رکھتے ہوئے کرونا وائرس سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اہم ترین نکتہ سماجی فاصلے کا ہے، گھر سے باہر جاتے وقت مندرجہ ذیل باتوں کے بارے میں خاص خیال رکھا جائے۔

    ماسک

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ماسک جہاں جراثیموں کو منہ اور ناک تک پہنچنے سے روکتا ہے وہاں اس کا استعمال انسان کو یہ یاد دلاتا ہے کہ اسے وبائی مرض سے بھی محفوظ رہنا ہے اس لیے ماسک کا استعمال ضرور کیا جائے تاکہ ہر وقت خود کو مختلف امور سے بچایا جا سکے۔

    دروازوں کے ہینڈلز

    گھر سے باہر مختلف مقامات پر دروازوں کے ہینڈلز خاص کر ٹوائلٹس کے دروازوں کے ہینڈلز کو استعمال کرتے وقت خاص احتیاط برتیں، کیونکہ فولادی اشیا پر وائرس 3 دن تک زندہ رہتا ہے، اس لیے دروازے کو کھولتے وقت کوشش کریں کہ کہنی کا استعمال کیا جائے یا ہاتھوں میں دستانے ہوں۔

    مصافحہ کرنا

    بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے بعد مصافحہ کرنے کا رجحان ختم ہوچکا ہے کیونکہ ہاتھوں کے ذریعے کرونا وائرس کی وبا تیزی سے ایک سے دوسرے میں منتقل ہوتی ہے۔

    شاپنگ ٹرالیاں

    سپر اسٹورز میں خریداری کے لیے جو ٹرالیاں استعمال ہوتی ہیں ان کے ہینڈلز جراثیموں کا گڑھ ہوسکتے ہیں۔

    اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ جب بھی ٹرالی استعمال کی جائے تو اس کے ہینڈل کو اچھی طرح جراثیم کش محلول سے صاف کرلیں۔ خریداری کے بعد جتنی جلد ممکن ہو ہاتھوں کو صابن سے اچھی طرح دھولیں یا سینی ٹائزر استعمال کریں۔

    لفٹ کے بٹن

    لفٹ کے بٹنوں پر بھی جراثیم جمع ہوتے ہیں اس لیے کوشش کریں کہ بٹن کو انگلیوں کے بجائے ہتھیلی سے یا کسی اور چیز سے دبائیں۔

    حاضری رجسٹر کے لیے پین

    عام طور پر دفتروں میں حاضری رجسٹر کے ساتھ پین رکھا ہوتا ہے جسے ہر کوئی استعمال کرتا ہے، اس لیے کوشش کریں کہ حاضری کے لیے اپنا قلم استعمال کیا جائے۔

    کرنسی

    کرنسی کے لین دین سے کرونا وائرس تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ہے لہٰذا حتی الامکان کوشش کی جائے کہ کارڈ کے ذریعے رقم ادا کریں، اگر یہ ممکن نہ ہو تو کرنسی کو سینی ٹائز کیا جائے۔

    عوامی سینی ٹائزر

    عوامی مقامات پر نصب کیے جانے والے سینی ٹائزر کو دبانے والی جگہ، جہاں ہر کسی کا ہاتھ لگتا ہے اس سے بھی احتیاط برتی جائے۔

    اے ٹی ایم

    بینکوں کے اے ٹی ایم کے بٹنوں پر کورونا وائرس کی موجودگی لازمی ہے، اس لیے کوشش کی جائے کہ دستانے پہن کر اے ٹی ایم استعمال کریں یا انگلیوں کی پشت سے بٹن دبائے جائیں، اس کے فوری بعد ہاتھوں کوسینی ٹائز کر لیا جائے۔

    اشیائے خور و نوش کے پیکٹ

    مارکیٹ سے اشیائے خور و نوش خریدتے وقت ہر پیکٹ یا ڈبہ اٹھا کر دیکھنے کی ضرورت نہیں، اچھی طرح سوچنے کے بعد صرف خریدنے والی چیز کا انتخاب کریں اور اسے ہی اٹھائیں۔

    برقی سیڑھیاں / عام سیڑھیاں

    مارکیٹوں یا عوامی مقامات پر برقی یا عام سیڑھیوں کے ہینڈلز پر بھی جراثیم موجود ہوسکتے ہیں اس لیے انہیں چھونے سے گریز کیا جائے۔

    ریستوران کے مینیو کارڈ

    ریستوران میں کھانے کے مینیو کو چھونے سے گریز کریں کیونکہ انہیں بہت کم جراثیم کش ادویات سے صاف کیا جاتا ہے، اگر مینیو کو چھوئیں تو ہاتھ کو دھونے سے قبل منہ یا ناک کو نہ چھوئیں۔

  • نیوزی لینڈ میں جامع مساجد کی سیکیورٹی بائیکرز گینگ نے سنبھال لی

    نیوزی لینڈ میں جامع مساجد کی سیکیورٹی بائیکرز گینگ نے سنبھال لی

    ویلنگٹن : سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کے بائیکرز گینگ نے بھی مسلمانوں کی حفاظت اور جمعے کی نماز کے دوران مساجد کے باہر پہرہ دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں گزشتہ جمعے مساجد پر فائرنگ کے افسوس ناک واقعے میں درجنوں افراد شہید ہوگئے تھے جس کے بعد نیوزی لینڈ کا ہر طبقہ و ادارہ مسلمانوں سے اظہار ہمدردی و یکجہتی کررہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے بائیکرز گینگ کی جانب سے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی و خفاظت کےلیے جمعے کی نماز کے دوران مساجد کے باہر سیکیورٹی کے فرائض انجام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    مونگریل موب، کنگ کوبرا اور دی بلیک پاور نامی بائیکرز گینگ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ملک بھر میں مسلمان برادری کے ساتھ تحفظ کےلیے موجود رہیں گے۔

    مونگریل موب کے صدر سونی فٹو کا کہنا تھا کہ ان کا گروپ ہیملٹن شہر کی جامع مسجد کی سیکیورٹی دیکھیں گے اور اس وقت تک اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کی معاونت کریں گے جب تک چاہیں گے۔

    سونی فٹو کا کہنا ہے کہ انہں اپنے گینگ ممبران کی جانب سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ مسلم برادری کو جمعے کی نماز کی ادائیگی کے دوران خدشات لاحق ہیں۔

    خیال رہے کہ کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد نیوزی لینڈ میں پہلی مرتبہ نمازِ جمعہ ی ادائیگی کی گئی جبکہ جمعے کی اذان سرکاری ٹی وی و ریڈیو پر براہ راست نشر کی گئی۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ میں پہلی نماز جمعہ مسجدالنور کے سامنے ادا کردی گئی، جمعے کی اذان کے بعد شہدا کی یاد میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

    جیسنڈا آرڈن نے اپنے خطاب میں حدیث نبوی بیان کی اور کہا کہ ہم ایک ہیں، مسلمانوں کےغم میں برابر کے شریک ہیں، سارا نیوزی لینڈ غمزدہ ہے۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔ مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

  • برطانوی اسکولوں میں‌ ہم جنس پرستی کی تعلیم دینے پر مسلم والدین کا احتجاج

    برطانوی اسکولوں میں‌ ہم جنس پرستی کی تعلیم دینے پر مسلم والدین کا احتجاج

    لندن : برطانوی والدین نے پرائمری اسکول میں ہم جنسی پرستی سے متعلق تعلیم دینے پر ہفتہ وار مظاہروں کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر برمنگھم کے ایک اسکول میں مسلمان بچوں کو مذہبی قوانین کی خلاف ورزی کے باوجود ہم جنس پرستی کی تعلیم دی جارہی ہے جس کے خلاف والدین نے اسکول انتظامیہ کے خلاف ہفتہ وار احتجاج شروع کا آغاز کردیا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برمنگھم میں پارک فلیڈ کمیونٹی اسکول میں ایک فیصد غیر مسلم بچے زیر تعلیم ہیں اس کے باوجود اسکول میں ’نو آؤٹ سائڈر‘ نامی پروگرام کے تحت بچوں اسکول میں زیر تعلیم بچوں کو کہانیوں پر مبنی کتابوں کے ذریعے ہم جنس پرستی کی تعلیم دی جارہی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق اسکول انتظامیہ کی جانب سے ہفتہ وار احتجاج کرنے والے والدین پر زور دیا جارہا ہے کہ وہ سلسلہ وار مظاہرے منعقد کرنے سے گریز کریں۔

    میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ پروگرام کے سربراہ اینڈریو موفت ہیں جنہیں ورکی گلوبل ٹیچر پرائز کی جانب سے بہترین ٹیچر ایوارڈز کےلیے منتخب کیے گئے پہلے دس اساتذہ میں شامل کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کہنا ہے کہ اینڈریو موفت جو خود ایک ہم جنس پرست ہیں، جس کے باعث انہیں والدین کے شدید غم و غصے کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، والدین کا کہنا ہےکہ مذکورہ نظریات اینڈریو ذاتی نظریات ہیں۔

    دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ والدین نے احتجاج کے دوران اینڈریو موفت کے خلاف شدید نعرے بازی کیا اور اسکول انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اینڈریو موفت کو اسکول سے بے دخل کیا جائے۔

  • لندن میں مجسٹریٹ کورٹ کے باہر کار بم دھماکا

    لندن میں مجسٹریٹ کورٹ کے باہر کار بم دھماکا

    لندن : برطانوی دارالحکومت میں مجسٹریٹ کورٹ کے باہر کھڑی گاڑی بم دھماکے سے تباہ ہوگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن کی بائیشاپ اسٹریٹ میں واقع مجسٹریٹ عدالت کے باہر دھماکا ہوا ہے، دھماکے سے کچھ دیر قبل ہی پولیس کو دہشت گردانہ حملے سے متعلق خفیہ اطلاعات فراہم کی تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے میں کسی کے زخمی ہونے اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں، پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کردیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے جائے وقوعہ کے ارگرد موجود ہوٹلوں سمیت تمام عمارتوں کو خالی کرالیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی سیاست دانوں کو کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کچھ دیر قبل قبضے میں لے کر اسے آلٹر کیا اور رات آٹھ بجے عدالت کے سامنے دھماکے سے اڑا دی۔

    مزید پڑھیں : لندن : فلیٹ میں گیس کے سبب دھماکا، 1 خاتون ہلاک

    واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز کافی دور تک سنائی دی اور دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی تھی جو ایک گھنٹہ گزرنے کے بعد بھی نہیں بجھائی گئی۔