Tag: Ovarian Cancer

  • ٹیلکم پاؤڈر رحم کے کینسر کا باعث؟

    ٹیلکم پاؤڈر رحم کے کینسر کا باعث؟

    کیا ہماری روزمرہ زندگی میں استعمال کیا جانے والا ٹیلکم پاؤڈر خواتین میں رحم یا بیضہ دانی کے کینسر کا سبب بن سکتا ہے؟

    کم از کم امریکی شہر لاس اینجلس کی ایک عدالتی جیوری کا تو یہی خیال ہے جس نے ٹیلکم پاؤڈر بنانے والی مقبول ترین عالمی کمپنی کو ایک 63 سالہ خاتون ایوا کو 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز ادا کرنے کا حکم دیا ہے جو اس وقت جان لیوا کینسر سے لڑ رہی ہے۔

    رحم کے کینسر میں مبتلا مذکورہ خاتون کی بیماری اب آخری اسٹیج پر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ 11 برس کی عمر سے اس کمپنی کے بے بی پاؤڈر استعمال کر رہی ہیں۔

    یاد رہے کہ اووری یا رحم کا کینسر دنیا بھر کی خواتین میں کینسر کے باعث موت کی سب سے اہم وجہ ہے۔

    مزید پڑھیں: اووری کے کینسر کی علامات جانیں

    یہ کینسر اس وقت پیدا ہوتا ہے جب رحم میں موجود خلیات خود کار طریقے سے ٹیومرز کی نشونما کرنے لگتے ہیں جو آہستہ آہستہ خطرناک اور جان لیوا صورت اختیار کرجاتے ہیں۔

    اس مرض کو خاموش قاتل بھی کہا جاتا ہے کیونکہ روزمرہ زندگی میں اس کی کوئی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔

    ٹیلکم پاوڈر بنانے والی اس کمپنی پر کیا جانے والا یہ مقدمہ پہلا نہیں۔ اس سے پہلے بھی کمپنی پر اس نوعیت کے کئی مقدمات درج کیے جاچکے ہیں جن میں ان کے ٹیلکم پاؤڈر کو رحم کے کینسر کا ذمہ دار ٹہرایا گیا، تاہم کمپنی نے اس نوعیت کے تمام مقدمات کو جیت لیا۔

    دراصل ٹیلکم پاؤڈر اور رحم کے کینسر کے تعلق کے درمیان چوٹی کے ماہرین طب بھی تذبذب کا شکار ہیں کہ آیا واقعی ٹیلکم پاؤڈر کینسر کی اس قسم کا سبب بن سکتا ہے یا نہیں۔

    امریکا کے نیشنل کینسر انسٹیٹیوٹ کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کی گئی تحقیقوں سے حاصل ہونے والے شواہد اتنے واضح نہیں ہیں کہ ان کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا جائے کہ ٹیلکم پاؤڈر ہی رحم کے کینسر کا سبب ہے۔

    یاد رہے کہ ٹیلکم پاؤڈر میگنیشیئم، سیلیکون، آکسیجن اور ہائیڈروجن کے مرکبات سے بنایا جاتا ہے۔ بعض افراد ناگوار بو اور نمی کے خاتمے کے لیے انہیں جسم کے نازک  اور حساس حصوں پر بھی استعمال کرتے ہیں اور یہیں سے خرابی کا آغاز ہوتا ہے۔

    ٹیلکم پاؤڈر کے اس خطرناک نقصان کو لے کر یہ بحث سنہ 1970 میں بھی شروع ہوئی جب کچھ خواتین کی اووری میں موجود ٹیومرز میں ٹیلکم پاؤڈر کے ذرات پائے گئے۔

    ہارورڈ یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں بھی ٹیلکم پاؤڈر کے باقاعدہ استعمال کو اووری کے کینسر کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

    مزید پڑھیں: وٹامن ڈی بریسٹ کینسر کی شدت میں کمی کے لیے معاون

    ان تمام تحقیقات کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ کمپنی کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنی مصنوعات پر اس انتباہ کا اندراج کریں تاکہ اس ٹیلکم پاؤڈر کو استعمال کرنے والے اس کے ممکنہ نقصان سے آگاہ رہیں۔

    یاد رہے کہ رواں برس امریکا میں 22 ہزار خواتین میں اوورین کینسر کی تشخیص ہوئی جن میں سے 14 ہزار اس مرض کے ہاتھوں شکست کھا کر اپنی جان کی بازی ہار گئیں۔

    امریکی ریاست کنساس کی ایک ماہر طب جینیفر لوری کا کہنا ہے کہ اس ٹیلکم پاؤڈر کا ننھے بچوں پر استعمال ان میں بھی سانس کے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔

    دوسری جانب کچھ عرصہ قبل عالمی ادارہ صحت نے بھی تنبیہہ جاری کی کہ ٹیلکم پاؤڈر کا جسم کے نازک حصوں پر باقاعدگی سے استعمال ممکنہ طور پر سرطان کا باعث بن سکتا ہے۔

    اس تمام صورتحال کو دیکھتے ہوئے بھی ماہرین سائنس و طب اس بات پر متفق ہیں کہ اس سلسلے میں مزید جامع تحقیق کی جانے کی ضرورت ہے تاکہ اس بارے میں حتمی نتائج جاری کیے جاسکیں۔

  • رحم کے کینسر کی علامات جانیں

    رحم کے کینسر کی علامات جانیں

    اووری یا رحم کا کینسر دنیا بھر کی خواتین میں کینسر کے باعث موت کی سب سے اہم وجہ ہے۔

    یہ کینسر اس وقت پیدا ہوتا ہے جب رحم میں موجود خلیات خود کار طریقے سے ٹیومرز کی نشونما کرنے لگتے ہیں جو آہستہ آہستہ خطرناک اور جان لیوا صورت اختیار کرجاتے ہیں۔

    اس مرض کو خاموش قاتل بھی کہا جاتا ہے کیونکہ روزمرہ زندگی میں اس کی کوئی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔


    کون سی خواتین نشانے پر؟

    یہ مرض عموماً 50 سال سے زائد عمر کی خواتین کو اپنا شکار بناتا ہے مگر گزشتہ کچھ عشروں میں غیر متحرک اور غیر صحت مندانہ طرز زندگی کے باعث 30 سے 40 سال کی عمر کی خواتین بھی اوورین کینسر کا شکار ہورہی ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس مرض کو ابتدا میں ہی تشخیص کرلیا جائے تو اس کا علاج کیا جا سکتا ہے جس کے بعد مریضہ کے بچنے کے امکانات میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: وٹامن ڈی بریسٹ کینسر کی شدت میں کمی کے لیے معاون

    تاہم تشویشناک بات یہ ہے کہ تاحال اس مرض کی درست تشخیص کا ٹیسٹ مرتب نہیں کیا جاسکا۔ ایسا کوئی ٹیسٹ نہیں جو ابتدائی مرحلے میں بیضہ میں پرورش پانے والے ٹیومرز کو پکڑ سکے۔

    بعض اوقات اس مرض کو کسی دوسرے مرض کی غلط فہمی میں نظر انداز کردیا جاتا ہے۔ صرف اپنے انتہائی مرحلے پر پہنچنے کے بعد ہی یہ مرض تشخیص ہوتا ہے اور اس وقت کوئی علاج کارگر نہیں ہوتا۔


    علامات

    گو کہ اس مرض کی کوئی واضح علامات تو نہیں ہیں، تاہم مندرجہ ذیل علامتیں اووری کے سرطان کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔

    پیٹ پر ابھار

    اگر پیٹ پر کسی قسم کا کوئی ابھار نمودار ہوگیا ہے اور 3 ہفتوں سے زائد اپنی جگہ پر موجود ہے، تو یہ اس جگہ ٹیومرز کی موجودگی کی طرف اشارہ ہے۔

    پیٹ کے نچلے حصے میں درد

    گو کہ خواتین کے ماہانہ ایام میں پیٹ کا درد عام بات ہے لیکن اگر یہ 3 ہفتوں سے زائد رہے، اور بڑی عمر کی خواتین بھی اسے محسوس کریں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیئے۔

    بھوک میں کمی

    بھوک میں اچانک اور بغیر کسی وجہ کے کمی ہوجانا یوں تو کئی مسائل کی طرف اشارہ کرتا ہے لیکن یہ اوورین کینسر کی بھی علامت ہوسکتی ہے۔

    باتھ روم کے چکروں میں اضافہ

    اگر آپ کو بار بار بیت الخلا جانے کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے، باوجود اس کے کہ آپ پانی معمولی مقدار میں پی رہی ہیں، تو یہ بھی اوورین کینسر کے ابتدائی مرحلے کی علامت ہوسکتی ہے۔ کیونکہ اس صورت میں اووری کمزور ہوجاتی ہے اور حاجت کو زیادہ دیر نہیں روک سکتی۔

    مندرجہ بالا تمام علامات کو گیسٹرک کی علامات بھی سمجھا جاتا ہے، تاہم اگر آپ کو ان علامات کا اس سے پہلے تجربہ نہیں ہوا تو ان پر توجہ دینے اور ڈاکٹر سے فوری رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں: ٹیلکم پاؤڈر رحم کے کینسر کا باعث؟


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔