Tag: overseas

  • سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اہم خبر

    سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اہم خبر

    اسلام آباد: ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے خصوصی عدالتیں نامزد کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوورسیز پراپرٹی ایکٹ 2024 کے تحت اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے جائیداد کے تنازع کے جلد حل کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی گئی ہیں، اب اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے خصوصی عدالتیں نامزد کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری قانون و انصاف کو ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ سیشن ججز ایسٹ اور ویسٹ اوورسیز خصوصی عدالتیں نامزد کریں گے، اور قائم مقام چیف جسٹس نے ججز نامزدگی کا اختیار سیشن ججز کو دے دیا ہے۔


    پورٹل سے نوکری کیسے حاصل کریں؟ اہم تفصیلات جانیے


    خط کے مطابق زیر التوا کیسز اور جوڈیشل افسران کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے سیشن کورٹس میں ججز نامزد کیے جائیں گے، خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ اوورسیز پراپرٹی ایکٹ کے تحت وزارت قانون سیشنز ایسٹ اور ویسٹ کے نوٹیفکیشن جاری کرے۔

    اوورسیز پراپرٹی ایکٹ 2024 کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ میں خصوصی بینچ تشکیل دیا گیا ہے، جو اوورسیز پاکستانیوں کے جائیداد سے متعلق کیسز کی سماعت کرے گا، جسٹس خادم حسین سومرو کیسز اور اپیلیں سنیں گے، قائم مقام چیف جسٹس کی منظوری سے ڈپٹی رجسٹرار نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

  • اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے خوشخبری

    اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے خوشخبری

    پشاور: اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے تاریخ ساز فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے صحت کارڈ کی سہولت کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر اوورسیز فاؤنڈیشن سے کے پی کے مزدوروں کا ڈیٹا طلب کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک بیان میں کہا کہ صحت کارڈ کی سہولت کے سب سے زیادہ مستحق اوورسیز پاکستانی ہیں، اس سہولت کے تحت لیبر ویزے پر بیرون ملک مقیم پاکستانی علاج کروا کر میڈیکل رپورٹ محکمہ صحت کو بھیجیں گے۔

    علی امین گنڈاپور کے مطابق میڈیکل رپورٹ کی تصدیق ہو جانے کے بعد اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے اہل خانہ کو علاج کے اخراجات ادا کیے جائیں گے۔

    لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچ گئیں

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے پی میں جرمن تنظیم ’کے ایف ڈبلیو‘ کے تعاون سے صحت کارڈ پلس کے تحت مفت او پی ڈی کی سہولت کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، جو اس حوالے سے پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

    پہلے مرحلے میں یہ اسکیم ضلع مردان میں شروع کی جا رہی ہے، جہاں 50 ہزار مستحق خاندان مستفید ہوں گے، اگلے مرحلے میں چترال، ملاکنڈ اور کوہاٹ میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ او پی ڈی سروس کے تحت مریضوں کو مفت ادویات، میڈیکل ٹیسٹس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

  • بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے سول نافرمانی کی کال مسترد کر دی

    بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے سول نافرمانی کی کال مسترد کر دی

    لاہور: پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سال 2024 کے پہلے 11 ماہ میں ترسیلات زر میں مزید 31 فی صد اضافے کا خیر مقدم کیا ہے۔

    بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 11 ماہ میں 31 فی صد زیادہ پیسے بھیج کر سول نافرمانی کی کال مسترد کر دی ہے، اب بیرون ملک مقیم پاکستانی جھوٹ فریب اور فراڈیوں کے جھانسے میں آنے والے نہیں ہیں۔

    مار دو، جلا دو، گالی گلوچ، غنڈا گردی، جھوٹ، فراڈ، سول نافرمانی کی کالز سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، 9 مئی کے مجرموں سے ملک کی ترقی، سنبھلتی ہوئی معیشت، اور عوام کی خوش حالی ہضم نہیں ہو رہی جس کو 4 سال میں تباہ و برباد کر کے گئے تھے، 9 مئی کے مجرم، ملک کو لوٹنے والے چور اور ملک کو جلانے والے بہروپیے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

    اوورسیز پاکستانی سنبھلتی ہوئی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، کبھی دوسروں پہ جھوٹے الزامات، کھبی سائفر کا فراڈ ہر بات پہ جھوٹ، اب کوئی ماننے والا نہیں ہے، ’’امریکا نے میری حکومت گرائی‘‘ سے ’’امریکا مجھے بچالو‘‘ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔

    سول نافرمانی اور بیرونی دنیا میں لابنگ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا: امیر مقام

    بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ جو پاکستان کی معیشت مضبوط بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت مبارک باد کی مستحق ہے، 8 ماہ میں مہنگائی کی رفتار 38 سے کم کر کے 4 فی صد اور پالیسی ریٹ 22 سے 13 فی صد پر آنا معجزے سے کم نہیں ہے۔

  • اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایت

    اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے کی ہدایت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا، وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے کی ہدایت دے دی۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ 39 وفاقی ڈویژنز میں اوور سیز پاکستانیوں کے لیے سہولت کار افسر مقرر کیا جائے، انہوں نے 13 وزارتوں کے 34 ذیلی اداروں میں خصوصی سیکشن اور ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سہولت کار افسران گریڈ 19 سے کم نہیں ہوں گے، وزارتیں سہولت کار افسران کی تعیناتی کو نوٹیفائی کریں۔ مخصوص سیکشن اور ڈیسک کے قیام کا بھی نوٹی فکیشن جاری کیا جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ اقدام کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو دفاتر میں مسائل کا ازالہ کرنا ہے۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی صحت کارڈ شروع کیا جائے گا: زلفی بخاری

    اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی صحت کارڈ شروع کیا جائے گا: زلفی بخاری

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ ملائیشیا کی طرح میڈیکل ٹورازم کو فروغ دیں گے، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی صحت کارڈ شروع کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ کرتاپورراہداری کو کھولا، مذہبی سیاحت کو فروغ دے رہے ہیں، ای او بی آئی کو وفاق کے تحت بڑھایا جائے گا، پاکستان اور بیرون ملک رہنے والوں کو پنشن میں شامل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ صحت کارڈز کی غریب طبقہ تک رسائی یقینی بنائی جائے گی، 15ماہ میں پورا نظام تبدیل نہیں کیا جاسکتا، امید ہے جتنی بھی گنجائش ہے، صحت میں کام کریں گے، سمندر پار پاکستانی باہر کی طرح پاکستان کے لیے بھی کام کریں، امریکا میں 35 سے 40ہزار ڈاکٹر ہیں ہم نے واپسی کے لیے رابطہ ہی نہیں کیا۔

    ای او بی آئی نے 3 ماہ میں 21 ارب روپے جمع کیے: زلفی بخاری

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ کسی نے کرپشن کرنی ہو تو وہ لوگ بھی ایسے رکھے گا جو کرپٹ ہوں، جب محنتی لوگ باہر سے آتے ہیں تو بہت سے نئے آئیڈیاز لاتے ہیں، اوورسیز پاکستانی آئیں اور اپنے ملک میں صحت اور ٹیکنالوجی میں کام کریں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی کا جی ڈی پی میں 7فیصد حصہ ہے۔

  • وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی ترقی کا انجن سمجھتے ہیں، شہریار آفریدی

    وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی ترقی کا انجن سمجھتے ہیں، شہریار آفریدی

    برلن: وزیرمملکت برائے انسداد منشیات شہریارخان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی ترقی کا انجن سمجھتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے علاقوں، اپنے ملک، اپنے گھروں اور اپنے رشتہ داروں کو الوداع کہہ کر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار شہریارخان آفریدی نے جشن آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جرمنی کے شہر ہنوور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور استقلال پر دنیا حیران ہے، ایک غیرت مند قوم کو جب حقیقی قیادت نصیب ہوتی ہے تو پھر دنیا کو اس قوم کا احترام کرنا پڑتا ہے۔

    شہریار خان آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے چین، سعودی عرب، امریکا، متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر ممالک دوروں میں دیا جانے والا احترام دراصل پاکستان کی نیک نامی کا موجب ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر سابقہ حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کے باعث دنیا ہماری بات سننے کو تیار نہیں تھی، جب سے وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر بات کرنا شروع کی ہے، دنیا نے ہمیں سنجیدگی سے سننا شروع کر دیا ہے، پاکستان آج درست سمت میں چل پڑا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان ریفارمز اور اوپننگ اپ کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے، اب ہمیں ترقی کی راہ سے کوئی نہیں ہٹا سکے گا۔

  • وزیراعظم کا ترسیلات زر بینکنگ چینلز سے بھیجنے پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ

    وزیراعظم کا ترسیلات زر بینکنگ چینلز سے بھیجنے پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ترسیلات زربینکنگ چینلز سے بھیجنے پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا رواں سال ترسیلات زر مجموعی طور پر 21.8 بلین ڈالر رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترسیلات زر بینکنگ چینلز سے بھیجنے پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گزشتہ سال کی نسبت ترسیلات زر 9.7 فیصد بڑھیں، رواں سال ترسیلات زرمجموعی طور پر21.8 بلین ڈالر رہیں اور ترسیلات زر 2.9 فیصد کے مقابلے 9.7 فیصد بڑھیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 19- 2018 میں ترسیلات زر میں 10فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا 19- 2018 میں21ارب84کروڑ 15 لاکھ ڈالرز ترسیلات زرہوئیں جبکہ 2017-18 میں صرف 19ارب91 کروڑ ڈالرکی ترسیلات زر ہوئیں تھی۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق امریکا سے ترسیلات زر کی شرح میں 20 فیصداضافہ ہوا، 19- 2018 میں صرف امریکا سے 3.41بلین ڈالر ترسیلات زر آئیں جبکہ برطانیہ سے آنے والی ترسیلاتِ زر میں بھی 18 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر 3 ارب 41 کروڑ ڈالرز بھیجے گئے۔

    مجموعی طور پر مالی سال 2019 کے دوران بیرونِ ملک میں مقیم پاکستانیوں نے 21841.50 ملین امریکی ڈالرز وطن بھیجے، رپورٹ کے مطابق صرف جون کے مہینے میں بھیجے جانے والی ترسیلات کی مالیت 1650.52 ملین ڈالر رہی جو مئی کے مقابلے میں 28.72 فیصد کم جبکہ جون 2018 کے مقابلے میں ایک فیصد زیادہ ہے۔

  • بیرون ملک سے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں اضافہ

    بیرون ملک سے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں اضافہ

    کراچی: مالی سال 19ءکے دسویں مہینے میں بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں نے 17.9 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں، گزشتہ سال کی نسبت اس شرح میں 84.5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں نے مالی سال 19ء کے دسویں مہینے (جولائی تا اپریل ) میں 17,875.23ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے جو گذشتہ برس کی اسی مدت میں موصول ہونے والے 16,481.82ملین ڈالر کے مقابلے میں 8.45 فیصد نمو کو ظاہر کرتا ہے۔

    اپریل 2019ء میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالیت 1,778.90 ملین ڈالر رہی جومارچ 2019ء کے مقابلے میں 2 فیصد زائد جبکہ اپریل 2018ء کے مقابلے میں6 فیصد زیادہ ہے۔

    اپریل 2019ء کی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں(بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) اور یورپی یونین کے ملکوں سے بالترتیب 427.82 ملین ڈالر،372.43 ملین ڈالر،269.56 ملین ڈالر،280.02 ملین ڈالر، 175.44 ملین ڈالر اور 48.19 ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے۔

    اپریل 2018ء میں ان ملکوں سے آنے والی رقوم بالترتیب 399.56ملین ڈالر،362.4 ملین ڈالر، 250.91 ملین ڈالر،245.85ملین ڈالر، 167.68ملین ڈالر اور 54.75 ملین ڈالر تھیں۔

    اپریل 2019ء میں ملائشیا، ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر 205.43 ملین ڈالر رہیں جبکہ اپریل 2018ء میں ان ملکوں سے192.72ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری پر راغب کررہے ہیں: زلفی بخاری

    اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری پر راغب کررہے ہیں: زلفی بخاری

    مانچسٹر: وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری پر راغب کررہے ہیں، ان کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔

    برطانوی شہر بریڈفورڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو متوجہ کیا جائے گا، بہت جلد برطانوی شہریوں کو انٹری پر ویزا سروس فراہم کی جائے گی۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں مزدوری کے لیے جانے والوں کیلئے نائیکوپ کی شرط ختم کی، نائیکوپ فیس کی مد میں غریبوں کو کئی ہزار روپے دینے پڑتے تھے۔

    خیال رہے کہ رکن برطانوی پارلیمنٹ ناز شاہ بھی پریس کانفرنس میں موجود تھیں۔

    کے پی میں سیاحت کے فروغ سے غربت میں کمی ہوئی: وزیراعظم

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے نہایت سرگرم ہے اور اس سلسلے میں متعدد اقدامات کیے جاچکے ہیں۔

    حکومت کی جانب سے سیاحوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان بھی کیا گیا جس کے تحت 50 ممالک کے سیاحوں کو آن ارائیول اور 175 کو ای ویزا سہولت فراہم کی جائے گی۔

    علاوہ ازیں گذشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ گزشتہ 3 سالوں میں پختونخواہ کے صوبے میں غربت میں کمی کی وجہ سیاحت کا فروغ ہے، سیاحت کو مزید فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

  • مالی سال 19ء کے پہلے چھ ماہ میں اوورسیز پاکستانیوں نے 10.7 ارب ڈالر کی ترسیلات ملک بھیجیں

    مالی سال 19ء کے پہلے چھ ماہ میں اوورسیز پاکستانیوں نے 10.7 ارب ڈالر کی ترسیلات ملک بھیجیں

    اسلام آباد: مالی سال 19ء کے پہلے چھ ماہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 10.7 ارب ڈالر کی ترسیلات ملک بھیجیں، گذشتہ برس اسی مدت میں 9744.75 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے مالی سال 19ء کے پہلے چھ ماہ (جولائی تا دسمبر) میں 10718.78 ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے جو اس میں 10 فیصد کی نمو کو ظاہر کرتا ہے۔

    گذشتہ برس اسی مدت میں 9744.75ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔ دسمبر 2018ء میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالیت 1690.18ملین ڈالر رہی جو نومبر 2018ء کے مقابلے میں 5.07 فیصد زیادہ جبکہ دسمبر 2017ء کے مقابلے میں1.93 فیصد کم ہے۔

    دسمبر 2018ء میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکا، برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں (بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) اور یورپی یونین کے ملکوں سے بالترتیب 414.84 ملین ڈالر، 341.58 ملین ڈالر، 262.83 ملین ڈالر، 247.06 ملین ڈالر، 171.56 ملین ڈالر، اور 45.62 ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے۔

    دسمبر2017ء میں ان ملکوں سے آنے والی رقوم بالترتیب 431.97ملین ڈالر، 396.74ملین ڈالر، 234.76ملین ڈالر، 223.30ملین ڈالر، 188.76ملین ڈالر اور 54.87 ملین ڈالر تھیں۔

    دسمبر 2018ء میں ملائشیا، ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر 206.69 ملین ڈالر رہیں جبکہ دسمبر 2017ء میں ان ملکوں سے193.17 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔