Tag: : Overseas Pakistanis

  • پاکستان میں کورونا ویکسین کی قلت، بیرون ملک جانیوالےافراد کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئیں 

    پاکستان میں کورونا ویکسین کی قلت، بیرون ملک جانیوالےافراد کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئیں 

    لاہور: پنجاب میں آسٹرازینیکا کی قلت کے باعث بیرون ملک جانیوالے افراد کی نوکریاں خطر ے میں پڑ گئیں، اوور سیز پاکستانیوں نے حکومت سے ویکسین فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا ویکسین کی قلت برقرار ہے ، ایکسپو سینٹر میں اوور سیز کے لیے ویکسین پھر ختم ہوگئی ، جس پر بیرون ملک جانیوالے افراد نے پاسپورٹ اٹھاکراحتجاج کیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمیں آج ویکسین لگانے کا کہا گیاتھا مگرنہیں لگائی گئی، ہمارے پاسپورٹ اوراقامے کی مدت ختم ہو رہی ہے، بیرون ملک ہماری نوکریاں خطر میں پڑ گئی ہیں۔

    انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ انہیں آسترا زینیکا ویکسین شاٹس دیں تاکہ وہ جلد سے جلد بیرون ملک سفر کرسکیں جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آسٹرا زینکا کی اگلی کھیپ 27 جون کو آئے گی۔

    گذشتہ روز پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کا خصوصی طیارہ چین سے مزید 15لاکھ سے زائد ویکسین لے کر وفاقی دارالحکومت پہنچا تھا، سائنو ویک ویکسین کی خوارکیں چین سے خریدی گئی ہے۔

    مانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے 20 سے 30 لاکھ ویکسین کی مزید خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔

    بیان میں این سی او سی نے کہا تھا کہ صوبے اور وفاقی اکائیوں کو ویکسین فراہمی کیلئےانتظامات مکمل ہیں، حسب ضرورت وفاقی اکائیوں اور صوبوں کو ویکسین فراہم کی جائیگی۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کا  حکومت سے   فائزر ویکسین لگانے کا مطالبہ

    اوورسیز پاکستانیوں کا حکومت سے فائزر ویکسین لگانے کا مطالبہ

    اسلام آباد:اوورسیز پاکستانیوں نے حکومت سے فائزر ویکسین لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا بیرون ملک واپس جانے کیلئے فائزر ویکسین لگوانی لازم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں نے ایف نائن ماس ویکسینیشن سینٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرے میں مختلف شہروں سے آئے اوورسیز پاکستانی شریک ہوئے ، بینرز اور پلے کارڈز تھامے مظاہرین نے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔

    مظاہرین نے حکومت سے اوورسیز پاکستانیوں کو فائزر ویکسین لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا وباء کے دوران چھٹیوں پر بیرون ممالک سے پاکستان آئے تھے، بیرون ملک واپس جانے کیلئے فائزر ویکسین لگوانی لازم ہے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ ماس ویکسںنیشن سنٹر میں فائزر ویکسین نہیں لگائی جا رہی ، فائزر ویکسین نہ لگوانے پر مطلوبہ ممالک داخلے پر پابندی ہے، حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیلئے فائزر ویکسین کا فوری انتظام کرے۔

    یاد رہے چند روز قبل حکومت نے فائزرکوروناویکسین کے استعمال کی حکمت عملی تبدیل کردی تھی ، ذرائع کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جانے والے افراد ، اسٹڈی، ورک ویزہ پر جانے والوں کوفائزر ویکسین نہ لگانےکافیصلہ کیا ہے ، فائزرویکسین صرف حجاج اور دائمی امراض کے شکارافراد کولگائی جائےگی۔

    ذرائع نے کہا تھا کہ فائزرکی دوسری کھیپ ملنےپربیرون ملک جانےوالوں کولگائی جائےگی، ابھی بیرون ملک جانےوالوں کیلئےآسٹرازنیکاویکسین دستیاب ہے، آسٹرازنیکا ویکسین سعودی عرب،یو اے ای سمیت یورپ میں تسلیم شدہ ہے۔

  • ووٹ کا حق،  بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    ووٹ کا حق، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    اسلام آباد : بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل قومی اسمبلی سے منظور کرالیا گیا ، ووٹ کےحق کابل اب سینیٹ میں پیش ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مرادسعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوووٹ کاحق دینے کابل قومی اسمبلی سے منظور ہوگیا ، بل کواب سینیٹ میں پیش کیاجائےگا، بیرون ملک پاکستانیوں کوووٹ کاحق دینےکےبل کی اپوزیشن نےمخالفت کی، حکومتی اراکین کومبارکباد جنہوں نے بل کومنظورکرایا۔

    وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کومبارکباد، 73سال بعداوورسیزپاکستانیوں کےووٹ کےحق کابل اسمبلی سےمنظورکیاگیا ، اپوزیشن نےووٹنگ کابائیکاٹ کیااوربل کی مخالفت بھی کی، اوورسیز پاکستانیوں کوووٹ کےحق کابل اب سینیٹ میں پیش ہوگا۔

  • بڑی خوشخبری ، پاکستان میں ترسیلاتِ زر بلند سطح پر پہنچ گئیں

    بڑی خوشخبری ، پاکستان میں ترسیلاتِ زر بلند سطح پر پہنچ گئیں

     کراچی : پاکستان میں ترسیلات زر بلندسطح پرپہنچ گئی، اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے 11 ماہ میں ترسیلات  میں 29 فیصد اضافہ ہوا اور 26.7ارب ڈالر کی ترسیلات رہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا گیا ہے کہ مئی میں ترسیلات زر 2 بلین ڈالر سے تجاوز کر گئیں ، مئی میں ترسیلات زر 2.5 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، گزشتہ مالی سال مئی کےمقابلےمیں رواں مالی سال مئی میں ترسیلات زر34فیصد زائد ہے۔

    دوسری جانب وزارت خزانہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رواں مالی سال جولائی سے مئی ترسیلات زرمیں29فیصدکااضافہ ہوا، رواں مالی سال کے11ماہ میں 26.7ارب ڈالر کی ترسیلات زر رہیں، 11ماہ میں ترسیلات زرگزشتہ مالی سال کےمقابلےمیں 3.6ارب ڈالرزائد ریکارڈ ہوئیں۔

    اس حوالے سے سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کیلئےایک بڑی خوشخبری ،پاکستان میں ترسیلات زر بلندسطح پرپہنچ گئی، گزشتہ سال کےمقابلےمیں مئی میں ترسیلات زر میں 34فیصداضافہ ، جولائی سے مئی ترسیلات زر26.7 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ، یہ گزشتہ سال کےمقابلےمیں29فیصدزیادہ ہے۔

    گذشتہ ماہ وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھ کہ اپریل میں ترسیلات زر 2.8 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچیں، رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 24.2 ارب ڈالر کی ترسیلات زر آئیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ 10 ماہ کی ترسیلات زر سے آپ نے گزشتہ پورے مالی سال کا ریکارڈ توڑ دیا، نئے پاکستان پر اعتماد کرنے پر اوور سیز پاکستانیوں کا شکریہ۔

  • کورونا وائرس ، حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ایک اور بڑی سہولت فراہم کردی

    کورونا وائرس ، حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ایک اور بڑی سہولت فراہم کردی

    اسلام آباد : حکومت نے اوورسیزپاکستانیوں کو ایک اورسہولت فراہم کردی، جس کے تحت اوورسیزپاکستانیزفاؤنڈیشن کی جانب سے جنازے کیلئے 25ہزارروپےدیےجائیں گے تاکہ وہ اپنے پیاروں کو عزت سے دفنا سکیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت نےاوورسیزپاکستانیوں کوایک اور سہولت فراہم کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کو جنازے کیلئےفنڈکی منظوری دی، اوورسیزپاکستانیزفاؤنڈیشن کی جانب سے بےسہارالوگوں کو 25ہزارروپےدیےجائیں گے، تاکہ وہ اپنےپیاروں کوعزت سے دفنا سکیں۔

    معاون خصوصی زلفی بخاری نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں کہا وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ہرممکن مددکی کوشش کی جائےگی ، اوورسیزپاکستانیوں کوتدفین کیلئے25ہزاربھی دیں گے، تاکہ وہ اپنے پیاروں کی تدفین مکمل احترام سے کر سکیں گے ، جیسا کہ ان کا حق ہے۔

  • وزیراعظم  آج بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے2  نئے پروگراموں  کا اعلان کریں گے

    وزیراعظم آج بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے2 نئے پروگراموں کا اعلان کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے ’’روشن اپنی کار‘‘پروگرام کا اعلان کریں گے، جس کے تحت اوورسیز پاکستانی کم مارک اپ پرگاڑی حاصل کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کریں گے ، جس میں اوورسیزکمیونٹی کیلئے ’’روشن اپنی کار‘‘پروگرام کا اعلان کریں گے جبکہ ’’روشن سماجی خدمت‘‘ پروگرام بھی شروع ہوگا ، وزیراعظم عمران خان کا خطاب صبح 11 بجے نشر کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے سینیٹرفیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ایک ارب ڈالرجمع کرائےگئے، اوورسیزپاکستانیوں نےرقوم7ماہ کی مدت میں پاکستان بھیجیں، اس موقع پر وزیراعظم اووسیزکمیونٹی کیلئےمراعات کا اعلان کریں گے۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر کے 170 ممالک سے 120،000 سے زیادہ اکاؤنٹ کھولے گئے ہیں اور 1 بلین ڈالر سے زیادہ وصول ہوچکے ہیں جبکہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری 646 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے اور آر ڈی اے کے توسط سے اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری 1.6ارب ڈالرزتک پہنچ گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہروشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کو مزید تقویت دینے کے لئے آج اوورسیز پاکستانیوں کے لئے 2 نئی منصبوبوں’روشن اپنی کار‘ اور ’روشن سماجی خدمت‘ کا آغاز کیا جارہا ہے۔

    سینیٹرفیصل جاوید نے مزید کہا ’روشن سماجی خدمت‘ کے تحت آر ڈی اے ہولڈرز بینکوں کے پورٹل کے ذریعے بہت آسانی سے چندہ ، زکوٰہ وغیرہ دے سکیں گے جبکہ ’روشن اپنی کار‘‘پروگرام کے تحت اوورسیزپاکستانی کم مارک اپ پرگاڑی حاصل کرسکیں گے اور پاکستانی بینک اوورسیزپاکستانیوں کوگاڑی فوری ڈلیورکریں گے۔

  • انصاف کی فراہمی،  اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اسپیشل کورٹس کے قیام کا فیصلہ

    انصاف کی فراہمی، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اسپیشل کورٹس کے قیام کا فیصلہ

    لاہور : اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز کیلئے پنجاب میں اسپیشل کورٹس کے قیام کا فیصلہ کرلیا گیا ، گورنر پنجاب نے کہا اوورسیز پاکستانی قوم کا سر مایہ ہیں انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب چوہدری سرور کی زیرصدارت اجلاس ہوا ، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز کیلئے پنجاب میں اسپیشل کورٹس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کو ویڈیو لنک سے بیان ریکارڈ کرانے کی اجازت پر غور کیا گیا، اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور انکے حل کے اقدامات پر بر یفنگ دی۔

    گور نر   پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے کیسزکے فیصلوں کیلئے وقت کی حد بھی مقرر کی جائے گی، اوورسیز پاکستانی قوم کا سر مایہ ہیں انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

    چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا اوورسیز پاکستانیوں کو انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ہے، پاکستان کی معاشی مضبوطی میں اوورسیزپاکستانیوں کا کردار قابل تحسین ہے، اوورسیز پاکستانیوں کیساتھ ظلم اور ناانصافی کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔

    وائس چیئر مین اوورسیز کمیشن نے کہا حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو کسی بھی فورم پر تنہا نہیں چھوڑ ے گی۔

  • ترسیلات زرمیں ریکارڈ اضافہ:  وزیر اعظم  اوورسیز پاکستانیوں کے شکر گزار

    ترسیلات زرمیں ریکارڈ اضافہ: وزیر اعظم اوورسیز پاکستانیوں کے شکر گزار

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے دسمبر میں ریکارڈ ترسیلات زر بھیجنے پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ماشاء اللہ پہلی مرتبہ پاکستان کی ترسیلات مسلسل 6 ماہ تک 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اپنے پیغام میں کہا کہ دسمبر میں ریکارڈ ترسیلات زر پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکر گزار  ہوں، دسمبرمیں ریکارڈ2.4بلین ڈالرزکی ترسیلات ہوئیں، یہ پہلی بار ہےکہ 6ماہ میں مسلسل ترسیلات 2بلین ڈالر سے اوپر ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مجموعی طورپر6ماہ میں 14.2بلین ڈالرز کی ترسیلات ہوئیں، یہ پچھلے سال کے مقابلے24.9فیصد زیادہ ہیں، ماشاء اللہ پہلی مرتبہ پاکستان کی ترسیلات مسلسل 6 ماہ تک 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں۔

    یاد رہے دسمبر میں وزیر اعظم عمران خان نے مسلسل چھ ماہ تک ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہنے کی نوید سناتے ہوئے کہا تھا کہ نومبر میں ترسیلات زر دو ارب 34 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جو مسلسل 6 ماہ تک دو ارب ڈالر سے زائد رہیں گیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے مقابلے میں نومبر میں ترسیلات زر میں 2اعشاریہ چار فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں اس سال ترسیلات زر 28.4 فیصد بڑھیں۔

  • وزیراعظم عمران خان  نے معیشت کے حوالے سے قوم کو بڑی خوشخبری سنادی

    وزیراعظم عمران خان نے معیشت کے حوالے سے قوم کو بڑی خوشخبری سنادی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ستمبر2020 میں ترسیلات زر 2.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں،الحمدللہ، لگاتار چوتھا مہینہ ہے کہ ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر معیشت کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ کورونا وبا کے باوجود ہماری معیشت کیلئےمزید خوشخبری، ستمبر2020 میں ترسیلات زر2.3ارب ڈالرتک پہنچ گئی ہیں، ترسیلات زرگزشتہ ستمبرسے 31 فیصد، اگست2020 سے 9 فیصد زائد ہیں، الحمد للہ، لگاتار چوتھا مہینہ ہے کہ ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔

    خیال رہے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ستمبر 2020 میں ترسیلات زر کا حجم گزشتہ سال کے مقابلے اکتیس فیصد سے زائد اضافے سے دو ارب اٹھائیس کروڑ سینتیس لاکھ ڈالرز رہا ، جو اگست دو ہزار بیس کے مقابلے نو فیصد زائد ہیں ۔

    مرکزی بینک نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں مجموعی ترسیلات زرکا حجم سات ارب چودہ کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر گیا، سب سے زیادہ ساڑھے چھیاسٹھ کروڑڈالرز ترسیلات زر سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے بھجوائیں جبکہ یو اے ای سے سینتالیس کروڑ تیس لاکھ ڈالرز ترسیلات زر موصول ہوئیں۔

    یاد رہے اگست 2020 میں سمندر پار پاکستانیوں نے ترسیلات زر کی مد میں 2 ہزار 95 ملین ڈالر بھجوائے جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 24.4 زیادہ تھیں جبکہ جولائی 2020 میں یہ ترسیلات 2 ہزار 768 ملین کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئیں تھیں۔

  • وزیراعظم کا اوورسیز پاکستانیوں سے فراڈ میں ملوث ہاوسنگ سوسائٹیز کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    وزیراعظم کا اوورسیز پاکستانیوں سے فراڈ میں ملوث ہاوسنگ سوسائٹیز کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے فراڈ میں ملوث ہاوسنگ سوساٹیز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا اووسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ریئل اسٹیٹ شعبے میں سرمایہ کاری سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے ہاوسنگ سوسائٹیز میں سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ ہونے والے فراڈ پر نوٹس لیا۔

    اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں سے فراڈ میں ملوث سوساٹیز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ، وزیراعظم نے سمندرپار پاکستانیوں کی ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کو تحفظ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا غیر منظور شدہ ہاوسنگ سوسائیٹیز سمندر پار  پاکستانیوں کو پلاٹ نہ بیچیں اور اووسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

    معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فروخت ہونے والی تمام غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا، اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ کسی صورت دھوکہ دہی کی اجازت نہیں دے سکتے، رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کو محفوظ میکانزم فراہم کریں گے۔