Tag: : Overseas Pakistanis

  • اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، وطن واپسی پر ہوائی ٹکٹ سستا کرنے کا فیصلہ

    اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، وطن واپسی پر ہوائی ٹکٹ سستا کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے رعایتی نرخوں پر ہوائی ٹکٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سات سال سے زائد عرصہ کام کرنے والے افراد اسکیم سے مستفید ہوسکیں گے۔

    یہ بات وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسداد غربت اور سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی مزدوروں کی فلاح و بہبود اور مسائل کے لیے پاکستان کی حکومت نے اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے حکومت بہت جلد سات سال سے زائد عرصے تک بیرون ملک کام کرنے والے کم تنخواہ دار افراد کے لیے رعایتی نرخوں پر ہوائی ٹکٹ فراہم کرے گی تاکہ وہ باآسانی اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستانی سفارت خانوں میں نہ صرف کمیونٹی ویلفئیر اتاشیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے بلکہ اچھی شہرت رکھنے والے تارکین وطن کو بھی اہم ذمہ داریاں سونپی جارہی ہیں، اس کے علاوہ تارکین وطن کے حقوق کی حفاظت کے لیے قائم پروٹیکٹر مائیگریشن دفاتر میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔

    ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا مزید کہنا تھا کہ ورکرز کے پہلے کنٹریکٹ ایگریمنٹ کی مدت کم از کم تین سال کرنے کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ غیر ہنر مند ورکروں تو پہلے ایک سال میں اپنے ملک جانے کا خرچ تک کمانے کے بھی قابل نہیں ہوتا۔

    بیرون ملک جانے سے پہلے دی جانے والی بریفنگز کے معیار کو بھی بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ انہیں اپنے حقوق کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل ہو۔

  • پی آئی اے کی اوورسیز پاکستانیوں کے لئے اضافی سامان کی نئی اسکیم متعارف

    پی آئی اے کی اوورسیز پاکستانیوں کے لئے اضافی سامان کی نئی اسکیم متعارف

    کر اچی : پی آ ئی اے کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے تحفہ کے طور پر اضافی سامان کی نئی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے، اضافی سامان کی بکنگ پر پچاس فیصد تک رعایت ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ۤئی اے نے مسافروں کے اضافی سامان کی بکنگ پر نئی اسکیم متعارف کرائی ہے، جس کے تحت مسافروں کو اضافی سامان کی بکنگ پر پچاس فیصد تک رعایت ملے گی۔

    پی آئی اے نے مذکورہ اسکیم اوورسیز پاکستانیوں کے لئے تحفہ کے طور پر متعارف کرائی، اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ شیڈول فلائٹ سے چار گھنٹے قبل مسافروں کو اضافی سامان کی بکنگ پر پچاس فیصد تک رعایت ملے گی۔

    اسکیم سے برطانیہ ،کیینڈا ،یورپ سمیت دیگر خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں کو سہولت حاصل ہوگی، ترجمان کے مطابق اضافی سامان کی نئی اسکیم سے اوورسیز پا کستانیوں کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔

    مزید پڑھیں: کراچی ، پی آئی اے کا مسافروں کو بہترین کھانا مہیا کرنے کا فیصلہ

    اندرون ملک اور بیرون ملک جانے والے مسا فروں کے لیے بھی سہو لت میسر ہوگی، قومی اییر لائن کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام سے ادارے کو خاطر خواہ ریونیو حاصل ہوگا۔

  • بیرون ملک پاکستانی  15 اگست کو کشمیریوں کی آوازبنیں ، زلفی بخاری

    بیرون ملک پاکستانی 15 اگست کو کشمیریوں کی آوازبنیں ، زلفی بخاری

    اسلام آباد : پاکستان نے 15 اگست کو دنیا بھر میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہراحتجاج کی کال دے دی، زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی اس کال پرکشمیریوں کی آواز بنیں اور جس ملک میں ہوں بھارتی ہائی کمیشن پہنچیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے 15 اگست یوم سیاہ کے طور منانے کی حکمت عملی تیار کرلی ، اس موقع پر حکومت پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں سے خصوصی اپیل کی ہے، پاکستان نے 15 اگست کو دنیا بھر میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کی کال دے دی ہے۔

    وزیراعظم معاون خصوصی زلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کے نام ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی15اگست کواندرون،بیرون ملک بیک وقت یوم سیاہ منارہےہیں، بیرون ملک پاکستانی اس کال پرکشمیریوں کی آوازبنیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستانی دنیا کے جس ملک میں ہوں بھارتی ہائی کمیشن پہنچیں، کسی بھی ملک یامذہب سےتعلق ہو یوم سیاہ کے احتجاج میں شرکت کریں، میں خود بھی سینٹرل لندن میں کشمیریوں کے حق میں احتجاج میں شرکت کروں گا۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا 2019 کے ہٹلر مودی کو روکنے کے لئے سب کو ساتھ دینا ہوگا، اب کشمیریوں کی آواز کو کسی صورت دبنے نہیں دیں گے۔

    مزید پڑھیں : 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر اور 15 اگست کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ

    یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام کے بعد حکومت نے 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر اور 15 اگست کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا تھا ، نوٹیفکیشن کے مطابق 15 اگست کو یوم سیاہ کے باعث پورے ملک میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

    خیال رہے وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے اور دو طرفہ تجارت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • ماہ جولائی : بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے2 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں

    ماہ جولائی : بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے2 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں

    اسلام آباد : رواں مالی سال 2019ءکے ماہ جولائی کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے2 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں۔ سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے بھیجیں۔ 

    تفصیلات کے مطابق ترجمان اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ جولائی2019میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نےدو ارب ڈالر ترسیلات بھیجیں۔

    اس حوالے سے جولائی2019میں گزشتہ سال کی نسبت5کروڑ ڈالراضافی آئے، ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2019میں سعودی عرب سے47 کروڑ ڈالرترسیلات آئیں،

    متحدہ عرب امارات سے42.70 کروڑ ڈالر، امریکا سے33کروڑ ڈالر،برطانیہ سے29کروڑ ڈالر ترسیلات زر موصول ہوئیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بحرین، کویت، قطر اور عمان سے19کروڑ ڈالر ترسیلات زر آئیں، یورپی یونین کے ممالک سے5.83کروڑ ڈالر پاکستان بھجوائے گئے۔

  • اب پاکستان کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا، اسد قیصر

    اب پاکستان کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا، اسد قیصر

    مانچسٹر : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، اب ہمارے ملک کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا, یہاں پر مقیم پاکستانی اپنے ملک کے سفیر ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مانچسٹر میں پاکستانی کمیونٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ غیر ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے لئے ایک اہم اثاثہ ہیں، بیرون ممالک میں مقیم افراد پاکستان کے سفیر ہیں۔

    ان کا مزید کہناتھا کہ اس مشکل کی گھڑی میں ہم سب کو اکٹھا ہوکر ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے، موجودہ حکومت معاشی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے اور اب ہمارے ملک کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا،  بیرون ملک پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، پاکستانیوں کی سرمایہ سے غیرملکیوں کا بھی اعتماد بحال ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں بیرون ملک پاکستانیوں کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ پاکستان میں کمزور اور غریب کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

  • کراچی ایئرپورٹ : کسٹمزعملے نے اوورسیز پاکستانیوں کو تنگ کرنا شروع کردیا

    کراچی ایئرپورٹ : کسٹمزعملے نے اوورسیز پاکستانیوں کو تنگ کرنا شروع کردیا

    کراچی :کسٹمز کا عملہ اوورسیز پاکستانیوں کو چیکنگ کے نام پر پریشان کررہا ہے، مسافروں سے کسٹمز ڈیوٹی وصول کرنے کے بجائے ان کا سامان ضبط کیا جارہا ہے، کراچی ایئر پورٹ پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، عید کے موقع پر بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو کسٹمز کے عملے نے تنگ کرنا شروع کردیا۔

    کراچی ایئرپورٹ کے انٹر نیشنل آرائیول لاؤنج پر کسٹمز کے عملے نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو لمبی قطاریں لگا کر ان کا سامان چیک کرنا شروع کردیا۔

    سعودی عرب، دبئی اور مسقط سے آنے والے مسافروں سے کسٹمز کا عملہ سب سے زیادہ تنگ کررہا ہے، ایئرپورٹ پر کسٹمز کے عملے اور مسافروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔

    کسٹمز کے عملے نے چیکنگ کے نام پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے سامان سے بچوں کی چاکلیٹ اور ضروری اشیاء نکالنا شروع کردیں، اس کے علاوہ مسافروں سے کسٹمز ڈیوٹی وصول کرنے کے بجائے ان کا سامان ضبط کیا جارہا ہے، جس پر مسافروں نے احتجاج کیا۔

    ایک مسافر کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے سامان پر ٹیکس بنتا ہے تو ہم سے وصول کیا جائے، کسٹمز کا عملہ مسافروں کے ہینڈ بیگ میں لانے والی سبزیوں کو بھی ضبط کر رہا ہے۔

    مسافر کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید منانے پاکستان آئے ہیں لیکن ایئرپورٹ پر کسٹمز کا عملہ تنگ کررہا ہے۔

  • دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے 7 سال میں 120 ارب ڈالر وطن بھیجے

    دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے 7 سال میں 120 ارب ڈالر وطن بھیجے

    اسلام آباد: بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 80 لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ گزشتہ 7 سالوں میں دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے 120 ارب ڈالر پاکستان بھیجے۔

    حال ہی میں جاری کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق بیرون ملک سے اپنے ملک پیسہ بھیجنے والے ٹاپ ٹین ممالک کی فہرست میں پاکستان کا ساتواں نمبرہے۔

    رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ (جولائی تا فروری) میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے 14 ارب 35 کروڑ ڈالر وطن بھجوائے جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 12 ارب 83 کروڑ ڈالر یعنی 11.8 فیصد زائد ہیں۔

    گزشتہ 7 سالوں میں پاکستانیوں نے دنیا بھر سے 120 ارب ڈالر پاکستان بھیجے جن میں سعودی عرب سے 34.4، عرب امارات سے 26، امریکہ سے 17.4 جبکہ دیگر خلیجی ممالک سے 14 ارب ڈالر ملک میں آئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر پاکستانی جی ڈی پی کا 6.9 فیصد ہیں۔ بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں میں ایک بڑی تعداد عرب ممالک میں کام کرنے والوں کی ہے جن کی تعداد 80 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

    صرف خلیجی ممالک میں 60 ہزار انجینئرز، 18 ہزار ڈاکٹرز، 7 ہزار نرسز، 30 ہزار اکاﺅنٹنٹ اور 6 لاکھ لیبر کام کر رہی ہے۔

  • بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے نو ماہ میں 16ارب ڈالر وطن بھیجے

    بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے نو ماہ میں 16ارب ڈالر وطن بھیجے

    اسلام آباد : مالی سال19ءکے پہلے نو ماہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے16.1 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے مالی سال 19ء کے پہلے نو ماہ (جولائی تا مارچ) میں 16096.33ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے۔

    یہ رقم گذشتہ برس کی اسی مدت میں موصول ہونے والے 14802.96ملین ڈالر کے مقابلے میں 8.74 فیصد نمو کو ظاہر کرتا ہے۔ مارچ2019ء میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالیت 1745.80 ملین ڈالر رہی جو فروری 2019ء کے مقابلے میں 10.73 فیصد زائد جبکہ مارچ 2018ء کے مقابلے میں3.20 فیصد کم ہے۔

    بلحاظ ملک مارچ 2019ء کی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں (بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) اور یورپی یونین کے ملکوں سے بالترتیب 405.87 ملین ڈالر،378.14 ملین ڈالر،271.11 ملین ڈالر، 281.26ملین ڈالر، 167.80 ملین ڈالر، اور44.20 ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے۔

    جبکہ مارچ 2018ء میں ان ملکوں سے آنے والی رقوم بالترتیب 427.62ملین ڈالر،424.89 ملین ڈالر، 247.17 ملین ڈالر،258.96ملین ڈالر، 183.79ملین ڈالر اور 58.91 ملین ڈالر تھیں۔

    مارچ 2019ء میں ملائشیا، ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر197.41 ملین ڈالر رہیں جبکہ مارچ 2018ء میں ان ملکوں سے202.26 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔

  • "منافع آپ کا مستقبل پاکستان کا” اوورسیز پاکستانیوں کے لئے خصوصی اسکیم کا افتتاح آج ہوگا

    "منافع آپ کا مستقبل پاکستان کا” اوورسیز پاکستانیوں کے لئے خصوصی اسکیم کا افتتاح آج ہوگا

    اسلام آباد :اوور سیز پاکستانیوں کے لئے خصوصی اسکیم "پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹس” کا آج اجراء کیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کے لئے خصوصی اسکیم "پاکستان بناؤ سرٹیفیکٹ” کے اجراء کی افتتاحی تقریب آج ہوگی، تقریب کی ٹیگ لائن”منافع آپ کا مستقبل پاکستان کا” ہے، وزیراعظم عمران خان تقریب سے خطاب کریں گے۔

    سرٹیفکیٹس کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں بہتری کیلئے سرمایہ کاری کر سکیں گے۔

    وزارت خزانہ کےمطابق بانڈز کی مدت تین سال اورپانچ سال ہوگی، تین سالہ بانڈزپرشرح منافع چھ اعشاریہ دوپانچ فیصدجبکہ پانچ سالہ بانڈز پر شرح منافع چھ اعشاریہ سات پانچ فیصد ہوگی۔

    بانڈزبیک وقت پوری دنیا میں موجود پاکستانیوں کیلئے جاری کئے جائیں گے ، پاکستان پہلی بار سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ایسی اسکیم لارہاہے۔

    وزارت خزانہ کے مطابق یہ اوپن اینڈٹرانزیکشن ہوگی اورحجم کا تعین سرمایہ کاروں کےرسپانس کےمطابق طےکیاجائےگا جبکہ یہ سرٹیفیکیٹس بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے نائی کوپ پر دیئے جائیں گے۔

    خیال رہے نومبر 2018 میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے نائیکوپ کی شرط ختم کردی تھی، اب بیرون ملک  مقیم پاکستانیوں کو نائیکوپ کارڈ کی ضرورت نہیں ہوگی، دہری شہریت کے حامل پاکستانی پاسپورٹ دکھا کر وطن آسکیں گے۔

    مزید پڑھیں : سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ’نیا پاکستان کالنگ ویب پورٹل‘ کا افتتاح

    اس سے قبل حکومت نے اوورسیزپاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے “نیا پاکستان کالنگ ویب پورٹل” کا افتتاح کیا گیا تھا ، پورٹل میں بیرون ملک ڈاکٹرز، انجینئرز، پروفیسرز و دیگر ماہرین کا ڈیٹا جمع کیا جائے گا اور ضرورت کے تحت بیرون ملک ماہر پاکستانیوں سے رابطہ کیا جاسکے گا۔

    واضح رہے اکتوبر میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئےاسپیشل پیکج کااعلان کرنے والے ہیں،ہر طرح کی رکاوٹ ختم کریں گے تاکہ ترسیلات زرمیں اضافہ ہو اور اوورسیز پاکستانیوں کو ملک پہنچنے پرامیگریشن دشواری ختم کریں گے، مشن ہے اوورسیز پاکستانیوں کی دیکھ بھال بہتراندازمیں کریں گے۔

    بعد ازاں اسلام آباد میں وزارت اوورسیز کے حکام کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق اہم فیصلے کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت کشوں کو سہولتیں دینے کا اعلان کیا تھا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نئی اسکیم "منافع آپ کا مستقبل پاکستان کا”

    وزیراعظم عمران خان کی اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نئی اسکیم "منافع آپ کا مستقبل پاکستان کا”

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی ترقی میں شامل کرنے کے لئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے خصوصی سرٹیفکیٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سرٹیفکیٹ لانچنگ تقریب سےخطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی ترقی میں شامل کرنے کے لئے خصوصی سرٹیفکیٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، "پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ” لانچنگ تقریب 31 جنوری کو ہو گی۔

    فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان لانچنگ تقریب سےخطاب کریں گے، تقریب کی ٹیگ لائن”منافع آپ کا مستقبل پاکستان کا”ہوگی۔

    سرٹیفکیٹس کے ذریعے اوور سیز پاکستانیوں کو منافع دیا جاسکے گا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان بناؤ سر ٹیفیکٹ کی مدت تین سال اورپانچ سال ہوگی، وزارت خزانہ

    یاد رہے چند روز قبل وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بناؤ سر ٹیفیکٹ کا اجراء رواں ماہ کیا جائےگا ، بانڈز کی مدت تین سال اورپانچ سال ہوگی، تین سالہ بانڈز پر شرح منافع چھ اعشاریہ دوپانچ فیصد جبکہ پانچ سالہ بانڈز پر شرح منافع چھ اعشاریہ سات پانچ فیصد ہوگی۔

    وزارت خزانہ نے کہا تھا کہ بانڈز بیک وقت پوری دنیا میں موجود پاکستانیوں کے لئے جاری کئے جائیں گے، پاکستان پہلی بار سمندر پار پاکستانیوں کے لئے ایسی اسکیم لارہاہے، یہ اوپن اینڈ ٹرانزیکشن ہوگی اور حجم کا تعین سرمایہ کاروں کے رسپانس کے مطابق طے کیا جائےگا۔

    وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان بچاؤ سرٹیفیکیٹ کے علاوہ حکومت کو مزید عالمی قرض مارکیٹ میں ٹرانزیکشن کی ضرورت نہیں ہوگی، یہ سرٹیفیکیٹس بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے نائی کوپ پر دئے جائیں گے۔

    خیال رہے نومبر 2018 میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے نائیکوپ کی شرط ختم کردی تھی، اب بیرون ملک  مقیم پاکستانیوں کو نائیکوپ کارڈ کی ضرورت نہیں ہوگی، دہری شہریت کے حامل پاکستانی پاسپورٹ دکھا کر وطن آسکیں گے۔