Tag: PAF

  • ’پاکستان، امریکا سے سفارتی، دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے‘

    اسلام آباد: سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکا سے سفارتی، اقتصادی، دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ سے کمانڈر امریکی ایئرفورسز سینٹرل کمانڈ کی ملاقات ہوئی جس میں علاقائی سلامتی کی صوت حال، دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔

    ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ معزز مہمان کی پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے میدان میں غیر معمولی پیش رفت کی تعریف کی گئی جبکہ امریکی ایئرفورسز سینٹرل کمانڈ کی علاقائی امن کے فروغ میں ملکی کوششوں کی تعریف کی۔

    ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ معزز مہمان نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ سیلاب سے جانی نقصان پر پاکستان کی عوام سے دلی تعزیت کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ معزز مہمان نے سیلاب زدگان کی امداد، بحالی میں پاک فضائیہ کی کوششوں کو سراہا جبکہ ایئر چیف نے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے وژن کا ذکر کیا۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں تربیت، آپریشنل شعبوں سمیت دو طرفہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

    ایئر چیف مارشل نے کہا کہ تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں، پاکستان امریکا سے سفارتی، اقتصادی، دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

  • پاک فضائیہ کے سپوتوں کی جرأت و بہادری پر مختصردستاویزی فلم جاری

    پاک فضائیہ کے سپوتوں کی جرأت و بہادری پر مختصردستاویزی فلم جاری

    اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سپوتوں کی جرأت و بہادری پر یوم دفاع کی مناسبت سے مختصردستاویزی فلم جاری کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے ستمبر 1965 کی جنگ کی مناسبت سے مختصر دستاویزی فلم جاری کر دی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مختصردستاویزی فلم میں ائیر فورس کے سپوتوں کی جرأت و بہادری پر روشنی ڈالی گئی ہے اور یکم ستمبر1965 کے فضائی معرکے کا احوال بیان کیا گیا ہے۔

    خیال رہے پاک فضائیہ نے 6 ستمبرکو بھارت کے فضائی اڈوں پٹھان کوٹ، آدم پور اور ہلواڑہ پر بھر پور انداز میں حملے کیے۔ پٹھان کوٹ میں پاک فضائیہ نے بھارت کے 10 طیارے تباہ کیے اور متعدد کو نقصان پہنچایا۔

    1965ء کی 17 روزہ جنگ میں پاکستان نے مجموعی طور پر 35 طیاروں کو فضا اور 43 کو زمین پر تباہ کیا جبکہ 32 بھارتی طیاروں کو طیارہ شکن گنوں نے نشانہ بنایا۔ اس طرح مجمو عی طورپر بھارت کے 110 طیارے تباہ ہو ئے۔

  • پاک فضائیہ کے بیڑے میں جدید لڑاکا طیارے جے 10سی کی شمولیت ، فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ

    پاک فضائیہ کے بیڑے میں جدید لڑاکا طیارے جے 10سی کی شمولیت ، فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ

    اسلام آباد: پاک فضائیہ کے بیڑے میں جدید لڑاکا طیارہ جے ٹین سی شامل کرلیا گیا، اس موقع پر فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا، جے ٹین سی طیارہ فضا سے زمین اورسمندر میں ٹارگٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کامرہ ایئربیس پر پاک فضائیہ میں لڑاکا طیارے جے ٹین سی کی شمولیت کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، وزیراعظم عمران خان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا، تقریب میں وفاقی وزرا اور مسلح افواج کے سربراہان سمیت پاکستان میں چین کے سفیر بھی شریک تھے۔

    اس موقع پر مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، جس کے بعد لڑاکا طیاروں میراج ،جے ایف سولہ اور جے ایف سترہ نے فلائی پاسٹ کاشاندارمظاہرہ کیا، شیردل طیاروں نے شاندار فورمیشن سے سبزہلالی پرچم کے رنگ آسمان پربکھیرے۔

    تقریب میں چینی ساختہ لڑاکا طیارے جےٹین سی کی گرجدار آمد سے حاضرین دنگ رہ گئے، جے ٹین سی طیارہ فضا سے زمین اورسمندر میں ٹارگٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسے ‘ویگرس ڈریگن’ بھی کہا جاتا ہے۔

    جدید فائٹر ایئرکرافٹ جے ٹین سی بحری جہاز تباہ کرنے والے مؤثر میزائلوں سے لیس ہے اور بھارتی رفال طیاروں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

    دوسری جانب پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے فضائی بیڑے میں جے۔10 سی جہازوں کی شمولیت کی مناسبت سے ملی نغمہ جاری کردی ہے ، جس میں پاک فضائیہ کے بہادر شاہینوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے، جو دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت چوکس و تیار ہیں۔

    نغمے میں اس امر کو بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ پاک فضائیہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید اضافے کے لئے جدت اور خودانحصاری کی جانب گامزن ہے۔

    مزید برآں ملی نغمے میں اس عہد کی بھی تجدید کی گئی ہے کہ پاک فضائیہ کا ہر جوان ارض پاک کی ناموس کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

  • 1971 کی جنگ کے ہیرو  فلائٹ لیفٹیننٹ غلام مرتضیٰ شہید کو پاک فضائیہ کا زبردست خراج عقیدت پیش

    1971 کی جنگ کے ہیرو فلائٹ لیفٹیننٹ غلام مرتضیٰ شہید کو پاک فضائیہ کا زبردست خراج عقیدت پیش

    اسلام آباد : پاک فضائیہ نے1971 کی پاک بھارت جنگ کے ہیرو فلائٹ لیفٹیننٹ غلام مرتضیٰ شہید کے جنگی کارناموں پر مبنی دستاویزی فلم جاری کرتےہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے 71 کی جنگ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے ، پاک فضائیہ نے انیس سو اکہتر کی پاک بھارت جنگ کے ہیرو فلائٹ لیفٹیننٹ غلام مرتضیٰ شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے انیس سو اکہتر کی پاک بھارت جنگ کے ہیرو فلائٹ لیفٹیننٹ غلام مرتضیٰ شہید اور جاویداقبال کے جنگی کارناموں پر مبنی مختصر دورانیے کی دستاویزی فلم جاری کردی۔

    ڈاکیومنٹری میں پاکستان کے ان جانباز بیٹوں کے ولولہ انگیز اور بےخوف جنگی کارناموں کو اجاگر کیا گیا ہے، جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔

  • پاک فضائیہ کے 4 افسران کی ترقی

    پاک فضائیہ کے 4 افسران کی ترقی

    کراچی: پاک فضائیہ کے چار ایئر آفیسرز کو ایئر وائس مارشل کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت پاکستان نے پاک فضائیہ کے چار ایئر آفیسرز کو ایئر وائس مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی، ترقی پانے والوں میں ایئر وائس مارشل خالد محمود، ایئر وائس مارشل اسد عامر پیرزادہ، ایئر وائس مارشل سلمان عباس شاہ اور ایئر وائس مارشل محمد عرفان شامل ہیں۔

    ایئر وائس مارشل خالد محمود نے مئی 1991 میں پاک فضائیہ کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا، اپنے کیریئر کے دوران انھوں نے ایک فائٹر اسکواڈرن، ایک فلائنگ ونگ اور ایک آپریشنل بیس کی کمانڈ کی، انھیں پاک فضائیہ میں شان دار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

    ایئر وائس مارشل اسد عامر پیر زادہ نے مئی 1991 میں پاک فضائیہ کی انجنیئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا، اپنے کیرئیر کے دوران انھوں نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر نیٹ ورکس بیسز اور کمانڈنٹ کالج آف ایروناٹیکل انجنیئرنگ اصغر خان اکیڈمی کے طور پر خدمات سر انجام دیں، انھیں پاک فضائیہ میں شان دار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

    ایئر وائس مارشل سلمان عباس شاہ نے مئی 1991 میں پاک فضائیہ کی انجنیئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا، اپنے کیریئر کے دوران انھوں نے انجنیئرنگ ونگ کی کمانڈ کی اور کامرہ میں معراج ریبلڈ فیکٹری کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات سر انجام دیں، وہ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (ایئرکرافٹ انجنیئرنگ) بھی تعینات رہے، انھیں پاک فضائیہ میں شان دار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

    ایئر وائس مارشل محمد عرفان نے مئی 1991 میں پاک فضائیہ کی انجنیئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا، اپنے کیریئر کے دوران انھوں نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر JF-17 تھنڈر پروجیکٹ کے طور پر فرائض سر انجام دیے، انھوں نے کامرہ میں ایویانکس پروڈکشن فیکٹری کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات سر انجام دیں، انھیں پاک فضائیہ میں شان دار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

  • پاک فضائیہ نے 3 جے ایف17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئرفورس کے حوالے کردیے

    پاک فضائیہ نے 3 جے ایف17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئرفورس کے حوالے کردیے

    اسلام آباد : پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے با ضابطہ طور پر 03 جے ایف-17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کر دیئے، وزیر دفاع نائیجیریا نے کہا نائیجیرین فضائیہ کی صلاحیتوں کوبڑھانےکیلئےپاکستان کےممنون ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے نا ئیجیرین ایئر فورس کی 57ویں سالگرہ کے موقع پر نائیجیرین فضائیہ کے مکودری بیس پر منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران 03 جے ایف-17 تھنڈر طیارے باضابطہ طور پر نائیجیرین ائیر فورس کے حوالے کر دیئے۔

    اس موقع پر نائیجیریا کے وزیر دفاع میجر جنرل (ریٹائرڈ) بشیر مگاشی نے صدر کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی جبکہ پاک فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل سید نعمان علی کو تقریب میں شرکت کے لئے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی میجر جنرل (ریٹائرڈ) بشیر مگاشی نے کہا ”ہم سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے نائیجیرین فضائیہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے، دو طرفہ تعاون اور شراکت داری کے لئے پاکستان اور پاک فضائیہ کے ممنون ہیں، آج ہم پاک فضائیہ سے حاصل کیے گئے جے ایف-17 لڑاکا طیاروں کی نائیجیرین فضائیہ میں شمولیت پر بے حد خوش اور پرجوش ہیں۔“

    اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایئر مارشل سید نعمان علی کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب نائیجیریا اور پاکستان کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ دونوں برادر ممالک مضبوط فوجی تعاون اور باہمی اعتماد کی تاریخی وابستگی رکھتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جے ایف-17 جیسے جدید لڑاکا طیارے کی شمولیت سے نائیجیرین فضائیہ کو حربی فوقیت ملے گی اور منفرد جنگی صلاحیتوں کے حامل فائٹر طیاروں کی یہ کھیپ نائیجیریا کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔

    ایئر مارشل سید نعمان علی نے اس امر کی بھی یقین دہانی کروائی کہ پاک فضائیہ اور پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ مستقبل میں بھی نائیجیرین فضائیہ کی تمام ضروریات کو پورا کرنے میں معاون رہیں گے۔

    ترجمان کے مطابق نائیجیریا نے پاکستان سے حاصل کردہ جے ایف-17 تھنڈر طیارے اپنے فضائی بیڑے میں شامل کئے ہیں، یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس نے کوویڈ 19 وباء سے درپیش چیلنجز کے باوجود رواں سال مارچ میں طے شدہ شیڈول کے مطابق طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کیے۔

  • ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے پاک فضائیہ کی کمانڈ سنبھال لی

    ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے پاک فضائیہ کی کمانڈ سنبھال لی

    اسلام آباد: ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے 23 ویں سربراہ کی حیثیت سے آج ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ تبدیلئ کمانڈ کی باوقار تقریب میں پاک فضائیہ کی کمانڈ سنبھال لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تبدیلئ کمانڈ کی تقریب کے موقع پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے سُبک دوش ہونے والے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کو سلامی پیش کی۔

    تقریب کے دوران سُبک دوش سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو کمانڈ کی اعزازی شمشیر دی اور ایئر چیف مارشل کے رینک بھی لگائے۔

    چار JF-17 تھنڈر طیاروں کی فارمیشن نے سُبک دوش ہونے والے ایئر چیف کو الوداعی سلامی پیش کی۔

    اس موقع پر سُبک دوش ہونے والے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ یقینی طور پر دنیا کی ایک بہترین فضائیہ کی قیادت کرنا ایک ایسا اعزاز ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔

    آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران حاصل ہونے والی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ الحمد للہ، پاک فضائیہ نے ایک بار پھر قوم کی امنگوں پر پورا اترتے ہوئے اپنے نیلے آسمان کی محافظ ہونے کا ثبوت دیا، ہمارے بر وقت اور مکمل جانچے ہوئے جواب نے دشمن کو نا قابل فراموش سبق سکھایا۔

    پاک فضائیہ کے ایئر مارشل ظہیر احمد بابر نئے ایئر چیف مقرر

    سُبک دوش ایئر چیف نے کہا پاک فضائیہ نے ترقی کی جانب پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے اپنے ”نیکسٹ جنریشن ایئر فورس2047“ کے وژن کو جدت کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے۔

    نئے سربراہ کو مبارک باد دیتے ہوئے انھوں نے کہا میرے جانشین غیر معمولی قائدانہ اور پیشہ ورانہ خصوصیات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی ہیں۔

  • یوم آزادی پرپاک فضائیہ کا خصوصی نغمہ ’آزاد‘ریلیز

    یوم آزادی پرپاک فضائیہ کا خصوصی نغمہ ’آزاد‘ریلیز

    پاکستان ایئرفورس نے یومِ آزادی کے موقع لہو گرمانے والا نیا نغمہ’آزاد‘ریلیز کردیا ہے، نغمے ساحر علی بھگا نے گایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ نغمہ’آزاد‘کی موسیقی ساحر علی بھگا نے ترتیب دی ہے اور انہوں نے ہی اپنی آواز کا جادو بھی جگایا ہے۔

    نغمے کے بول رضا جعفری نے تحریر کیے ہیں اوراس میں مادروطن کی سالمیت کی حفاظت کے لبے پاک فضائیہ کے جوانوں کی بے لوث قربانیوں کی عکاسی کی گئی ہے۔

    پاک فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ اس نغمے کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح اس ملک کے شاہینوں نے نسل در نسل اپنی آزاد فضاؤں کی حفاظت کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

    نغمے کے بول ہیں ۔۔ ’’آزاد رہے تیرا خواب ہمیشہ ، آزاد تو کر پرواز ہمیشہ‘‘، یقیناً یہ نغمہ شاہینوں کے دلوں کو گرمانے کے لیے بے مثال ہے۔

    اس سے قبل پاک فضائیہ کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر نغمہ جاری کیا گیا ،احسان عباس کی جانب سے تخلیق کئے گئے نغمے کو گلوکار عاطف اسلم نے گایا تھا۔

  • قوم کو اپنے فضائی پاسبانوں پر فخر ہے، فواد چوہدری

    قوم کو اپنے فضائی پاسبانوں پر فخر ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قوم کو اپنے فضائی پاسبانوں پر فخر ہے جنہوں نے دشمن کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملایا ۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے ائیر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں اُن کی ائیر چیف مارشل مجاہد انور سے ملاقات ہوئی، ملاقات خطے کی سلامتی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  ائیر چیف مارشل مجاہد انور نے دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے پر وزارت اطلاعات اور  فواد چوہدری کے کردار کو سراہا۔

    وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے فضائی پاسبانوں پر فخر ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی میں پاک فضائیہ کے پاسبانوں نے دشمن کے مذموم مقاصدکو خاک میں ملایا۔ پاک فضائیہ کے ترجمان نے اس ضمن میں ملاقات کی ویڈیو بھی جاری کی۔

    یاد رہے 27 فروری کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کےدو طیارے مارگرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کوگرفتارکرلیا تھا، جس کے بعد بھارت نے بھی طیاروں کی تباہی اور پائلٹ لاپتہ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: پاک فضائیہ کے شاہین حسن محمود کو تمغہ جرات دینے کا مطالبہ

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا تھا بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں نشانہ بنائے، ایک طیارہ آزاد کشمیر دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرایا۔ اس سے قبل 26 اور 25 فروری کی درمیانی شب بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی اور وہ جہاز کا ایونیشن گرا کر فرار ہوگئے تھے۔

  • یوم پاکستان : ’پاک فضائیہ کو جنگلی پرندوں سے خطرہ‘

    یوم پاکستان : ’پاک فضائیہ کو جنگلی پرندوں سے خطرہ‘

    اسلام آباد: پاک فضائیہ نے یوم پاکستان کی پریڈ کے حوالے سے عوامی آگاہی پیغام جاری کردیا۔

    پاکستان ائیرفورس کی جانب سے جاری ہونے والے پیغام میں بتایا گیا ہے کہ 23 مارچ کی پریڈ کے حوالے سے پاک فضائیہ کے جنگی طیارے اسلام آباد اور راولپنڈی میں نچلی سطح پر پراوزیں کریں گے۔

    آگاہی پیغام میں بتایا گیا ہے کہ نچلی پروازوں کے دوران پاک فضائیہ کے طیاروں کے لیے سب سے بڑا خطرہ کوڑا کرکٹ پر منڈلانے والے پرندے ہیں۔ پاک فضائیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ قوم کے بیش قیمت اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

    یاد رہے کہ ہر سال 23 مارچ کی مناسبت سے پریڈ گراؤنڈ میں تینوں مسلح افواج کے دستے سلامی دیتے ہیں، رواں سال ملائیشیا کے وزیراعظم میں تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔

    یوم پاکستان کے موقع پر آذربائیجان اور سعودی عرب کے فوجی دستے پریڈ میں شرکت کریں گے، آذربائیجان ،بحرین، سعودی عرب اور سری لنکا کا پیراٹروپرز فری فال جمپ کا مظاہرہ کریں گے جبکہ ترکی کے ایف 16 اور چین کے جے 10 طیارے فضائی کرتب دکھائیں گے۔

    مزید پڑھیں: ملائیشین وزیراعظم یوم پاکستان پریڈمیں مہمان خصوصی ہوں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    یوم پاکستان کی مناسبت سے ہونے والی تقریب کی فل ڈریس ریہرسل کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مقامی انتظامیہ نے متبادل ٹریفک پلان اور سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم پاکستان پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل میں بری، بحری، فضائی افواج، فرنٹیئر کور اورمجاہد فورس سمیت دیگر سروسز کے دستے پریڈ میں حصہ لے رہے ہیں۔

    پاک فضائیہ کےلڑاکا طیارے، پاک بحریہ اور فوج کے ہیلی کاپٹر فلائی پاسٹ کررہے ہیں جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کےلیے راولپنڈی اسلام آباد میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیےگئے ہیں۔