(19 اگست 2025): بھارتی ریاست اتر پردیش میں آپریشن سندور میں حصہ لینے والے فوجی اہلکار کی ٹول پلازہ پر عملے نے پٹائی کر دی۔
انڈین میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے شہر میرٹھ کے رہائشی بھارتی فوجی اہلکار کی شناخت کپل کے نام سے ہوئی جس نے آپریشن سندور میں حصہ لیا تھا۔
فوجی اہلکار کپل اپنے کزن شیوم کے ساتھ گاڑی میں دہلی جا رہا تھا۔ اس نے میرٹھ ٹول پلازہ پر عملے کو بتایا کہ وہ آرمی ہے لہٰذا اسے جانے دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کا بٹالین سطح پر ڈرونز کو مستقل ہتھیار بنانے کا فیصلہ
اس دوران کپل اور ٹول پلازہ کے عملے کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ عملے نے فوجی اہلکار کا شناختی کارڈ اور موبائل فون چھین لیا، اسے پول سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ جب اس کے کزن شیوم نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو اس پر بھی حملہ کیا گیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیت فارم پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے کارروائی کرتے ہوئے ٹول پلازہ کی انتظامیہ ایجنسی پر 20 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا جبکہ معاہدہ بھی ختم کر دیا۔
این ایچ اے آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹول پلازہ پر تعینات عملے نے فوجی اہلکار کے ساتھ بدسلوکی کی، ایجنسی پر 20 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
انڈین میڈیا نے بتایا کہ واقعہ اتوار کی شب پیش آیا، فوجی اہلکار کپل نے پریشن سندور میں حصہ لیا تھا۔