Tag: pahalgam attack

  • امریکا نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے گروپ کو دہشتگرد قرار دے دیا

    امریکا نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے گروپ کو دہشتگرد قرار دے دیا

    واشنگٹن(18 جولائی 2025): امریکا نے ٹی آر ایف گروپ کو دہشت گرد قرار دے دیا جس نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دی ریزسٹنس فرنٹ کو لشکر طیبہ کا "محاذ اور پراکسی” قرار دیا ہے۔

    امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی کا یہ اسٹیٹس ٹرمپ انتظامیہ کے ہمارے قومی سلامتی کے مفادات کے تحفظ، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور پہلگام حملے کے لئے صدر ٹرمپ کے انصاف کے مطالبے کو نافذ کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ٹی آرایف نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کی، پہلگام حملہ 2008 کے بعد بھارت میں سب سے مہلک حملہ تھا، ٹی آرایف نے بھارتی سیکیورٹی فورسز پر کئی حملوں کی ذمہ داری لی ہے۔

    Pahalgam Attack and Aftermath

    واضح رہے کہ اس گروپ کواقوام متحدہ کی جانب سے دہشتگرد قرار دیا جاچکا ہے، امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امریکی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیےکیے گئے۔

    واضح رہے کہ رواں سال 22 اپریل کو بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے، حکام کا کہنا ہے کہ یہ گذشتہ ایک برس کے دوران کا بدترین حملہ ہے۔

    بھارتنے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ مسلح حملہ آوروں کی پشت پناہی کر رہا ہے، پاکستان نے بھارت الزامات کو مسترد کرتے ہوئے حملے کی آزادانہ تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا تھا اور اس میں تعاون کی پیشکش بھی کی تھی۔

  • برطانوی پارلیمنٹ میں بھارت و پاکستان کشیدگی پر تشویش، انڈس واٹر ٹریٹی کے تحفظ پر زور

    برطانوی پارلیمنٹ میں بھارت و پاکستان کشیدگی پر تشویش، انڈس واٹر ٹریٹی کے تحفظ پر زور

    گریٹر مانچسٹر کے علاقے بری سے رکنِ پارلیمنٹ جیمز فرتھ نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ان کے حلقے میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جن کے خاندان  آزاد کشمیر، میرپور، کوٹلی،  اور گجرات میں آباد ہیں، اور اس ممکنہ تنازع کے دوبارہ شدت اختیار کرنے کے خدشے نے کمیونٹی میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔

    انہوں نے برطانوی حکومت کی طرف سے جنگ بندی کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ برطانیہ اپنے تاریخی کردار کو مدِنظر رکھتے ہوئے خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے۔ بالخصوص انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پانی تک رسائی کے مسئلے کو سیاسی ہتھیار نہ بنایا جائے اور انڈس واٹر ٹریٹی جیسے معاہدوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

    اس پر وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمے نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس معاملے کی سنگینی کا مکمل ادراک ہے، کیونکہ برطانیہ میں رہنے والے تین ملین سے زائد افراد کا تعلق بھارت اور پاکستان سے ہے۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ انہوں نے بحران کے آغاز سے اب تک بھارتی اور پاکستانی ہم منصبوں سے چار مرتبہ گفتگو کی ہے، اور وہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر کلیدی ممالک سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ خطے میں کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ برطانیہ دونوں ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ سفارتی تعاون کے موجودہ معاہدوں، خصوصاً انڈس واٹر ٹریٹی، پر عملدرآمد جاری رکھیں اور اس کو کسی بھی تنازع میں استعمال نہ کیا جائے۔

  • بھارت جب بھی ایسا حملہ کرے گا اسے ایسا ہی جواب ملے گا: بیرسٹر گوہر

    بھارت جب بھی ایسا حملہ کرے گا اسے ایسا ہی جواب ملے گا: بیرسٹر گوہر

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بھارت جب بھی ایسا حملہ کرےگا اسے ایسا ہی جواب ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت جب بھی ایسا حملہ کرےگا اسے ایسا ہی جواب ملے گا، پارلیمنٹ سے بھی بھارت کو واضح جواب ملے گا۔

    مشیرِ اطلاعات بیرسٹرسیف نے بھارتی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کر کے معصوم جانوں کو نشانہ بنایا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی بھارتی حملوں میں 26 پاکستانیوں کی شہادت اور 46 کے زخمی ہونے کی تصدیق

    بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور یواین چارٹر کی خلاف ورزی ہے، پاک فوج نے ماضی کی طرح ایک بار پھر دشمن کے دانت کھٹے کیے۔

     بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے طیارے گرا کر ثابت کردیا ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہے، پاک فوج نے بھارت کو سفید جھنڈے لہرانے پر مجبور کردیا ہے۔

  • پاک بھارت کشیدگی: سرکاری افسران کیلئے اہم خبر

    پاک بھارت کشیدگی: سرکاری افسران کیلئے اہم خبر

    لاہور: ملکی صورتحال کے پیش نظر تمام سرکاری افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے رات کے اندھیرے میں کی گئی بزدلانہ کارروائیوں کے بعد سرکاری افسران کی چھٹیوں کی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

    جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ملکی صورتحال کے پیش نظر تمام سرکاری افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، منسوخی کا نوٹیفکیشن فوری نافذالعمل ہوگا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی بھارتی حملوں میں 26 پاکستانیوں کی شہادت اور 46 کے زخمی ہونے کی تصدیق

    دوسری جانب پنجاب بھر کے اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کو فوری مراسلہ جاری کرتے ہوئے ”ایمرجنسی ہیلتھ الرٹ“ جاری کرنے کی سفارش کی ہے، جس کے تحت تمام سرکاری و نجی طبی مراکز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ بہاولپور، مظفرآباد اور مریدکے میں ینگ ڈاکٹرز کو فوری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ وہ موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی خدمات فراہم کریں۔

  • بھارت نے خاتون اول آصفہ بھٹو کا ایکس اکاؤنٹ بھی بلاک کر دیا

    بھارت نے خاتون اول آصفہ بھٹو کا ایکس اکاؤنٹ بھی بلاک کر دیا

    پہلگام فالس فیلگ آپریشن کے بعد مودی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اب بھارت نے پاکستان کی خاتون اول آصفہ بھٹو کا ایکس اکاؤنٹ بھی بلاک کر دیا ہے۔

    گزشتہ ماہ 22 اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے فوری بعد بھارت کی جانب سے بغیر کسی ثبوت کے اس کا الزام پاکستان پر عائد کرنے اور سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کے بعد مودی حکومت کو دنیا بھر میں ہزیمت میں سامنا ہے اور اقوام عالم مودی سرکار کے جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہو رہے ہیں۔

    دنیا سے اپنے جھوٹے بیانیے کی پذیرائی نہ ملنے پر مودی سرکار بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور اب بھارتی حکومت نے پاکستان کی خاتون اول آصفہ بھٹو کا ایکس اکاؤنٹ بھی بلاک کر دیا ہے۔

    بھارت کے اس اقدام کی پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ریاستی دہشتگردی کے بعد اب سوشل میڈیا پر دہشتگردی میں مصروف ہے اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرکے کھسیانی بلی کھمبا نوچے کی مثال پر گامزن ہے۔

    شازیہ مری نے کہا کہ مودی نے سوشل میڈیا کو بھی بی جے پی کی طرح نفرت اور مظلوم کی آواز دبانےکا آلہ سمجھ لیا ہے لیکن پی پی کی قیادت بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھاتی رہے گی۔ وہ دن دور نہیں، جب مودی اپنےانجام کو پہنچےگا اور اس کے خلاف مقدمات عالمی عدالت میں چلیں گے۔

    واضح رہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد مودی سرکار کی بوکھلاہٹ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ پاکستانی وزیراعظم، آئی ایس پی آر، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، فنکاروں، کھلاڑیوں کے اکاؤنٹس، اے آر وائی سمیت مین اسٹریم میڈیا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور یو ٹیوب چینلز بند کر چکی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/after-pahalgam-bilawal-bhutto-x-account-block-in-india/

  • ’’پہلگام جیسے ڈرامے مودی کی انتخابی مجبوریاں ہیں‘‘

    ’’پہلگام جیسے ڈرامے مودی کی انتخابی مجبوریاں ہیں‘‘

    اسلام آباد : امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید نے کہا ہے کہ پہلگام جیسے ڈرامے مودی کی انتخابی مجبوریاں اور انتظامی کوتاہیاں ہیں۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پہلگام میں جس طرح کا ڈرامہ رچایا گیا ہے اس میں بھارت کے عزائم واضح ہیں، مودی کی انتخابی مجبوریاں اور انتظامی کوتاہیاں ہیں۔

    رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان خود مختار ریاست ہے دنیا کی پانچویں بڑی آبادی ہے، پاکستان واضح الفاظ میں کہہ چکا ہے کہ پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کیلئے تیار ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ امریکی حکام دونوں طرف رابطے میں ہیں وہ خود بھی بتا رہے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دونوں جانب سے ذمہ دار رویے اپنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    رضوان سعید کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد کی صورتحال میں پاکستان تحمل و برداشت کا عملی مظاہرہ کررہا ہے جبکہ بھارت کا رویہ سب کے سامنے ہے۔

    انہوں نے اس بات پر زور سیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر بھرپور توجہ دینی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے الزامات کی نوبت ہی نہ آئے۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے داعی ہیں اور وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

    یہ بہترین موقع ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے راستے تلاش کیے جائیں، صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے دور حکومت میں بھی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کوئی مہم جوئی کی گئی تو کسی کو نہیں پتہ کہ یہ معاملہ پھر کس طرف جائے گا؟ ہمارے ہاتھ صاف ہیں، بھارت کی جانب سے ڈرامہ رچایا گیا ہے۔

    رضوان سعیدشیخ نے کہا کہ بھارت طاقت کے نشے میں ایسا رویہ اپناتا ہے جو لاقانونیت کی طرف جاتا ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے سے نکلناچاہتا ہے جبکہ عملی طور پر ایسا ممکن نہیں ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کا لاقانونیت کا طرزعمل ہے جو ہمیشہ واضح نظر آتا ہے، پاکستان تو پہلے ہی خود دہشت گردی کاشکار ہے اور دہشت گردی کیخلاف پوری دنیا کیلئے نبرد آزما ہے۔

    امریکامیں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ہیں، دنیا میں جہاں بھی دہشت گردی ہوتی ہے پاکستان اس کی مذمت کرتا ہے۔

  • مودی حکومت کی جارحانہ سوچ نے خطے کو خطرے میں ڈال دیا

    مودی حکومت کی جارحانہ سوچ نے خطے کو خطرے میں ڈال دیا

    بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف کارروائی کےلیے بھارتی فوج کو گرین سگنل دے دیا۔

    مقبوضہ کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد مودی حکومت کی جارحانہ سوچ نے خطےکو خطرے میں ڈال دیا، مودی نے امن کی ہر کوشش سبوتاژ کرنےکا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔

    بھارت کی پہلگام حملےکو جواز بنا کر خطے میں جنگی ماحول پیداکرنے کی سازش کی جارہی ہے، پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کرنے، سفارتی تعلقات محدود کرنے کا بھارتی فیصلہ اس کی نفرت انگیز پالیسیوں کا تسلسل ہے۔

    تاہم اب بھارتی ٹی وی ٹائمز ناؤ کے مطابق مودی نے افواج کو کسی بھی وقت،کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانے کا ٹاسک دے دیا ہے۔

    بھارتی ٹی وی کا کہنا ہے کہ بھارتی کابینہ کی سیکیورٹی کمیٹی کے مسلسل اجلاس میں پاکستان کیخلاف اسٹریٹجک اقدامات پر مشاورت کی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی جانب سے دوبارہ سرجیکل اسٹرائیک یا بالاکوٹ جیسے حملے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، بھارتی فوج، فضائیہ، بحریہ کو تیار کردیا گیا ہے جس سے ایک اور مسلح تصادم کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت دہشتگردی کے جھوٹے بیانیے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر الزام تراشی کرکے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے، بھارتی وزرا کا جنگی بیانیہ، خود ساختہ خطرہ بنا کر عوامی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جا رہی ہے۔

    دوسری جانب بھارت کی جنگی تیاریوں پر پاکستانی حکومت اور افواج پاکستان نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کر لی ہے۔

  • بھارت نے پاکستان کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر دیں

    بھارت نے پاکستان کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر دیں

    پہلگام میں پیش آنے والے حملے کے بعد بھارت نے انتقامی پالیسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی تمام کمرشل اور فوجی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے پاکستان کیلئے فضائی حدود بند کردی، یہ اقدام 23 اپریل سے 23 مئی 2025  تک نافذ العمل رہے گا۔

    مقبوضہ کمشیر میں پلگام حملے کے بعد بھارت نے بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر انگلیاں اٹھائیں، سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، اٹاری-واہگہ بارڈر بند کیا، پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کیے، اور اب فضائی حدود بند کر کے دشمنی کو مزید بڑھا دیا ہے۔


    پی آئی اے کی پرواز بھارت کی بجائے چین کی فضائی حدود استعمال کرے گی

    پاکستانی فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئر لائنز کی پروازوں کے دورانیے میں اضافہ، ٹکٹس بھی مہنگے


    بھارت نے اپنی دشمنی کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے اپنی مغربی سرحد پر جدید جامنگ سسٹمز نصب کیے ہیں، تاکہ پاکستانی فضائیہ کی نیویگیشن اور حملے کی صلاحیت کو متاثر کرنے کی کوشش کی جاسکے۔

    بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یہ نظام امریکی، روسی اور چینی سیٹلائٹ نیویگیشن کو بلاک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو پاکستانی فضائیہ کا حصہ ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان پر الزام لگنے کے بعد بھارت نے انتقامی پالیسی اپنائی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے بھی بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود بند کردی تھی۔

    پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے بعد بھارتی ایئرلائنز نے ویانا کو ٹرانزٹ اسٹیشن بنالیا، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 24 گھنٹے میں ایئر انڈیا کے 20 طیاروں کی ویانا میں ری فیولنگ ہوئی اور عملہ بھی تبدیل کیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ دہلی، ممبئی، بنگلور سے روانہ ہوئی امریکا اور کینیڈا کی پروازوں نے ویانا ایئرپورٹ پر قیام کیا، سان فرانسسکو، ٹورانٹو، شکاگو، واشنگٹن، نیویارک کی پروازیں بھی ویانا اسٹاپ اوور میں شامل ہیں۔

  • پاکستان کی سلامتی ہمیں جان سے زیادہ عزیز ہے، شیخ رشید

    پاکستان کی سلامتی ہمیں جان سے زیادہ عزیز ہے، شیخ رشید

    راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سلامتی ہمیں جان سے زیادہ عزیز ہے۔

    سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ ختم کرنا انڈیا کا گھمنڈ ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے معاملے پر قوم سیسہ پلائی دیوار ہے، یہ قوم پاکستان کے لیے جان دینے کے لیے بھی تیار ہے۔

    گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ پانی روکنا جنگ کے مترادف ہے، بھارت یکطرفہ معاہدہ معطل نہیں کرسکتا۔

    اُنہوں نے سماجی ویب سائٹ ایکس پر بھارتی اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا بھارت کی آبی دہشتگردی ہے، پہلگام واقعے کا پاکستان پر بے بنیاد الزام ہے۔

    سابق وزیر کا کہنا تھا کہ پانی روکنا جنگ کے مترادف ہے، بھارت یکطرفہ معاہدہ معطل نہیں کر سکتا، بھارت میں کشمیریوں کیساتھ ہونیوالے ظلم و ستم کونظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

    پاکستان کی چپہ چپہ زمین کی حفاظت کرنا قوم خوب جانتی ہے، وقت آنے پر بھارت کو ترکی بہ ترکی جواب دیں گے۔

    یاد رہے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرتے ہوئے اٹاری واہگہ بارڈر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    نائب وزیر اعظم نے سعودی و ایرانی وزرائے خارجہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا

    بھارتی وزارت خارجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تمام پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ سارک ویزا استثنیٰ کے تحت پاکستانی شہری بھارت کا سفرنہیں کرسکیں گے۔

  • پہلگام حملہ: مودی سرکار نے سچائی بیان کرنے پر مسلمان رکن اسمبلی کو گرفتار کر لیا

    پہلگام حملہ: مودی سرکار نے سچائی بیان کرنے پر مسلمان رکن اسمبلی کو گرفتار کر لیا

    بھارتی ریاست آسام میں پولیس نے پہلگام حملے کی سچائی بیان کر کے مودی سرکار کو آئینہ دکھانے پر مسلمان رکن اسمبلی امین الاسلام کو گرفتار کر لیا۔

    امین الاسلام کا تعلق آسام کی سیاسی جماعت آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ سے ہے جنہوں نے پہلگام حملے کو بھارتی حکومت کی سازش قرار دیا جو مودی سرکار کو ایک آنکھ نہ بھایا۔

    انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ڈھنگ حلقے سے تین بار رکن اسمبلی منتخب ہونے والے امین الاسلام کو ناگون ضلع میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پہلگام حملہ: فواد خان کی ’عبیر گلال‘ کے گانے اور ٹیزر یوٹیوب سے ڈیلیٹ

    سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سوپنیل ڈیکا نے کہا کہ پولیس نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کا نوٹس لیا جس میں امین الاسلام کو پہلگام حملے پر بیان دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

    پولیس نے ان کے خلاف بھارتیہ نیا سنہتا کی دفعہ 152، 196، 197 (1)، 113 (3)، 352 اور 353 کے تحت مقدمہ درج کیا۔ گرفتار مسلمان رکن اسمبلی کو آج عدالت میں پیش کے جانے کا امکان ہے۔

    ادھر، آسام کے وزیر اعلیٰہمنتا بسوا سرما نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ جو لوگ پہلگام حملے کا جواز پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہ آزادی اظہار کا استعمال نہیں کر رہے ہیں بلکہ وہ بھارت کے خلاف کھڑے ہیں۔