Tag: Pahalgam

پہلگام کے واقعے کے بعد بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں ایک بار پھر کشیدگی دیکھی گئی۔ بھارت نے الزام لگایا کہ اس واقعے میں پاکستان میں موجود عسکریت پسند گروہوں کا ہاتھ ہے، جبکہ پاکستان نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔ بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے سخت بیانات سامنے آئے، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی رابطے متاثر ہوئے۔

پاکستان نے بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ خطے میں امن کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ پاکستان نے کہا کہ وہ خود دہشت گردی کا شکار ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے رابطہ کر کے کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی۔

دونوں ممالک کی سرحدوں پر فوجی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور لائن آف کنٹرول (LOC) پر جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ عوامی سطح پر بھی دونوں ملکوں میں تناؤ بڑھ گیا، جس سے ثقافتی اور تجارتی تبادلے متاثر ہوئے۔ اگرچہ کچھ بین الاقوامی قوتوں نے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی، مگر مستقل حل کی کوئی صورت نظر نہیں آئی۔ اس واقعے نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ کشمیر کا مسئلہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بنیادی رکاوٹ ہے

  • بھارتی نیوز چینل کا رپورٹر ادارتی پالیسیوں پر لائیو ٹرانسمیشن میں بھڑک اٹھا

    بھارتی نیوز چینل کا رپورٹر ادارتی پالیسیوں پر لائیو ٹرانسمیشن میں بھڑک اٹھا

    بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کا رپورٹر ادارتی پالیسیوں پر بھڑک اٹھا اور لائیو ٹرانسمیشن میں نیوز اینکر کو کھری کھری سنادی۔

    بھارتی فوج میدان جنگ میں پاک فوج  کا سامنا نہ کرسکی تو مودی سرکار کو اپنی ہی عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے فیک نیوز اور پروپیگنڈے کا سہارا لینا پڑا، جس کا فوراً جواب دیتے ہوئے پاکستانیوں نے بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا۔

    تاہم اب بھارتی نیوز چینل کا رپورٹر بھی اپنی ادارتی پالیسیوں سے تنگ آگیا اور لائیو ٹرانسمیشن پر اینکر پر بھڑک اٹھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    این ڈی ٹی وی کے رپورٹر نے کہا کہ پہلے خود جھوٹی خبریں چلواتے ہیں پھر کہتے ہیں فیک نیوز کیوں دی، رپورٹر کو سچ بولتا دیکھ کر نیوز اینکر نے فوراً بریک لے لی۔

    واضح رہے کہ پاک فضائیہ کے ہاتھوں 3 رافیل سمیت 5 جنگی طیاروں کی تباہی کے بعد بھارت کو شدید خفت کا سامنا تھا، عسکری میدان میں جب بھارت کو ناکامی ہوئی تو  بھارت میڈیا نے جھوٹ کا سہارا لے لیا۔

    8 مئی کو تمام بھارتی نیوز چینلز پر  براہ راست نشریات جاری تھیں جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت میں حملہ کیا گیا جس کے بعد بھارت نے شدید جوابی حملہ کردیا ہے اور بھارتی فوج پاکستان کے بڑے شہروں میں اندر تک گھس گئی ہے اور وہاں قبضہ کرلیا۔

    فیکٹ چیک: بھارتی میڈیا جھوٹی خبریں پھیلانے لگا، حقیقت یکسر مختلف

    ایسی بے سروپا اور جھوٹی خبریں دینے میں بھارت کے تمام بڑے نیوز ٹی وی چینلز اور معروف صحافی اور اینکر شامل تھے۔

    بھارتی میڈیا پر سوشل میڈیا سے لی گئی پاکستانی شہروں کی تباہی کی بے بنیاد خبریں چلائی گئیں، کراچی پورٹ ٹرسٹ کی تباہی سے لیکر پاکستانی ایف 16 کو گرانے اور پاکستان کی جانب سے عالمی اداروں سے مالی امداد طلب کرنے کی جھوٹی خبریں چلائی گئیں۔

    بھارتی میڈیا نے اپنی اس غیر زمہ دارانہ رپوٹنگ سے دنیا بھر میں اپنی جگ ہنسائی کرائی، بھارتی میڈیا نے یہ بھی خبر چلائی کہ بھارتی فوج کے حملے سے کراچی تباہ ہوچکا ہے۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

  • پاکستانی ہیکرز کا جوابی وار : بھارتی ویب سائٹس کا حساس ڈیٹا  ڈارک ویب پر برائے فروخت

    پاکستانی ہیکرز کا جوابی وار : بھارتی ویب سائٹس کا حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر برائے فروخت

    پاکستانی ہیکرز کی جانب سے ہیک کی گئی بھارتی ویب سائٹس کا حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر برائے فروخت رکھ دیا گیا۔

    اے پی پی کے مطابق پاکستان کا بھارت کےخلاف آپریشن بُنیان مَرصوص جاری ہے، پاکستانی سائبر حملے میں بیشتر بھارتی ویب سائٹس کو ہیک کرلیا گیا

    پاکستان کے جوابی وار میں ہیک کی گئی بھارتی ویب سائٹس کا ڈیٹا سامنے آگیا ، بھارت کی ہیک کی گئی ویب سائٹس میں بھارتی آسام رائفل ، ڈیپارٹمنٹ آف اٹامک انرجی پورٹل اورانڈین ڈیفنس پروڈکشن کی ویب سائٹس شامل ہیں۔

    انڈین ڈیفنس پروڈکشن ویب سائٹ کا حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر فار سیل کردیا گیا ، بھارتی دہشت گردی کے ثبوت اور بھارت دہشت گردی کی آماجگاہ ہے، ویب سائٹس پرلکھا جا چکا ہے۔

    انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں بھارت کے جدت کے بلند و بانگ دعوے کھوکھلے ثابت ہوگئے۔

    یاد رہے پاکستان سائبرفورس کےجوانوں نے حملہ کر کے بیشتربھارتی ویب سائٹس اور بی جے پی کی آفیشل ویب سائٹ کو ہیک کر لیا تھا۔

    ہیک کی گئی ویب سائٹس میں کرائم ریسرچ انویسٹی گیشن ایجنسی،ماہا نگرٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ کی ویب سائٹ ہیک بھارت ارتھ موورز لمیٹڈ،آل انڈیا نیول ٹیکنیکل سپروائزری اسٹاف ایسوسی ایشن شامل تھیں۔

    پاکستانی سائبر حملے میں ہیک کی گئی ویب سائٹس کا مکمل مواد اڑا دیا گیا تھا جبکہ بھارت کے 2500سے زائد سرویلنس کیمرے بھی ہیک کر لئے گئےتھے۔

    پاکستانی سائبرفورس نے بھارت کی بجلی تنصیبات الیکٹر سٹی ٹرانسمیشن کمپنی لمیٹڈ پربڑا سائبرحملہ کیا اور گرڈ کو ستر فیصد ناکارہ کردیا تھا جبکہ مہاراشٹرا کےتمام ڈومیسٹک اور کمرشل میٹرز کا ریکارڈ اڑا دیا گیا۔

  • آپریشن بنیان مرصوص: عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ کی ریلیز ملتوی

    آپریشن بنیان مرصوص: عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ کی ریلیز ملتوی

    بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص کے پیش نظر بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ کی ریلیز ملتوی کر دی گئی۔

    انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ’ستارے زمین پر‘ کی ریلیز ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان ’عامر خان پروڈکشن‘ کی جانب سے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا گیا۔

    فلم کو 20 جون 2025 کو سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کیا جانا تھا جس کیلیے تیاریاں حتمی مراحل میں تھیں۔ ’ستارے زمین پر‘ کی نئی ریلیز ڈیٹ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملکی سرحدوں پر جاری حالات اور ملک گیر الرٹ کے حوالے سے عامر خان پروڈکشن نے اپنی آنے والی فلم کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ یہ فلم اداکار کی 2022 کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بعد سلور اسکرین پر واپسی کی نشاندہی کرتی ہے جو فاریسٹ گمپ کا آفیشل ہندی ریمیک ہے۔

    یہ فلم 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تارے زمین پر‘ کا سیکوئل ہے۔ اس فلم میں عامر خان کے ساتھ جنیلیا دیش مکھ بھی اہم کردار میں ہیں اور اس کی ہدایت کاری آر ایس پرسنا کر رہے ہیں جنہوں نے شوبھ منگل ساودھن کی ہدایت کاری کی تھی۔

  • پاکستان کو نقصان پہنچانے والے ہاتھ کو کاٹ دیا جائے گا: طاہر اشرفی

    پاکستان کو نقصان پہنچانے والے ہاتھ کو کاٹ دیا جائے گا: طاہر اشرفی

    چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے جو ہاتھ پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے بڑھے گا اُسے کاٹ دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وطن عزیز کا دفاع، سلامتی اور استحکام مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

    چیئرمین علما کونسل طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ پاک افواج نے ثابت کردیا جو ہاتھ پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے بڑھے گا اُسے کاٹ دیا جائے گا۔

    چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کی بھارت میں کامیابی پر پوری قوم شکرانے کے نوافل ادا کرے۔

    حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ ، اللّٰہ تعالی نے پاکستان، افواج پاکستان اور مسلم امہ کو عظیم کامیابی دی، پوری دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    واضح رہے کہ پاکستان کی بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی جاری ہے، پاکستان کی جانب سے نماز فجر کے وقت آپریشن ’بُنۡیَانٌ مَّرْصُوْص‘ کا آغاز کیا گیا، آپریشن میں پاک فوج نے بھارت کے علاقے بیاس میں براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ کو تباہ کر دیا ہے۔

    پاک فوج نے ادھم پور ایئربیس اور پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ کو ملیامیٹ کر دیا، اس کے علاوہ اڑی سیکٹر میں بھارت کے سپلائی ڈپو کو نیست و نابود کر دیا، جوابی حملے میں بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کے جی ٹاپ کو بھی تباہ کر دیا گیا، آدم پور کی ایئر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے، جہاں سے بھارت نے امرتسر میں سکھوں، پاکستان اور افغاستان پر میزائل داغے گئے تھے۔

  • پاکستانی شوبز شخصیات کا آپریشن بنیان مرصوص پر ردعمل

    پاکستانی شوبز شخصیات کا آپریشن بنیان مرصوص پر ردعمل

    پاکستان شوبز شخصیات نے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کرنے پر پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

    بھارتی جارحیت اور حملوں کے بعد پاکستان کی جانب سے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کرنے پر شوبز شخصیات نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دونوں ممالک سے امن کے اقدامات کرنے کی اپیل کردی۔

    پاکستان کی جانب سے جوابی آپریشن کے بعد پاکستان شوبز شخصیات نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں بہادری پر سلام بھی پیش کیا۔

    پاکستان فلم انڈسٹری کے اداکار شان شاہد نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشدگی پر کہا کہ میں نے بھارت میں کبھی کام نہیں کیا اور ہمیشہ لوگوں کی توجہ پاکستان کے لیے بھارت میں موجود نفرت کی جانب دلوائی۔

    شان شاہد نے لکھا کہ میں نے پاکستانی فنکاروں کے وہاں جاکر کام کرنے اور بھارتی فنکاروں کے یہاں آکر کام کتنے کی ہمیشہ مخالفت کی ہے کیوں کہ پیسہ انسان کی عزت نفس اور وطن کی عزت سے بڑھ کر  نہیں ہوتا۔

     

    اداکارہ ہانیہ عامر نے پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا جواب دینے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پاکستان زندہ آباد کی پوسٹ کی۔

    دوسری جانب فہد مصطفیٰ نے آپریشن بنیان مرصوص پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان زندہ آباد کی پوسٹ کی۔

    اداکارہ کنزہ ہاشمی نے بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کیے جانے پر اظہار اطمینان کیا اور لکھا کہ پہلے بھارتیوں کا شور تھا اور ہم نے خاموشی میں فیصلے کیے۔

    اداکار عمران عباس نے بھی آپریشن بنیان مرصوص شروع کرنے پر اظہار اطمینان کیا اور بھارتی جارحیت کا جواب دینے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کی حمایت کی۔

    واضح رہے کہ پاک فوج نے 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب بھارتی جارحیت اور بار بار سرحدی خلاف ورزیوں پر ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کیا تھا۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیس، کئی ایئرفیلڈز، براہموس اسٹوریج سائٹ اور ایس 400 میزائل دفاعی نظام سمیت متعدد اہداف کو تباہ کردیا گیا۔

  • آپریشن بنیان مرصوص: پاک فوج کی جوابی کارروائی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوڑی راج کمار تھاپا مارا گیا

    آپریشن بنیان مرصوص: پاک فوج کی جوابی کارروائی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوڑی راج کمار تھاپا مارا گیا

    سری نگر : آپریشن بنیان مرصوص میں افواج پاکستان کی جوابی کارروائی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوڑی راج کمار تھاپا مارا گیا، راج کمار کشمیری مسلمانوں کیلئے دہشت کی علامت تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کابھارت کےخلاف آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کا آغاز ہوا تو بھارت کا جنگی غرور مٹی میں مل گیا۔

    راجوڑی میں افواج پاکستان کی جوابی کارروائی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راج کمار تھاپا ماراگیا ، بھارتی حکومت کی پشت پناہی میں راج کمار دہشت گردوں کا سہولت کار تھا۔

    حکومتی اعلیٰ عہدے کی آڑ میں ایڈیشنل ڈی سی راج کمار کا دہشتگردوں کیساتھ گٹھ جوڑتھا، وہ کشمیری مسلمانوں کیلئے دہشت کی علامت تھا اور اعلیٰ فوجی بریفنگز میں موجود ہوتا تھا۔

    چیف منسٹر عمر عبداللہ نے سوشل میڈیا ایکس پر راجوری قصبے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راج کمار تھاپا کی پاکستان حملے میں ہلاکت کی تصدیق کردی۔

    اطلاعات کے مطابق صبح تقریباً 5.30 بجے ایک گولہ ان کی رہائش گاہ پر گرا، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے تھاپا کی موت پر صدمے اور غم کا اظہار کیا۔

    حکومتی اہلکاروں نے بی بی سی کو بتایا کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے جموں شہر میں کم از کم دو مزید افراد ہلاک ہو گئے ہیں، دونوں عام شہری ہیں۔

  • بھارت نے حملہ کیا، پاکستان نے تاریخ لکھ دی — اب دہلی کے دہلنے کی باری ہے!

    بھارت نے حملہ کیا، پاکستان نے تاریخ لکھ دی — اب دہلی کے دہلنے کی باری ہے!

    جب دشمن نے رات کی تاریکی میں وار کیا تو پاکستان نے دن کی روشنی میں اس کا غرور جلا کر راکھ کر دیا۔ آپریشن بنیان مرصوص صرف جواب نہیں بلکہ مکمل فیصلہ تھا۔

    بھارت نے نور خان، شورکوٹ اور مرید ایئربیس پر بزدلانہ حملے سے جنگ کی شروعات کی مگر پاکستان نے جس انداز میں جواب دیا وہ دشمن کے لیے ایک بھیانک خواب بن گیا۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    پاک افواج نے فوراً آپریشن بنیان مرصوص لانچ کیا جو ایک ایسا طوفانی حملہ تھا جس نے بھارت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

    بھارتی تنصیبات پر کاری ضرب — غرور زمین بوس!

    پاک فضائیہ اور میزائل کمانڈ نے دشمن کے 20 سے زائد حساس فوجی اہداف کو نشانہ بنایا:

    • برہموس میزائل ذخیرہ مکمل تباہ — بھارت کا فخر، راکھ بن گیا
    • اودھمپور ایئربیس و دفاعی نظام مفلوج
    • پٹھان کوٹ، جالندھر، گجرات، راجستھان، چندی گڑھ — ہر بیس، ہر ٹاور ہلا دیا
    • دہلی تک میزائل کی ضرب پہنچی — بھارت کا دارالحکومت پہلی بار جنگ کی گھن گرج کے سائے میں
    • سری نگر میں 20 بھارتی فوجی ہلاک — قابض فوج پر قہر
    • 9 مئی کو بھارتی چیک پوسٹس تباہ — دشمن سے ایک قدم آگے

    دو بھارتی جنگی طیارے تباہ، پائلٹس گرفتار — بھارت کو پیغام: اب فضا بھی محفوظ نہیں!

    پاک فضائیہ نے دشمن کے دو جنگی طیارے مار گرائے، دونوں بھارتی پائلٹ زندہ گرفتار — دنیا کو پیغام: پاک سرزمین پر ناپاک ارادے نہیں اتر سکتے!

    پاکستان کی فضا — دشمن کے ڈرونز کا قبرستان

    بھارتی جاسوس ڈرونز نے لاہور اور پشاور کی فضا میں داخل ہونے کی کوشش کی —نرنگ منڈی اور پشاور میں دونوں ڈرونز زمین بوس، دشمن کی آنکھیں نکال دی گئیں۔

    سائبر وار میں بھی پاکستان کا غلبہ — بھارت کی ریاستی مشینری جام

    یہ صرف میدان جنگ نہیں، ڈیجیٹل محاذ پر بھی پاکستان نے دشمن کو مفلوج کر دیا:

    • 10 بڑے توانائی نظام تباہ
    • 1744 بھارتی ویب سرورز مکمل ڈیلیٹ
    • انڈین ریلوے، دہلی گیس، کشمیر پاور نیٹ ورک بند
    • 1300 کیمرے، 120 روٹرز، 500+ ڈیٹا بیس تباہ
    • BJP، میڈیا اور حکومتی ویب سائٹس ہیک اور ڈیفیس
    • 150+ حساس ڈیٹا بیس چوری، لیک کر دیے گئے

    اب بھارت کا ڈیجیٹل نقشہ بھی ہاتھ سے نکل چکا ہے!

    بھارتی میڈیا کا پراپیگنڈا — جھوٹ کی آخری سانسیں

    ’تین پاکستانی طیارے مار گرانے‘ یا ’دہلی پر حملہ ناکام بنانے‘ کے دعوے۔ صرف بھارتی عوام کو جھوٹی تسلی دینے کی کوشش ہیں — حقیقت یہ ہے کہ جنگ شروع ہوئی تھی بھارت سے اور عزت بچائی پاکستان نے!

    پاکستان کا پیغام — ابھی تو صرف جواب دیا ہے!

    ہم نے دشمن کو دکھا دیا: اب کی بار مارا ہے، اگلی بار مٹائیں گے! فیصلہ اب ہمارا ہے — کب، کہاں، اور کیسے حملہ کرنا ہے — یہ اختیار صرف پاکستان کے پاس ہے۔

    بھارت کو یاد رکھنا چاہیے

    1965 میں تم نے لاہور کا خواب دیکھا تھا —تب بھی تمہارے ٹینک چھوڑ کر بھاگے تھے۔

    2025 میں تم نے پھر وہی حماقت کی —اب کی بار تمہاری فضا، سائبر، اور سرزمین… ہر جگہ ہار ہے!

    پاکستان جاگ چکا ہے — تمہارے خواب اب ڈراؤنے بن چکے ہیں!

  • پاک بھارت کشیدگی، پرنس رحیم آغا خان کی بڑی پیشکش

    پاک بھارت کشیدگی، پرنس رحیم آغا خان کی بڑی پیشکش

    اسلام آباد: پرنس رحیم آغا خان نے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پرنس رحیم آغا خان نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کو خطوط لکھ دیے ہیں، جن میں انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

    پرنس رحیم آغا خان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو بھی پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے خط لکھا ہے۔

    پرنس رحیم آغا خان نے خط میں لکھا کہ بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی پر انھیں شدید تشویش ہے، دعا ہے کہ یہ مسئلہ پُرامن طور پر حل ہو، اور مزید جانی نقصان نہ ہو۔


    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں


    واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے دیا ہے، پاک فوج کے آپریشن بُنیان مرصوص نے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا، پاکستان کے حملے میں آدم پور ایئر فیلڈ، سرسہ ایئر فیلڈ، بھٹنڈہ ایئر فیلڈ، سورت گڑھ ایئر فیلڈ، پٹھان کوٹ ایئر فیلڈ، مامون، ہلوارا، جموں، برنالہ اور ادھم پور ایئر بیسز تباہ ہو گئے ہیں۔

    ادھر امریکی وزیر خارجہ کو بتا دیا گیا ہے کہ گیند اب بھارت کے کورٹ میں ہے، اگر بھارت نے جوابی حملہ کیا تو پاکستان نہیں رکے گا، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت اب حملہ کرے گا تو زیادہ سخت جواب دیا جائے گا، جب کہ مارکو روبیو نے بھارت سے تعمیری مذاکرات میں امریکی مدد کی بھی پیش کش کر دی ہے۔

  • پاکستان کیخلاف زہر اگلنے پر ثروت گیلانی اور حرا مانی کا کنگنا رناوت کو کرارا جواب

    پاکستان کیخلاف زہر اگلنے پر ثروت گیلانی اور حرا مانی کا کنگنا رناوت کو کرارا جواب

    پاکستان کے خلاف زہر اگلنے پر پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکاراؤں ثروت گیلانی اور حرا مانی نے ہندوتوا سوچ رکھنے والی بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو کرارا جواب دے دیا۔

    کنگنا رناوت نے اپنے انسٹاگرام پر پاکستان کے خلاف زہر اگلا اور آپریشن بنیان مرصوص سے نفرت کا اظہار کیا۔ اس نے لکھا کہ دہشتگردوں سے بھری ہوئی زمین کو دنیا کے نقشے سے مٹ جانا چاہیے۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    اس پر ردعمل دیتے ہوئے حرا مانی نے سخت الفاظ میں جواب دیا۔ انہوں نے لکھا کہ تجھے ہریتک نے بالکل ٹھیک لات ماری تھی اور کام تیرے پاس ہے نہیں چپکلی کہیں کی۔

    حرا مانی نے لکھا کہ پاکستان سے تو تمہیں گالیاں پڑتی ہی ہیں بھارت نے بھی تمہیں سائیڈ پر رکھا ہوا ہے۔

    ادھر، اداکارہ ثروت گیلانی نے بھی کنگنا رناوت کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کنگنا رونات، امید ہے کہ بھارت ایک دن آپ کو قبول کرے گا اور آپ جلد ہی اس سے آزاد ہو جاؤں گی۔

    دوسری جانب بھارتی نیوز چینلز کی مضحکہ خیز اور غیر ذمہ دارانہ صحافت سے خود بھارتی فنکار بھی پریشان ہیں۔

    گزشتہ روز بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھارتی نیوز چینلز کو خبروں کا سرکس اور مذاق قرار دیتے ہوئے ان سے سنسنی پھیلانے کے بجائے حقیقت سامنے لانے کی درخواست کی تھی۔

    آج بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا بھی بھارتی میڈیا پر برس پڑیں اور کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹی خبریں نہ پھیلائے۔

    پرینیتی چوپڑا نے کہا کہ اس وقت ہم جو سب سے برا کام کر سکتے ہیں وہ ہے جعلی خبریں پھیلانا اور ان لوگوں کو خوفزدہ کرنا جو گھروں میں بیٹھے یہ سب دیکھ رہے ہیں۔

  • برطانوی شہری ایئر لائنز سے رابطے میں رہیں، پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کی ہدایت

    برطانوی شہری ایئر لائنز سے رابطے میں رہیں، پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کی ہدایت

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں، انھوں نے پاکستان میں موجود برطانوی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئر لائنز سے رابطے میں رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ایک بیان میں پاکستان اور بھارت کو تحمل کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنازع کسی کے مفاد میں نہیں، براہ راست مذاکرات سے سفارتی حل نکالیں۔

    جین میریٹ نے کہا پاکستان میں موجود برطانوی شہریوں کی پریشانی فطری ہے، صورت حال غیر متوقع ہے، برطانوی شہری ایئر لائنز سے رابطے میں رہیں۔

    برطانوی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ برطانوی شہری ٹریول ایڈوائس اور سوشل میڈیا سے اپ ڈیٹس لیتے رہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے دیا ہے، پاک فوج کے آپریشن بُنیان مرصوص نے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا، پاکستان کے حملے میں آدم پور ایئر فیلڈ، سرسہ ایئر فیلڈ، بھٹنڈہ ایئر فیلڈ، سورت گڑھ ایئر فیلڈ، پٹھان کوٹ ایئر فیلڈ، مامون، ہلوارا، جموں، برنالہ اور ادھم پور ایئر بیسز تباہ ہو گئے ہیں۔

    ادھر امریکی وزیر خارجہ کو بتا دیا گیا ہے کہ گیند اب بھارت کے کورٹ میں ہے، اگر بھارت نے جوابی حملہ کیا تو پاکستان نہیں رکے گا، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت اب حملہ کرے گا تو زیادہ سخت جواب دیا جائے گا، جب کہ مارکو روبیو نے بھارت سے تعمیری مذاکرات میں امریکی مدد کی بھی پیش کش کر دی ہے۔


    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں