پہلگام کے واقعے کے بعد بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں ایک بار پھر کشیدگی دیکھی گئی۔ بھارت نے الزام لگایا کہ اس واقعے میں پاکستان میں موجود عسکریت پسند گروہوں کا ہاتھ ہے، جبکہ پاکستان نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔ بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے سخت بیانات سامنے آئے، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی رابطے متاثر ہوئے۔
پاکستان نے بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ خطے میں امن کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ پاکستان نے کہا کہ وہ خود دہشت گردی کا شکار ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے رابطہ کر کے کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی۔
دونوں ممالک کی سرحدوں پر فوجی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور لائن آف کنٹرول (LOC) پر جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ عوامی سطح پر بھی دونوں ملکوں میں تناؤ بڑھ گیا، جس سے ثقافتی اور تجارتی تبادلے متاثر ہوئے۔ اگرچہ کچھ بین الاقوامی قوتوں نے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی، مگر مستقل حل کی کوئی صورت نظر نہیں آئی۔ اس واقعے نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ کشمیر کا مسئلہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بنیادی رکاوٹ ہے
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے جانے والے میزائل حملوں کے رد عمل میں اس کو شرمناک قرار دیا ہے۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی شرم کی بات ہے، ہم نے ابھی پاکستان کے خلاف بھارت کے حملوں کے بارے میں سنا ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، میں پاکستان اور بھارت کی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہوں۔
مارکو روبیو کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ پُرامن حل کیلئے پاکستان اور بھارت کی قیادت سے بات چیت کررہے ہیں، صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی جلد ختم ہو۔
علاوہ ازیں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے بھی بھارتی جارحیت پر اپنی گہری تشویش اور ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کریں، دنیا پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی تصادم کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج بھارت کو مزید منہ توڑ جواب دے گی۔
ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آج رات بزدل بھارت نے پاکستان پربلااشتعال جارحیت کی۔
بھارت نے جارحیت کی اور معصوم پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا، پاکستانی افواج اس وقت بھارت کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پاکستانی افواج بھارت کو مزید بھی منہ توڑ جواب دے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے مجموعی طور پر 6 مقامات پر 24حملے کیے گئے، جس میں 8 پاکستانی شہید، 35 زخمی ہوئے اور 2 افراد لاپتہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ میں سبحان اللہ مسجد کو نشانہ بنایا گیا جس میں 5 بےگناہ پاکستانیوں کو شہید کیا گیا ان میں 3سال کی ایک بچی بھی شامل ہے، احمد پورشرقیہ میں31پاکستانی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
کوٹلی میں مسجد عباس کونشانہ بنایا گیا،بچے سمیت2شہادتیں ہوئی، مظفرآباد میں میں بھی مسجد بلال کو نشانہ بنایا،ایک بچی زخمی ہوئی، مریدکے میں بھی مسجد کو نشانہ بنایا گیا، ایک پاکستانی شہید ایک زخمی ہوا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیالکوٹ کے گاؤں لوہارا اور شکرگڑھ کے قریب اسٹرائیک کی گئیں لیکن وہاں کوئی نقصان نہیں ہوا۔
حملے کا بھرپور جواب پاکستانی قوم کی حمایت سے مسلح افواج دے رہی ہیں، جن علاقوں میں حملے ہوئے عالمی میڈیا اور قومی میڈیا کو دورہ کرایا جائے گا، عالمی اور قومی میڈیا کو بھارتی جارحیت، شہریوں کو نشانہ بنانے کےثبوت دکھائے جائیں گے۔
اس کے علاوہ مظفرآباد میں شاہی والی میں بھی مسجد بلال کو نشانہ بنایا، ایک بچی زخمی ہوئی، مریدکے میں بھی مسجد کو نشانہ بنایا گیا، ایک پاکستانی شہید اورایک زخمی ہوا، مریدکے میں بھی مسجد کو نشانہ بنایا گیا، ایک پاکستانی شہید اور ایک زخمی ہوا،2لوگ لاپتہ ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو کئی مرتبہ کہا کہ پہلگام واقعے سے متعلق شواہد دیں لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام اقسام کی مذمت کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف فرنٹ لائن کاکردار ادا کررہا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کو کئی مرتبہ کہا کہ پہلگام واقعے سے متعلق شواہد دیں۔
پاکستان نے بھارت کو غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کرانے کی بھی پیشکش کی لیکن بھارت کی جانب سے شواہد پیش کیے گئے اور نہ ہی تحقیقات پر کوئی جواب دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات نے علاقائی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، بھارتی حملے کے بعد دو ایٹمی قوتیں آمنے سامنے آگئی ہیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے بھارت کی مانگ سے سندور مٹانا شروع کردیا ہے۔
بھارت کی جانب سے حملوں کے فوری بعد سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کچھ گھنٹے میں پاکستان کا جواب بھی دنیا کو نظر آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے واضح طور پر کہا تھا کہ چند گھنٹے میں جواب دے دیا جائے گا اور ثابت بھی کیا، بزدلانہ وار کا بہادری سے جواب دیا ہے اور بتا کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں بزدلوں نے حملہ کیا اب جواب کا انتظار کرے۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کی مانگ سے سندور مٹانا شروع کردیا ہے، پاکستان کی جانب سے زبردست جواب دیا جا رہا ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان باقاعدہ اعلان کرکے منہ توڑ جواب دے گا اور اپنا جھنڈا گاڑے گا، ہم اب کس حد تک لے جائیں گے اور کہاں جا کرماریں گے دنیا دیکھے گی، انہوں نے مزید کہا کہ ڈپلومیٹک، میڈیا فرنٹ اور فوجی فرنٹ پر بھارت ہار چکا ہے۔
اب دنوں کی بات نہیں گھنٹوں میں جواب دیں گے، ابھی نندن اب ایک نہیں 4 ہمارے ہاتھ میں آجائیں گے۔
راولپنڈی : پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ اور اس کے 5 جنگی جہاز اور ایک ڈرون گرادیا، جبکہ پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج دشمن کو اس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا کوٹلی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال گولہ باری شروع کردی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاک فضائیہ نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اب تک مجموعی طور پر بھارت کے 5 جہاز گرادیئے گئے ہیں، اس بات تصدیق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر دفاع نے بتایا کہ پاکستان نے بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبرایجنسیز رائٹرز اور بلومبرگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے ہیں، جس میں رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبر ایجنسی کو تصدیق کی کہ بھارت کی کئی چیک پوسٹیں بھی تباہ کردی گئیں جس کے بعد وہاں موجود فوجی اپنی پوزیشنیں چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ بھارتی فوجی اپنی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، پاک فوج نے بھارتی فوج کا 3 سے 4 گھنٹےمیں برا حال کردیا ہے، بھارت نے جنگ کو طول دی تو خود ان کا نقصان ہوگا۔
پاکستان نے بھارتی جارحیت پر جوابی کارروائی میں برتری حاصل کرلی ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف پاکستان نے بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا۔
ایک اور بھارتی چیک پوسٹ تباہ
پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب دینے کا سلسلہ جاری ہے، پاک فوج نے ایک اور بھارتی فوجی پوسٹ کو تباہ کردیا، مؤثر جوابی کارروائی میں پانڈو سیکٹر میں بھارت کی چیک پوسٹ جنگل1 کو تباہ کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے اپنے جہاز گرنے کی تصدیق کردی
بھارتی میڈیا نے پاکستان کی جانب سے طیارے گرانے کی تصدیق کردی ہے، بھارتی ٹی وی چینل انڈیا ٹو ڈے نےاپنے 3 جہاز گرائے جانےکی تصدیق کردی ہے۔ انڈیا ٹو ڈے کے مطابق بھارتی ایئرفورس نے طیارے گرنے والے مقامات کا گھیراؤ کرلیا ہے،
یاد رہے کہ بھارت کے بزدلانہ حملےکے جواب میں دشمن کے 5 طیارے مار گرائے، پاکستان کی جانب سے بھارت کیخلاف کیے جانے والی کارروائیوں میں تباہ ہونے والے طیاروں میں 3رافیل، ایک مگ29 اور ایک سخوئی ایس یو30شامل ہے۔
پاکستانی حملے میں تباہ بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کی فوٹیج بھی سامنے آگئیں، بھارتی فوج کا12انفنٹری بریگیڈ 9ڈویژن،15 کور کے زیرکمان ہے۔
بھارت کے 2 بڑے ایئرپورٹس بند
بھارتی میزائل حملوں کے جواب میں پاکستانی فوج کی جانب سے پے در پے کارروائیوں کے بعد شمالی بھارت میں ایئرپورٹس بند کردیئے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی بھارت کے دھرم شالہ اور امرتسر کے ایئرپورٹس بند کردیے گئے، بھارتی ایئرلائنز نے اپنے فلائٹ آپریشنز بھی معطل کردیے ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے متعدد مقامات پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے، پاک فوج نے 5بھارتی طیاروں کے بعد ایک ڈرون بھی مار گرایا۔
رپورٹ کے مطابق پاک فضائیہ نے ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں بھارت کا ایک رافیل طیارہ گرادیا۔
بھارت کے میزائل حملوں کے جواب میں پاک افواج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا۔ اس کے علاوہ اس کے جنگی جہاز بھی تباہ کردیے۔
اب تک مجموعی طور پر پاکستان نے بھارت کے 3 رافیل طیارے اور ایک سخوئی ایس یو30طیارہ گرادیے ہیں اس سے قبل ایک بھارتی جہاز بھٹنڈا اور ایک جہاز اکھنور اور ایک جہاز ایوانتی پورا میں گرایا گیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق ایک بھارتی جہاز بھٹنڈا اور ایک جہاز اخنور میں گرایا گیا، اس کے علاوہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دودھیال سیکٹر پر دشمن کی پوری چیک پوسٹ بھی اڑا دی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اب سے کچھ دیر پہلے کہا تھا کہ بھارت کی عارضی خوشی کو بہت جلد غم میں بدل دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے بھی پاکستان میں میزائل حملوں کی تصدیق کر دی گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا گیا ہے۔
بھارت نے 5 مقامات کوٹلی، احمد پور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے میں حملہ کیا جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔
راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنی فضائی حدود سے میزائل حملہ کیا ہے، اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بزدل دشمن بھارت نے پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے 5 شہروں پر میزائل داغے ہیں، میزائل حملوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 مقامات کوٹلی، احمد پور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے میں حملہ کیا، ان کا کہنا ہے کہ بھارت کی عارضی خوشی کو بہت جلد غم میں بدل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وقت کا تعین کرکے بھارت کو بھرپور جواب دے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنی حدود سے بزدلانہ حملہ کیا، پاکستان کی فضائیہ الرٹ تھی اسی لیے کسی بھارتی جہاز کو حدود میں نہیں آنے دیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق بھارت نے مسجد سبحان اللہ احمد پور شرقیہ بہاولپور، کوٹلی اور مظفر آباد میں میزائل داغے، بھارت نے بلااشتعال اور شرمناک حملے کا پاکستان اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر بھارت کو جواب دے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنی فضائی حدود سے پاکستان میں جارحیت کی، بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی جرات نہیں کرسکتے تھے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت نے جارحیت تو کردی اب پاکستان کے جواب کا انتظار کرے، بزدل دشمن نے ایک مرتبہ پھر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے شہری علاقوں پر حملے کیے، جن میں کوئی فوجی تنصیب نہیں تھی، جو بزدلی کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول یا انٹرنیشنل بارڈر کے پار حملے کیے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے غیر فوجی اور عوامی آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جو جنگی اخلاقیات اور بین الاقوامی قوانین کے صریحاً خلاف ہے
بزدلانہ حملے میں ایک بچی سمیت 8 شہری شہید
ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مجموعی طور پر 6 مقامات پر 24حملے کیے گئے، جس میں 8 پاکستانی شہید، 35 زخمی ہوئے اور 2 افراد لاپتہ ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کوٹلی میں مسجد پر حملہ کیا گیا، 2 پاکستانی شہری شہید ہوئے، جبکہ احمد پور شرقیہ میں12شہری زخمی ہوئے، مساجد پر حملے مودی کے ہندوتوا سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندگان کی رپورٹ کے مطابق مظفرآباد، بہاولپور اور فیصل آباد میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سن کر لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، جنگی جہازوں کی گھن گرج سے شہر لرز اٹھے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں ایک بچہ شہید، ایک خاتون اور ایک مرد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، بھارت نےاندھیرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں ٹارگٹ کیا۔
میدان میں آئیں دو دو ہاتھ کرتے ہیں، وزیردفاع خواجہ آصف
وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت نے میزائل حملے سویلین آبادی پر کیے، بزدلوں نے چھپ کر وار کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ میدان میں آئیں پھر دو دو ہاتھ کرتے ہیں، بزدلوں نے اپنے گھر سے نکلنےکی ہمت نہیں کی، بھارت نے جس طرح حملہ کیا اس سے بڑھ کرجواب دیں گے۔
بھارت کا حملہ : پاکستانی فضائی حدود میں پروازوں کا رخ تبدیل
کراچی : بھارتی حملوں کے بعد پاکستان کی فضائی حدود میں موجود پروازوں کا رخ تبدیل کردیا گیا، لاہور اور اسلام آباد کے ایئر پورٹس بند کردیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع پی اے اے کا کہنا ہے کہ بھارتی میزائل حملے کے بعد کراچی کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے کھلی ہے۔
ذرائع پی اے اے کے مطابق بھارتی حملوں کے بعد پاکستان کی فضائی حدود میں موجود پروازوں کا رخ تبدیل کردیا گیا ہے۔
جدہ سے اسلام آباد جانے والی سعودی ایئرلائن کی پرواز کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا گیا جبکہ جدہ سے لاہور جانے والی سعودی پرواز کا رخ بھی کراچی کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ابوظہبی سے دہلی جانے والی پرواز جو پاکستانی فضائی حدود میں تھی اس کا رخ بھی موڑ دیا گیا، تازہ اطلاعات کے مطابق پرواز ابھی کراچی کے اوپر پروازکر رہی ہے، اس بات کا قوی امکان ہے کہ یہ واپس ابوظہبی چلی جائے۔
لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس بند، پروازیں واپس
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس کو بند کردیا گیا، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد ائیر پورٹ لینڈ کرنے والی پروازیں واپس بھیج دی گئیں، بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب، دبئی، قطر اور دیگرممالک سے آنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا، ایئرپورٹس پر ہائی الرٹ کردیا گیا، پاکستان کی فضائی حدود اوور فلائنگ کیلئے بند کردی گئی۔
دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں 9 حملے کیے ہیں۔
پی آئی اے نے تمام پروازیں منسوخ کردیں
بھارت کی جانب سے کیے جانے والے میزائل حملوں کے بعد پی آئی اے نے تمام پروازیں منسوخ کرتے ہوئے مسافروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے 12 گھنٹے کیلئے تمام پروازیں منسوخ کی ہیں، مسافر پی آئی اے کے کال سینٹرز سے رابطے میں رہیں، مسافروں کو صورتحال سے آگاہ کیا جاتا رہے گا۔
دفتر خارجہ کا بھارتی حملوں پر شدید ردعمل
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت نے بلااشتعال اور کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا جس کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
بھارت نےاسٹینڈ آف ہتھیار استعمال کرکے پاکستان کی خودمختاری کو نشانہ بنایا، مریدکے، بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، بھارتی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت کئی معصوم شہری شہید ہوئے۔
یہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر،عالمی قانون، ریاستوں کے درمیان اصولوں کی خلاف ورزی ہے، پہلگام حملے کے بعد بھارت نے ایک بار پھر دہشت گردی کا بہانہ بنا کر جھوٹا بیانیہ پیش کیا۔
بھارتی قیادت نے مظلومیت کا ڈھونگ رچاکرخطے کی سلامتی کو داؤ پر لگادیا، بھارت کا غیرذمہ دارانہ اقدام ایٹمی طاقتوں میں شدید تنازع کا باعث بن سکتا ہے۔
پاک بھارت کشیدگی کا آغاز کیسے ہوا ؟
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اپریل کی 22 تاریخ کو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی جانب سے 26 افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک اور متعدد کو زخمی کیا گیا تھا۔
واقعے کے فوری بعد ہی ہندو انتہا پسند مودی حکومت نے بغیر کسی ثبوت کے اس کا الزام پاکستان پر عائد کردیا اور واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے اور پاکستان کا پانی بند کرنے کا اعلان کیا۔
دوسری جانب پاکستان نے بھی سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا بھارتی یکطرفہ اعلان مسترد کرتے ہوئے پاکستان کی فضائی اور سمندری حدود بھارت کیلیے بند کردیں۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھارت کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری جانب بڑھے تو تمہاری نسلیں یاد رکھیں گی، ایسا سبق سکھائیں گے کہ مائیں بچوں سے کہیں گی پاکستان سے پنگا مت لینا۔
قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ گجرات کے قصائی کی تمام پالیسیاں ناکام ہوگئیں، پہلگام کی تحقیقات کی پیشکش کی تو بھارت کی ٹانگیں کانپنا شروع ہوگئیں وہ آہستہ آہستہ بند گلی میں جا رہا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کل ایل او سی کے قریب تھا جہاں بھارت کہتا تھا دہشتگردوں کو ٹریننگ دی جا رہی ہے، بھارت کہتا ہے کہ پہلگام میں 4 لوگ گئے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، بھارت بتائے کیا آپ کی مقبوضہ وادی میں 9 لاکھ فوج جھک مار رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام کے پولیس اسٹیشن کی ایف آئی آر واقعے کے 10 منٹ بعد ہی درج ہوگئی جس میں لکھا گیا سرحد پار بیٹھے آقاؤں کی ایما پر یہ واقعہ ہوا، ایک بندے کا بیٹا کہتا ہے واقع کے ڈیڑھ گھنٹے بعد پولیس آتی ہے، پہلگام بھارت کا فالس فلیگ اور سکیورٹی فیلئر آپریشن ہے، پورا عالمی میڈیا کہہ رہا ہے پہلگام واقعہ کا کوئی ثبوت نہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان کا پانی روکا گیا تو پوری قوت سے جواب دیں گے، بھارت کو شوق ہے تو پورا کر لے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، بہار الیکشن کی بات ہو رہی ہے وہاں بی جے پی عزائم سب کے سامنے ہیں، فالس فلیگ آپریشن بہار الیکشن اور پاکستانی معیشت روکنے کیلیے بھی ہے۔
’بھارت پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کروانا چاہتا ہے تو شوق پورا کر لے۔ بھارتی ریاست دہشتگرد ہے پاکستان نہیں۔ جعفر ایکسپریس واقعے کے بعد بھارتی چینلز پر دہشتگردوں نے نقاب پہن کر انٹرویو دیا انہیں بھی جانتا ہوں، ان دہشتگردوں میں اگر اتنی غیرت تھی تو نقاب اتار کر انٹرویو دیتے۔‘
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ را کے ہینڈلرز پاکستان میں دہشتگردی کرواتے ہیں، دہشتگردی کا سب سے بڑا سپورٹر بھارت ہے، افواج پاکستان، پولیس اور سکیورٹی ایجنسیز نے دہشتگردی کے خلاف جانیں قربان کیں، پاکستان کے سیاستدانوں نے خون دیا اور سینے پر گولیاں کھائی ہیں۔
سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس نے بھارتی فوج میں بغاوت کی نشاندہی کرتے ہوئے ایک فوجی اہلکار کا اہم آڈیو پیغام جاری کر دیا۔
سکھ فار جسٹس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے جاری آڈیو پیغام میں بھارتی فوجی اہلکار کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ فوج میں بغاوت کی فضا بن رہی ہے جسے روکنے کیلیے کمانڈرز نے سپاہیوں اور افسروں کے موبائل فون ضبط کر لیے ہیں۔
فوجی اہلکار کہتا ہے کہ سپاہیوں کو رابطے بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے آڈیو پیغام پر کہا کہ بھارت کے دو نہیں بلکہ نو ٹکڑے ہوں گے، نہ ہندی نہ ہندوستان دہلی بنے گا خالصتان۔
چند روز قبل گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت پاکستان پر حملہ کرتا ہے تو یہ بھارت اور مودی کی آخری جنگ ہوگی، پنجاب بھارتی تسلط سے آزاد ہوگا اور نیا ملک بنے گا۔
گرپتونت سنگھ پنوں کا کہنا تھا کہ بھارتی پنجاب پاکستان کے ساتھ ریڑھ کی ہڈی بن کر کھڑا ہے، پاکستان اقوام متحدہ میں خالصتان ریفرنڈم کی تحریک ڈالے۔
رہنما تحریک خالصتان کا مزید کہنا تھا کہ پاک آرمی کیلیے بھارتی پنجاب میں لنگر لگائیں گے، بھارتی فوج کا ہم مقابلہ کریں گے، بھارتی پنجاب کینٹ ایریا میں وال چاکنگ ہو رہی ہے سکھ پاکستان کے خلاف مت لڑیں۔
اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو پاک بھارت کشیدگی پر ان کیمرہ اجلاس میں انڈیا کی جانب سے ممکنہ فوجی کارروائی کی خفیہ اطلاعات سے آگاہ کر دیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بتایا کہ سلامتی کونسل کا پاک بھارت کشیدگی پر ان کیمرہ اجلاس ہوا جو پاکستان کی درخواست پر بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور بیانات پر بلایا گیا کیونکہ بھارتی اقدامات سے فوجی تصادم اور علاقائی امن کو شدید خطرات لاحق ہوئے۔
ترجمان شفقت علی خان نے بتایا کہ سلامتی کونسل کے اراکین نے بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحمل و بات چیت پر زور دیا جبکہ کئی اراکین نے مسئلہ کشمیر کو علاقائی عدم استحکام کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی گئی، پاکستانی مندوب نے بھارت کے 23 اپریل 2025 کے اقدامات اور فوجی رویے کو خطرناک قرار دیا، انڈیا کے حالیہ اقدامات سے سنگین نتائج پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
’پاکستان اپنی خود مختاری کے دفاع کیلیے مکمل طور پر تیار ہے اور جارحیت کی صورت میں یو این چارٹر کے تحت دفاع کا حق رکھتا ہے۔ پاکستان نے 22 اپریل 2025 کے پہلگام حملے میں ملوث ہونے کا بھارتی الزام مسترد کیا کیونکہ بھارتی الزام بے بنیاد، بغیر ثبوت اور سیاسی مقاصد کیلیے ہے۔ بھارت نے پہلے بھی ایسے حملے کشمیری جدوجہد بدنام کرنے کیلیے استعمال کیے۔‘
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں بھارتی ریاستی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں نمایاں کی گئیں جبکہ بھارت کی پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی ہے، پاکستان نے خبردار کیا کہ دریاؤں کا بہاؤ روکنا جنگی اقدام تصور ہوگا، پاکستان نے یو این سیکریٹری جنرل کی ثالثی اور تناؤ کم کرنے کی کوششوں کا خیر مقدم کیا، سلامتی کونسل پر زور دیا گیا کہ وہ فوری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرے، بھارت پاکستان تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈے کا پرانا ترین معاملہ ہے، سلامتی کونسل تاحال مسئلہ کشمیر پر کارروائی کی ذمہ داری رکھتی ہے۔
بہار: بھارت میں اپوزیشن جماعتیں اور عوام مودی سرکار کے خلاف ہم آواز ہو گئے ہیں، ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم مودی کو اداکار قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ مودی فرقہ وارانہ تشدد پھیلا رہے ہیں، اور بھارتی عوام کو بھی اب مودی کی چال بازی سمجھ میں آنے لگی ہے۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مرشد آباد کے تشدد زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت پر ’’جان بوجھ کر فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے‘‘ کا الزام لگایا۔
واضح رہے کہ بھارت میں لوگوں نے سوال اٹھایا ہے کہ حملہ آور آئے کیسے اور فرار کیسے ہو گئے؟ مودی سرکار نے دراصل بہار الیکشن جیتنے کے لیے حملے کا ناٹک کیا ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی پہلگام حملے پر مرکزی حکومت کے ردعمل پر سخت تنقید کی، اور اس بات پر زور دیا ہے کہ مودی سرکار فرقہ وارانہ سیاست کی بجائے قومی سلامتی پر توجہ مرکوز کرے۔