Tag: Pahalgam

پہلگام کے واقعے کے بعد بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں ایک بار پھر کشیدگی دیکھی گئی۔ بھارت نے الزام لگایا کہ اس واقعے میں پاکستان میں موجود عسکریت پسند گروہوں کا ہاتھ ہے، جبکہ پاکستان نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔ بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے سخت بیانات سامنے آئے، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی رابطے متاثر ہوئے۔

پاکستان نے بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ خطے میں امن کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ پاکستان نے کہا کہ وہ خود دہشت گردی کا شکار ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے رابطہ کر کے کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی۔

دونوں ممالک کی سرحدوں پر فوجی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور لائن آف کنٹرول (LOC) پر جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ عوامی سطح پر بھی دونوں ملکوں میں تناؤ بڑھ گیا، جس سے ثقافتی اور تجارتی تبادلے متاثر ہوئے۔ اگرچہ کچھ بین الاقوامی قوتوں نے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی، مگر مستقل حل کی کوئی صورت نظر نہیں آئی۔ اس واقعے نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ کشمیر کا مسئلہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بنیادی رکاوٹ ہے

  • بھارت کی جانب سے خطرہ تاحال موجود ہے، کچھ کیا تو منہ توڑ جواب دیں گے، خواجہ آصف

    بھارت کی جانب سے خطرہ تاحال موجود ہے، کچھ کیا تو منہ توڑ جواب دیں گے، خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے خطرہ تاحال موجود ہے لیکن کچھ کیا تو منہ توڑ جواب دیں گے۔

    پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ بھارت کی جانب سے خطرہ کم ہوگیا ہے، بھارت میں سب کو پتا ہے پاکستان کے پاس کیسی صلاحیت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا کے اہم ممالک کوشش میں ہیں پاک بھارت تنازع نہ بڑھے، ہمارے ممالک کے نمائندوں سے رابطے جاری ہیں، جے ڈٰ وینس نے جو کہا ہے وہ خیال امریکی وزارت خارجہ کے بیانات میں نظر نہیں آتا، ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے بیان آیا کہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان کی معاشی اعداد و شمار بہتر ہوئے ہیں، بھارت پاکستان کی معاشی کامیابیوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے ڈرامہ کررہا ہے، دنیا کو پتا چل گیا ہے بھارت ڈرامہ رچانے کے لیے جھوٹی واردات کررہا ہے، جس طرح پاکستان میں جعلی پولیس مقابلے ہوتے ہیں بھارت ویسا کرنا چاہ رہا ہے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان تحقیقات کی پیش کش نہ کرتا تو دنیا سے جارحانہ بیانات آسکتے تھے، کسی سفارتی ذرائع سے ایسی تجویز نہیں آئی کہ بھارت کو فیس سیونگ دیں، بھارت آئی ایم ایف اور دیگ مالیاتی اداروں کے پاس جارہا ہے اور اس کی کوشش ہے پاکستان کے معاشی استحکام کو سبوتاژ کیا جاسکے۔

    انہوں نے کہا کہ پہلگام ڈرامے کی وجہ سے مودی کو بھی سیاسی نقصان ہوا، اب بھارت کے اندر سے مسلسل آوازیں اٹھ رہی ہٰں، مودی اب اپنی مقبولیت کو پہنچے نقصان کو ریکور کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ ثالثی کا معاملہ بعد میں آئے گا پہلے واضح ہونا چاہیے پہلگام واقعے کی سچائی کیا ہے، دیکھنا چاہیے مودی نے کہیں پہلگام واقعے کا ڈرامہ خود نہیں رچایا۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت پہلگام واقعے سے متعلق پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں دے سکا، بھارت سچا ہے تو پاکستان میڈیا چینلز، سیاست دانوں کے اکاؤنٹ کیوں بلاک کردیے، سندھ طاس معاہدے سے متعلق چند دنوں میں عالمی بینک سے رابطہ کیا جائے گا۔

  • بھارت نے پاکستان سے درآمدات پر پابندی عائد کر دی

    بھارت نے پاکستان سے درآمدات پر پابندی عائد کر دی

    جنگی جنون میں مبتلا انڈیا اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا، بھارت نے پاکستان سے بلواسطہ اور بلا واسطہ درآمدات پرپابندی لگادی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارت تجارت نے نوٹس جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے پاکستان سے تیسرے ملک کے ذریعے بھارت آنے والی امپورٹس بھی فوری بند کردی گئی ہیں۔

    بھارتی حکومت کی جانب سے بھارتی تجارتی پالیس میں نیا پیراگراف شامل کیا گیا ہے جس کی رو سے تمام پاکستانی بر آمدات کو ممنوعہ قرار دے دیا گیا ہے۔

    بھارت نے پاکستان کی اجازت کے باوجود افغانستان کے ٹرک کو داخلے سے روک دیا

    بھارتی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ نے کی طرف سے جاری کیے گئے علامیے میں کہا گیا کہ پاکستان سے درآمد ہونے والی اور پاکستان کے راستے آنے والی اشیاء پر قومی سلامتی اور عوامی مفاد کے پیشِ نظر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی بحری جہازوں کے بھارتی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ 22 اپریل مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی مبینہ ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ تمام بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود فوری طور پر بند کر دی گئی ہے جبکہ پاکستان کے راستے کسی بھی تیسرے ملک سمیت بھارت کے ساتھ تمام تجارت فوری طور پر معطل کردی گئی ہے۔

  • نائب وزیر اعظم کا عالمی رہنماؤں سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار

    نائب وزیر اعظم کا عالمی رہنماؤں سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار

    اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یونانی اور سوئس وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے میں خطے کی سکیورٹی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کر دیا۔

    اسحاق ڈار نے یونان کے وزیر خارجہ جارج گیراپیٹرائٹس سے ٹیلیفون پر موجودہ علاقائی صورتحال بارے بات چیت کی، انہوں نے علاقائی امن اور سلامتی کیلیے خطرہ کا باعث بننے والے بھارت کے بے بنیاد الزامات، غلط معلومات کی مہم اور غیر قانونی یکطرفہ اقدامات کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو ملتوی کرنے کے بھارت کے یکطرفہ فیصلے کی بھی شدید مذمت کی۔

    یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کا قطری وزیراعظم سے رابطہ، بھارت کی یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کردیا

    نائب وزیر اعظم نے علاقائی امن و استحکام کیلیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا پختہ طور پر تحفظ کیا۔

    انہوں نے پاکستان کی جانب سے حقائق کو سامنے لانے کیلیے آزاد اور شفاف تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا، کشیدگی کو روکنے اور امن و استحکام کے تحفظ کیلیے تحمل کی اہمیت پر زور دیا۔

    دونوں رہنماؤں نے خاص طور پر کثیر الجہتی فورمز بشمول اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر علاقائی اور عالمی پیش رفت پر قریبی رابطوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

    سوئس وزیر خارجہ سے رابطہ

    وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوئس فیڈرل کونسلر اور وزیر خارجہ اگنیزیو کیسسز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا انہیں علاقائی سلامتی کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے حوالہ سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بھارت کے حالیہ اشتعال انگیز اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات، اشتعال انگیز پراپیگنڈہ اور سندھ طاس معاہد ہ معطل کرنے کا یکطرفہ فیصلہ بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

    اسحاق ڈار نے حقائق کو سامنے لانے کیلیے ایک آزاد اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کیلیے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

    انہوں نے اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے حق کو محفوظ رکھتے ہوئے علاقائی امن اور سلامتی کے مفاد میں تحمل سے کام لینے کے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔

    اگنیزیو کیسسز نے امن کے فروغ کیلیے پاکستان کے عزم کو سراہا اور غیر جانبدار تحقیقات کی پاکستانی تجویز کی توثیق کی۔

    انہوں نے سوئٹزرلینڈ کی جانب سے تعاون کی پیشکش کی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے سہولت فراہم کرنے کے حوالہ سے مناسب طریقہ کار تلاش کرنے کیلیے اپنی آمادگی ظاہر کی۔دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

  • پوری امید ہے جنگ نہیں ہوگی، اگر ہوئی تو مردوں کی ہوگی: شیخ رشید

    پوری امید ہے جنگ نہیں ہوگی، اگر ہوئی تو مردوں کی ہوگی: شیخ رشید

    راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بھارت کو معلوم ہے جنگ آسان ہے اور نہ ہی عورتوں کا کھیل، پوری امید ہے جنگ نہیں ہوگی اور اگر ہوئی تو مردوں کی ہوگی۔

    جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے موقع پر انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ بھارت جنگ کی باتیں بہت کر رہا ہے لیکن پاکستان کی قوم یکجا ہے ملک کے چپے چپے کی حفاظت کرے گی، پاکستانی قوم ایک عظیم قوم ہے جو اپنے ملک کے دفاع کیلیے جانیں بھی دے گی۔

    شیخ رشید نے کہا کہ بھارت نے پاکستانی قوم کو للکارا ہے بچہ بچہ ملک کی حفاظت کرنا جانتا ہے، وقت آیا تو ثابت ہوگا پاکستانی قوم کتنی عظیم ہے، ملک کیلیے جان دینے کا جذبہ ہر پاکستانی میں بھرا ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت کی جانب سے پانی روکنا جنگ کے مترادف ہے، شیخ رشید

    انہوں نے کہا کہ جنگ ہونی ہوتی تو اس وقت حالات بدتر ہو چکے ہوتے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کو گھروں سے نکال کر شہید کیا جا رہا ہے۔

    کیس کے حوالے سے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ تین دفعہ بریت کی درخواست عدالت میں لگی ہے، امید ہے کیس چیف جسٹس سماعت کیلیے مقرر کریں گے۔

    26 اپریل کو انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا تھا کہ پاکستان کی سلامتی ہمیں جان سے زیادہ عزیز ہے، سندھ طاس معاہدہ ختم کرنا بھارت کا گھمنڈ ہے۔

    سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی کے معاملے پر قوم سیسہ پلائی دیوار ہے، پانی روکنا جنگ کے مترادف ہے، بھارت یکطرفہ معاہدہ معطل نہیں کر سکتا۔

    انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھارتی اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا بھارت کی آبی دہشتگردی ہے، پہلگام واقعے کا پاکستان پر بے بنیاد الزام ہے۔

  • پہلگام واقعہ: امریکا میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ

    پہلگام واقعہ: امریکا میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ

    امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں بھارت کے سفارتخانے کے باہر فرینڈز آف کشمیر کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت چیئرپرسن غزالہ حبیب نے کی۔

    بھارت کے سفارتخانے کے باہر مظاہرے میں پاکستانی، کشمیری اور سکھ فار جسٹس کے بلوندر سنگھ چھٹا سمیت سکھوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرین نے نریندر مودی کے خلاف نعرے بلند کیے جبکہ انہوں نے پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔

    مقررین نے کہا کہ پہلگام واقعہ دراصل نریندر مودی کا فالس فلیگ آپریشن تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: ’’پہلگام جیسے ڈرامے مودی کی انتخابی مجبوریاں ہیں‘‘

    چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر غزالہ حبیب نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ بھارتی حکومت اور بھارتی ایجنسیوں کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں، دنیا جان گئی ہے پہلگام دہشتگردانہ حملے سے کس کو فائدہ ہوا۔

    غزالہ حبیب نے کہا کہ 2000 میں سابق امریکی صدر کلنٹن کے دورے پر بھی بھارتی ایجنسیوں نے قاتلانہ ڈرامہ رچایا تھا، 35 سکھوں کا قتل عام کر کے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا تھا، پہلگام فالس فلیگ آپریشن امریکی نائب صدر کے دورہ بھارت کے دوران رچایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ مودی نے تحریک آزادی کشمیر کے خلاف امریکی خارجہ پالیسی کو متاثر کرنے کی کوشش کی، مودی حکومت نے تحریک آزادی کشمیر کو دہشتگردی کا لیبل لگا کر بدنام کرنے کی کوشش کی۔

    چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر کا کہنا تھا کہ ہندوتوا حکومت کینیڈا، امریکا، برطانیہ اور پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، پہلگام واقعہ کے تمام تر ثبوت و شواہد بھارتی حکومت کے خلاف جاتے ہیں، پاکستان نہ پہلگام واقعے میں ملوث ہے اور نہ ہی بینفشری ہے۔

  • وزیراعظم کی کویت کے سفیر سے ملاقات، بھارت سے کشیدگی پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کردیا

    وزیراعظم کی کویت کے سفیر سے ملاقات، بھارت سے کشیدگی پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کردیا

    وزیراعظم شہباز شریف نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعے پر بھارتی بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمان جاسر کی ملاقات ہوئی جس میں شہباز شریف نے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم نے کویت اور پاکستان کے درمیان مضبوط تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہے، پاکستان نے عالمی برادری کو واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی توجہ 15 ماہ کے محنت سے حاصل معاشی فوائد، مستحکم کرنے پر مرکوز ہے، پاکستان کسی ایسی کارروائی کا متحمل نہیں ہوسکتا جس سے علاقائی امن کو خطرہ ہو۔

    وزیراعظم نے کہا کہ کویت اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی، 152 ملین امریکی ڈالرز سے زیادہ کا معاشی نقصان اٹھایا۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا، کویت کے سفیر نے پاکستان کے موقف کو آگاہ کرنے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

  • سعودی عرب سمیت برادر ممالک کشیدگی میں کمی کیلیے بھارت پر دباؤ ڈالیں، وزیر اعظم

    سعودی عرب سمیت برادر ممالک کشیدگی میں کمی کیلیے بھارت پر دباؤ ڈالیں، وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب سمیت برادر ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی میں کمی کیلیے باھرت پر دباؤ ڈالیں۔

    سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں وزیر اعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    انہوں نے سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ‘پاکستان پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ انکوائری کیلیے تیار ہیں’

    پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کا مؤقف بیان کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کی مذمت کی ہے، پاکستان نے گزشتہ برسوں میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں بڑی قربانیاں دی ہیں جو کہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے تحفظ کیلیے انتہائی اہم ثابت ہوئی ہیں۔

    انہوں نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعہ سے پاکستان کو جوڑنے کے بے بنیاد بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کیا اور واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔

    سعودی عرب سمیت دوست ممالک کے تعاون سے گزشتہ 15 ماہ کی محنت سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد کو مستحکم کرنے پر حکومت کی مکمل توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی کامیابیوں کو خطرے میں ڈالنے اور ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ سے ہٹانے کی بھارتی کوششیں ناقابل فہم ہیں۔

    انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلیے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

    سعودی سفیر نے اس اہم معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن و سلامتی کیلیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

  • امید ہے پہلگام واقعے پر بھارت کا ردعمل کسی علاقائی تنازع کا باعث نہیں بنے گا، امریکا

    امید ہے پہلگام واقعے پر بھارت کا ردعمل کسی علاقائی تنازع کا باعث نہیں بنے گا، امریکا

    امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا امید ہے پہلگام واقعے پر بھارت کا ردعمل کسی علاقائی تنازع کا باعث نہیں بنے گا۔

    فاکس نیوز سے انٹرویو میں امریکا کے نائب صدر جےڈی وینس نےکہا دو جوہری طاقتوں کے درمیان جاری کشیدگی پر تشویش ہے، بھارت اور پاکستان میں اپنے دوستوں سے رابطے میں ہیں۔

    امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے بھارت پہلگام واقعہ کے جواب میں کوئی ایسا قدم نہ اٹھائے جو کسی بڑے علاقائی تنازع کا سبب بنے جبکہ پاکستان ایک ذمے دار ایٹمی طاقت ہے، امید ہے پاکستان بھارت سے تعاون کرے گا۔

    امریکا کا پاکستان اور بھارت سے کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالنے پر زور

    واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں میں امریکا نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے اور ایک ’ذمہ دارانہ حل‘ تک پہنچنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔

    دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے پہلگام حملے کا الزام بھارت نے پاکستان پر عائد کیا ہے جبکہ پاکستان  نے اس کی تردید کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

    حملے کے بعد نہ صرف بھارتنے پانی کی تقسیم سے متعلق معاہدہ معطل کر دیا اور دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود بند کر دیں بلکہ سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔

  • بھارت کی جانب سے ویزا منسوخی سے سنگین انسانی مسائل جنم لے رہے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

    بھارت کی جانب سے ویزا منسوخی سے سنگین انسانی مسائل جنم لے رہے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

    ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت کیجانب سے ویزہ منسوخی سے سنگین انسانی مسائل جنم لے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت سے پاکستانی شہریوں کی واہگہ بارڈر کے ذریعے واپسی پر دفتر خارجہ نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا کہ کئی پاکستانی مریض علاج مکمل کیے بغیر واپس آنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ ویزے منسوخ کرنے کا بھارتی فیصلہ سنگین انسانی چیلنجز پیدا کر رہا ہے خاندانوں کے بچھڑنے اور بچوں کے والدین سے جدا ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    امریکا کا پاکستان اور بھارت سے کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالنے پر زور

    ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ واہگہ اٹاری بارڈر کراس کرنے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2025 تھی، میڈیا رپورٹس کے ذریعے اٹاری میں پھنسے پاکستانی شہریوں کا علم ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت پھنسے پاکستانیوں کو جانے کی اجازت دے، ہم ان کے استقبال کے لیے تیار ہیں، واہگہ بارڈر آئندہ بھی پاکستانی شہریوں کے لیے کھلا رہے گا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے، بھارت نے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے جبکہ پاکستان  نے اس کی تردید کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

    حملے کے بعد نہ صرف بھارت نے پانی کی تقسیم سے متعلق معاہدہ معطل کر دیا اور دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود بند کر دیں بلکہ سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

  • مودی حکومت کی جارحانہ سوچ نے خطے کو خطرے میں ڈال دیا

    مودی حکومت کی جارحانہ سوچ نے خطے کو خطرے میں ڈال دیا

    بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف کارروائی کےلیے بھارتی فوج کو گرین سگنل دے دیا۔

    مقبوضہ کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد مودی حکومت کی جارحانہ سوچ نے خطےکو خطرے میں ڈال دیا، مودی نے امن کی ہر کوشش سبوتاژ کرنےکا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔

    بھارت کی پہلگام حملےکو جواز بنا کر خطے میں جنگی ماحول پیداکرنے کی سازش کی جارہی ہے، پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کرنے، سفارتی تعلقات محدود کرنے کا بھارتی فیصلہ اس کی نفرت انگیز پالیسیوں کا تسلسل ہے۔

    تاہم اب بھارتی ٹی وی ٹائمز ناؤ کے مطابق مودی نے افواج کو کسی بھی وقت،کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانے کا ٹاسک دے دیا ہے۔

    بھارتی ٹی وی کا کہنا ہے کہ بھارتی کابینہ کی سیکیورٹی کمیٹی کے مسلسل اجلاس میں پاکستان کیخلاف اسٹریٹجک اقدامات پر مشاورت کی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی جانب سے دوبارہ سرجیکل اسٹرائیک یا بالاکوٹ جیسے حملے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، بھارتی فوج، فضائیہ، بحریہ کو تیار کردیا گیا ہے جس سے ایک اور مسلح تصادم کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت دہشتگردی کے جھوٹے بیانیے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر الزام تراشی کرکے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے، بھارتی وزرا کا جنگی بیانیہ، خود ساختہ خطرہ بنا کر عوامی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جا رہی ہے۔

    دوسری جانب بھارت کی جنگی تیاریوں پر پاکستانی حکومت اور افواج پاکستان نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کر لی ہے۔