Tag: Pahalgam

پہلگام کے واقعے کے بعد بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں ایک بار پھر کشیدگی دیکھی گئی۔ بھارت نے الزام لگایا کہ اس واقعے میں پاکستان میں موجود عسکریت پسند گروہوں کا ہاتھ ہے، جبکہ پاکستان نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔ بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے سخت بیانات سامنے آئے، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی رابطے متاثر ہوئے۔

پاکستان نے بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ خطے میں امن کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ پاکستان نے کہا کہ وہ خود دہشت گردی کا شکار ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے رابطہ کر کے کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی۔

دونوں ممالک کی سرحدوں پر فوجی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور لائن آف کنٹرول (LOC) پر جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ عوامی سطح پر بھی دونوں ملکوں میں تناؤ بڑھ گیا، جس سے ثقافتی اور تجارتی تبادلے متاثر ہوئے۔ اگرچہ کچھ بین الاقوامی قوتوں نے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی، مگر مستقل حل کی کوئی صورت نظر نہیں آئی۔ اس واقعے نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ کشمیر کا مسئلہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بنیادی رکاوٹ ہے

  • بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا، طلال چوہدری

    بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا، طلال چوہدری

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا، حقیقت یہ ہے بھارت ایک بوند بھی پاکستان کا پانی بند نہیں کر سکتا۔

    طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی نے 2016 کی تقریر میں بھی کہا تھا کہ میں پاکستان کا پانی بند کروں گا، کوئی ایک ملک بھی کسی دوسرے ملک کا ایک قطرہ پانی بند نہیں کر سکتا، مودی سرکار صرف میڈیا پر بھڑکیں مار رہی ہے جبکہ پانی روکنے کے بجائے دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھ طاس معاہدہ کیا ہے؟

    وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے زبردست رپورٹنگ سے بھارتی میڈیا کو شکست دی، سوشل میڈیا پر بھی بھارت پر تنقید کی جا رہی ہے، پاکستانی میڈیا نے بھارتی میڈیا کو بیک فٹ پر کر دیا۔

    انہوں نے کہا کہ مودی کی دشمنی صرف مسلمانوں سے ہے، بھارت میں مسلمانوں پر زمین تنگ کر دی گئی ہے، مودی سرکار نے جتنی قانون سازی کی سب مسلمانوں کی خلاف کی۔

    ’اپنی مرضی کے انتخابی نتائج حاصل کرنے کیلیے فالس فلیگ آپریشن کیا جاتا ہے۔ پہلگام حملے کے بعد مسلمانوں کی جائیدادیں گرا دی گئیں، کشمیر میں مسلمانوں کی زمینوں پر قبضہ کروایا جا رہا ہے۔ آج دو قومی نظریے کا ایک ایک حرف سچ ثابت ہو رہا ہے، کشمیریوں کو جعلی پولیس مقابلوں میں مارا جا رہا ہے۔‘

    طلال چوہدری نے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کوئی ایڈونچر کیا تو پاکستان کا جواب جارحانہ ہوگا، ہم امن چاہتے ہیں لیکن کسی سے ڈرتے نہیں ہیں، ہماری امن کی خواہش اسلام اور انسانیت کی خواہش ہے، ہماری امن کی خواہش ہماری کمزوری نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آپ کا کلبھوشن دہشتگردی کی وجہ سے ہمارے پاس ہے جبکہ ہمارا تو کوئی افسر بھارت میں دہشتگردی کرتے نہیں پکڑا گیا، اسٹیٹ اسپانسر ٹیررازم ہمیشہ بھارت سے آتا ہے، فالس فلیگ آپریشن نے پھر مودی کی مسلمان دشمنی کو بے نقاب کیا، بھارت میں 2 ریاستوں میں اہم الیکشن ہونے والے ہیں۔

  • پہلگام حملہ: ڈاکٹر کا حاملہ مسلم خاتون کا علاج کرنے سے انکار

    پہلگام حملہ: ڈاکٹر کا حاملہ مسلم خاتون کا علاج کرنے سے انکار

    بھارتی شہر کولکتہ میں پہلگام حملے کے بعد حاملہ مسلم خاتون کو اُس وقت نفرت انگیز رویے کا سامنا کرنا پڑا جب ڈاکٹر نے ان کا علاج کرنے سے انکار کر دیا۔

    انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق واقعہ سرکاری کلینک میں پیش آیا، 7 ماہ کی حاملہ مسلم خاتون محفوظہ معمول کے چیک اپ کیلیے گئی تھیں۔

    ڈاکٹر کو جب خاتون کا نام معلوم ہوا تو اس نے علاج کرنے سے انکار کرتے ہوئے پہلگام حملے کا حوالہ دیا اور مغلظات بھی بکیں۔

    یہ بھی پڑھیں: قابض بھارتی فوج نے مزید 5 کشمیریوں کے گھر تباہ کر دیے

    اس نے حاملہ محفوظہ سے کہا کہ وہ کسی مدرسے یا مسجد میں جا کر اپنا علاج کروائے۔

    محفوظہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار ہمیں محسوس کروایا گیا کہ ہم مسلمان ہیں، ڈاکٹر نے فیس وصول کی اور جب میرا نام سنا تو نفرت انگیز رویہ اختیار کر لیا۔

    خاتون کے مطابق ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ تم لوگوں نے پہلگام میں بے قصور ہندوؤں کو قتل کیا، ہندوؤں کو چاہیے کہ وہ تمہارے شوہر کو قتل کر دے تاکہ تمہیں پتا چلے کہ کیا محسوس ہوتا ہے۔

    محفوظہ دلبرداشتہ ہو کر گھر لوٹ آئی اور ڈاکٹر کو فون کر کے پوچھا کہ اس نے نفرت انگیز رویہ کیوں اختیار کیا تو سامنے سے اس نے اپنی حرکت کو درست قرار دیا۔

  • پہلگام حملہ: قابض بھارتی فوج نے مزید 5 کشمیریوں کے گھر تباہ کر دیے

    پہلگام حملہ: قابض بھارتی فوج نے مزید 5 کشمیریوں کے گھر تباہ کر دیے

    مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے پہلگام حملے کا بدلہ لیتے ہوئے مزید پانچ کشمیریوں کے گھر مسمار کر کے انہیں بے گھر کر دیا۔

    کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق گھروں کو دھماکا خیز مواد کے ذریعے زمین بوس کیا گیا۔ مسمار کیے گئے گھر عامر نذیر وانی، جمیل احمد شیر گوجری، عدنان صفی ڈار، عامر احمد اور فاروق احمد ٹیڈو کے تھے۔

    دھماکوں کے باعث آپس پاس کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا جس سے کئی خاندان بے گھر اور شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت کا پہلگام میں سیکیورٹی ناکامی کا اعتراف

    ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام غاصبانہ قبضے کے اسرائیلی حربوں کی نقل کرتے ہوئے کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کر رہے ہیں تاکہ انہیں بے گھر کیا جا سکے۔

    واضح رہے کہ پچھلے تین دنوں میں اس طرح کئی کشمیریوں کے گھروں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔

    آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے اپنے ایک بیان میں گھروں کی مسماری کی شدید مذمت کی۔

    انہوں نے اس مہم کو نریندر مودی حکومت کے زیرِ قیادت وسیع تر ہندوتوا پر مبنی ایجنڈے کا حصہ قرار دیا جس کا مقصد کشمیری عوام کو بے گھر اور بے دخل کرنا اور علاقے کے مسلم اکثریتی آبادیاتی کردار کو تبدیل کرنا ہے۔

  • بھارت کا پہلگام میں سیکیورٹی ناکامی کا اعتراف

    بھارت کا پہلگام میں سیکیورٹی ناکامی کا اعتراف

    بھارت نے پہلگام میں سیاحوں کی حفاظت میں ناکامی کا اعتراف کرلیا۔

    آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملیکارجم کھرگے نے کہا کہ حکومت نے پہلگام میں سیاحوں کی حفاظت میں ناکامی کا اعتراف کیا ہے لیکن اپوزیشن تعاون جاری رکھے گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے جمعرات کو آل پارٹیز میٹنگ کے دوران تصدیق کی کہ حملے کی وجہ سیکیورٹی کی ناکامی ہے۔

    بھارت کی پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر کھرگے نے کہا کہ تین مرحلوں پر مشتمل سیکیورٹی پلان موجود تھا لیکن بالآخر ناکام رہا۔

    سکیورٹی اور انٹیلی جنس کی ناکامی پر کانگریس سمیت بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کردیا اور 5 اہم سوال پوچھ لیے۔

    اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مودی حکومت سے سوالات کیے گئے کہ پہلگام حملہ کیسے ہوا؟ انٹیلی جنس کیسے ناکام ہوئی؟ سرحد پار سے اگر کوئی آیا تو کیسے آیا؟ 26  لوگوں کی موت کا ذمے دار کون ہے؟   کیا وزیر داخلہ امت شاہ استعفیٰ دیں گے اور وزیر اعظم نریندر مودی حملے کی ذمہ داری قبول کریں گے؟

    اس سے قبل بدھ کو دارالحکومت نئی دہلی میں وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کی زیرصدارت آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس میں بھارتی حکومت نے حالیہ پہلگام حملے میں سکیورٹی اور انٹیلی جنس کی ناکامی کا اعتراف کیا۔

    وزیر داخلہ امیت شاہ ماننے پر مجبور ہوگئے کہ پہلگام واقعہ سکیورٹی اور انٹیلی جنس کی ناکامی ہے۔

    کانگریس کا کہنا تھا کہ پہلگام حملے میں انٹیلی جنس ناکامی اور سکیورٹی کی خامی کا جامع تجزیہ ہونا ضروری ہے، عوامی مفاد میں اس انٹیلی جنس ناکامی اور سکیورٹی خامیوں پر سوالات اٹھانے چاہئیں۔

    کانگریس کی جانب سے اس سکیورٹی ناکامی کا ذمہ دار بھارت کی نریندر مودی حکومت کو قرار دیا گیا۔کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا کہ آخر پہلگام میں سکیورٹی کیوں نہیں تھی۔

  • پہلگام واقعے پر کوئی بھی سوال اٹھائے گا تو اسے گرفتار کرلیا جائیگا، وزیراعلیٰ آسام

    پہلگام واقعے پر کوئی بھی سوال اٹھائے گا تو اسے گرفتار کرلیا جائیگا، وزیراعلیٰ آسام

    بھارتی ریاست آسام کے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے پر کوئی بھی سوال اٹھائے گا تو اسے گرفتار کرلیا جائیگا۔

    وزیراعلیٰ آسام ڈاکٹر ہمانتا بسوا سرما نے ہندو انتہاپسند ذہینت آشکار کرتے ہوئے پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر سوال اٹھانے والوں کو گرفتاری کی دھمکی دی ہے، ہمانتا بسوا سرما نے کہا کہ پہلگام میں ہونے والے حملے پر سوال اٹھانے والوں کو گرفتار کریں گے۔

    الجزیرہ ٹی وی نے اس حوالے سے بتایا کہ آسام میں سیکیورٹی ناکامی کا سوال اٹھانے والے 10 افراد کو اب تک گرفتار کیا جاچکا ہے۔

    بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کو چھپانے کی کوشش کرتے ہوئےپہلگام حملے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد سیکیورٹی آپریشنز کی کوریج پر پابندی لگادی ہے۔

    الجزیرہ ٹی وی نے بتایا کہ بھارتی حکومت چھاپوں میں اب تک کشمیریوں کے 75 گھر تباہ کرچکی ہے، بھارتی پولیس نے 175 سے زائد مزید کشمیریوں کو حراست میں لےلیا ہے، بھارتی فوج اور پولیس نے سیکیورٹی آپریشن کے نام پر ظلم کا بازار گرم کررکھا ہے۔

    دوسری طرف مقبوضہ کشمیر کی وزیرصحت نے بھارتی گورنر پنجاب سے رابطہ کیا ہے اور کشمیریوں کی حفاظت کا مطالبہ کیا ہے۔

    وزیرصحت مقبوضہ کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت بھر میں کشمیری طلبہ اور کشمیریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

    پہلگام حملے کے بعد الجزیرہ ٹی وی نے بتایا کہ بھارت میں مقیم کشمیریوں کو انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے، انھیں تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/trf-denies-involvement-pahalgam-incident-indian-lie/

  • ’بھارت آؤ پھر تمہارے جھنڈے کو جوتے سے رگڑ کر پاکستان کا جھنڈا گاڑوں گا‘

    ’بھارت آؤ پھر تمہارے جھنڈے کو جوتے سے رگڑ کر پاکستان کا جھنڈا گاڑوں گا‘

    سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا کہ بھارت آؤ پھر تمہارے جھنڈے کو جوتے سے رگڑ کر پاکستان کا جھنڈا گاڑوں گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ بھارت تمہیں یاد ہے جب تمہارا جھنڈا میرے جوتے کے نیچے تھا، میں نے اپنی فوج کے ساتھ مل کر پاکستان کا جھنڈا گاڑا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی نندن تمہارا جہاز گرا کر مونچھیں موڑ کر تھپڑ لگائے تھے۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ اگر تم پاکستان کو میلی آنک سے دیکھا، یاد دہانی کے لیے بتا رہا ہوں۔

    سینیٹر واوڈا کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس قابل آرمی چیف ہیں، جو ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    گزشتہ روز پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بھارت نے پانی بند کرنے کی کوشش کی تو پہلا اسٹرائیک ہم کریں گے اور پانی کوروکا تو سب سے پہلے خون کی ہولی ہم کھیلیں گے۔

    فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ بھارت پانی بندکرنےکاسوچےبھی نہ ورنہ ہم وہاں آکرجواب دیں گے، ابھی نندن کوجس طرح چائےپلاکربھیجااس سےزیادہ بھی کر سکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر چیز کیلئے تیار ہیں، پاکستان اوربھارت کی جنگ ہوئی تواس سے پوری دنیا متاثر ہوگی۔

    سینیٹر واوڈا کا کہنا تھا کہ دوست ممالک ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ بھارت بھی جانتا ہے، پاکستان کی تمام جماعتیں اس وقت متحدہیں قوم فوج کیساتھ کھڑی ہے، جنگ ہم پرمسلط کی گئی تو پھر بھارت کی نسلیں یاد رکھیں گی۔

    سابق وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت سمجھ رہا تھا میڈیا ہائپ بنا کر پاکستان کو خاموش کرادیگا یہ ان کے گلے پڑگیا، بھارت نےپانی روکاتوانہیں معلوم ہے کہ پاکستان خاموش نہیں بیٹھے گا ، وزیرخارجہ کوچاہیےعالمی سطح پر دورے کریں اور پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کریں۔

  • بھارت پانی روکے گا تو پھر پاکستان جنگ کے لیے تیار ہے، محسن نقوی

    بھارت پانی روکے گا تو پھر پاکستان جنگ کے لیے تیار ہے، محسن نقوی

    وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بھارت پانی روکے گا تو پھر پاکستان جنگ کے لیے تیار ہے۔

    وفاقی وزیر برائے داخلہ محسن نقوی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت سے زیادہ جنگ کے لیے تیار ہیں، ہم جنگجو قوم ہیں جنگ لگی تو ہم سب مل کر بھارت سے لڑیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور سب کا  موقف ایک ہے۔

    محسن نقوی نے کہا کہ کالعدم بی ایل اے اور ’را‘ دو نام ایک تنظیم ہے، کالعدم بی ایل اے کے لوگ کن سے ملاقاتیں کرتے ہیں ہم سب جانتے ہیں، جن دہشت گردوں کو ہم پکڑنا چاہتے ہیں بھارتی ٹی وی پر ان کے انٹرویو چلتے ہیں۔

     انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئے روز دہشت گردی کا واقعہ ہوتا ہےکیا کبھی بھارت نے مذمت کی بلکہ بھارت میں تو انہیں ہیرو کہا جاتا ہے۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر جانبدار فریق پہلگام اور جعفرآباد واقعے کی تحقیقات کریں، پاکستان شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے اور بھرپور تعاون کرنے کے تیار ہے۔

    محسن نقوی نے بتایا کہ مختلف علاقوں سے 7 دیسی ساختہ بارودی سرنگیں پکڑی ہیں، سیکیورٹی فورسز ملک کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان بھارت کے اس ڈرامے کو بے نقاب کرنا چاہتا ہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیا ہوا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ حل ہونا چاہیے، پاکستان کشمیر سے متعلق اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

  • پہلگام حملہ: انتہا پسند ہندوؤں نے مسلمان بریانی فروش کو قتل کر دیا

    پہلگام حملہ: انتہا پسند ہندوؤں نے مسلمان بریانی فروش کو قتل کر دیا

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں انتہا پسند ہندوؤں نے مسلمان بریانی فروش کو گولیاں مار کر قتل کر دیا جبکہ مقتولہ کا ساتھی شدید زخمی ہے۔

    انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مقتول مسلمان شہری کی شناخت 27 سالہ گلفام علی کے نام سے ہوئی جسے خود کو ’گاؤ رکھشک‘ قرار دینے والے ملزم منوج چوہدری نے قتل کیا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو زیرِ گردش ہے جس میں ملزم منوج چوہدری کو یہ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ میں ’کھشتریہ گاؤ رکھشا دل‘ کا رکن ہوں، گلفام علی کو پہلگام حملے 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بدلے میں قتل کیا اور مزید مسلمانوں پر حملے کروں گا۔

    وائرل ویڈیو میں اس کے پاس دو پستول اور ایک چاقو دیکھا جا سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: مودی سرکار نے سچائی بیان کرنے پر مسلمان رکن اسمبلی کو گرفتار کر لیا

    ملزم منوج چوہدری نے کہا کہ تاج شہر آگرہ میں دو مسلمان مارے گئے تھے، اس کی ذمہ داری کھشتریہ گاؤ رکھشا دل قبول کرتی ہے، میں بھارت ماتا کے نام پر عہد کرتا ہوں کہ اگر ہم نے 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بدلے 2600 مسلمان نہیں مارے تو میں بھارت ماتا کا بیٹا نہیں۔

    تاہم پولیس نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کھشتریہ گاؤ رکھشا دل کے نام سے کوئی تنظیم کام نہیں کر رہی ہے، سوشل میڈیا پر ویڈیو ایک پبلسٹی اسٹنٹ ہو سکتا ہے، تاج گنج پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کر لی گئی جبکہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔

    پولیس نے مزید کہا کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے، جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیجز میں چار افراد نطر آ رہے ہیں، ہم نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔

    گلفام علی تاج گنج علاقے میں واقع ’شاہد علی چکن بریانی‘ میں بطور ویٹر کا کام کرتا تھا۔ آدھی رات کو جب وہ دکان بند کر رہا تھا تو تین ملزمان اسکوٹر پر آئے اور اسے گولیاں مار دیں، حملے میں مقتول کا ساتھی سیف علی شدید زخمی ہوا۔

  • شیطان سنگھ کی بارات نہ جاسکی

    شیطان سنگھ کی بارات نہ جاسکی

    راجستھان کے رہائشی شیطان سنگھ کی ہونے والی شادی پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پہلگام میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے جس کا براہ راست اثر اب سرحدی علاقوں میں خاندانی رشتوں پر پڑتا ہوا واضح نظر آرہا ہے۔

    مغربی راجستھان کے ضلع باڑمیر کے رہائشی شیطان سنگھ کی 30 اپریل کو ہونے والی شادی پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوگئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق شیطان سنگھ کی بارات کو اٹاری واہگہ بارڈر سے آگے بڑھنے نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے بارات کو واپس جانا پڑا، جس پر شیطان سنگھ کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔

    شیطان سنگھ کی بارات نہ جاسکی

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چار سال قبل باڑمیر کے شیطان سنگھ کی شادی پاکستان کے امرکوٹ میں رہنے والے ایک خاندان میں طے ہوئی تھی، ان کی شادی 30 اپریل کو ہونی تھی۔

    شادی کے سلسلے میں دونوں خاندانوں میں تیاریاں زوروں پر تھیں، شیطان سنگھ 24 ایریل کو اپنی بارات لے کر باڑمیر سے پاکستان جانے کے لیے اٹاری واہگہ بارڈر پہنچے تو انہیں سرحد سے ہی پاکستان جانے سے روک دیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شیطان سنگھ نے پاکستان کا ویزا حاصل کرنے کے لیے تین سال تک مسلسل کوشش کی، پاکستان کی جانب سے ویزے کی منظوری 18 فروری کو دی گئی تھی جس کے بعد شادی کی تاریخ 30 اپریل مقرر کی گئی تھی۔

    تاہم  22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد انہیں پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی گئی جس کی وجہ سے وہ جمعے کی رات واپس اپنے گاؤں لوٹ گیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ میں سوڈھا راجپوتوں کی بڑی آبادی ہے، وہ اپنے قبیلے کی روایات کی پیروی کرتے ہوئے اپنے قبیلے سے باہر شادی کرنے کے لیے سرحد پار کے راجپوت خاندان میں رشتہ طے کرتے ہیں۔

    Pahalgam Attack and Aftermath

  • پی ایس ایل کی براڈ کاسٹ کمپنی میں شامل بھارتی عملے کو پاکستان سے نکال دیا گیا

    پی ایس ایل کی براڈ کاسٹ کمپنی میں شامل بھارتی عملے کو پاکستان سے نکال دیا گیا

    لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی براڈ کاسٹ کمپنی میں شامل بھارتی عملے کو پاکستان سے نکال دیا  گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے شہریوں کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کی تھی جس پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔

    تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ براڈ کاسٹ کمپنی کے 23 بھارتی شہریوں کو بھارت روانہ کر دیا گیا ہے، براڈ کاسٹ کمپنی کے ارکان کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت بھجوایا گیا ہے۔

    پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب ، بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 10 (پی ایس ایل) کے براڈکاسٹنگ عملے میں شامل 23 بھارتی شہری مختلف تکنیکی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں 22 اپریل کو سیاحوں پر ہونے والے حملے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد بھارتی حکومت نے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کردی تھی۔

    جس کے بعد پاکستان نے بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے پاکستان نے بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا اور واہگہ کے راستے سے بھارت سے تمام سرحدپار آمدورفت معطل کردی تھی۔