Tag: Pahalgam

پہلگام کے واقعے کے بعد بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں ایک بار پھر کشیدگی دیکھی گئی۔ بھارت نے الزام لگایا کہ اس واقعے میں پاکستان میں موجود عسکریت پسند گروہوں کا ہاتھ ہے، جبکہ پاکستان نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔ بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے سخت بیانات سامنے آئے، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی رابطے متاثر ہوئے۔

پاکستان نے بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ خطے میں امن کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ پاکستان نے کہا کہ وہ خود دہشت گردی کا شکار ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے رابطہ کر کے کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی۔

دونوں ممالک کی سرحدوں پر فوجی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور لائن آف کنٹرول (LOC) پر جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ عوامی سطح پر بھی دونوں ملکوں میں تناؤ بڑھ گیا، جس سے ثقافتی اور تجارتی تبادلے متاثر ہوئے۔ اگرچہ کچھ بین الاقوامی قوتوں نے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی، مگر مستقل حل کی کوئی صورت نظر نہیں آئی۔ اس واقعے نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ کشمیر کا مسئلہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بنیادی رکاوٹ ہے

  • ’ہماری فوج مودی کے قدموں میں جھکتی ہے‘: بی جے پی رہنما کے متنازع بیان پر بحث چھڑ گئی

    ’ہماری فوج مودی کے قدموں میں جھکتی ہے‘: بی جے پی رہنما کے متنازع بیان پر بحث چھڑ گئی

    بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڈا کے فوج سے متعلق متنازع بیان پر اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    انڈین میڈیا کے مطابق جگدیش دیوڈا نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورا بھارت، ہماری فوج اور ایک ایک سپاہی وزیر اعظم نریندر مودی کے قدموں میں جھکتے ہیں۔

    کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بی جے پی رہنما جگدیش دیوڈا کے بیان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تنقید کی اور اسے نامناسب اور شرمناک بیان قرار دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: صوفیہ قریشی کو دہشتگردوں کی بہن کہنے پر بی جے پی وزیر کیخلاف مقدمہ درج

    اپوزیشن جماعت کے آفیشل ایکس ہینڈل پر لکھا گیا کہ بھارتی فوج اور فوجی وزیر اعظم نریندر مودی کے قدموں میں جھکتے ہیں یہ بات مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کے نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڈا نے کہی ہے، ان کا یہ بیان نامناسب اور شرمناک ہے۔

    کانگریس نے کہا کہ یہ فوج کی بہادری اور حوصلے کی توہین ہے، آج جب پورا ملک فوج کے سامنے جھک رہا ہے اس وقت بی جے پی رہنما ہماری فوج کے بارے میں اپنی گھٹیا سوچ کا اظہار کر رہے ہیں، بی جے پی اور جگدیش دیوڈا کو معافی مانگنی چاہیے انہیں ان کے عہدوں سے ہٹا دینا چاہیے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شدید تنقید کا سامنا کرنے کے بعد جگدیش دیوڈا کو واضح جاری کرنا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیان کو غلط طریقے سے لیا گیا، میرا مطلب یہ تھا کہ پوری قوم فوج کے سامنے جھکتی ہے۔

  • پاک بھارت تنازع  پر نواز شریف کی خاموشی؟ رانا ثنااللہ نے وجہ بتا دی

    پاک بھارت تنازع پر نواز شریف کی خاموشی؟ رانا ثنااللہ نے وجہ بتا دی

    پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے منفی پروپیگنڈا اور پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کے بیان جاری نہ کرنے پر ایک طویل بحث نے جنم لیا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں وزیر اعظم کے مشیر اور ن لیگ کے مرکزی رہنما رانا ثنااللہ نے تفصیلی جواب دیا اور اس کی وجہ بھی بیان کی۔

    میزبان انیقہ نثار نے سوال کیا کہ سرحدی کشیدگی کے دوران جب بھارت نے جنگ مسلط کی تو پاکستان نے بھارت کو تگڑا جواب دیا اس کے ساتھ حکومت اور سفارتی نمائندوں کی جانب سے بھی مضبوط مؤقف سامنے آیا لیکن میاں نواز شریف کی جانب سے ایسا کوئی سخت بیان سامنے کیوں نہیں آیا؟

    اس کے جواب میں رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے تجربے کی بنیاد پر یہ بات یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اگر میاں نواز شریف اس معاملے کو پورا ٹیک اوور کرلیتے اور روزانہ بیان جاری کرتے تو مخالفین کی جانب سے ان پر تنقید پھر بھی ہونا تھی پھر لوگ یہ کہتے کہ وزیر اعظم شہباز شریف تو چپ ہیں وہ تو سامنے ہی نہیں آرہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میاں نواز شریف خاموش پھر بھی نہیں تھے انہوں نے پیچھے رہتے ہوئے وفاق اور حکومت پنجاب کی رہنمائی کی اور مشورے دیئے۔

    وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ دنیا نے تنقید تو ہر صورت میں کرنا ہوتی ہے، بہرحال نواز شریف کی اس حکمت عملی نے اچھا تاثر چھوڑا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ جنگ بندی برقرار رہنی چاہیے اور عالمی برادری کو بھارت پر دباؤ رکھنا چاہیے، مودی کا جیسا ماضی ہے ہمیں زیادہ توقعات بھی نہیں، ہمیں تیاری رکھنی چاہیے، جنگ بندی کرانے والوں پر ذمہ داری ہے کہ بھارت پردباؤ برقرار رکھے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر دوبارہ بھارتی جارحیت ہوتی ہے تو پاکستان پھر سے بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا، پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں، بھارت نے جعلی خبریں پھیلائی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ بھارت نے پہلے بھی جارحیت کی اور عالمی سطح پر پروپیگنڈا کیا، اس مرتبہ بھارتی جارحیت کو عالمی سطح پر ناپسند کیا گیا ہے، پاکستان کو سفارتی سطح پر بھارت پر واضح کامیابی رہی ہے۔

  • جے شاہ نے بھارتی افواج کے بارے میں بیان کیوں دیا؟ آسٹریلوی صحافی برس پڑے

    جے شاہ نے بھارتی افواج کے بارے میں بیان کیوں دیا؟ آسٹریلوی صحافی برس پڑے

    آئی سی سی کے صدر جے شاہ کی جانب سے بھارتی فوج کے حق میں کی گئی پوسٹ پر آسٹریلوی صحافی نے سوال اٹھا دیے۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے چیئرمین جے شاہ نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا پر بھارتی فوج کے حق میں پوسٹ کیا جس میں انہوں نے بھارتی فوج کو اپنا فخر قرار دیا تھا۔

    جے شاہ کی اس پوسٹ کے بعد کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کی غیرجانبداری پر سوالات اٹھ گئے،  آسٹریلیا کے صحافی میلکم کون جےشاہ پر برس پڑے۔

    آسٹریلوی صحافی نے کہا کہ آئی سی سی کے بھارتی صدر جے شاہ نے افواج کے بارے میں بیان کیوں دیا،  آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ نے فلسطین میں امن پر ٹوئٹ کیا تو اسے معطل کردیا گیا تھا، کھلاڑی کو سزا اور چیئرمین کو کھلی چھوٹ، یہ منافقت ہے۔

    واضح رہے کہ جے شاہ کی پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے ان پر خوب تنقید کی گئی، جس کے بعد آئی سی سی کے صدر  نے پوسٹ کو حذف کر دیا لیکن سوشل میڈیا پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

    تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ جے شاہ کے اس اقدام سے یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے جیسے آئی سی سی درحقیقت "انٹرنیشنل” کے بجائے "انڈین” کرکٹ کونسل بن گئی ہے۔

    پاک بھارت کشیدگی – مئی 2025

  • پاک بھارت کشیدگی کے دوران نائب افغان وزیر داخلہ کے خفیہ دورہ بھارت کا انکشاف

    پاک بھارت کشیدگی کے دوران نائب افغان وزیر داخلہ کے خفیہ دورہ بھارت کا انکشاف

    افغانستان طالبان حکومت کے نائب وزیر داخلہ ابراہیم صدر نے پاکستان اور بھارت کے ایک دوسرے پر حملوں اور کشیدگی کے دوران ’خفیہ طور پر‘ بھارت کا دورہ کیا۔

    بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد نائب افغان وزیرداخلہ ابراہیم صدر خفیہ دورے پر بھارت گئے تھے، ملا ابراہیم صدر کے خفیہ دورے کے وقت پاک بھارت کشیدگی عروج پر تھی۔

    بی بی سی پشتو کے مطابق نائب افغان وزیرداخلہ نے خفیہ دورے میں بھارتی حکام سےملاقات بھی کی، ملا ابراہیم کو طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ کا قریب سمجھا جاتا ہے۔

    دوسری جانب گزشتہ روز بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر نے طالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی، جے شنکر نے کہا افغان وزیرخارجہ کے ساتھ اچھی بات چیت ہوئی۔

  • بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کیلئے اوچھے ہتکھنڈے استعمال کرنا شروع کردیے

    بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کیلئے اوچھے ہتکھنڈے استعمال کرنا شروع کردیے

    بھارت باز نہ آیا اب پاکستان کا پانی روکنے کیلئے اوچھے ہتکھنڈے استعمال کرنے شروع کردیے۔

    رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت پاکستان کے پانی کا بہاؤ روکنے کیلئے نئے منصوبوں پر کام کررہا ہے، پاکستان کے لیے مختص دریائے چناب پر نہر کی توسیع کے منصوبے پر غور کر رہا ہے۔

    رائٹرز کے مطابق ان منصوبوں میں سے ایک چناب پر رنبیر نہر کی لمبائی کو ایک سو بیس کلومیٹر تک دوگنا کرنا شامل ہے، جو بھارت سے ہوتی ہوئی پاکستان کے پنجاب کے زرعی پاور ہاؤس تک جاتی ہے۔

    رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یہ نہر سندھ طاس معاہدہ ہونے سے بہت پہلے تعمیر کی گئی تھی تاہم اب نریندر مودی کے احکامات پر ان منصوبے پر تیزی سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی کا آغاز کیا تھا جس کے بعد دونوں میں ملکوں میں سرد مہری کا شکار تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔

    بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانی سفارتی عملے کو محدود کردیا تھا جبکہ بھارت میں موجود پاکستانی کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے علاج کی غرض سے جانے والے بچوں سمیت تمام پاکستانیوں کو وطن واپس بھیج دیا تھا۔

    پاک بھارت کشیدگی – مئی 2025

    جواب میں پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی غیرقانونی معطلی کو اعلان جنگ قرار دیتے ہوئے بھارتی سفارتی عملے کو محدود کرنے کے ساتھ سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتیوں کے ویزے منسوخ کردیے تھے، جبکہ بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارت منسوخ کرتے ہوئے بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کردی تھی۔

  • پاکستان کی حمایت کرنے پر بھارت نے ترک کمپنی کو اپنے ایئرپورٹس پر کام سے روک دیا

    پاکستان کی حمایت کرنے پر بھارت نے ترک کمپنی کو اپنے ایئرپورٹس پر کام سے روک دیا

    پاکستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران ترکیہ کی جانب سے اسلام آباد کی مکمل حامیت کے اعلان کے بعد بھارت نے ترک کمپنی کو اپنے ایئرپورٹس پر کام کرنے سے روک دیا۔

    بلومبرگ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق بھارت کی سول ایوی ایشن سکیورٹی ایجنسی نے اپنے 9 ایئرپورٹس پر کام کرنے والی ترک کمپنی (Celebi Hava Servisi AS) کیلیے سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی۔

    وزارت ایوی ایشن نے اپنے بیان میں بتایا کہ مذکورہ فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگیا ہے، فیصلہ قومی سلامتی کو مد نظر رکھتے ہوئے لیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ترکیہ کی جیولری کیخلاف بائیکاٹ مہم شروع

    فیصلے کے چند گھنٹوں بعد دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ اور ممبئی اور احمد آباد کے ایئرپورٹس کے آپریٹر نے اپنے الگ الگ بیان میں کہا کہ ترکیہ کے گراؤنڈ ہینڈلنگ خدمات فراہم کرنے والے ادارے کے ساتھ معاہدے ختم کر دیے ہیں۔

    ترک کمپنی Celebi Hava Servisi AS نے بھارت کے 9 ایئرپورٹس پر خدمات انجام دیں جس میں دارالحکومت نئی دہلی میں گیٹ وے کی سہولیات اور ممبئی کا تجارتی مرکز بھی شامل ہے۔

    مذکورہ فیصلہ ترکیہ کی جانب سے 6 مئی 2025 کو پاکستان پر بھارت کے حملے پر تنقید کے بعد سامنے آیا۔ ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور انقرہ اکثر مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر اسلام آباد کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔

    ترک کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ان بے بنیاد الزامات کو واضح کرنے اور مسلط کردہ احکامات کو واپس لینے کیلیے تمام انتظامی اور قانونی راستے اختیار کرے گی۔

  • ’حالیہ کشمکش میں نواز شریف اور افغانستان کی خاموشی معمہ ہے‘

    ’حالیہ کشمکش میں نواز شریف اور افغانستان کی خاموشی معمہ ہے‘

    لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ حالیہ کشمکش میں نواز شریف اور افغانستان کی خاموشی معمہ ہے۔

    لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور ایران بااعتماد دوست بن رہے ہیں لہٰذا افغانستان کو بھی اس میں حصہ بننا ہوگا، سیاسی بحران پھر ہرا بھرا ہو رہا ہے اس کا سیاسی حل تلاش کر لیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور پانی کا مسئلہ حل نہ ہونے تک خطرات منڈلاتے رہیں گے، کسان کو تباہی سے نکالنے کیلیے نمائشی نہیں مستقل اقدامات کیے جائیں۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت کے خلاف تمام آپریشن نواز شریف کی زیر نگرانی ڈیزائن ہوا

    یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران مکمل خاموشی اختیار کر رکھی اور جنگ بندی پر پہلا بیان جاری کیا تھا۔

    نواز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنا دفاع کرنا بھی جانتا ہے، اللہ رب العزت کا شکر ہے کہ اس نے پاکستان کو سربلند کیا، وزیر اعطم، آرمی چیف اور ایئر چیف مارشل کو شاباش اور مبارکباد دیتا ہوں۔

    بعدازاں وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی کا کریڈٹ نواز شریف کو دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف تمام آپریشن ان کی زیر نگرانی ڈیزائن ہوا، وہ تمام وقت وزیر اعظم کے ساتھ مشاورت میں موجود تھے۔

    عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ نواز شریف کے کام بولتے ہیں انہوں نے ہی ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، بھارت نے ابھی ہمارا ٹریلر دیکھا ہے فلم باقی ہے۔

  • بھارت میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر تبصرہ کرنے پر مسلمان رکن اسمبلی دوبارہ گرفتار

    بھارت میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر تبصرہ کرنے پر مسلمان رکن اسمبلی دوبارہ گرفتار

    بھارتی ریاست آسام میں پولیس نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر تبصرہ کرنے کے جرم میں مسلمان رکن اسمبلی امین الاسلام کو دوبارہ گرفتار کر لیا۔

    انڈین میڈیا کے مطابق امین الاسلام کا تعلق آسام کی سیاسی جماعت آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ سے ہے اور وہ ڈھنگ حلقے سے تین بار رکن اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔

    25 اپریل 2025 کو امین الاسلام کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر مودی سرکار کو آئینہ دکھانے پر گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں گزشتہ روز ضمانت پر رہائی ملی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: پہلگام واقعے پر کوئی بھی سوال اٹھائے گا تو اسے گرفتار کرلیا جائیگا، وزیر اعلیٰ آسام

    تاہم حکومت نے ان پر قومی سلامتی ایکٹ (این ایس اے) لگا کر انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ایم ایل اے امین الاسلام کو این ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام نے مزید تفصیلات دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ ابھی زیرِ تفتیش ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل امین الاسلام کو پولیس نے ان کے خلاف بھارتیہ نیا سنہتا کی دفعہ 152، 196، 197 (1)، 113 (3)، 352 اور 353 کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔

    آسام کے وزیر اعلیٰہمنتا بسوا سرما نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا تھا کہ جو لوگ پہلگام حملے کا جواز پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہ آزادی اظہار کا استعمال نہیں کر رہے ہیں بلکہ وہ بھارت کے خلاف کھڑے ہیں۔

  • لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں یوم تشکر پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب

    لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں یوم تشکر پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب

    لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی (ایل سی ڈبلیو یو) میں یوم تشکر کی مناسبت سے پرچم کشائی کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    پرچم کشائی کی پروقار تقریب آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور افواجِ پاکستان کی بہادری کے اعتراف میں منعقد کی گئی۔ ائیر وائس مارشل (ر) ساجد حبیب تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قوم کے جذبے کو سراہا۔

    یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق میں تاریخی فتح، آج ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے

    وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے پرچم کشائی کی تقریب کا آغاز کیا۔ طلبہ، اساتذہ اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

    اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کی تاریخی فتح پر شکر گزار ہے۔

    تقریب میں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے، شرکاء نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، تقریب کا اختتام ملک و قوم کے اتحاد، استحکام اور خطے میں امن کی دعاؤں سے ہوا۔

    معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یوم تشکر منایا جا رہا ہے، افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، دن کا آغاز ملکی سلامتی اور امن واستحکام کیلئے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے نعرہ تکبیر بلند کیا گیا اور جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

  • بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد 2 ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا: عاصم افتخار

    بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد 2 ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا: عاصم افتخار

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ بارہا مطالبات کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں لاپتا افراد کا مسئلہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

    سلامتی کونسل میں بریفنگ دیتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جبری گمشدگیاں آٹھ دہائیوں پر محیط ہیں، جو مسئلہ کشمیر کی تلخ حقیقت ہے، لاپتا افراد صرف اعدادوشمار نہیں ہیں، یہ وہ والدین ہیں جو کبھی واپس نہ آئے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں نامعلوم اور بےشناخت قبریں سامنے آئیں، بھارتی فوج کشمیریوں کو اغوا کرکے قتل کرتی ہے، پہلگام واقعے کے بعد بھارت اب تک 2000 سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کرچکا ہے۔

    عاصم افتخار نے مزید کہا کہ تنازعات کی روک تھام اور پرامن تصفیہ کیلئے مقبوضہ کشمیر میں تمام اجتماعی قبروں کی آزاد اور غیرجانبدار تحقیقات کو یقینی بنایا جائے۔

    اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار نےغزہ میں جاری انسانی سانحےکا بھی ذکر کیا انہوں نے کہا کہ مسلح تنازعات کس طرح لاپتا افراد اور ان کے خاندانوں پر تباہ کن اثرات ڈالتے ہیں۔

    عاصم افتخار نے مزید کہا کہ اکتوبر2023 سے اب تک 14,000 سے زائد فلسطینی لاپتا ہیں، جن میں سے اکثر فلسطینی تباہ شدہ گھروں کے ملبے تلے دفن ہیں۔