Tag: pairs

  • دنیا کی دوسری بڑی فوڈ مارکیٹ میں آگ، فٹبال گراؤنڈ جتنا بڑا اسٹوریج راکھ

    دنیا کی دوسری بڑی فوڈ مارکیٹ میں آگ، فٹبال گراؤنڈ جتنا بڑا اسٹوریج راکھ

    پیرس: فرانس میں دنیا کی دوسری بڑی فوڈ مارکیٹ میں آتش زدگی سے فٹبال گراؤنڈ جتنا بڑا فوڈ اسٹوریج جل کر راکھ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں دنیا کی دوسری بڑی فوڈ مارکیٹ میں خوف ناک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں فٹ بال گراؤنڈ جتنا بڑا فوڈ اسٹوریج سینٹرمکمل طور پر جل گیا۔

    سینکڑوں فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، آگ بجھانے کی کارروائی میں ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا۔

    آگ اتنی خوف ناک تھی کہ اس کا دھواں پیرس شہر کی فضا پر چھا گیا تھا، اس حادثے میں کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا، تاہم 7 ہزار مربع میٹر پر محیط گودام تباہ ہو گیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    حکام کے مطابق پیرس کی اس مارکیٹ سے بیش تر یورپی ممالک کو پھل، سبزیاں اور دیگر کھانے پینے کی اشیا سپلائی ہوتی ہیں۔

    یہ وسیع و عریض ہول سیل مارکیٹ خود اپنے آپ میں ایک شہر کی طرح ہے، جہاں 12 ہزار سے زیادہ لوگ کام کرتے ہیں اور جہاں فرانس اور دنیا بھر کے پھلوں اور سبزیوں، سمندری غذا، گوشت، دودھ کی مصنوعات اور پھولوں سے بھرے گودام ہیں۔

  • سعودی شہزادے کا دورہ فرانس، 18 ارب ڈالر کے معاہدے طے پاگئے

    سعودی شہزادے کا دورہ فرانس، 18 ارب ڈالر کے معاہدے طے پاگئے

    پیرس: سعودی شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ فرانس اہم ثابت ہوا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان اٹھارہ ارب ڈالر کے معاہدے طے پاگئے۔

    تفصیلات کے مطابق محمد بن سلمان تین روزہ سرکاری دورے پر فرانس کے دار الحکومت پیرس میں موجود ہیں اور فرانسیسی وزیر اعظم سمیت اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات بھی کر چکے ہیں، جس کے بعد سعودی عرب اور فرانس کے درمیان 18 ارب ڈالر کے معاہدے سامنے آئیں۔

    عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور فرانس کی حکومتوں کے مابین اٹھارہ ارب ڈالر کے بیس اقتصادی معاہدے طے پا گئے ہیں تاہم ابتدائی طور پر ان معاہدوں کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں لیکن اس سے پہلے سعودی حکومت نے معاہدے سے متعلق عندیہ دیا تھا۔

    سعودی شہزادہ کی فرانسیسی وزیر اعظم سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    امریکا میں کامیاب دورے کے تسلسل کر برقرار رکھتے ہوئے سعودی شہزادے نے فرانس کا دورہ کیا اور دار الحکومت پیرس میں ہی لبنان کے وزیر اعظم اور مراکش کے شاہ محمد سے ایک مشترکہ ہنگامی ملاقات بھی کی۔

    یاد رہے کہ ولی عہد فرانس حکومت کی دعوت پر پیرس پہنچے ہیں ان کے وفد کے ہمراہ وزیر خارجہ عادل الجبیر، وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ، وزیر تجارت وسرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر توانائی وصنعت انجینئر خالد الفالح، وزیر خزانہ محمد الجدعان، وزیر ثقافت واطلاعات ڈاکٹر عواد العواد سمیت اعلیٰ افسران شامل ہیں۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے سعودی ولی عہد کے ساتھ اپنی دوستی کو عظیم قرار دے دیا

    دوسری جانب دورے سے متعلق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس دورے میں توجہ کا مرکز دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی معاملات ہوں گے جبکہ سعودی عرب اور فرانس ایک دوسرے کے ساتھ شراکت کو مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے دریچوں کے کھولے جانے کے واسطے مشترکہ پالیسی کی خواہش رکھتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔