Tag: Pak Army relief work

  • پاک فوج زلزلہ زدگان کی مدد میں پیش پیش

    پاک فوج زلزلہ زدگان کی مدد میں پیش پیش

    راولپنڈی : پاک فوج زلزلہ زدگان کی مدد میں پیش پیش ہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے متاثرین کی مدد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے.

    پیر کو زلزلے کے شدید جھٹکوں نے پاکستان کے شمالی علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا، مصیبت اور مشکل کی اس گھڑی مِیں پاک فوج کی متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں.

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پینتالیس میں سے ستائیس لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ سڑکیں بحال کر دی گئیں ہیں، آرمی کی ریسکیو ٹیمیں گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں پہنچ گئیں، سی ون تھرٹی طیارہ راشن اور امدادی سامان لیکر چترال پہنچ گیا، متاثرین کے لیے سامان میں پچیس سو خوراک کے پیکٹ ، ایک ہزار کمبل اور خیمے شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بیس ٹن راشن، ایک ہزار خیمے ، پانچ سو کمبل اور دس ہزار تیار خوراک بذریعے زمینی راستے دیر پہنچائی جارہی ہے، بہتر طبی امداد کیلئے تمام متاثرہ علاقوں کے سی ایم ایچ کی گنجائش تیس فیصد بڑھا دی گئی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے، فضائی جائزہ لینے کےلیے ڈرون اور ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے جارہے ہیں ۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی کہ زلزلے سے متاثرہ ہر پسماندہ علاقے تک پہنچا جائے اور ہر خاندان و فرد کو ریلیف فراہم کیا جائے.

  • چترال:پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری،سیلاب میں پھنسے 60افراد محفوظ مقام پرمنتقل

    چترال:پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری،سیلاب میں پھنسے 60افراد محفوظ مقام پرمنتقل

    چترال : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پرچترال کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کا امدادی کام جاری ہے، سیلاب میں پھنسے ساٹھ افراد کو محفوظ مقام پرمنتقل کردیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق چترال کے سیلاب سے متاثرعلاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری ہے، کراغ اور بونی میں پھنسے ساٹھ افراد کو آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقام پرمنتقل کردیا گیا، ان میں سیاح، بیمار اور بزرگ شامل ہیں۔

    سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور متاثرہ علاقوں میں آرمی کے ہیلی کاپٹرز مسلسل پرواز کر رہے ہیں، چترال میں سیلابی ریلوں سے درجنوں گاؤں ملیا میٹ ہوگئے ہیں اور پانچ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    مون سون بارشوں کےبعد چترال کو سیلابی پانی نے چاروں سے گھیرے میں لیا ہوا ہے، سیلاب کی منہ زورموجوں نےگرم چشمہ، کیلاش، بمبورت، رمبور،حسن آباد اور مستونج سمیت دیگرعلاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، اب تک تین درجن سے زائدپُل،متعددرابطہ سڑکیں اور کئی مکانات سلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق چترال کے چھبیس سے زائد دیہات میں تیار فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

  • گوجرانوالہ:سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

    گوجرانوالہ:سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

    گوجرانوالہ:  گوجرانوالہ ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک آرمی کا ریلیف آپریشن آج چوتھے روز بھی جاری ہے اور پاک آرمی کی ٹیموں نے 11 ہزار 283 افراد کو کشتیوں کے ذریعے جبکہ 771 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔

    کورکمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل سلیم نواز نے ہیڈ قادر آباد کے سیلابی پانی میں گھرے علاقوں جلالپور، بھٹیاں اور پنڈی بھٹیاں کا فضائی دورہ کیا۔ ان علاقوں میں آج پاک آرمی کے 4 ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن کررہے ہیں جبکہ 300 کشتیوں کو بھی استعمال کیا جارہا ہے۔

    جن علاقوں میں پانی نہیں اتر سکا، وہاں گوجرانوالہ کور ہیڈ کوارٹر سے اضافی نفری بھجوائی جارہی ہے تاکہ لوگوں کے جان و مال کو محفوظ بنایا جاسکے۔

    کورکمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل سلیم نواز نے کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پاک فوج اپنی قوم کے شانہ بشانہ ہے، سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کی جانوں کو بچانے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام کوششیں کی جائیں، یاد رہے کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں آرمی کے 54 ریلیف کیمپ اور 73 ہیلتھ کیمپ کام کررہے ہیں۔

    چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر تے ہوئے تمام محکموں خصوصاً صحت، آبپاشی، مواصلات و تعمیرات کو ریلیف کاموں کیلئے جامع اور مربوط کوششیں کرنے کی ہدایت کی ہیں اور ساتھ ہی گریڈ انیس کے افسر کو چوبیس گھنٹے ایمرجنسی ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا۔

    حویلی لکھا میں پاکپتن کینال کے تیس فٹ چوڑے شگاف کو پُر کرنے کیلئے محکمہ انہار نے کارروائیاں تیز کردیں ہیں، دو روز قبل فصلیں بچانے کیلئے نہر کے بند کو توڑ دیا گیا تھا، ساہیوال میں سیلابی علاقے میں ضلعی انتظامیہ نے ریلیف کیمپ قائم کردیا ہے۔

    کندھکوٹ اور کشمور کے کچے کے علاقے میں محکمہ آبپاشی کے ملازمین کو چوبیس گھنٹے میں متاثرہ بندوں کا کام مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

    ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل طاہر جاوید نے سیالکوٹ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اورمتاثرین میں اشیائے خوردونوش اور ادویات کی فراہم کی گئیں۔

    ادھر پاک بھارت سرحد کے قریب فلڈ ریلیف اور میڈیکل کیمپ قائم کئے جارہے ہیں، چیف ریلیف کمشنر پنجاب ندیم اشرف کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کیلئے 126ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں،  ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو پکا ہوا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ 18اضلاع کے متاثرین میں 23700خیمے، 4636منرل واٹر کی بوتلیں اور 36500فوڈ ہیمپرز فراہم کر دیئے ہیں۔