Tag: pak army soldier

  • بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ  ، پاک فوج کے جوان سمیت 2 شہری شہید

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ ، پاک فوج کے جوان سمیت 2 شہری شہید

    راولپنڈی : بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پر سیزفائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیلراور رکھ چکری سیکٹرزپربلااشتعال فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں لانس نائیک سمیت خاتون اوربچی شہیدہوگئی، پاک فوج کی جوابی کارروائی بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کاسلسلہ جاری ہے، تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ بھارتی فوج نے رات کے اندھیرے میں کیلر اور رکھ چکری سیکٹرز  پر بلااشتعال فائرنگ کی اور پاک فوج کی چوکیوں کونشانہ بنایا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کوبھاری جانی نقصان ہواہے جبکہ فائرنگ کےتبادلےمیں 34 سالہ لانس نائیک علی باز شہید ہوگیا،جس کاتعلق کرک سے تھا۔

    ترجمان کے مطابق بھارتی فوج کی شہری آبادی پر فائرنگ سے 16 سالہ لڑکی اور 52 سالہ خاتون بھی شہید جبکہ 10سالہ بچہ اور 55 سالہ خاتون زخمی ہوئی ہیں۔

    گذشتہ روز لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان نے سینئربھارتی سفارت کار کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

    یاد رہے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بھارتی فوج کی ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی فوج کی جندروٹ، کھوئی رٹہ سیکٹر کی شہری آبادی پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 36 سالہ یاسمین بی بی شہید اور 8 سالہ عطیہ ظہیر زخمی ہوگئی۔

    ڈی جی آئی ایس پی کا کہنا تھا کہ مودی کو اقتدار ملنے سے ہندو توا، سیفران دہشتگردی بھارت میں انتہا پر پہنچ گئی ہے، مودی نے آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریے، تشدد کی پالیسی کو سرحد پار تک پھیلا دیا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا بھارتی ٹریک ریکارڈ بدتر ہوتا جارہا ہے، 2015 میں بھارت نے جنگ بندی کی 248 خلاف ورزیاں کیں اور 39 شہریوں کو شہید جبکہ 152 کو زخمی کیا۔

    میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 2016 میں 382 خلاف ورزیو کی صورت میں 46 پاکستانی شہری شہید، 150 زخمی ہوئے جبکہ 2017 میں 1881 مرتبہ بھارتی فوجیوں نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور 53 افراد کو شہید جبکہ 256 کو زخمی کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر 2018 میں سیز فائر کی خلاف ورزیاں 3038 تک پہنچ گئیں اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی بھارتی روش 58 جانیں لے گئی۔

    میجر جنرل افتخار نے کہا تھا کہ 2018 میں ایل او سی کے قریب رہنے والے 319 افراد زخمی بھی ہوئے، گزشتہ 6 سال میں 2019 میں زیادہ 3351 مرتبہ بھارت نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور 2019 میں بھارتی فائرنگ سے 52 افراد شہید، 261 زخمی ہوئے جبکہ 2020 میں بھی امن کے دشمن بھارت، مودی مذموم عزائم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

  • بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ ، سپاہی واجدعلی شہید

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ ، سپاہی واجدعلی شہید

    راولپنڈی : بھارتی فوج نےایل او سی کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے شاہ کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں 20سالہ سپاہی واجدعلی شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی لائن کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل اوسی کے شاہ کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، اس دوران بھاری ہتھیاروں کااستعمال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر نے کہا بھارتی فوج کی فائرنگ سے 20سالہ سپاہی واجدعلی شہید ہوگیا، ضلع دادو کے واجد علی نے بھارتی اشتعال انگیزی کا مردانہ وارجواب دیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھر پور جوابی کارروائی کی گئی ،جوابی کارروائی سے بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

    مزید پڑھیں : بھارتی فورسز کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی ہلاک

    یاد رہے گذشتہ ماہ بھارتی فوج نے جندروٹ، نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی ، بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 خواتین، 2 بچوں سمیت 10 شہری زخمی ہوئے تھے ۔

    پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور بھارتی فوج کے میجر سمیت 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔

    اس سے قبل 4 فروری کو بھارتی فورسز نے لیپا ویلی میں ایل او سی پر شہری آبادی کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا تھا،  جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور بچے سمیت 4 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی سینئر سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔

  • پاک فوج کے جوان غلام رسول کی نمازِ جنازہ ادا

    پاک فوج کے جوان غلام رسول کی نمازِ جنازہ ادا

    بہاولنگر: حاجی پیر سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان غلام رسول کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، نماز جنازہ میں فوجی اور سول افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان کی نماز جنازہ آبائی گاؤں باغبان پورہ میں ادا کی گئی، شہیدکوفوجی اعزاز کےساتھ آبائی قبرستان میں سپردِخاک کردیاگیا۔

    نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر ،ڈی پی او ،عسکری حکام اوراہل علاقہ نےکثیر تعدادمیں شرکت کی اور وطن کی حرمت پر جان نچھاور کرنے والے جوان کو الوداع کہا،شہید غلام رسول کے لواحقین میں والد،والدہ،اہلیہ اور 2بچےشامل ہیں۔

    شہیدحافظ قرآن تھے اور انہوں نے 9سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیارکی تھی۔ غلام رسول کے والد احمد دین نے اس غم کے موقع پر کمال حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ بیٹےکی شہادت پر فخر ہے، 2بیٹے اور ہیں انہیں بھی پاک فوج میں بھیج کرملک کےلیےقربان کرناچاہتاہوں۔

    بھارتی فوج نے جمعرات کو جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں سپاہی غلام رسول شہید ہوگئے تھے۔ اسی مقام پر گزشتہ روز بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے 33 سالہ حوالدار ناصر حسین بھی شہید ہوئے ۔

    گزشتہ روز ایک واقعہ شمالی وزیرستان میں بھی پیش آیا تھاجہاں پیٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ ہوئی، فائرنگ سے 23 سالہ سپاہی اختر حسین شہید ہوگیا۔سپاہی اختر حسین کا تعلق بلتستان سے تھا۔ واقعے میں جوابی فائرنگ سے 2 حملہ آور ہلاک ہوئے۔

    دوسرا واقعہ دیر میں ہوا جہاں سرحد پر باڑھ لگانے والوں پر افغانستان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، افغانستان کی جانب سے فائرنگ سے 3 جوان شہید ہوئے۔

    شہدا میں لانس نائیک سعید امین آفریدی، لانس نائیک محمد شعیب سواتی اور سپاہی کاشف علی شامل ہیں۔ 28 سال کے لانس نائیک سعید امین آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے تھا، 31سال کے لانس نائیک محمد شعیب کا تعلق ضلع مانسہرہ سے تھا جبکہ 22 سال کا سپاہی کاشف علی ضلع نوشہرہ کا رہائشی تھا۔