Tag: pak Army

  • پاک فوج نے پاک چائنہ کاریڈورکا پہلا حصہ مکمل کرلیا

    پاک فوج نے پاک چائنہ کاریڈورکا پہلا حصہ مکمل کرلیا

    راولپنڈی: فرنٹئیرورکس آرگنائزیشن نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پرگوادرکو ملک کے بیشترعلاقوں کے روڈ نیٹ ورک سے منسلک کردیا ہے۔

    آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گوادر کو ملک کے دیگرعلاقوں سے ملانے والا870 یہ کلومیٹر طویل روڈ نیٹ ورک پاکستان کے مستقبل کی اقتصادی شہ رگ پاک چائنہ اکانومک کارویڈورکا مغربی حصہ بن گیا ہے اوراس کی معاشی اوردفاعی اہمیت ایسے ہی ہے جیسا کہ قراقرم ہائی وے کی ہے۔

    اس منصوبے کی منظوری فروری 2014 میں دی گئی تھی جبکہ اس کی تعمیر مارچ 2014 میں شروع کی گئی۔ 870 کلومیٹرطویل اس منصوبے میں سے 502 کلومیٹر ڈیڑھ سال کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔

    اس روڈ کی مدد سے گوادر ملک کے مختلف اہم علاقوں سے منسلک ہوگیا ہے جیسے چمن سے این 25 ہائی وے کے ذریعے،ڈیرہ اسماعیل خان سے این 50 کے ذریعے، اور انڈس ہائی وے سے این 55 کے ذریعے رابطہ استوار کیا گیا ہے۔

    سب سے اہم بات یہ ہے کہ عالمی معیار کی اس سڑک کی روزانہ ڈیڑھ کلومیٹر تعمیر کی گئی جو کہ دنیا بھرمیں سڑکوں کی تعمیرات میں ایک ریکارڈ ہے۔

    اس منصوبے کی تکمیل میں امن و امان کی مخدوش صورتِ حال کے سبب شدت پسندوں سے ہونے والی 136 جھڑپوں میں کل 16افراد شہید ہوئے جن میں سے 6 کا تعلق پاک فوج سے ہے اور 10 عام شہری ہیں جبکہ 29 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

    اس سڑک کی تعمیر سے ملک میں اور بلوچستان میں بالخصوص ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا اور عوام کو راحت ملے گی۔

  • پاک فوج نے سرحد کے اندر آنے والا بھارتی ڈرون مار گرایا

    پاک فوج نے سرحد کے اندر آنے والا بھارتی ڈرون مار گرایا

    اسلام آباد: پاک فوج نے لائن آف کنٹرل کے ساتھ پاکستانی سرحد میں آنے والے بھارتی ڈرون طیارے کو مارگیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جاسوس ڈرون‘ طیارہ پاکستانی سرحد کے اندر تصاویر لے رہا تھا۔

    واضح رہے کہ حالیہ دنوں پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کی ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات ہوئی جسے تجزیہ نگاروں نے سرد مہری کے خاتمے کا آغاز قراردیا تھا۔

    بھارتی وزیراعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب کی جانب سے دی جانے والی دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کرلی تھی۔

  • پاک فوج نے امریکی کوہ پیما کی جان بچالی

    پاک فوج نے امریکی کوہ پیما کی جان بچالی

    راولپنڈی: پاک فوج نے کے ٹو سر کرنے آئے امریکی کوہ پیما کی جان بچا کراسکردو منتقل کردیا۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان فوج نے ہیلی کاپٹرز کے ذریعےایک امریکی کوہ پیما رابرٹ جیکسن کو کے ٹو بیس کیمپ کے نزدیک بچایا۔

    رابرٹ جیکسن 27 ممبران پر مشتمل مہم کا حصہ تھے جو کہ 16 جون کو کے ٹو سرکرنے پاکستان آئی تھی۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ رابرٹ جیکسن کے ٹو کی جانب جاتے ہوئے یک دم بلندی کے خوف میں مبتلا ہوگئے اور مزید آگے جانےیا واپس آنے کے قابل نہیں رہے۔ اس صورتحال میں پاک فوج نے اپنے ایوی ایشن ہیلی کاپٹر استعمال کرتے ہوئے انہیں کے ٹو بیس کیمپ کے علاقے سے نکالا اور اسکردو منتقل کردیا۔

  • گوجرانوالہ: چھناواں ٹرین حادثہ، ریسکیوآپریشن تیسرے روز بھی جاری

    گوجرانوالہ: چھناواں ٹرین حادثہ، ریسکیوآپریشن تیسرے روز بھی جاری

    گوجرانوالہ : چھناواں ٹرین حادثے کے بعد امدادی کام اب بھی جاری ہیں، نہر میں گرنے والی دوبوگیوں کو نکال لیا گیا ہے، ٹرین حادثے میں اٹھارہ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    چھناواں ٹرین حادثہ میں ریسکیوآپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے، پاک فوج اور ریسکیو اہلکار امدادی کاموں میں مصروف ہیں، پاک فوج اور ریسکیواہلکار ٹرین کی بوگیوں اور انجن کو بڑی کرینوں کی مدد سے نہر سے نکالنے کے لیے اپریشن کر رہے ہیں، گذشتہ روز تمام لاشوں کو نہر سے نکال لیا گیا تھا، نہر میں گرنے والی دو بوگیوں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ انجن اور ایک بوگی کو نکالنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔

    دوسری طرف محکمہ ریلوے کے ملازمین نے ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام بھی شروع کردیا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ٹرین حادثہ میں زخمیوں سے سی ایم ایچ گوجرانوالہ سرجیکل وارڈ میں ملاقات کی، شہباز شریف کو ٹرین حادثہ کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل غیور محمود بھی موجود تھے۔

    یاد رہے کہ جمعرات کو پنوعاقل سے کھاریاں جانے والی ٹرین گوجرانوالہ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی تھی، ٹرین میں پاک فوج کے دو سوجوان سوار تھے۔

  • پاکستان دہشت گردی پرقابو پانے والے ممالک میں سرفہرست ہے

    پاکستان دہشت گردی پرقابو پانے والے ممالک میں سرفہرست ہے

    واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دہشت گردی کےحوالےسےمرتب کردہ رپورٹ میں دہشت گردوں کےخلاف پاک فوج کی کامیابیوں کااعتراف کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی سال 2014 میں دہشت گردی کےحوالے سے رپورٹ میں آپریشن ضربِ عضب کی کامیابیوں کابھی اعتراف کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی شرح میں نمایاں کمی والےممالک میں سرفہرست ہے، پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیازکارروائی کررہی ہے۔

    رپورٹ میں کالعدم تنظیموں کے خلاف پاکستان کےاقدامات کی تعریف کی گئی ہے، رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی جانب سے ہونے والے حملوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    واضح رہے کہ حکومت اور افواجِ پاکستان نے گزشتہ سال جون کے وسط میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضربِ عضب کا آغاز کیا تھا جس میں فوج نے بڑی کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے کئی علاقے واگزار کرالئے ہیں۔

  • آرمی چیف راحیل شریف کوئٹہ پہنچ گئے

    آرمی چیف راحیل شریف کوئٹہ پہنچ گئے

    کوئٹہ: آرمی چیف جنرل راحیل شریف مختصردورے پربلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے چیف راحیل شریف آج بروزجمعرات ایک روزہ دورے پرکوئٹہ پہنچے ہیں۔

    آرمی چیف دورے کے دوران اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔

    دورے کے دوران جنرل راحیل شریف اسٹاف کالج میں فوجی افسران سے خطاب بھی کریں گے۔

    آرمی چیف کے دورے کے موقع پرشہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

  • وزیرستان اور خیبرایجنسی میں کارروائی 44 دہشت گرد ہلاک

    وزیرستان اور خیبرایجنسی میں کارروائی 44 دہشت گرد ہلاک

    خیبرایجنسی : وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی کے دوران چوالیس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کےمطابق خیبرایجنسی کی وادی تیراہ میں فضائی کارروائی کے دوران اٹھائیس دہشت گردہلاک اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دئے گئے ۔

    دتہ خیل میں فضائی آپریشن میں میں سولہ غیرملکی دہشت گردہلاک ہوئے شمالی وزیرستان کےمغربی علاقوں سوئی خیل منڈی اور وانا میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں آٹھ دہشت گرد ہلا ک ہو ئے تھے۔

    سیکیورٹی ذرائع کےمطابق خیبرایجنسی کی وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی بمباری سے  ان کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔

    پاک فوج نے خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبر ٹو میں تیزی لاتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

      یاد رہے کہ دسمبر2014 کو پشاور میں آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کے حملے میں 133 سے زائد بچوں سمیت 150 افراد کی ہلاکت کے بعد شدت پسندوں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔

  • خیبرایجنسی: وادی تیراہ میں فضائی کارروائی، 12دہشت گردہلاک

    خیبرایجنسی: وادی تیراہ میں فضائی کارروائی، 12دہشت گردہلاک

    خیبرایجنسی: آپریشن خیبر ٹو کامیابی سے جاری ہے، سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں بارہ دہشت گرد مارے گئے۔

    سیکیورٹی ذرائع کےمطابق خیبرایجنسی کی وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی بمباری سے بارہ دہشت گرد ہلاک اور سات زخمی ہوئے جبکہ ان کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔

    پاک فوج نے خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبر ٹو میں تیزی لاتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

    گذشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں کارروائی کےدوران انتالیس دہشتگرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کےایک کیپٹن سمیت پانچ جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پاک فوج نے جون 2014 میں ملک کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب شروع کیا تھا جبکہ اکتوبر 2014 میں خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبر ون اور مارچ 2015 میں آپریشن خیبر ٹو شروع کیا گیا۔

    یاد رہے کہ دسمبر2014 کو پشاور میں آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کے حملے میں 133 سے زائد بچوں سمیت 150 افراد کی ہلاکت کے بعد شدت پسندوں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔

  • الطاف حسین کارکنوں کو اسلحہ اٹھانے پر اکساتے ہیں، عمران خان

    الطاف حسین کارکنوں کو اسلحہ اٹھانے پر اکساتے ہیں، عمران خان

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الطاف حسین کے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے خلاف نفرت انگیز بیان پرحکومت کی خاموشی قابل قبول نہیں۔

    کپتان ایم کیو ایم کے قائد  الطاف حسین کے بیان پر خوب گرجے اور برسے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ برطانوی شہری کی نفرت انگیز تقاریر سے پیمرا قوانین کی دھجیاں اڑا ئی جارہی ہیں ۔

    انہوں نے سوال کیا کہ حکومت کے بجائے آئی ایس پی آر کو کیوں بیان جاری کرنا پڑا؟ ریاستی اداروں کا دفاع حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کارکنوں کو اسلحہ اٹھانے پر اکساتے رہے ہیں۔ کپتان نے وزیر اعظم کوبھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان کو اپنے ملک کے بجائے دوسرے ملکوں کی سیکیورٹی پر زیادہ تشویش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں اتفاق کیا گیا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    عمران خان نے کہا کہ حکومت راؤ انوار کی پریس کانفرنس پر خاموش کیوں ہےان کے ثبوتوں پر اب تک کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔

  • الطاف حسین نے قومی سلامتی کے اداروں سے معافی مانگ لی

    الطاف حسین نے قومی سلامتی کے اداروں سے معافی مانگ لی

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ میری گزشتہ رات کی تقریر کوسیاق وسباق سے ہٹ کر پڑھا گیا ہے ، میں نے ”را“ سے مدد کی بات صرف اورصرف طنزیہ طورپر کہی تھی تاہم اگرمیرے ان جملوں سے قومی سلامتی کے اداروں اور محب وطن افراد کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں ان سب سے خلوص دل کے ساتھ معافی کا طلبگار ہوں۔

    پاکستان ہمارا وطن تھا ، ہمارا وطن ہے اور ہمارا وطن رہے گا ۔میں یہ بھی واضح کردوں کہ مہاجروں کی پاکستان کے سوا کسی اور سے کوئی وابستگی نہیں، ہمارا جینا مرنا پاکستان سے وابستہ ہے ۔

    اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ میرا مقصد کسی محترم ادارے یا حکومت کی توہین کرنا ہرگز نہ تھا لیکن میری تقریر کو پوری طرح نہیں سمجھا گیا اور اس کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پڑھا گیا ہے ۔

    انہوں نے کہاکہ ہمارے بزرگوں نے قیام پاکستان کیلئے 20 ، لاکھ جانوں کا نذرانہ پیش کیا اورہم بانیان پاکستان کی اولادیں ہیں۔ مہاجروں کی مشکلات ، دشواریاں ، پریشانیاں اوران کے ساتھ روا رکھی جانے والی ناانصافیاں اپنی جگہ لیکن ہم اپنے وطن پاکستان کے کل بھی وفادار تھے اور آج بھی وفادار ہیں ۔

    انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف لڑی جانے والی جنگ ”ضرب عضب “ کی حمایت میں سب سے بڑی ریلی ایم کیوایم نے نکالی تھی اور میں نے لاکھوں عوام کے ساتھ کھڑے ہوکر پاک فوج کو سیلوٹ پیش کیا،میں پاک فوج کاکل بھی احترام کرتا تھا اورآج بھی احترام کرتا ہوں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ باربار ٹیلی ویژن پر گرفتارشدگان کو لاکر ان کا تعلق ”را“ سے جوڑ کر اس کا الزام ایم کیوایم پر لگایاجائے گا تو باربار ملک دشمنی کے الزامات سن کر ایک انسان کا دکھی اوررنجیدہ ہونا فطری عمل ہے ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ ذرائع ابلاغ پر میرے اس جملے پر بہت زیادہ اعتراض کیا جارہا ہے کہ میں نے ”را“ سے مدد مانگی تو میں واضح کردوں کہ میں نے یہ جملہ باربار”را“ کے ایجنٹ ہونے کے جھوٹے الزامات پر صرف اورصرف طنزیہ طورپر ادا کیا تھااوراس جملے کا مقصد قطعاً ”را“ سے مدد مانگنا نہیں تھا۔

    میری اس بات کی تصدیق میری تقریر کو دوبارہ دیکھ یا سن کر کی جاسکتی ہے۔ تاہم پھر بھی میرے اس جملے سے کسی ادارے یا محب وطن عوام کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں اس پر خلوص دل کے ساتھ معافی کا طلبگار ہوں۔

    انہوں نے کہاکہ میں نے اپنے خطاب میں واضح طورپر کہاتھا کہ پاکستان ہمارا وطن تھا ، ہمارا وطن ہے اور ہمارا وطن رہے گا۔ اب ہم سے کوئی اور ہجرت نہیں ہوگی۔میں یہ بھی واضح کردوں کہ مہاجروں کی پاکستان کے سوا کسی اور سے کوئی وابستگی نہیں، ہمارا جینا مرنا پاکستان سے وابستہ ہے ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ میں یہ بھی اپیل کروں گا کہ خدار!! ا مہاجروں کی حب الوطنی پر شک کرنے اور ان کے بارے میں تذلیل وتحقیر آمیز جملوں کے استعمال سے گریز کیاجائے اور ان کی وفاداری پر شک کرنے کاعمل بھی ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ترک کردیا جائے۔خداراچارکروڑمحب وطن مہاجروں کی تحقیرنہ کی جائے۔

    میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو پاکستان کی خلوص دل کے ساتھ خدمت کرنے کی توفیق عطافرمائے۔ انہوں نے میڈیاسے بھی اپیل کی کہ وہ میرے اس وضاحتی بیان کو مکمل طورپر نشراورشائع کیاجائے۔