Tag: pak Army

  • طوفانی بارشیں اور سیلاب: کراچی تا خیبر پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف

    طوفانی بارشیں اور سیلاب: کراچی تا خیبر پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف

    کراچی / پشاور / کوئٹہ: ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور انتظامیہ کی بھرپور مدد کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے خیبر تک فوجی افسران و جوان طوفانی بارشوں میں ریلیف اور ریسکیو مشن پر مامور ہیں، پاک فوج کی جانب سے تمام کور ہیڈ کوارٹرز کو فوری ہدایات جاری کی گئی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ بارشوں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔

    ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے اور زیر آب علاقوں کو کلیئر کرنے کے لیے فوج کو انتظامیہ کی بھرپور مدد کی ہدایت کی گئی تھی۔

    کراچی میں پاک فوج کی 388 ڈی واٹرنگ ٹیمز مصروف عمل ہیں، پاک فوج، رینجرز سندھ، ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کی ٹیمیں انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہیں۔

    راولپنڈی اور اسلام آباد میں راولپنڈی کور مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

    صوبہ خیبر پختونخوا کے شہروں ٹانک اور صوابی میں فلیش فلڈنگ کی صورتحال ہے، پشاورکور نے روڈ شندور چترال کو ٹریفک کے بہاؤ کے لیے کھولنے میں انتظامیہ کی مدد کی۔

    صوبہ بلوچستان کے شہر لسبیلہ میں 400 افراد کو سیلابی پانی سے ریسکیو کیا گیا، کوئٹہ کور نے ہر ضلع میں ایک رابطہ افسر مقرر کیا ہے۔ رابطہ افسر پی ڈی ایم اے اور سول انتظامیہ کے ساتھ آپریشن میں مصروف عمل ہے۔

    قراقرم ہائی وے، جگلوٹ اسکردو روڈ اور بابوسر شاہرائیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بلاک تھیں جنہیں ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے نے ٹریفک کے لیے بحال کر دیا ہے، ایف سی این اے ٹروپس ضلع غذر میں سول انتظامیہ کی مدد میں مصروف عمل ہیں۔

  • پاک فوج کا نانگا پربت پرپھنسے کوہ پیماؤں کو نکالنے کیلئے ہائی رسک ریسکیو آپریشن

    پاک فوج کا نانگا پربت پرپھنسے کوہ پیماؤں کو نکالنے کیلئے ہائی رسک ریسکیو آپریشن

    گلگت : پاک فوج کا نانگا پربت پر پھنسے کوہ پیماؤں کو نکالنے کیلئے ہائی رسک ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کا نانگا پربت پرپھنسےکوہ پیماؤں کونکالنے کیلئےہائی رسک ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ ریسکیو ٹیم کا شہروز کاشف سے 19000 فٹ پر کیمپ 2 میں رابطہ قائم ہوا ، پاکستان آرمی ایوی ایشن کے پائلٹ کوہ پیماؤں کو بچانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ موسم صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پھنسے کوہ پیماؤں کی منتقلی کی کوشش کی جائے گی۔

    نانگاپربت پر پھنسے کوہ پیماؤں شہروزکاشف اورفضل علی کی محفوظ منتقلی کیلئے اقدامات جاری ہے اور کوہ پیماؤں کو بچانے کے لئے پاک آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر، گراؤنڈ سرچ ٹیم مصروف عمل ہے۔

    پاکستان آرمی ایوی ایشن کے پائلٹس نے خراب موسمی حالات کے باوجود 2 ہیلی مشن اڑائے تاہم ہیلی کاپٹرز گھنے بادلوں اور زیادہ اونچائی کی وجہ سےکوہ پیماؤں کونہیں اٹھا سکے۔

    زمینی تلاش کی ٹیم پھنسے ہوئےکوہ پیماؤں کےقریب پہنچ چکی ہے ، زمینی ٹیم کوہ پیماؤں کو کیمپ 2 سے ریسکیو کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

  • شدید گرمی کے دوران پاک فوج کے میڈیکل کیمپس قائم

    شدید گرمی کے دوران پاک فوج کے میڈیکل کیمپس قائم

    لاہور: صوبہ پنجاب میں شدید گرمی کی لہر کے دوران پاک فوج نے ہیٹ اسٹروک سینٹر اور فری میڈیکل کیمپس قائم کیے ہیں، کیمپ میں سینکڑوں افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کے دوران پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، پاک فوج نے صوبہ پنجاب کے شہروں لودھراں اور بہاولپور میں ہیٹ اسٹروک سینٹر اور فری میڈیکل کیمپس قائم کیے ہیں۔

    میڈیکل کیمپس میں مقامی لوگوں کے لیے تمام طبی سہولیات میسر کی گئی ہیں، تربیت یافتہ ڈاکٹرزا ور طبی عملہ میڈیکل کیمپس میں متاثرین کا علاج کر رہا ہے۔

    ڈاکٹرز اور طبی عملے نے ریلیف سینٹرز میں بچوں کے لیے گڈی بیگز بھی تقسیم کیے۔

    او پی ڈی میں 444 بڑوں اور 151 بچوں سمیت کل 15 سو 78 افراد کا علاج کیا گیا، خواتین کی او پی ڈی میں 686 خواتین مریضوں اور 297 بچوں کا علاج کیا گیا۔

    پاک فوج کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے بھی فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔ اہل علاقہ نے پاک فوج کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کے قیام کو سراہا۔

  • صحرائے چولستان میں خشک سالی، پاک فوج کا امدادی کیمپ سرگرم عمل

    صحرائے چولستان میں خشک سالی، پاک فوج کا امدادی کیمپ سرگرم عمل

    بہاولپور: صحرائے چولستان میں خشک سالی کی صورتحال کے باعث پاک فوج کا امدادی کیمپ سرگرم عمل ہے، پاک فوج کے دستے لوگوں کو پینے کا پانی اور ضروری طبی سامان فراہم کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صحرائے چولستان میں پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے طبی اور خشک سالی ریلیف کیمپ قائم کیا گیا، امدادی کیمپ میں عوام اور لائیو اسٹاک کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    بہاولپور کے علاقوں دراوڑ، بجنوٹ، مصری والا، پنواراں، احمد والا، نواں کوٹ، کہری والا، چنن پیر، دھوری، کالے پار اور موج گڑھ میں کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

    پاک فوج کے دستے لوگوں کو پینے کا پانی اور ضروری طبی سامان فراہم کر رہے ہیں، متاثرہ علاقے کے ساڑھے 4 ہزار مریضوں کا علاج کیا گیا اور 1 ہزار کٹس تقسیم کی گئیں۔

    1 ہزار راشن پیکج اور 3 ہزار فوڈ پیکج بھی لوگوں میں تقسیم کیے گئے۔

  • پاک فوج کے ساتھ مضبوط تعلقات جاری رہیں گے: ترجمان پینٹاگون

    پاک فوج کے ساتھ مضبوط تعلقات جاری رہیں گے: ترجمان پینٹاگون

    واشنگٹن: پینٹاگون نے کہا ہے کہ پاک فوج کے ساتھ امریکا کے مضبوط تعلقات جاری رہیں گے، ترجمان پینٹاگون نے ایک سوال پر کہا کہ پاکستان کی اندرونی سیاست کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پینٹاگون جان کربی نے بریفنگ میں کہا ہے کہ خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات ہیں، پاکستان کی اندرونی سیاست کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

    ترجمان پینٹاگون سے سوال کیا گیا کہ حکومت پاکستان کی تبدیلی میں امریکا پر الزامات لگائے گئے ہیں، تاہم ترجمان جان کربی نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

    پاکستان نے امریکا اور بھارت کے حالیہ بیان کو ناپسندیدہ قرار دے دیا

    جان کربی نے کہا پاکستانی مسلح افواج کے ساتھ امریکا کے مضبوط ملٹری تعلقات ہیں، امید ہے پاک فوج کے ساتھ مضبوط تعلقات جاری رہیں گے۔

    ترجمان نے تسلیم کیا کہ پاکستان خطے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، انھوں نے کہا پاکستانی عوام خود اپنے ہی ملک کے اندر دہشت گرد حملوں کا شکار ہیں۔

  • پاکستان آرمی کیجانب سے چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں مفت طبی سہولیات

    پاکستان آرمی کیجانب سے چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں مفت طبی سہولیات

    راولپنڈی : پاکستان آرمی کیجانب سے چولستان کےدور افتادہ علاقوں میں مفت طبی سہولیات کی جارہی ہے، رواں سال تقریباً 12ہزار افراد کو مفت طبی سہولیات مہیاکی جا چکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آرمی نے چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں مفت طبی سہولیات فراہم کردی ، اس اقدام کےلیےپاکستان آرمی کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ٹیمیں ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے تعاون سےطبی سہولتوں کی فراہمی کےلئےسر گرم ہیں ، رواں سال تقریباً 12ہزار افراد کو مفت طبی سہولیات مہیاکی جا چکی ہیں۔

    فورٹ عباس میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام میڈیکل اور آئی سرجیکل کیمپ ہوا، سیلانی انٹرنیشنل ویلفیئرٹرسٹ کی وساطت سے کیمپ 12سے17اکتوبر تک جاری ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کیمپ میں غریب اور نادار مریضوں کےلئے امراض چشم کی تشخیص و علاج کیاجارہاہے ، مفت لیزرآئی سرجری کے ذریعے موتیے کا علاج کیا جارہا ہے، ضرورت مندافرادکومفت چشمےاورادویات بھی مہیا کئے جارہے ہیں۔

    15اکتوبرکوکورکمانڈربہاولپورلیفٹیننٹ جنرل خالدضیا نےآئی کیمپ کا دورہ کیا ، کورکمانڈربہاولپورنےعوام کو دی جانے والی طبی سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔

  • پاک فوج کی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور کورونا میں مبتلا ہوکر جاں بحق

    پاک فوج کی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور کورونا میں مبتلا ہوکر جاں بحق

    کراچی : پاکستان آرمی اور ائیرفورس میں ملازمت کرنے والی فلائٹ لیفٹیننٹ ڈاکٹر ماہ نور فرزند عالمی وبا کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گئیں۔

    ڈینٹسٹ فلائٹ لیفٹیننٹ ڈاکٹر ماہ نور فرزند کا انتقال سی ایم ایچ ملیر میں ہوا اور ان کی نماز جنازہ ملیر کینٹ فیز ٹو کی جامعہ مسجد میں بعد نمازِ عصر ادا کردی گئی۔

    پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور فرزند سی ایم ایچ ملیر کینٹ میں زیر علاج تھیں، ڈاکٹر ماہ نور کے والد بھی کورونا کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر ماہ نور کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر ماہ نور8 ماہ کی حاملہ تھیں اور انہوں نے حاملہ ہونے کے سبب کورونا ویکسی نیشن نہیں کرائی تھی۔

    پی ایم اے کے مطابق حاملہ خواتین کو کورونا میں مبتلا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں، حاملہ خواتین اپنے معالج سے مشورہ کرکے ویکسین ضرور لگوائیں۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں اب تک 220 ڈاکٹرز کورونا سے انتقال کرچکے ہیں جس میں سے سندھ میں اب تک 77 ڈاکٹرز عالمی وبا سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔

  • پاک فوج کی رحیم یار خان اور صالح پٹ میں فوجی تربیتی مشقوں کا آغاز

    پاک فوج کی رحیم یار خان اور صالح پٹ میں فوجی تربیتی مشقوں کا آغاز

    راولپنڈی : پاک فوج کی رحیم یار خان اور صالح پٹ میں فوجی تربیتی مشقوں کا آغاز ہوگیا، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے تربیتی مشقوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے جوانوں کی آپریشنل تیاریوں اورتربیتی معیارکوسراہا۔

    پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی رحیم یار خان اور صالح پٹ میں فوجی مشقیں شروع ہوگئیں، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے تربیتی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فوجی مشقوں میں کراچی اور پنوں عاقل کے جوان حصہ لے رہے ہیں ، کور کمانڈر نے جوانوں کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی معیار کو سراہا۔

    یاد رہے چند روز قبل پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے جہلم کے قریب فیلڈ فائرنگ رینج کے دورہ کیا تھا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ دشمن کو ہرطرح کے خطرات میں مؤثر جواب دینے کیلئے تیار ہیں، پاکستان کی سلامتی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں گے۔

    آرمی چیف نے اسٹیٹ آف دی آرٹ وی ٹی فور ٹینک کا عملی مظاہرہ دیکھا اور کہا تھا کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے اندرونی اور بیرونی چیلنجز پر توجہ مرکوز ہے۔

  • کراچی میں مون سون بارشیں، پاک فوج نے سول انتظامیہ کی مدد کیلیے میدان میں آگئی

    کراچی میں مون سون بارشیں، پاک فوج نے سول انتظامیہ کی مدد کیلیے میدان میں آگئی

    کراچی : شہر قائد میں مون سون بارشوں کے بعد پاک فوج نے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے ریلیف آپریشن کا آغاز کردیا ہے، پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر پاک فوج سول انتظامیہ کی مددکوپہنچ گئی، پاک فوج نےکراچی میں ریلیف آپریشن کاآغازکردیا ہے‌۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مصروف ہیں اور ڈی واٹرنگ پمپس سمیت ضروری حفاظتی سامان کے ساتھ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، نشیبی علاقوں سے پانی نکالا جا رہا ہے جبکہ پاک فوج پانی میں پھنسےلوگوں کو ریسکیوکر رہی ہے۔

    ترجمان کے مطابق سیلاب اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مزید ریسکیو ٹیمیں الرٹ ہیں۔

    یاد رہے گزشتہ 3 روز سے کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے شہر قائد کی سڑکوں پر پانی جمع ہے جبکہ اکثرعلاقوں میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    کراچی میں 3 دن کی بارش کےدوران مختلف حادثات میں10 افراد جان کی بازی ہارگئے ہیں۔

    گذشتہ روز صوبائی وزرا سعیدغنی اور ناصرشاہ نے صفوراچورنگی،ایئرپورٹ کے اطراف کا ہنگامی دورہ کیا ، سعیدغنی نے کہا تھا کہ نکاسی کاکام مکمل کرلیاگیاہے،تمام شاہراہیں کلیئرہیں، تمام عملہ ممکنہ آنےوالےاسپیل کیلئےبھی تیارہے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کو کراچی میں ریلیف ورک کی ہدایت کی تھی جبکہ این ڈی ایم اے اور ڈبلیو ایف او کی جانب سے کراچی کے بڑے نالوں کی صفائی بھی کی گئی۔

  • کراچی میں فوج طلب ، آئی ایس پی آر کا اہم بیان سامنے آگیا

    کراچی میں فوج طلب ، آئی ایس پی آر کا اہم بیان سامنے آگیا

    راولپنڈی : آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کو کراچی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر سول انتظامیہ کی مدد کیلئے طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقت عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں پاک فوج کو اربن فلڈنگ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیئے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب پاک فوج کی کراچی کی صفائی میں کردار سے متعلق وزیراعظم نے سمری پردستخط کر دیے ہیں۔

    گذشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے پاک فوج کو کراچی کی صفائی میں اپنا حصہ ڈالنے کو کہا ہے، پاک فوج صفائی کی نگہبانی کرےگی، ایف ڈبلیواو بھی ساتھ ہوگی۔

    یاد رہے 2 روز قبل وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی صفائی کے لیے فوج کو طلب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کو کراچی پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔

    بعد ازاں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کراچی پہنچے اور وزیراعلی سندھ سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران کراچی میں حالیہ بارشوں اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔