Tag: pak Army

  • قوم کی فوج سے محبت سر آنکھوں پر، کھیل سیاست سے پاک ہونے چاہئیں، میجر جنرل آصف غفور

    قوم کی فوج سے محبت سر آنکھوں پر، کھیل سیاست سے پاک ہونے چاہئیں، میجر جنرل آصف غفور

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ہمیں قوم کی محبتوں کا بخوبی اندازہ ہے، ان کی محبت سر آنکھوں پر، کھیل سیاست سے پاک ہونے چاہئیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانیون کی جانب سے پی ایس ایل کے فائنل میچ میں کھلاڑیوں کو فوجی کیپ اور شرٹس پہننے کی خواہش کے اظہار کے جواب میں اپنے تازہ پیغام میں کہی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹوئٹ میں پاکستان زندہ باد کے ہیش ٹیگ سے جاری پیغام میں کہا کہ پیارے پاکستانی پی ایس ایل فائنل میں فوجی کیپس، شرٹس پہننے کی خواہش رکھتے ہیں، پاک مسلح افواج کو قوم کی محبت اور حمایت کا بخوبی اندازہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی مسلح افواج سے محبت سر آنکھوں پر، مسلح افواج سے قوم کی محبت ایسے اقدامات کی محتاج نہیں، ہمیں یقین ہے آپ اور ہمارا تعلق ان چیزوں سے بالاتر ہے، کھیل سیاست سے پاک ہونے چاہئیں۔

    میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ روشنیوں کے شہر کو کھیل سے بھرپور لطف اندوز ہونا چاہئیے، پیارے پاکستانیو کرکٹ سے بھرپور لطف اندوز ہوں، کھیل کو کھیل کے طور پر انجوائے کریں۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستانی عوام کی بڑی تعداد نے ملٹری کیپ پہن کر میچ دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، سوشل میڈیا پر یہ مہم بھارتی کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فوجی ٹوپیاں پہن کر شریک ہونے کے جواب میں شروع کی گئی تھی.

    اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کے میچ میں بورڈ سے اجازت لے کرفوجی کیپس پہنی تھیں۔

    فوجی کیپس پہننے کے باوجود بھارتی کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کےہاتھوں خوب دھنائی ہوئی، جس میں اہم کردار پاکستانی نژاد کھلاڑی عثمان خواجہ نے سنچری اسکور کرکے ادا کیا۔

  • پاک فوج سے اظہار یکجہتی: کراچی کی تاجر برادری سڑکوں پر نکل آئی

    پاک فوج سے اظہار یکجہتی: کراچی کی تاجر برادری سڑکوں پر نکل آئی

    کراچی: تاجر برادری نے پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالیں، شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے تھے جن پر پاک فوج زندہ باد کے نعرے درج تھے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کیخلاف اور پاک فوج کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر کراچی کے مختلف علاقوں گلبہار، سائٹ اور صدر میں ریلیاں نکالیں۔

    ریلی کے شرکاء پاک فوج کے حق میں نعرے لگا رہے تھے، ریلیوں سے سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سلیم پاریکھ ، سراج قاسم تیلی، گلبہار سینٹری ایسوسی ایشن کے صدر اور صدر الائنس مارکیٹ کے رہنما الیاس میمن نے خطاب کیا۔

    مقررین کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے ہر اقدام کی حمایت کرتے ہیں، پاک فوج نے انسانیت کو بچانے کے لیے شاندار تاریخ رقم کی۔ بھارت پاکستان کے امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے کیونکہ پاکستان کا دفاع کا حق رکھتا ہے۔

  • بھارتی جارحیت کیخلاف اور پاک فوج کے حق میں ملک بھر میں ریلیوں کا انعقاد

    بھارتی جارحیت کیخلاف اور پاک فوج کے حق میں ملک بھر میں ریلیوں کا انعقاد

    کراچی /مانسہرہ / پشاور/ ایبٹ آباد : بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بزدلانہ اقدام کے خلاف پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی جارحیت کے بعد ملکی دفاع کے لئے ہر پاکستانی شہری پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے، جس کا اظہار گزشتہ دو روز سے گاہے بگاہے ملک کے مختلف شہروں میں نظر آرہا ہے۔

    آج پاک فوج کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر ہر پاکستانی خوشی سے سرشار ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ جان دے دیں گے مگر اپنے وطن پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

    کراچی 

    اس سلسلے میں جامعہ کراچی ٹرمینل پر طلبہ وطالبات کی جانب سے ریلی نکالی گئی، جہازی سائز کا قومی پرچم اٹھائے سیکڑوں طلباء و طالبات نے پاکستان اور مسلح افواج کے حق میں خوب نعرے بازی کی۔

    پشاور

    اس کے علاوہ پشاور کا قصہ خوانی بازار پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، تاجروں نے پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی، ریلی کے شرکاء تعریفی بینرز اٹھا کر پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔

    مانسہرہ

    مانسہرہ میں بھی شہریوں اور وکلاء نے فوجی جوانوں سے اظہار یکجہتی کیا، فیصل آباد میں سیکڑوں طالب علموں نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی، سیالکوٹ میں طالبات نے بھارت کی ممکنہ جارحیت کا جواب دینے کے لئے تیاری کرلی۔

    ایبٹ آباد

    بھکر کے عوام بھی ہر قسم کے حالات میں اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، ایبٹ آباد میں شہریوں نے پاکستانی فوج کا ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    کرم ایجنسی

    علاوہ ازیں کرم ایجنسی کے عوام نے بھی بھارت کو خبر دار کیا کہ وہ پاکستانی قوم کو نہ للکارے ورنہ ملکی دفاع کے لئے ہرشہری پاکستانی فوج کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

  • پاکستان اور آزاد کشمیر کا دفاع پاک فوج کے مضبوط  ہاتھوں میں ہے، مسعود خان

    پاکستان اور آزاد کشمیر کا دفاع پاک فوج کے مضبوط ہاتھوں میں ہے، مسعود خان

    اسلام آباد : صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا دفاع پاک فوج کے مضبوط ہاتھوں میں ہے، بھارتی طیارے گرانے پر پاک فضائیہ اور قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    یہ بات انہوں نے پاک بھارت کشیدگی سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہی، مسعود خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آزاد کشمیرکا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، آزاد کشمیر کےعوام افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔

    آزاد کشمیر کا بچہ بچہ دفاع وطن کیلئے کٹ مرنے کو تیار ہے، افواج پاکستان چپے چپےکی حفاظت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، نیلم سے کیل تک آزاد کشمیر کے شہری پاک فوج کے ہمراہ بھارتی فوج سے لڑنے کو تیار ہیں۔

    صدر آزاد کشمیر نے اپنے ویڈیو پیغام میں دو بھارتی طیارے گرانے پر پاک فضائیہ اور قوم کو مبارکباد بھی پیش کی۔ مسعود خان نے مزید کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کے اڈے قائم کر رکھے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کے اڈوں سے کشمیریوں کو نشانہ بنارہا ہے، بھارت پاکستان اور کشمیریوں کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، بھارت پاکستان کے خلاف جارحیت سے باز رہے، بھارت پاکستان کے خلاف کھلی اور در پردہ دہشت گردی فوری بند کرے۔

  • بلوچستان : کالعدم تنظیموں کے123فراریوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے

    بلوچستان : کالعدم تنظیموں کے123فراریوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے

    سبی : کالعدم بلوچ تنظیموں کے123فراریوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال کر امن کا پرچم تھام لیا، ہتھیار ڈالنے کی تقریب میں سیاسی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سول و فوجی افسران بھی موجود تھے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں امن کی جیت ہوگئی، دشمنوں کے ہاتھوں کھیلنے والے اب قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں، پہاڑوں سے اُتر کر درجنوں فراریوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے، فراریوں نے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی جمع کرایا، ہتھیار ڈالنے والے فراریوں کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے تھا۔

    قومی دھارے میں شامل ہونے والے کالعدم بلوچ تنظمیوں کے123فراری افراد کی بحالی کے حوالے سے پرُامن بلوچستان پالیسی کے تحت محب وطن بھائیوں کی مالی امداد دینے کے سلسلے میں سبی کے جرگہ ہال میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    اس تقریب کے مہمان خصوصی رکن بلوچستان اسمبلی نوابزادہ میر گہرام بگٹی تھے، تقریب میں بلوچستان کی سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سول و فوجی افسران  بھی شریک تھے۔

    سبی سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ناشاد بلوچ کے مطابق تقریب سے سردار زادہ میرحیربیار ڈومکی ، بریگیڈئیر ذوالفقار باجوہ اور میر فرید رئیسانی نے بھی خطاب کیا، تقریب کے اختتام پر مہماناں گرامی نے خوشحال پاکستان پرُامن بلوچستان کی پالیسی کے تحت123افراد میں امدادی رقوم تقسیم کیں۔

    واضح رہے کہ بلوچستان میں جاری سیاسی مفاہمت کی پالیسی کے تحت اب تک ڈیڑھ ہزار سے زائد فراری اپنے ہتھیار صوبائی حکام کو پیش کرکے قومی دھارے میں شامل ہوچکے ہیں۔

  • پاک فوج نے تین روز سے پہاڑوں پر پھنسے7 افراد کو ریسکیو کرکے بچا لیا

    پاک فوج نے تین روز سے پہاڑوں پر پھنسے7 افراد کو ریسکیو کرکے بچا لیا

    کوہستان : پاک فوج نے برف باری کے باعث تین روز سے پہاڑوں پر پھنسے7 افراد کو ریسکیو کرکے بچا لیا، متاثرہ افراد کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع کوہستان میں گزشتہ دنوں شدید برف باری کی وجہ سے سات افراد لاپتہ ہوگئے تھے، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لاپتہ ہونے والے افراد کو پاک فوج کے ایوی ایشن ہیلی کاپٹر کے ذریعے تلاش کرکے انہیں ریسکیو کرلیا۔

    اس حوالے سے آئی ایس پی آر کے مطابق برف میں پھنسے افراد کو72گھنٹے سے زائد وقت گزر چکا تھا، تمام افراد کو ریسکیو کرکے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پٹن منتقل کردیا گیا۔

    یاد رہے کہ شمالی علاقوں میں حالیہ شدید برفباری کی وجہ سے مقامی افراد کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے پاک فوج شمالی علاقہ جات میں ریسکیو آپریشننز جاری رکھے ہوئے ہے۔

    اس سلسلے میں پاک فوج کے جوان برف باری کے باعث بند ہونے والی سڑکوں سے برف ہٹا کر ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے میں انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہیں، شدید برفباری اور رکی ہوئی گاڑیوں کی وجہ سے سڑکیں بلاک ہیں جب کہ سڑکیں کلیئر کرانے کی کوشش کی جارہی ہیں۔

  • آپریشن ردالفساد، بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام، ایک دہشت گرد گرفتار

    آپریشن ردالفساد، بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام، ایک دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ : آپریشن ردالفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنادی، کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار کر کے  بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا ردالفساد آپریشن کامیابی سے جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ،کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کوگرفتار کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کے قبضے سے تیار خودکش جیکٹ، بم بنانے کا سامان اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیا گیا،گرفتار ملزم افغان شہری ہے جوغیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھا۔

    یاد رہے 11 جنوری کو بھی آپریشن رد الفساد کےتحت ایف سی بلوچستان نے قلات،خاران اورمائی وند میں مشتبہ ٹھکانوں پر کارروائی کی تھی ، آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں : آپریشن ردالفساد ، بلوچستان میں ایف سی کی کارروائی ، 2 دہشت گرد ہلاک

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ گولہ بارود برآمدہوا، ہتھیاروں میں سب مشین گنیں،گرنیڈ،مائنز،آر پی جی سیون راکٹ شامل ہیں جبکہ مواصلاتی آلات بھی برآمد کئے گئے۔

    یاد رہے چند روز قبل سیکورٹی فورسز نے لورالائی میں ایف سی کے تربیتی مرکز کے رہائشی علاقے پر حملے کی کوشش نا کام بنا دی تھی، جس میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 4 اہل کار شہید ہو گئے تھے، شہید ہونے والے جوانوں میں صوبیدار میجر منور، حولدار اقبال، حولدار بلال اور سپاہی نقشب شامل تھے۔

    اس سے قبل ستمبر میں سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا تھا، جس کے نتیجے میں لشکر جھنگوی اور داعش کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے ۔

    واضح رہے کہ ماضی میں بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا جا چکا ہے جب کہ ایف سی متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرچکی ہے۔

  • اے 100پاک فوج آرٹلری کور کے راکٹ سسٹم میں شامل، آرمی چیف کی مبارکباد

    اے 100پاک فوج آرٹلری کور کے راکٹ سسٹم میں شامل، آرمی چیف کی مبارکباد

    راولپنڈی : ملٹی پل لانچ راکٹ سسٹم اے100 کو پاک فوج آرٹلری کور میں شامل کرلیا گیا، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈیفنس انڈسٹری نے ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی سائنسدانوں کے تیار کردہ ملٹی پل لانچ راکٹ سسٹم اے ہنڈرڈ کی پاک فوج کے زیر استعمال اسلحہ میں شمولیت کی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔

    اس پر وقار تقریب میں پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت سے بنائے گئے اس ملٹی پل راکٹ سسٹم کو متعارف کرا یا گیا، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے،اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اے100راکٹ روایتی فائر پاور میں تقویت کا باعث ہوگا۔

    پاکستانی ڈیفنس انڈسٹری نے ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کیا ہے، اے100راکٹ کی تیاری پر سائنسدان اور انجینئرز مبارکباد کے مستحق ہیں، پاک فوج کی روایتی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں گے، روایتی خطرے سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی صلاحیتوں کو مستحکم کرتے رہیں گے۔

    علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق ملٹی پل لانچ راکٹ سسٹم اے100پاک فوج میں شامل کرلیا گیا ہے، ایم ایل آرایس اے100راکٹ پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز نے تیار کیا۔

    اے100راکٹ سو کلومیٹر تک کارکردگی دکھانے کا حامل راکٹ ہے، اے ہنڈرڈ راکٹ میں دشمن کی نقل وحرکت کو تباہ کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔

  • خضدار: پاک فوج کے زیر اہتمام اسپورٹس گالا کا انعقاد، ہزاروں نوجوانوں کی شرکت

    خضدار: پاک فوج کے زیر اہتمام اسپورٹس گالا کا انعقاد، ہزاروں نوجوانوں کی شرکت

    کوئٹہ : خضدار میں پاک فوج کے زیر اہتمام اسپورٹس گالا کا اہتمام کیا گیا جس میں نوجوانوں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے دارالحکومت خضدار میں پاک افواج کے 2 ہفتے تک جاری رہنے والے رنگا رنگ اسپورٹس گالا میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان شریک ہوئے۔

    ترجمان پاک فوج ڈی جی ائی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اسپورٹس گالا میں فٹبال، ٹیبل ٹینس، کرکٹ، بیڈمنٹن اور میراتھون کے مقابلوں کا انعقاد کیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ان مقابلوں میں خضدار کے 35 سو طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا۔

    مزید پڑھیں : شمالی وزیرستان: پاکستان الیون اوریوکےالیون میں خیرسگالی کرکٹ میچ

    خیال رہے کہ پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ کی جانب سے ملک کے مضافاتی علاقوں میں مختلف ایسے پروگرامات کا انعقاد اس لیے کروایا جارہا ہے تاکہ نوجوانوں کی صلاحتیوں میں اضافہ ہو اور نیا ٹیلنٹ نکل کر دنیا کے سامنے آئے۔

    کچھ ماہ قبل آرمی چیف نے بلوچستان کے دورے کے دوران بلوچ قوم کو تحفہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ برس شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے زیراہتمام خیرسگالی ٹی ٹوئنٹی میچ کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں پاکستان الیون اور یو کے الیون مدل مقابل تھے، میچ میں پاکستان الیون نے یو کے میڈیا الیون کو 133 رنز سے شکست دی تھی۔

  • آواران میں پاک فوج کا تیار کردہ ماڈل ولیج زلزلہ متاثرین کے حوالے

    آواران میں پاک فوج کا تیار کردہ ماڈل ولیج زلزلہ متاثرین کے حوالے

    اسلام آباد: صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران میں پاک فوج کی جانب سے تیار کردہ ماڈل ولیج زلزلہ متاثرین کے حوالے کردیا گیا، ماڈل ولیج صرف 6 ماہ میں تیار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آواران کے علاقے مشکئی میں گھر اور دکانیں تعمیر نو کے بعد متاثرہ افراد کے حوالے کردی گئیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی طرف سے ماڈل ولیج تیار کیا گیا ہے جو تمام سہولیات سے آراستہ ہے۔ ماڈل ولیج میں اسکول، مارکیٹ، واٹر سپلائی اور سولر بجلی کی سہولتیں دی گئی ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے 6 ماہ کے عرصے میں تمام سہولتوں سے آراستہ ماڈل ولیج تیار کیا ہے، ولیج کا انتظام کمانڈر سدرن کمانڈ عاصم سلیم باجوہ نے مقامی افراد کے حوالے کر دیا۔

    خیال رہے کہ مشکئی میں سنہ 2013 میں آنے والے زلزلے میں کئی دیہات بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ ستمبر میں آںے والے زلزلے کی شدت 7.7 اعشاریہ تھی جس نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان، بھارت اور افغانستان کو بھی متاثر کیا تھا۔

    4 روز بعد انہی علاقوں میں زلزلے کے آفٹر شاکس محسوس کیے گئے جن کی شدت 6.8 تھی، دونوں زلزلوں میں مجموعی طور پر ساڑھے 8 سو کے قریب افراد جاں بحق ہوئے تھے۔