Tag: pak china

  • پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت

    پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت

    اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور معنقد ہوا جس میں چین نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور 18 مارچ کو بیجنگ میں منعقد ہوا، سیکریٹری خارجہ اسد مجید خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ چینی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، سیاسی اور سیکیورٹی تعاون، تجارت،اقتصادی تعاون اور ثقافتی تبادلے پر اتفاق ہوا۔

    ترجمان کے مطابق سیاحت اور عوام کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، پاکستان اور چین اعلیٰ سطح کی مصروفیات اور ڈائیلاگ میکنزم کو بھی فروغ دیں گے۔

    مشاورت میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا، سیکریٹری خارجہ نے سیلاب کے دوران امداد پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ چینی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے حمایت کا اعادہ بھی کیا، دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے افغانستان سمیت اہم علاقائی پیشرفت پر قریبی تعاون اور مصروفیت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا، پاکستان اور چین کثیر الجہتی پلیٹ فارمز پر بات چیت اور تعاون کو مزید مضبوط کریں گے۔

  • پاکستان چین لازوال دوستی کے 70 سال ، اے آر وائی کے صحافی کی بنائی ہوئی دستاویزی فلم  ٹاپ 5 میں شامل

    پاکستان چین لازوال دوستی کے 70 سال ، اے آر وائی کے صحافی کی بنائی ہوئی دستاویزی فلم ٹاپ 5 میں شامل

    اسلام آباد : اے آر وائی کے صحافی عبدالقادر کی پاکستان اور چین کے درمیان 70 سالہ سفارتی تعلقات پر بنائی ہوئی دستاویزی فلم کو ٹاپ 5 میں شامل کرلیا گیا، فلم میں دفاعی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں چین کی ترقی اور ثقافتی روایات کو دکھایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان 70 سالہ سفارتی تعلقات کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان نوجوانوں کے ایکسچینج پروگرام کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں آل چائنہ یوتھ فیڈریشن کے حکام اور معاون خصوصی عثمان ڈار کی شرکت کی۔

    تقریب میں دونوں ممالک کے صحافیوں کی دستاویزی فلمز کو نشر کیا گیا ، پاکستان سے اے آر وائی نیوز کے صحافی عبدالقادر کی دستاویزی فلم کو تقریب میں دکھایا گیا، اے آر وائی کے صحافی عبدالقادر کی بنائی ہوئی دستاویزی فلم ٹاپ 5 میں شامل کرلی گئی۔

    فلم میں دفاعی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں چین کی ترقی اور ثقافتی روایات کو دکھایا گیا ہے ، عبدالقادر چین میں پاکستانی یوتھ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

    اس موقع پر معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کا سب سے بڑا یوتھ پروگرام جاری ہے، دونوں ممالک کے درمیان نوجوانوں کے وفود کا تبادلہ خوش آئند ہے۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے حکم پر پاکستان کی پہلی قومی یوتھ کونسل قائم کر دی گئی ہے، نوجوانوں کو ملکی فیصلہ سازی کا سنہرا موقع دیا جا رہا ہے۔

    چینی حکام نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم کا نوجوانوں سے متعلق ویژن مثالی ہے، کامیاب جوان پروگرام کی صورت میں نوجوانوں کو حکومتی تعاون حاصل ہے، پاکستان کی زیادی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس سے فائدہ اٹھایا جانا چاہئیے، چینی حکام

    چین پاکستان کے ساتھ دفاعی، سیاسی، سفارتی محاذ پر تعاون جاری رکھے گا، سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں پاکستان سب سے اہم شراکت دار ہے، میگا منصوبہ نوجوانوں کو معاشی ترقی میں شامل کرنے کا سنہرا موقع ہے۔

    سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے چینی نوجوانوں کے وفد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ، جس پر چینی حکام نے کہا رواں سال کے آخر میں چینی نوجوانوں کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

  • پاک چین مثالی دوستی کے 70 سال مکمل ،  یادگاری ٹکٹ کا اجرا

    پاک چین مثالی دوستی کے 70 سال مکمل ، یادگاری ٹکٹ کا اجرا

    اسلام آباد : پاکستان چین کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر یادگاری ٹکٹ کا اجرا کردیا گیا ، دونوں ملکوں کے7دہائیوں پرمشتمل قریبی تعلقات پوری دنیا کیلئے مثال ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے بلند آہنی بھائی پاک چین مثالی دوستی کے 70 سال مکمل ہوگئے ، دونوں ملکوں کے7دہائیوں پرمشتمل قریبی تعلقات پوری دنیا کیلئے مثال ہیں۔

    لازوال دوستی کے70سال مکمل ہونے یادگاری ٹکٹ کا اجرا کیا گیا ، اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا پاکستان کےچین کیساتھ 70سالہ سفارتی تعلقات کی سالگرہ منارہےہیں، سفارتی محاذ پر چین نے ہرمشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا اور مسئلہ کشمیر پر بھی ہمیشہ پاکستان کے مؤقف کی تائیدکی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کوروناکی تیسری لہر کا سامنا ہے، چین اورپاکستان نے کوروناکےدوران ایک دوسرےکوسپورٹ کیا، چین اور پاکستان کا تعاون خطے کی ترقی کی طرف ایک قدم ہے۔

    انھوں نے کہا چین اور پاکستان کےدرمیان تعلقات عوام کی سطح پر بھی ہے، آج دنیا پاکستان اور چین کے تعلقات کی مثالیں دیتی ہے، سی پیک صرف پاکستان نہیں خطے کیلئے گیم چینجر ہے ، سی پیک سے معاشی سرگرمیاں تیز اور لوگوں کو روزگار ملےگا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سی پیک صرف روڈ تک نہیں بلکہ عالمی وبا کےتدارک کیلئے بھی تعاون بڑھاہے،سی پیک احساس پروگرام میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا، روڈانفرااسٹرکچر کےعلاوہ اب زراعت میں بھی تعاون بڑھایا جائے گا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت اب زراعت کےشعبے میں بھی انقلاب نظرآئے گا اور چین کی طرز پرپاکستان سے بھی غربت کا خاتمہ کریں گے۔

  • خنجراب کے راستے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت بحال

    خنجراب کے راستے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت بحال

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت خنجراب کے راستے عارضی طور پر بحال ہوگئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کرونا وائرس کی وجہ سے معطل ہوگئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین میں خنجراب کے راستے سے تجارت بحال ہوگئی ہے، خنجراب کے راستے تجارت کی بحالی عارضی ہے۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ تاجر برادری خصوصاً گلگت بلتستان کے تاجر طویل عرصے سے تجارت کی بحالی کا مطالبہ کر رہے تھے، جس میں کرونا وبا کے باعث تعطل پیدا ہوگیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ تجارت کی بحالی وزارت تجارت کی انتھک کوششوں کا تنیجہ ہے جنہوں نے چینی حکام اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ کام کیا۔

    خیال رہے کہ پاکستان کو کچھ عرصہ قبل چینی بینکوں سے 1.3 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے، رقم ترقیاتی فنڈ، کرونا وائرس سے نمٹنے اور غیر ملکی ادائیگیوں کے لیے ملی تھی۔

    اسٹیٹ بینک کو 23 جون سے 30 جون تک 23 ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔

  • چین کا پاکستان کے ساتھ یوتھ ایکس چینج پروگرام شروع کرنےکا فیصلہ

    چین کا پاکستان کے ساتھ یوتھ ایکس چینج پروگرام شروع کرنےکا فیصلہ

    اسلام آباد : چین کا پاکستان کے ساتھ یوتھ ایکس چینج پروگرام شروع کرنےکا فیصلہ کرلیا ہے ، رواں سال نومبر میں 100 پاکستانی نوجوانوں کا وفد چین کا دورہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نوجوانوں کے لیےاچھی خبر آگئی ، چین نے پاکستان کے ساتھ یوتھ ایکس چینج پروگرام شروع کرنےکا فیصلہ کرلیا ہے۔

    وزیراعظم کےمعاون خصوصی عثمان ڈار سےچینی سفارتخانے کے وفد کی ملاقات ہوئی ، وفد کی قیادت سفارتخانے کےڈپٹی چیف جیولی جیان نے کی، ملاقات میں پاکستانی اور چینی نوجوانوں کے درمیان رابطوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت پاکستانی نوجوانوں کا وفد چین بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت رواں سال نومبر سوپاکستانی نوجوانوں کا وفد چین کادورہ کرےگا۔ دورے کے ذریعے نوجوانوں کو جدید رجحانات سے واقفیت ملے گی۔

    عثمان ڈار کاکہناتھا کہ بہت جلد ترکی ملائشیاء اور دیگر ممالک کے ساتھ بھی ایکسچینج پروگرام شروع کریں گے۔

    چینی وفد کے سربراہ جیولی جیان نے اس موقع پرکہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت ہے، ان کے لئے بہتر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں :چین کی پاکستانی نوجوانوں کے وفد کو دورہ چین کی دعوت

    یاد رہے جنوری 2019 میں پاکستان اور چین کے نوجوانوں پر مشتمل یوتھ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا اور  چین نے پاکستانی نوجوانوں کے وفد کو دورہ چین کی دعوت بھی دی تھی۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا چین کی جانب سےدعوت نامہ ملنانوجوانوں کے لئے بڑی کامیابی ہے، نوجوانوں کے درمیان تجربات کا تبادلہ اور رابطوں کو بڑھایا جائے گا، وزیراعظم کی ہدایت پر نوجوانوں کے لئے تاریخی اقدامات کررہے ہیں۔

    اس سے قبل دسمبر 2018 کو نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق پہلا اجلاس ہوا تھا ، اجلاس کے لیے پہلی مرتبہ چاروں صوبوں کے یوتھ منسٹرز، مشیر اور سیکریٹریز اکٹھے ہوئے تھے، جس میں صوبائی حکومتوں نے وفاق کے ساتھ مل کر پالیسی بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

  • پاکستان اور چین کے درمیان آج دفترِ خارجہ میں مذاکرات ہوں گے

    پاکستان اور چین کے درمیان آج دفترِ خارجہ میں مذاکرات ہوں گے

    اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان آج دفترِ خارجہ میں مذاکرات ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے ڈپٹی وزیرِ خارجہ آج اسلام آباد پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج دفترِ خارجہ میں پاکستان اور چین کے وزارتِ خارجہ کے حکام مذاکرات کریں گے، مذاکرات کے لیے ڈپٹی وزیرِ خارجہ چین آج وفاقی دار الحکومت پہنچیں گے۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی بھی چینی وفد سے ملاقات کریں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک چین مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کریں گی۔

    جب کہ چین کی جانب سے ڈپٹی وزیرِ خارجہ کی قیادت میں ایک وفد مذاکرات میں شریک ہوگا، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی بھی چینی وفد سے ملاقات کریں گے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل پاک چین مشترکہ فوجی مشقوں کے سلسلے میں چینی دستہ پاکستان پہنچا ہے، یہ مشقیں 3 ہفتے جاری رہیں گی، مشقوں کے دوران انسدادِ دہشت گردی کے خصوصی آپریشنز کیے جائیں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاک چین مشترکہ فوجی مشقیں، چینی دستہ پاکستان پہنچ گیا،آئی ایس پی آر


    پاکستان اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں جنگجو ششم 2018 میں دونوں ممالک کی ایس ایس جی گروپ کے دستے حصہ لیں گے، مشقوں کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے۔

    یاد رہے 2 دسمبر کو بھی پاکستان اورچین مشترکہ فضائی مشقوں کا آغاز پاکستان میں ہوا تھا، مشقوں کو شاہین – سیون کا نام دیا گیا تھا، ان مشقوں میں شریک چینی فضائیہ کا دستہ پائلٹس، ائیر ڈیفنس کنٹرولرز اور تکنیکی عملے کے ساتھ فائٹر، بمبار اور اواکس طیاروں پر مشتمل تھا۔

  • پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہورہی ہے، وزیراعظم نوازشریف

    پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہورہی ہے، وزیراعظم نوازشریف

    اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی، وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے، پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہورہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف سے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر خارجہ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں چین کی حمایت قابل قدر ہے، این ایس جی کیلئے چین کی حمایت پر مشکور ہیں۔

    نوازشریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے، چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو ہے، پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہورہی ہے۔

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ سی پیک گیم چینجر ہے، لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی آئے گی، ای سی اوسربراہ اجلاس میں شرکت پرچین کا خیرمقدم کرتےہیں، مئی2017میں چین کے دورے کا منتظر ہوں۔

  • حکومت نے نندی پور پاور پلانٹ چین کے حوالے کر دیا

    حکومت نے نندی پور پاور پلانٹ چین کے حوالے کر دیا

    اسلام آباد : حکومت نے نندی پور پاور پلانٹ چین کے حوالے کر دیا، حکومت اور چینی کمپنی کے درمیان آپریشن اور بحالی کا دس سالہ معاہدہ ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سے خود تو نندی پور پاور پلانٹ چلا نہیں، تو پلانٹ چائنا کے حوالے کر دیا، نندی پور پاور پلانٹ اب چینی کمپنی چلائے گی۔ نادرن پاور جنریشن کمپنی اور چینی ہائیڈرو الیکٹریک پاور سسٹم کے در میان معاہدہ ہوا ہے، دس سال کیلئے اس معاہدے پر دستخط نادرن پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ اور چین کی ایم ایس ہائیڈروالیکٹرک پاور سسٹم انجنئیرنگ کمپنی کے درمیان کئے گئے۔

    وزارت پانی وبجلی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بجلی کی قیمت کو کوئی ذکر نہیں ہے۔

    باخبر زرائع کا کہنا ہے کہ چینی کمپنی کے زیر انتظام نندی پور پاور پلانٹس حاصل ہونے والی بجلی اسی فیصد مہنگی ہوگی، چینی کمپنی نے فرنس آئل سے 85 پیسے فی یونٹ بجلی کے حساب سے بجلی بنائے گی۔

    نیپرا نے نندی پور پاور پلانٹ کا ٹیرف اڑتالیس پیسے فی یونٹ مقرر کیا ہے، معاہدے کے تحت چینی کمپنی پچیس فیصد مقامی افراد کو روزگار فراہم کرنے اور پلانٹ کی پیداوار چوالیس فیصد سے زیادہ رکھنے کی پابند بھی ہوگی۔

    نندی پور پلانٹ اس وقت 425میگا واٹ بجلی پیدا کررہا ہے تاہم اسے گیس پر منتقل کرنے کے مجوزہ منصوبے کے شروع ہوتے ہی پیداواری صلاحیت میں 100میگا واٹ کا اضافہ ہوجائیگا اور یہ 425میگا واٹ کے بجائے 525میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا۔

  • پاک چین بحریہ مشترکہ مشقیں بحیرہ عرب میں اختتام پذیر

    پاک چین بحریہ مشترکہ مشقیں بحیرہ عرب میں اختتام پذیر

    کراچی : پاک بحریہ اور چینی بحریہ کے مابین چوتھی مشترکہ بحری مشقیں بحیرہ عرب میں اختتام پذیر ہوگئیں، چھ دن جاری رہنے والی یہ بحری مشقیں ہاربر اور سی فیز پر مشتمل تھیں۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشقوں کے سی فیز میں بحری جہازوں ہیلی کاپٹرز اور میری ٹائم پٹرول ائیر کرافٹ کے آپریشنز کے مظاہرے شامل تھے۔

    دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز کے کھلے سمندر میں بورڈنگ آپریشنز اور ائیر ڈیفنس مشقیں بھی سی فیز کا حصہ تھیں۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی بحری افواج کی مشترکہ مشقوں سے دفاعی تعاون کو مزید فروغ ملے گا، دو طرفہ مشقیں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

    مزید پڑھیں : پاک چائنا بحری مشقوں کا آغاز انیس نومبر سے ہوگا

    گذشتہ روز نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے بھی مشترکہ بحری مشقوں کا معائنہ کیا تھا۔ پاک چین مشترکہ بحری مشق کافی اہمیت کی حامل ہے۔

    پاک چین بحری مشق کا مقصد مشترکہ بحری آپریشن کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے، پاک چین بحری مشق اقتصادی ترقی اور خوشحالی اور امن و سلامتی کیلئے بھی اہم ہے۔

  • مودی ہوں، "را” یا کوئی اور، دشمن کی چالیں سمجھ چکے ہیں، راحیل شریف

    مودی ہوں، "را” یا کوئی اور، دشمن کی چالیں سمجھ چکے ہیں، راحیل شریف

    گلگت: آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ مودی ہوں،’’ را‘‘ یا کوئی اور، دشمن کی چال کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں اور ملکی سالمیت کی خاطر ہم آخری حد سے بھی آگے جانے کو تیار ہیں، قوم ہم پر یقین کرے، ملک کی سرحدیں انتہائی محفوظ ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلستان میں منعقدہ سی پیک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ’’یقین سے کہہ سکتا ہوں ہم صیح سمت میں جارہے ہیں اور سی پیک منصوبہ ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچے گا‘‘۔

    آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ’’چینی قیادت چاہتی ہے گلگت بلتستان کو آرمچی کی طرح ترقی دی جائے کیو نکہ گلگت بلتستان کے لوگوں سے زیادہ پورے ملک میں کوئی بھی محنت اور جفاکش نہیں اور میں گلگت بلتستان کے لوگوں کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’’ملکی مفاد کی خاطر سی پیک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اس منصوبے کی سیکیورٹی کو ہر صورت پر یقینی بنائے جائے گا، سی پیک کی مکمل سیکیورٹی پاک فوج کی ذمہ داری ہے،کرپشن و دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو ہر صورت ختم کیا جائے گا‘‘۔

    سپہ سالار نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ’’آپریشن ضرب عضب کو دنیا کچھ بھی کہہ مگر ہم اس کو ہر صورت لڑیں گے اور قوم کے تعاون سے کامیابی حاصل کریں گے کیونکہ یہ ہماری بقا کی جنگ ہے‘‘۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ’’قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ملکی سرحدیں محفوظ ہیں اور عوام کو امن وامان کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری بھی ہماری ہی ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’’ملکی سلامتی کے لیے آخری حد سے بھی آگے جائیں گے مجھے کوئی شک نہیں گلگت بلتستان اسی طرح ترقی کرتا رہے گا‘‘َ۔ نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ’’ نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاک فوج آپ کی فوج ہے، آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت ہورہی ہے اور جلد اس میں کامیابی حاصل کریں گے۔ دہشت گردی کے طوفان پر بہادر جوانوں اور قوم کے تعاون پر اس طرح قابو پایا کہ پوری دنیا میں کوئی بھی ملک اتنی جلدی قابو نہیں پا سکتا تھا’’۔