Tag: Pak china cooridor

  • سی پیک کو متنازع نہیں ہونے دیں گے، سعد رفیق

    سی پیک کو متنازع نہیں ہونے دیں گے، سعد رفیق

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سی پیک کو متنازع نہیں ہونے دیں گے مگر شکوہ کردیا کہ خیبر پختونخوا کی طرح پنجاب اور سندھ ریلوے کی زمین واپس نہیں کررہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں نجی یونیورسٹی کے زیر اہتمام سی پیک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چین کے دورے کے موقع پر وزیراعظم کے ساتھ جانے والے چاروں وزرائے اعلیٰ اچھے بچے بن جاتے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے چین اور امریکا کی سیاست کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں بدامنی پھیلانے والے ملک سے جان چھوٹنے والی ہے۔

    وفاقی وزیر نے ریلوے کو منافع بخش ادار ہ بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کو کراچی اور چاہ بہار پورٹ سے ریلوے کے ذریعے ملانے کا بھی منصوبہ ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں شکوہ کیا کہ سندھ اور پنجاب ریلوے کی زمین واپس نہیں کررہے۔

    واضح رہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے دعوے کرنے والی حکومت کے اہم وزیر سعد رفیق کی تقریر کے دوران دو بار بجلی چلی گئی۔

  • پاک چین اقتصادی راہداری ہر حال میں مکمل کی جائے گی، گورنرسندھ

    پاک چین اقتصادی راہداری ہر حال میں مکمل کی جائے گی، گورنرسندھ

    کراچی : گورنر سندھ  ڈاکٹرعشرت العبادخان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے جسے ہر حال میں مکمل کیا جائے گا تاکہ نئی صنعتوں کے قیام کے ساتھ ملک بھر میں نئی ملازمتوں کو بھی یقینی بنایا جاسکے.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں چین کے نئے قونصل جنرل وانگ یو سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ۔

    انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی اس اقتصادی راہداری کی بروقت تکمیل چاہتا ہے غیر ملکی عناصر اس کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک سے منسلک اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والے چینی شہریوں کے تحفظ کے لئے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ تشکیل دیا گیا ہے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی خدمات جاری رکھ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اور پولیس حکام کو اس ضمن میں خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کے تحفظ کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔

    انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کا نہایت قابل اعتماد دوست ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں بھرپور انداز میں کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستانی عوام اسے نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور بحرالکاہل سے گہری ہے جسے سی پیک مزید مستحکم ، مضبوط اور دیرپا بنانے میں مدد دے گی۔

    چین کے قونصل جنرل وانگ یو نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے باعث کئی چینی کمپنیاں پاکستان آرہی ہیں اور اس کی تکمیل کے قریب قریب مزید چینی کمپنیاں اپنی کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ بڑھائیں گی۔ انہوں نے صوبہ میں چینی انجینئرز کے لئے خصوصی انتظامات پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

     

  • آنے والی نسلیں لوڈشیڈنگ بھول جائیں گی، نوازشریف

    آنے والی نسلیں لوڈشیڈنگ بھول جائیں گی، نوازشریف

    واشنگٹن : وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ اقتصادی تعلقات اور پاک چین اقتصاد ی راہدری منصوبہ ملکی معیشت میں انقلاب برپاکردیگا،آنے والی نسلیں لوڈشیڈنگ بھول جائیں گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن کے پاکستانی سفارتخانے میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہدری منصوبہ ملکی معیشت میں انقلاب لائے گا۔ پاکستان میں مثبت تبدیلی کا آغاز ہو چکا ہے، آج کا کراچی، بلوچستان، فاٹا ڈھائی سال پہلے والا نہیں رہا۔ حکومت کی کوششوں سے وہاں اب امن قائم ہو چکا ہے.

    انہوں نے کہا کہ پہلے ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا، بلوچستان میں جنگ کی کیفیت تھی، آپریشن ضرب عضب کے بعد وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔

    ان کہنا تھا کہ روس کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ اور اقتصادی تعلقات کی بحالی موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔

    لاہور کراچی موٹروے پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئینی مدت کے اختتام سے پہلے ہی ملک سے لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کے لئےخاتمہ کردینگے۔

    آنے والی نسلیں پوچھیں گی لوڈشیڈنگ کیابلاہے؟ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ دوہزار اٹھارہ میں ایک روشن اور مستحکم پاکستان عوام کے پاس ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں ، بھارت سے تعلقات میں بہتری کیلئے پہلے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا۔

    انہوں نے امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ جانتے ہیں، ان کا دل اہل وطن کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

    پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پی ٹی آئی کانام لئے بغیراُسےہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کانام لئے بغیر کہاکہ ایک جماعت ملک پرسیاسی بحران مسلط کرنے کے درپے ہے ۔

    جوڈیشل کمیشن کےقیام پرنوازشریف نے کہا کہ جن کے کہنے پرکمیشن بنایاانہوں نے ہی اس کے فیصلے کوسنجیدگی سےنہیں لیا۔

    وزیراعظم نےحالیہ ضمنی انتخاب کے نتائج کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب وہ جماعت پھردھاندلی کاواویلاکرہی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اب سب کوسنجیدگی سے ملکی ترقی کیلئے مل کرکام کرنا چاہئے۔

  • اقتصادی راہداری بھارت سمیت دیگر ممالک کو ہضم نہیں ہو رہی، ممنون حسین

    اقتصادی راہداری بھارت سمیت دیگر ممالک کو ہضم نہیں ہو رہی، ممنون حسین

    کوئٹہ : صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ گوادر کاشغر اقتصادی راہداری عظیم الشان منصوبہ ہے ، جس کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا،منصوبے سے بہت سارے ممالک کے پیٹ میں درد شروع ہوگیا ہے۔

    ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس کوئٹہ میں صحافیوں اور ایڈیٹرز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    صدر ممنون حسین نے کہا کہ اکنامک کوریڈور میں گوادر پورٹ، گوادرائیر پورٹ اور متعدد موٹر ویز کی تعمیر بھی شامل ہے۔

    کوریڈور کا بنیادی مقصد ملک کے شہروں کو آپس میں اور مختلف ممالک کو پاکستان کے ساتھ ملانا ہے ، اقتصادی راہداری سے پاکستان اور چائنا کے علاوہ پوراسینٹرل ایشیاءبھی فائدہ اٹھائے گا۔

    انہوں نے صحافیوں کے مختلف سوالات کے جواب میں کہا کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری نہ صرف خطہ بلکہ بلوچستان کی محرومیوں کے خاتمہ کا باعث بھی بنے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی محرمیوں کا ذمہ دار صرف مرکز ہی نہہیں بلکہ بلوچستان کے اپنے لوگ بھی ہیں۔ اقتصادی راہداری کے منصوبہ کے آغاز کے ساتھ ہی بہت سارے ممالک کے پیٹ میں درد شروع ہوگیا ہے اور وہ مختلف سازشوں میں لگ گئے ہیں۔

    صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری بھارت سمیت بہت سے ممالک کو ہضم نہیں ہو رہی۔

    صدر مملکت نے بدعنوانی کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی نعمت سے کم نہیں ہے مگر ہماری بدقسمتی ہے کہ حکمرانوں سمیت سب نے اس ملک کو نقصان پہنچایا ہے، سب کو مل کر کرپشن کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

  • چین کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے،جنرل راحیل شریف

    چین کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے،جنرل راحیل شریف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ ہرقیمت پرمکمل کیاجائےگا، منصوبے کے راہ میں حائل ہر رکاوٹ ختم کردی جائے گی۔

    چین کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چین کے دشمنوں کو انتباہ کر دیا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چینی فوج کی اٹھاسیویں سالانہ تقریب میں شرکت کی۔

    اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، اُن کا کہنا تھا پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ ہرقیمت پرمکمل کیاجائےگا۔

    آرمی چیف نے دشمنوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ دشمنی پاکستان سے دشمنی کے مترادف سمجھی جائے گی اور منصوبے کی راہ میں حائل ہونے والی ہر رکاوٹ ختم کردیں گے۔

  • بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے،حافظ محمد سعید

    بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے،حافظ محمد سعید

    لاہور : جماعت الدعوۃ پاکستان کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی مضبوط دفاع کے ساتھ مشروط ہے، بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔

    لاہور میں مشرقی پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری بھی اس وقت پایہ تکمیل تک پہنچ سکتی ہے، جب ملک دفاعی طور پر مضبوط ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ چین بھی تسلسل والی پالیسیوں کا پاکستان چاہتا ہے، کشمیری پاکستانی رویئے سے مایوس ہو گئے ہیں۔

    حافظ سعید نے کہا کہ پاکستان بچانا ہے تو کشمیریوں کا اعتماد بحال کرنا ہو گا اور جدوجہد آزادی میں ان کی مدد کرنا ہو گی۔

  • پاک چین راہداری کو بھارت نے زندگی اور موت کا مسئلہ بنالیا،فیصل محمد

    پاک چین راہداری کو بھارت نے زندگی اور موت کا مسئلہ بنالیا،فیصل محمد

    اسلام آباد: عالمی رابطہ کار فیصل محمد نے کہا ہے کہ بھارت نے پاک چین راہداری کوزندگی اور موت کا مسئلہ بنالیا، منصوبے میں رکاوٹیں کھڑی کررہا ہے۔

     بھارت پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے گھناونی سازشوں میں مصروف ہے،عالمی رابطہ کار فیصل محمد نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں پاکستان کے خلاف بھارتی سازش سے پردہ اٹھایا۔

    فیصل محمد نے پاکستان میں دہشت گردی کے بیج بونے اور دنیا کو خطرے میں ڈالنے کی ذمہ داری بھارت پر عائد کی۔

    فیصل محمد نے دعوٰی کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی راہ میں اندرون خانہ بھی روڑے اٹکائے جائیں گے۔

    عالمی رابطہ کار فیصل محمد  نے کہا کہ بھارت دہشتگردوں کو ہتھیار فراہم کررہا ہے، جس پر جان بوجھ کر پاکستان کا نام لکھا گیا ہے، اگر داعش اور طالبان کے ہاتھوں ہتھیار لگے تو اس کی پوری ذمہ داری بھارت پر ہوگی۔

    اںھوں نے کہا کہ بھارتی وزیر منوہر پاریکر پہلے ہی کہہ چکے ہیں دہشت گردی کا جواب دہشتگردی سے دیا جائے گا، اس سلسلے میں پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے بھارت دہشتگردوں کا استعمال کریں گی۔

    عالمی رابطہ کار فیصل محمد نے کہا کہ پاک چین راہداری بھارت کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے، جسے سبوتاژ کرنے لیے بھارت انتہائی حد تک پہنچ سکتا ہے۔